Tag: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی

  • یوٹیلیٹی اسٹورز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف

    یوٹیلیٹی اسٹورز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف

    اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا، آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں 19 ملین کی خرد برد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی رانا تنویر کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا انکشاف ہوا۔

    رانا تنویر کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو پبلک مقاصد کے لیے استعمال ہونا چاہیئے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر غیر معیاری اشیا فروخت ہوتی ہیں، غیر معیاری آٹا ملی بھگت سے فروخت کیا جاتا ہے۔

    رکن کمیٹی نور عالم خان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری خریداری میں بورڈ ارکان ملوث ہیں۔ رانا تنویر نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں خرد برد بھی ہو رہی ہے۔

    رکن کمیٹی خواجہ آصف نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ایک بہت بڑا اسکینڈل ہے، بڑے ڈکیت یوٹیلیٹی اسٹورز پر قابض ہیں۔ کوئی حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کی نجکاری نہیں چاہتی۔

    آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں 19 ملین کی خرد برد ہوئی، نیب حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ 19 میں سے 6 ملین کی ریکوری ہوئی، خرد برد میں ملوث ایک ملزم کو 5 سال کی سزا ہوئی۔

  • لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کا 10 سال کا فرانزک آڈٹ کرنے کا حکم

    لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کا 10 سال کا فرانزک آڈٹ کرنے کا حکم

    لاہور: صوبہ پنجاب کی لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کے گزشتہ 10 سال کا فرانزک آڈٹ کرانے کے احکامات جاری کردیے گئے، یونیورسٹی میں سنگین مالی و انتظامی بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے 10 سال کا فرانزک آڈٹ کروانے کے احکامات جاری کردیے، یونیورسٹی میں 25 قسم کی سنگین مالی و انتظامی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    احکامات کے تحت یونیورسٹی میں ایڈمیشن، امتحانات، بھرتیاں، خریداری، ٹھیکے اور ترقیاتی و غیر ترقیاتی منصوبوں میں گھپلوں کا آڈٹ ہوگا۔ کالا شاہ کاکو کیمپس کی زمین میں بھی گھپلے سامنے آئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق طالبات اور فیکلٹی کے ہاسٹلز اور عہدوں پر اضافی چارج دینے کا آڈٹ بھی ہوگا، سیلف سپورٹنگ پروگرامز میں گھپلوں، ایمرجنسی بلز اور ایفیلیشن کے معاملات اور بینک اکاؤنٹس کے بھی آڈٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں پینشن اور بلوں کی ادائیگی، ٹرانسپورٹ، جنریٹرز، یوٹیلیٹی بلز، یونیورسٹی کی کینٹینز، بینکوں کی لیز، رہائشی سہولیات، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور ڈائریکٹوریٹ آف فنانشل ایڈ کا بھی دس سالہ فرانزک آڈٹ ہوگا۔

    اس حوالے سے چیئرمین پبلک اکآنٹس کمیٹی نے ڈی جی آڈٹ پنجاب کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    دوسری جانب لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے ترجمان نوید اقبال نے کہا کہ ’ابھی یونیورسٹی کو کوئی آفیشل لیٹر موصول نہیں ہوا، جیسے ہی کوئی نوٹس ملے گا ہم آڈٹ کروانے کے لیے تیار ہیں‘۔

  • خورشید شاہ نے کہا شہباز شریف بیمار ہیں تو کسی اور کو چیئرمین پی اے سی بنالیں: رانا تنویر

    خورشید شاہ نے کہا شہباز شریف بیمار ہیں تو کسی اور کو چیئرمین پی اے سی بنالیں: رانا تنویر

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ خورشید شاہ نے کہا تھا شہباز شریف بیمار ہیں تو کسی اور کو چیئرمین پی اے سی بنالیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی اے سی چیئرمین شپ کے لیے شہباز شریف کی جگہ رانا تنویر کا نام سامنے آنے کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔

    رانا تنویر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ اسمبلی میں مل کر چل رہے ہیں، پی اے سی کے سلسلے میں تجویز خورشید شاہ کی طرف سے آئی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ پی پی رہنما خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے لوگوں سے بات کی تو انھوں نے بھی اعتراض نہیں کیا، ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں، کوئی غلط فہمی ہوئی ہے تو دور ہو جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات سامنے آ گئے

    رانا تنویر حسین نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ہی رہیں گے، یہ تاثر غلط دیا گیا کہ شہباز شریف واپس نہیں آئیں گے، وہ واپس آئیں گے اور پارلیمنٹ میں کردار ادا کریں گے۔

    انھوں نے وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل کی اس تجویز پر کہ بلاول بھٹو کو اپوزیشن لیڈر بنایا جائے، پر کہا کہ ندیم افضل واپس اگر پیپلز پارٹی میں آئیں تو تب ہی ان کی تجویز پر غور ہو سکتا ہے، وہ پی پی کی نہیں پی ٹی آئی کی بات کیا کریں۔

  • چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات سامنے آ گئے

    چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات سامنے آ گئے

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں اختلافات سامنے آ گئے۔

    ذرایع پی پی کے مطابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تبدیلی کا معاملہ الجھ گیا ہے، دونوں اپوزیشن جماعتوں میں اختلاف پیدا ہو گیا ہے، پیپلز پارٹی نے ن لیگ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا۔

    پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا چیئرمین کی تبدیلی کا فیصلہ یک طرفہ ہے، ن لیگ نے اعتماد میں لیے بغیر رانا تنویر کو چیئرمین نامزد کیا۔

    شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو پارلیمنٹ میں موجود تھے، انھیں پیغام تک نہیں بھیجا گیا، ن لیگ کے یک طرفہ فیصلے سے ہم حیران ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں، مریم اورنگزیب

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے فیصلے سے متعلق پی اے سی ارکان تک کو آگاہ نہیں کیا، ہم نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے لیے ہر قسم کا تعاون کیا تھا۔

    ادھر ن لیگ نے قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کر دی ہے، ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب نے نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

    مریم اورنگ زیب نے کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف ہی ہیں، متحدہ اپوزیشن حکومتی نا اہلی کو اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔

  • شہباز شریف سے کوئی ڈیل نہیں‌ ہوئی، ملک لوٹنے والوں‌ سے حکومت حساب لے گی، نعیم الحق

    شہباز شریف سے کوئی ڈیل نہیں‌ ہوئی، ملک لوٹنے والوں‌ سے حکومت حساب لے گی، نعیم الحق

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی نعیم الحق نے شہباز شریف کی ڈیل سے متعلق چلنے والی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے تمام باتوں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نعیم الحق نے شہباز شریف کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ چھوڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ استعفے کی وجوہات کا مجھے کوئی علم نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہم شروع دن سے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے خلاف تھے، مستعفیٰ ہونے کے معاملے پر مشاورت کے بعد ہی ردعمل دیں گے۔

    مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کی سیکنڈ لیڈر شپ قیادت سنبھال سکتی ہے، خواجہ آصف

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ’جس نے بھی پاکستان کی دولت کو لوٹا تحریک انصاف کی حکومت میں اُسے جواب دینا ہوگا، کسی بھی شخص سے کوئی ڈیل یا این آر او نہیں ہوگا۔‘ معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ شہبازشریف عدالتی فیصلے کے بعد ملک  سے باہر گئے اور اگر عدالت سمجھ گی تو اُن کو واپس بھی بلا لے گی۔

    یاد رہے کہ شہبازشریف گزشتہ دنوں اپنی پوتی کو دیکھنے اور علاج کرانے کی غرض سے لندن گئے تھے، ذرائع کے مطابق انہوں نے لندن میں اپنا قیام غیر معینہ مدت تک طویل کردیا۔ قائد حزب اختلاف نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے بھی مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا جس کے بعد مسلم لیگ ن نے رانا تنویر کو عہدے کے لیے نامزد کردیا۔

  • شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے پر پی ٹی آئی میں بھی آوازیں اٹھنے لگیں

    شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے پر پی ٹی آئی میں بھی آوازیں اٹھنے لگیں

    اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں ممکنہ شمولیت کیخلاف پی ٹی آئی میں بھی آوازیں اٹھنے لگیں، تحریک انصاف کے رہنماراجہ ریاض کا کہنا ہے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شیخ رشیدکی ضرورت نہیں، کمیٹی میں پی ٹی آئی کےارکان موجود ہیں، شہبازشریف نےکچھ غلط کرنےکی کوشش کی تو بھرپور مخالفت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بنانے پر حکومتی جماعت میں بھی مخالفت شروع کردی ہے، تحریک انصاف کے رہنما بھی شیخ رشید کے معاملے پر بول پڑے اور پی ٹی آئی ممبر راجہ ریاض نے شیخ رشید کو شامل نہ کرنے کی رائے دے دی ہے۔

    راجہ ریاض نے کہا شیخ رشید کو پی اے سی کا ممبر بنانے کی ضرورت نہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں تحریک انصاف کےارکان موجودہیں، شہبازشریف جہاں غلط کام کرنا چاہیں ہم رکاوٹ بنیں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ تمام ممبران کمیٹی میں دیانتداری سےکام کریں گے ، جو بھی ملک کے مفاد میں ہوگا، پی اے سی میں وہ کام ہوگا۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعطم وزیر ریلوے ملاقات: شیخ رشید کا پی اے سی کے لیے نامزدگی پر اظہار تشکر

    وزیراعظم عمران خان سے وزیر ریلوے شیخ رشید کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر نامزد کیا تھا، بعد ازاں ملاقات میں شیخ رشید نے پی اے سی ممبر نامزدگی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    یاد رہے کہ اس وقت اپویشن لیڈر شہباز شریف پی اے سی کے چیئرمین ہیں، شہباز شریف کے خلاف بدعنوانی کے تحت مقدمات جاری ہیں، جن کے باعث حکومت کی جانب سے شہباز شریف پر شدید تنقید جاری ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس میں شہباز شریف سے پی اے سی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

  • فردوس شمیم نقوی نے سندھ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ دینے کا مطالبہ کردیا

    فردوس شمیم نقوی نے سندھ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ دینے کا مطالبہ کردیا

    کراچی : سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ دینے کا مطالبہ کردیا اور کہاخوف کا بت توڑیں گے، پھر وہی ہوگاجو ایم کیوایم لندن کے ساتھ ہوا، زرداری جیل نہ بھی گئےتو بانی ایم کیوایم کی طرح کہیں باہر بیٹھے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سندھ کے عوام کواہم باتیں بتانا چاہتا ہوں، وزیراعلیٰ اور سعید غنی نےکہا کوئی بلڈنگ نہیں توڑی جائےگی اور کراچی کی ایسی حالت کرنے والوں کو پکڑنے کا کہاگیا مطالبہ کرتا ہوں ، شہر کی بربادی میں حصہ ڈالنے والوں کوگرفتار کیا جائے۔

    پیپلزپارٹی والوں کاہر جگہ دوغلہ پن نہیں چلےگا

    فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ پی پی والے کہتے ہیں اسٹینڈنگ کمیٹی میں 4 سے زائد ممبرنہیں ہوں گے، فیصلہ کیاہے ایسی کسی اسٹینڈنگ کمیٹی کاحصہ نہیں بنیں گے، پیپلزپارٹی والوں کاہر جگہ دوغلہ پن نہیں چلےگا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پی ٹی آئی کو دینا لازمی ہے۔

    سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا سندھ حکومت عوام اورجمہوریت دشمن ہے، یہ اپنی چوری چھپانے کیلئے چیئرمین شپ نہیں دینا چاہتے، کئی اسکول بند ہیں، کلاس رومز کی چھتیں گررہی ہیں، سجاول میں 4سال پہلے بننے والے اسکول کی چھتیں گررہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا سندھ کے عوام میں خوف پر حکمرانی کررہے ہو، ایسا نہ ہو جو ایم کیوایم لندن کے ساتھ ہوا ویساہی ہو، زرداری جیل نہ بھی گئے تو بانی ایم کیوایم کی طرح کہیں باہر بیٹھے ہوں گے۔

    پی اے سی کی صدارت نہ ملی توکمیٹیوں کاحصہ نہیں بنیں گے

    فردوس شمیم نقوی نے پبلک اکاونٹس کمیٹی کی صدارت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا پی اے سی کی صدارت نہ ملی توکمیٹیوں کاحصہ نہیں بنیں گے، ہر قائمہ کمیٹی میں اپوزیشن کو برابری کی نمائندگی ملنی چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے ہر قائمہ کمیٹی میں ان کے7ارکان ہوں ، ایسی کسی قائمہ کمیٹی کو تسلیم نہیں کریں گے ، چارٹرآف ڈیموکریسی چارٹرآف چوری بن گیا۔

  • شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر شیخ رشید کا عدالت جانے کا اعلان

    شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر شیخ رشید کا عدالت جانے کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنائے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ شہباز شریف چور، ڈاکو، لٹیرے اور بے ایمان ہیں، شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے خلاف ہوں، عمران خان نے بنایا تب بھی عدالت جاؤں گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ بلے کو دودھ کی رکھوالی دینے سے بہتر ہے احتساب ہی بند کردیں، چور ہی چوروں کا احتساب کرنے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کی دولت کو لوٹنے والے حکومت کا خرچہ کروا رہے ہیں، جب بھی کوئی چور لٹیرا جیل جاتا ہے تو وہ بیمار ہوجاتا ہے، موجودہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو غیرآئینی سمجھتا ہوں۔

    مزید پڑھیں: شہباز شریف کو کیسے چیئرمین پی اے سی بنایا گیا، عدالت جانے کا سوچ رہا ہوں: شیخ رشید

    شیخ رشید نے کہا کہ چور لٹیروں کے لیے ڈاکٹروں نے بیان دیا ان کو کھلی فضا میں رکھو، اسحاق ڈار سابق وزیراعظم کے جہاز میں فرار ہوئے تو آصف زرداری بھی جا سکتے ہیں۔

    ریلوے کی زمینوں کی لیز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ریلوے زمین فروخت نہیں کرسکتی، ریلوے اراضی لیز پر پانچ سال سے زیادہ نہیں دے سکتے، رائل پام کلب کیس کا فیصلہ جسٹس عظمت سعید شیخ کریں گے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 20 نئی ٹرینیں چلائیں گے، غریب کے لیے سستا اور امیر کے لیے مہنگا ٹکٹ ہوگا۔

  • پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس: بجلی کی طلب 25 ہزار، ترسیل 21 ہزار میگا واٹ

    پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس: بجلی کی طلب 25 ہزار، ترسیل 21 ہزار میگا واٹ

    اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین کمیٹی شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری پاور ڈویژن نے بریفنگ دی جبکہ بجلی چوری کے خلاف مہم کے اعداد و شمار بھی اجلاس میں پیش کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین کمیٹی شہباز شریف کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ شہباز شریف نے تمام وزارتوں کو ورکنگ پیپر اور بریف 48 گھنٹے پہلے دینے کی ہدایت کردی۔

    سیکریٹری پاور ڈویژن عرفان علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آج بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت33 ہزار میگا واٹ ہے، واپڈا 9000 میگا واٹ سے زائد دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت بجلی منصوبوں کا ٹیرف نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) طے کرتا ہے، سی پیک کے تحت 7 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور یہ آئی پی پیز موڈ پر ہیں۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پوری دنیا اب پانی سے سستی بجلی پیدا کرنے کی طرف جا رہی ہے، ساہیوال جیسے زرخیز علاقے میں کول پاور پلانٹ کیوں لگایا گیا۔ جنوبی افریقہ سے مہنگا کوئلہ درآمد کیا جا رہا ہے۔

    عرفان علی نے کہا کہ ساہیوال پاور پلانٹ ماحول کے لیے خطرہ نہیں ہے، مٹیاری سے جنوب سے شمال کی جانب لائن بچھائی جائے گی۔ یہ منصوبہ مارچ 2021 میں مکمل ہوگا۔

    پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے اراکین نے ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کڑی تنقید کی گئی جس پر سیکریٹری توانائی نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ میں انتہائی حساس ٹیکنالوجی استعمال ہوئی، ساہیوال پاور پلانٹ ماحول کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔

    سیکریٹری نے مزید بریفنگ میں بتایا کہ قائد اعظم سولر پاور پارک کی استعداد 400 میگا واٹ ہے اصل پیداوار 360 میگا واٹ ہے، قائد اعظم سولر پارک آئی پی پی ہے، استعداد سے کم پیداوار پر جرمانہ کیا جاتا ہے۔

    چیئرمین کمیٹی شہباز شریف نے کہا کہ 2 ایل این جی منصوبے میں نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب میں لگائے تھے، دونوں منصوبوں سے بجلی نیشنل گرڈ سینٹر میں جاتی ہے۔ 18 ویں ترمیم کے بعد صوبے پاور پلانٹ بھی لگا سکتے ہیں۔

    سیکریٹری نے مزید بتایا کہ موسم گرما میں بجلی کی طلب 25 ہزار جبکہ سرما میں 8 سے 9 ہزار میگا واٹ ہوتی ہے، ایک وقت میں 21 ہزار میگا واٹ سے زیادہ بجلی کی ترسیل ممکن نہیں۔ جون 2019 تک 25 ہزار میگا واٹ بجلی کی ترسیل کے قابل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی بڑی وجہ بجلی کی چوری ہے۔ سندھ میں سیپکو کے 186 فیڈرز پر 70 فیصد چوری تھی۔ مارچ 2019 تک سیپکو علاقوں میں 95 فیصد بجلی چوری ختم کردیں گے۔

    سیکریٹری نے بتایا کہ لیسکو میں بجلی چوری کا ایک گینگ پکڑا، لیسکو میں 19 افراد کو جیل بھیجا گیا۔ گینگ سافٹ ویئر سے بجلی کے میٹر کی رفتار کم کر رہا تھا۔

    بجلی چوری کے خلاف مہم کے اعداد و شمار بھی پی اے سی میں پیش کر دیے گئے۔ 13 اکتوبر 2018 سے 28 دسمبر 2018 تک ملک بھر میں کارروائیاں کی گئیں۔

    سیکریٹری کے مطابق 21 ہزار 475 چوری کے کیسز پکڑے، حکومت نے 15 ہزار 746 افراد کے خلاف مقدمات کی درخواستیں دیں۔ 2 ماہ کے عرصے میں 75 کروڑ کی بجلی چوری پکڑی گئی۔

    انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں سے 16 کروڑ 54 لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں۔

  • نیو اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبے میں مالی بد عنوانیاں: پی اے سی میں رپورٹ پیش

    نیو اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبے میں مالی بد عنوانیاں: پی اے سی میں رپورٹ پیش

    اسلام آباد : نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے منصوبے میں کئی بے ضابطگیاں اور مالی بد عنوانیاں سامنے آئی ہیں منصوبے پر تخمینے سے68ارب روپے سے زائد خرچ ہوئے۔

    یہ بات آڈٹ حکام نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو بریفنگ میں بتائی۔ تفصیلات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، اس موقع پر آڈٹ حکام کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اراکین کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ اور گرینڈ حیات ہوٹل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اب تک85ارب55کروڑ روپےخرچ ہوچکے ہیں، اس منصوبے پر لگائے گئے تخمینے سے68ارب روپے سے زائد خرچ ہوئے، منصوبے کا پی سی ون مارچ 2008 میں بنا تھا اس وقت لاگت37ارب روپے تھی جبکہ مارچ2018میں تیسرا پی سی ون105ارب91کروڑ روپے کا بنا تھا۔

    بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نیو اسلام آباد ائیرپورٹ کا99فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اس منصوبے میں کئی بے ضابطگیاں اور مالی بد عنوانیاں ہوئی ہیں، آڈٹ حکام کی نشاندہی پر چار کیسز نیب کو بھجوائے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے نے نیو اسلام آباد ائیر پورٹ کی مکمل جامع انکوائری کی،آڈٹ حکام کے مطابق انکوائری میں بےضابطگیوں پر متعلقہ افسران کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے رپورٹ پی اے سی کے ہر رکن کو بند لفافے میں دی جائے، اس موقع پر انہوں نے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔

    مذکورہ ذیلی کمیٹی رائل پام گالف کلب، گرینڈ حیات ہوٹل اور اسلام آباد ایئرپورٹ کے منصوبوں کا جائزہ لے گی اور 30دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔