Tag: پاک کویت تعلقات

  • صدر عارف علوی کا امیر کویت کے انتقال پر اظہار افسوس

    صدر عارف علوی کا امیر کویت کے انتقال پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کویت کے امیر صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر مملکت نے امیر کویت کے انتقال پر آل صباح اور اہل کویت سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

    صدر عارف علوی نے کہا کہ پاک کویت تعلقات کے لیے مرحوم نے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح طویل علالت کے باعث دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں، ان کا انتقال کل دوپہر کو 91 برس کی عمر میں امریکا میں ہوا، شیخ صباح رواں برس جولائی میں علاج کی غرض سے امریکا منتقل ہوئے تھے، اس سے قبل ان کی کویت میں بھی سرجری ہوئی تھی۔

    امیرکویت انتقال کرگئے

    شیخ صباح الاحمد نے 2006 میں تیل کی دولت سے مالا مال عرب ریاست کویت کے امیر کا منصب سنبھالا تھا جب کہ اس سے قبل 50 برس سے ریاست کے خارجہ امور و پالیسیاں دیکھ رہے تھے۔ وہ 1963 سے 1991 تک کویت کے وزیر خارجہ رہے جب کہ 1993 میں انھیں دوبارہ کویت کے وزیر خارجہ کا منصب سونپ دیا گیا جو 2003 تک ان کے پاس رہا۔

    امیر صباح الاحمد الجابر کے انتقال کے بعد کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ کویت کے نئے امیر کی عمر 83 سال ہے جب کہ وہ سابق سربراہ کے سوتیلے بھائی ہیں۔

    امیرِ کویت کے انتقال پر حکومت نے چالیس روزہ جب کہ متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

  • وزیر خارجہ کی کویت کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات میں ویزا پالیسی پر نظرثانی کی درخواست

    وزیر خارجہ کی کویت کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات میں ویزا پالیسی پر نظرثانی کی درخواست

    کویت: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویت کے دو روزہ دورے کے موقع پر نائب وزیر اعظم شیخ خالد الجراح الصباح سے ملاقات میں ویزا پالیسی پر نظر ثانی کی درخواست کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں، کویت میں مقیم پاکستانی ویزا پابندیوں پر انتہائی تذبذب کا شکار ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کویت میں نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ شیخ خالد الجراح الصباح سے ملاقات کی، جس میں پاک کویت دو طرفہ تعلقات اور ویزا پابندیوں کے حوالے سے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    شاہ محمود نے نائب وزیر اعظم کویت سے ملاقات میں کہا ہماری درخواست ہے کہ ویزا پالیسی پر نظر ثانی کی جائے، 2011 سے لگائی گئی پابندیوں سے پاکستان کو مستثنیٰ قرار دیا جائے۔

    شاہ محمود قریشی نے دورۂ کویت کی دعوت اور عظیم الشان خیر مقدم پر شکریہ ادا کیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان، کویت کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام کے دلوں میں کویتی قیادت کے لیے بہت احترام ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کو اپنے اہل خانہ کو کویت بلوانے میں مشکلات ہیں، 2015 میں ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانی کویت میں مقیم تھے، اب یہ تعداد کم ہو کر ایک لاکھ 5 ہزار رہ گئی ہے۔

    دریں اثنا شیخ خالد الجراح الصباح نے پاکستانی وزیر خارجہ کی کویت آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، اور پاکستان کی درخواست پر ہم دردانہ غور کا یقین دلایا، شیخ خالد الجراح الصباح نے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کاوشوں کا بھی یقین دلایا۔

  • وزیر خارجہ 2 روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے

    وزیر خارجہ 2 روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ سرکاری دورے پر کویت پہنچ گئے، جہاں کویت کے ڈپٹی اسسٹنٹ وزیر خارجہ نے شاہ محمود کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کویت پہنچ گئے ہیں، وہ دو روزہ سرکاری دورے پر کویت گئے ہیں، جہاں وہ کویتی قیادت کے ساتھ ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کریں گے۔

    کویت کے ہوائی اڈے پر کویتی ڈپٹی اسسٹنٹ وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور صالم الحمدان، پاکستان میں کویت کے سفیر نثار مطہری، کویت میں پاکستانی سفیر غلام دستگیر اور سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا پر تپاک استقبال کیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود دورے کے دوران اپنے کویتی ہم منصب اور امیر کویت سمیت قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم رواں ماہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے

    ملاقاتوں میں تجارتی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دل چسپی کے امور زیر بحث آئیں گے، وزیر خارجہ کویتی قیادت کے ساتھ ویزوں کے مسئلے پر بھی بات چیت کریں گے۔

    اس دوران وزیر خارجہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اور مؤثر کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔

    قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود ایئر پورٹ پر وی آئی پی کی بہ جائے عام راستے سے امیگریشن کاؤنٹر پہنچے، مسافروں نے انھیں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا اور سیلفیاں بنوائیں۔

    کویت روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج دو روزہ دورے پر کویت روانہ ہو رہا ہوں، یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

    شاہ محمود نے بتایا کہ وہ امیر کویت کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی خط لے کر جا رہے ہیں۔