Tag: پاگل کتے

  • نواب شاہ:  پاگل کتے نے 12 افراد کو کاٹ لیا

    نواب شاہ: پاگل کتے نے 12 افراد کو کاٹ لیا

    نواب شاہ : نواحی گاؤں میں پاگل کتے نے 12 افراد کو کاٹ لیا، کتے کے کاٹے کے زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے نواحی گاؤں میں پاگل کتے نے بارہ افراد کو کاٹ لیا، متاثرہ افراد کو سول اسپتال قاضی احمد منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹے کے زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل راولپنڈی میں پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر میں آوارہ کتے نے پولیس اہلکار کو کاٹ لا تھا ، کتے کے کاٹنے سے پولیس اہلکار کی ٹانگوں اور پیٹ پر زخم آئے، تاہم دیگر اہلکاروں نے بھاگ کر اہلکار کی کتے سے جان بچائی۔

    پولیس اہلکار کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ پولیس اہلکار پر حملہ کرنے والے کتے کو ایلیٹ اہلکار نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

  • پاگل کتے کے کاٹنے سے نوجوان جاں بحق

    پاگل کتے کے کاٹنے سے نوجوان جاں بحق

    کراچی: سگ گزیدگی کا شکار 18 سالہ نوجوان جناح اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

    جناح اسپتال کی سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق  نوری آباد کے  رہائشی 18 سالہ نوجوان ظہور خان کو تین ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا مگر اہل خانہ نے اُس کا علاج نہیں کروایا۔ سیمی جمالی کے مطابق نوجوان کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا البتہ آج شام اُس کی طبیعت بہت خراب ہوئی، ڈاکٹرز نے اُسے بچانے کی کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    نوجوان کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹے کو تین ماہ قبل کتے نے کاٹا جس کے بعد وہ مقامی اسپتال لے کر گئے تو ڈاکٹر نے پٹی کر کے دوا دے دی تھی، بیٹے کی طبیعت  دور روز قبل بہت زیادہ خراب ہوئی جس کے بعد ہم اُسے اسپتال لے کر آئے۔

    مزید پڑھیں: کراچی: پاگل کتے کے کاٹنے سے خاتون جاں بحق

    جناح اسپتال کراچی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ نوجوان ضلع جامشورو کے علاقے نوری آباد میں واقع گاؤں جیوا خان گوٹھ کا رہائشی تھا، ان کا کہنا تھا کہ مریض کو جب جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا تو اسے ریبیز کی بیماری لاحق ہو چکی تھی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مریض کو پہلے کبھی کسی قسم کی ویکسین نہیں دی گئی اور نہ ہی اس کے والدین کو اس سے متعلق کوئی علم ہے۔

  • سندھ حکومت کا کتوں کو اینٹی رے بیز انجکشن لگانے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا کتوں کو اینٹی رے بیز انجکشن لگانے کا فیصلہ

    کراچی/مٹیاری: سندھ حکومت نے کتوں کو اینٹی رے بیز انجکشن لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس سلسلے میں آوارہ کتوں کو پکڑنے اور انھیں انجکشن لگانے کے لیے بلدیاتی عملے کی ٹریننگ کا جلد آغاز کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے رے بیز سے ہونے والی اموات کے پیش نظر آوارہ کتوں کو اینٹی رے بیز کے انجکشن لگانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے، سندھ حکومت آوارہ کتوں کےمجوزہ منصوبے پر 30 کروڑ روپے خرچ کرے گی۔

    آوارہ کتوں کو پکڑنے اور انھیں انجکش لگانے کے لیے افریقی تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز سندھ کی بلدیاتی کونسلز میں عملے کو ٹریننگ دیں گے، آوارہ کتوں کے لیے ہر ضلع میں 2 سے 3 سینٹرز بنائے جائیں گے۔

    سندھ حکومت نے آوارہ کتوں کو زہر دے کر مارنا بھی ممنوع قرار دے دیا ہے، منصوبے کے تحت 7 سال میں آوارہ کتوں کی نسل ختم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاگل کتے کے کاٹے سے سب انسپکٹر سمیت 12 افراد اسپتال پہنچ گئے

    ادھر آوارہ کتوں کے کاٹے کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں، سندھ کے ضلع مٹیاری میں آوارہ کتوں نے 3 بچیوں سمیت 10 افراد کو کاٹ لیا، تمام زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ہالا میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔

    دو دن قبل سگ گزیدگی کا شکار 55 سالہ خاتون جناح اسپتال کراچی میں دوران علاج دم توڑ گئی تھیں، حور بی بی کا تعلق نواب شاہ سے تھا۔

    چند دن قبل کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں 12 افراد ایک پاگل کتے کے کاٹے کا شکار ہو گئے تھے، جن میں کراچی پولیس کا ایک سب انسپکٹر بھی شامل تھا۔

  • کراچی: پاگل کتے کے کاٹنے سے خاتون جاں بحق

    کراچی: پاگل کتے کے کاٹنے سے خاتون جاں بحق

    کراچی: سگ گزیدگی کا شکار  55 سالہ خاتون جناح اسپتال میں دوران علاج  دم توڑ گئیں۔

    جناح اسپتال کی سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق نوابشاہ کی رہائشی 55 سالہ حور بی بی کو 16 اکتوبر کو جناح اسپتال لایا گیا تھا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے خاتون کو انجیکشن لگوایا مگر اس کا کوئی ثبوت نہیں تھا۔

    سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ خاتون کو پاگل کتے نے گردن کے حصے پر کاٹا تھا، ڈاکٹرز نے اُن کو مکمل علاج کی سہولیات فراہم کی مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں اور دم توڑ گئیں۔ ایم ایس کے مطابق رواں سال 9 سگ گزیدگی سے متاثرہ افراد کو جناح اسپتال لایا گیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی سمیت سندھ بھر میں 5ماہ کے دوران تقریبا 70ہزار افراد کتوں کے کاٹنے کا شکار

    یاد رہے کہ تین روز قبل شہر قائد کے علاقے ایف سی ایریا میں پاگل کتے نے سب انسپکٹر سمیت 12 افراد کو کاٹ لیا تھا۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے رے بیز کیسز سے بڑھتی اموات کے پیش نظر صوبے بھر میں کتا مار مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر سمیت تمام بلدیاتی کونسلرز کو آوارہ کتے پکڑنے کا ٹاسک دیا تھا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، جبکہ رے بیز سے اموات کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔

  • خیرپور: کتوں سے بچنے کے لیے نہر میں چھلانگ لگانے والے بچے کی لاش مل گئی

    خیرپور: کتوں سے بچنے کے لیے نہر میں چھلانگ لگانے والے بچے کی لاش مل گئی

    خیرپور: کتوں سے بچنے کے لیے کینال میں چھلانگ لگانے والے بچے کی لاش مل گئی، گزشتہ روز 3 بچوں نے میر واہ کینال میں چھلانگ لگائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق خیر پور میں پاگل کتوں کی بہتات کے باعث ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا، گزشتہ روز پاگل کتوں کے حملے کے خوف سے تین بچوں نے نہر میں چھلانگ لگا دی تھی۔

    گاؤں ارباب سمنگ میں گاڑھی پل کے قریب کھیلتے ہوئے کتوں کے خوف سے نہر میں چھلانگ لگانے والے 3 معصوم بچوں میں سے دو کو بچا لیا گیا تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی تھی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نہر میں ڈوبنے والے 2 بچوں 8 سالہ عزیز اور 6 سالہ فرمان کو زندہ نکال لیا تاہم 6 سالہ بچہ عارف نہ مل سکا تھا۔

    خیر پور میں گھر میں شارٹ سرکٹ سے آگ

    خیرپور پولیس کا کہنا ہے کہ نہر میں ڈوبنے والے تیسرے بچے کی لاش آج خاکی شاہ پل کے قریب سے ملی۔

    مکینوں کا کہنا ہے کہ خیرپور میں پاگل کتوں کی بہتات ہو گئی ہے لیکن میونسپل انتظامیہ غائب ہے، واقعے کے بعد بھی پاگل کتوں کے مسئلے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔

    محکمہ صحت سندھ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے پانچ ماہ میں 69 ہزار سے زیادہ کتے کے کاٹے کے کیسز رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ واقعات لاڑکانہ میں رپورٹ ہوئے جہاں کیسز کی تعداد 23 ہزار کے قریب تھی۔

    ادھر خیرپور ہی میں بجلی کے شارٹ سرکٹ نے پورا خاندان اجاڑ دیا ہے، گاؤں کولاب جیل میں شارٹ سرکٹ سے گھر میں آگ لگ گئی، جس کے باعث 8 سال کی بچی سمیت 4 خواتین جاں بحق ہوئیں۔

    پولیس کے مطابق کولاب جیل میں رسول بخش کاندھڑو کے گھر میں بجلی کے شارٹ سرکٹ سے لگنے والی خوف ناک آگ میں جھلس کر 8 سالہ بچی عذرا، 21 سالہ نویدہ، 34 سالہ نسیمہ اور 65 سالہ نازل جاں بحق ہو گئیں۔