اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ناقص کارکردگی کی بنا پر پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے خاتمے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اخراجات اور ڈھانچے کا حجم کم کرنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، وزیراعظم پاکستان نے پی ڈبلیو ڈی کے ادارے کو کرپشن کی وجہ سے فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ بطورادارہ اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا ہے۔
وزیراعظم کو حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ سے آگاہ کیا۔ کمیٹی نے کچھ سرکاری اداروں کو ختم اور کچھ کو ضم کرنے کی سفارش کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے کمیٹی کو مزید سفارشات مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔