Tag: پاگل

  • ٹرمپ نے پیوٹن کو ’’پاگل‘‘ قرار دے دیا

    ٹرمپ نے پیوٹن کو ’’پاگل‘‘ قرار دے دیا

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے روسی ہم نصب صدر ولادیمیر پیوٹن کو ’پاگل‘ قرار دے دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو کی جانب سے یوکرین پر بڑے اور مہلک ڈرون حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو اپنے روسی ہم منصب پیوٹن کو ’’کریزی‘‘ قرار دیا۔

    روس کی جانب سے اتوار کو رات بھر یوکرین کے خلاف ریکارڈ تعداد میں ڈرون حملے کیے گئے، جس میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ٹرمپ نے اپنے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا ’’روس کے ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ میرے ہمیشہ سے بہت اچھے تعلقات رہے ہیں، لیکن ان کے ساتھ کچھ ہوا ہے، وہ بالکل پاگل ہو گئے ہیں!‘‘


    ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات، ٹرمپ نے دو دنوں‌ میں‌ اہم اعلان کا اشارہ دے دیا


    امریکی صدر نے لکھا ’’میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ پورا یوکرین چاہتا ہے، صرف ایک ٹکڑا نہیں، اور شاید یہ درست ثابت ہو رہا ہے، لیکن اگر وہ ایسا کرتا ہے تو یہ روس کے زوال کا باعث بنے گا!‘‘

    فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے پیوٹن کی اکثر تعریف ہی سامنے آئی ہے، پہلی بار انھوں نے اس طرح پیوٹن کی سرزنش کی ہے، کیوں کہ جنگ بندی مذاکرات مسلسل تعطل کے شکار ہونے کی وجہ سے ٹرمپ مایوسی کا شکار ہیں۔ ٹرمپ نے کہا پیوٹن لوگوں کو ہلاک کر رہا ہے جس سے وہ ناخوش ہیں۔

    اتوار کو امریکی صدر نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ یوکرین پر تازہ ترین حملوں پر ’’خوش نہیں‘‘ ہیں اور وہ ماسکو پر پابندیاں بڑھانے پر ’’بالکل‘‘ غور کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ’’میں انھیں ایک طویل عرصے سے جانتا ہوں، ہمیشہ ان کے ساتھ رہتا ہوں، لیکن وہ شہروں پر راکٹ بھیج کر لوگوں کو مارتا ہے، اور مجھے یہ بالکل پسند نہیں ہے۔‘‘

  • ساہیوال : پاگل کتے کے کاٹنے سے چار بچوں کا باپ پاگل ہوگیا

    ساہیوال : پاگل کتے کے کاٹنے سے چار بچوں کا باپ پاگل ہوگیا

    لاہور : پنجاب کے ضلع ساہیوال میں بااثر زمیندار کے پاگل کتے کے کاٹنے کی وجہ سے چار بچوں کا والد پاگل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے علاقے ڈیرہ رحیم کے رہائشی امین کو پاگل کتے نے کاٹا جس کے بعد اُسے  ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا البتہ ڈاکٹرز نے غفلت کا مظاہرہ کیا۔

    علاقہ مکین کے مطابق جب وہ امین کو اسپتال لے کر پہنچے تو ڈاکٹرز نے کہا کہ اُن کے پاس انجیکشن یا کوئی دوا نہیں اور پھر وہ مریض کو لے کر واپس گھر آگئے۔قریبی رشتے دار نے بتایا کہ امین کو گھر لانے کے بعد اُس کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوئی اور پھر وہ سب کو کاٹنے لگا جس کے بعد اُسے زنجیروں سے باندھنا پڑا۔

    نوجوان کا کہنا تھا کہ اسپتال لے کر گئے تو معلوم ہوا کہ امین اب مکمل پاگل ہوچکا اور اب اُس کا کوئی علاج بھی ممکن نہیں ہے۔ پاگل کتے کو علاقہ مکینوں نے مل کر ہلاک کیا تو  بااثر زمیندار نے الٹا اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کروایا اور پنجائیت سے امین کے اہل خانہ کے خلاف فیصلہ کروایا۔

    علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پاگل کتا بااثر زمیندار کا تھا جس کو مارنے پر اُس نے ڈیرہ رحیم ضلع ساہیوال تھانے میں مقدمہ درج کرایا اور پنجائیت نے کتے کے مرنے کے عوض پچاس ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا۔

    امین کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ اُن کی تین بیٹیاں اور ایک معذور بیٹا ہے، وہ خود ٹی بی کی مریضہ ہیں اور بمشکل گزارا کرنا پڑتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے بھینس فروخت کر کے پنجائیت کو 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ خاوند کو رسیوں سے باندھ کر رکھا ہوا ہے، اگر اُسے کھولا جائے تو وہ کسی کو بھی کاٹ لیتا ہے۔  متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ نے حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بااثر زمیندار نے علاج و معالجے کے بجائے الٹا مقدمہ درج کراویا اور پچاس ہزار روپے بھی ہتھیا لیے، ہمیں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔