Tag: پتنگ

  • ’’آسمان پتنگوں سے صاف اور پرندوں کی پرواز‘‘، ڈرون نے یہ کمال کیسے کر دکھایا؟

    ’’آسمان پتنگوں سے صاف اور پرندوں کی پرواز‘‘، ڈرون نے یہ کمال کیسے کر دکھایا؟

    دھاتی ڈور کے ساتھ پتنگ اڑانا انسانی زندگیوں کے لیے انتہائی خطرناک ہے پنجاب میں اس کی روک تھام کیلیے اب ڈرون کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    پتنگ اڑانے میں دھاتی ڈور کے استعمال کا رواج عام ہونے کے باعث ہماری ثقافت کی اہم تفریح اب جان لیوا ہوچکی ہے اور درجنوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔

    حکومت کی جانب سے پتنگ کی خرید وفروخت پر پابندی اور سزاؤں کے اعلان بھی پتنگ بازوں کو اپنا شوق پورا کرنے سے نہ روک سکے جس کے لیے اب ڈرونز کو پتنگوں کے میدان یعنی آسمان میں لایا گیا ہے۔

    ڈسکہ میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے آسمان کو پتنگوں سے پاک کر دیا گیا۔

    انتظامیہ کی جانب سے یہ اقدام کیے جانے کے بعد اب کئی روز سے شہر اور اطراف میں ڈور لگ جانے سے کسی انسان کی موت یا زخمی ہونے کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ہے۔

    یہ ڈرون آسمان میں پرواز کر کے پتنگ اڑانے والوں کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ اس آلے کی نظر اتنی تیز کہ گرفتاری کے خوف سے پتنگ بازی کا 100 فیصد خاتمہ ہوگیا شہریوں نے سکھ کا سانس لیا

    پتنگ بازوں کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بعد اب ڈسکہ کے آسمان پر پتنگ کے بجائے پرندے پرواز کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    شہری کہتے ہیں ڈرون کیمرے سے پتنگ بازی کا خاتمہ ثابت کرتا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد اور مسلسل کوشش سے جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرون نے کمال کر دیا۔ اس کے استعمال کے بعد سے ایک ماہ کے دوران شہر میں پتنگ بازی یا گلا کٹنے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔

  • دھاتی ڈور اور پتنگ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ

    دھاتی ڈور اور پتنگ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ

    پنجاب کے شہر عارف والا میں پولیس نے انسانی زندگیوں کی قاتل دھاتی ڈوریں اور پتنگیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عارف والا میں تھانہ صدر کی پولیس نے کئی انسانی جانوں کے خاتمے کا سبب بننے والی دھاتی ڈوروں اور پتنگیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر ایک ملزم گرفتار کیا۔

    پولیس کے مطابق یہ فیکٹری نواحی گاؤں میں قائم تھی۔ فیکٹری سے دھاتی ڈوریں، پتنگیں، کیمیکل، مشینری اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم قصور کا رہائشی حاجی محمد ہے جس سے تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ دھاتی پتنگ بازی میں دھاتی ڈوروں کے استعمال کے باعث اب تک درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

    گزشتہ ماہ پنجاب حکومت نے صوبے میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے اس کو ناقابل ضمانت جرم قرار دے دیا تھا اور پتنگ اڑانے پر 3 سے 7 سال تک کی سزا کا بل منظور کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/punjab-bans-kite-flying-across-province-under-new-law/

  • پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں پتنگ بازی کے سالانہ میلے کے دوران پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے 3 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بھارتی ریاست گجرات میں اترائین تہوار کے موقع پر پتنگ بازی کا مقابلہ ہوتا ہے۔  پولیس کے مطابق ایک 2 سالہ بچی کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھرنے ہلاکت ہوگئی، بچی اپنے والد کے ہمراہ اسکوٹر پر سوار تھی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک اور 3 سالہ لڑکی وِس نگر شہر میں اپنی ماں کے ساتھ گھر جا رہی تھی کہ ایک پتنگ کی ڈور اس کی گردن پر پھر گئی۔

    وِس نگر پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اسے اسپتال لے جایا گیا لیکن پہنچنے سے پہلے ہی بچی نے دم توڑ دیا۔

    علاوہ ازیں اجی ڈیم پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ 7 سالہ ریشبھ ورمااپنے والدین کے ساتھ اسکوٹر پر سوار تھا اور راجکوٹ میں پتنگ کی ڈور کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔

    اس کے علاوہ بھارت پتنگ بازی کے دوران گرنے اور زخم لگنے کے 176 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

     واضح رہے کہ پتنگ کی ڈور پر کلاس کا پاوڈر لگانے پر 2016 سے پابندی ہے لیکن لیکن ناقدین کا کہنا کہ اس قانون پر عمل نہیں کیا جاتا ہے۔

  • لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل، ڈولفن اہل کار شکار ہو گیا

    لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل، ڈولفن اہل کار شکار ہو گیا

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے ڈولفن اہل کار جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ہے، قاتل ڈور نے ایک اور قیمتی جان نگل لی، نشتر کالونی میں پتنگ کی ڈور گلے میں پھرنے سے ڈولفن فورسز کا اہل کار جاں بحق ہو گیا۔

    اہل کار کی شناخت کانسٹیبل محمد صفدر کے نام سے ہوئی ہے، پولیس حکام کے مطابق اہل کار اپنی ڈیوٹی ختم کر کے نشتر کالونی رنگ روڈ پر گھر جا رہا تھا کہ قاتل ڈور کی زد میں آ گیا، پولیس اہل کار کی لاش ضابطے کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی، جاں بحق اہل کار کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    خواتین کا کٹی پتنگ کے لیے ناقابل یقین جیمز بانڈ ایکشن، ویڈیو وائرل

    یاد رہے کہ 17 نومبر 2019 کو بھی لاہور میں ایک قیمتی جان پتنگ بازی کی بھینٹ چڑھ گئی تھی، مغل پورہ میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، ریسکیو کا کہنا تھا کہ 40 سالہ عامر موٹر سائیکل پر صدر بازار جا رہا تھا کہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

    پنجاب میں ایک اور قیمتی جان پتنگ بازی کے شوق کی بھینٹ چڑھ گئی

    واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ جس علاقے میں پتنگ بازی ہوئی وہاں کے متعلقہ پولیس افسران ذمے دارہوں گے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایس ایچ او مغل پورہ کو معطل کر کے لائن حاضر بھی کیا گیا۔ اس سے قبل 20 اکتوبر کو بھی لاہور کے علاقے ساندہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا تھا۔

  • خواتین کا کٹی پتنگ کے لیے ناقابل یقین جیمز بانڈ ایکشن، ویڈیو وائرل

    خواتین کا کٹی پتنگ کے لیے ناقابل یقین جیمز بانڈ ایکشن، ویڈیو وائرل

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں خواتین نے کٹی پتنگ کے لیے ناقابل یقین حد تک جیمز بانڈ ایکشن کا مظاہرہ کر کے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے مدن پورہ میں پتنگ باز خواتین نے کٹی پتنگ کے لیے اپنے ایکشن سے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا، رسی کی مدد سے چھت سے لڑکی کے اترنے اور چڑھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

    فوٹیج کے مطابق مدن پورہ کے ایک گھر کی چھت پر کچھ خواتین پتنگ بازی میں مصروف تھیں کہ ایک پتنگ کٹ کر نیچے گلی میں گری، خواتین نے پتنگ اٹھانے کے لیے ایک لڑکی کو رسی کے ذریعے نیچے گلی میں اتارا۔

    فوٹیج میں لڑکی کو چھت سے کٹی پتنگ اٹھاتے دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ چھت پر موجود 4 خواتین رسی لٹکاتے ہوئے بھی دیکھی جا سکتی ہیں، چھت پر موجود خواتین نے لڑکی کو رسی کے سہارے پہلے نیچے اتارا اور اوپر کھینچا۔ ویڈیو میں منڈیر کے قریب خواتین کو خطرناک انداز میں لڑکی کو تھامتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایکشن مکمل ہونے پر قریبی چھتوں پر موجود منچلوں نے تالیاں بجا کر پاکستانی جیمز بانڈ خواتین کو داد دی۔

    دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد میں پتنگ بازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور آر پی او کو کارروائی کا حکم دے دیا ہے، عثمان بزدار نے کہا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، جہاں بھی غفلت ہوئی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    دریں اثنا، فیصل آباد میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 275 پتنگ بازوں اور دکان داروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان سے 7820 پتنگیں، 1500 چرخی کیمیکل ڈور برآمد ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں 243 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی پاک بنگلا دیش ٹیسٹ میچ کے دوران ایک کٹی پتنگ اڑتی ہوئی آ گری تھی۔

  • 7 سالہ بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی

    7 سالہ بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی

    لاہور: ایک اور بچہ دوسروں کی پتنگ بازی کے شوق کی زد میں آ گیا، وحدت کالونی میں 7 سالہ بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود ڈور گلے پر پھرنے سے ہونے والے افسوس ناک واقعات کا سلسلہ جاری ہے، آج پھر لاہور کے علاقے وحدت کالونی میں ایک بچے کی گردن پر پتنگ کی ڈور پھر گئی۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ بچے کو واقعے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا جس کی وجہ سے اس کی جان بچ گئی، اسپتال میں بچے کو بروقت طبی امداد ملنے کے باعث اس کی جان محفوظ رہی۔

    ریسکیو اہل کار کا کہنا تھا کہ 7 سالہ ابوبکر والد کے ساتھ گھر کا سامان لینے جا رہا تھا، کہ راستے میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھر گئی، جس سے گلا کٹ گیا اور خون بہنے لگا، تاہم والد نے اسے فوراً اسپتال پہنچا دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب میں ایک اور قیمتی جان پتنگ بازی کے شوق کی بھینٹ چڑھ گئی

    یاد رہے کہ 17 نومبر کو لاہور میں ایک اور قیمتی جان پتنگ بازی کی بھینٹ چڑھ گئی تھی، مغل پورہ میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، ریسکیو کا کہنا تھا کہ 40 سالہ عامر موٹر سائیکل پر صدر بازار جا رہا تھا کہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

    واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ جس علاقے میں پتنگ بازی ہوئی وہاں کے متعلقہ پولیس افسران ذمے دارہوں گے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایس ایچ او مغل پورہ کو معطل کر کے لائن حاضر بھی کیا گیا، 20 اکتوبر کو بھی لاہور کے علاقے ساندہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا تھا۔

  • پنجاب میں ایک اور قیمتی جان پتنگ بازی کے شوق کی بھینٹ چڑھ گئی

    پنجاب میں ایک اور قیمتی جان پتنگ بازی کے شوق کی بھینٹ چڑھ گئی

    لاہور: صوبہ پنجاب میں ایک اور قیمتی جان دوسروں کے پتنگ بازی کے شوق کی بھینٹ چڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مغل پورہ میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ 40 سالہ عامر موٹر سائیکل پر صدر بازار جا رہا تھا کہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مغل پورہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے شہری کی موت کا فوری نوٹس لے لیا، اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے شہری کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

    انھوں نے غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات ناقابل برداشت ہیں، پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لاہور: گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق، پولیس حدود کا تنازع

    عثمان بزدار نے کہا کہ جس علاقے میں پتنگ بازی ہوئی وہاں کے متعلقہ پولیس افسران ذمے دارہوں گے۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایس ایچ او مغل پورہ کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او مدثراللہ کو معطل کر کے ایس ایس پی آپریشنز کو واقعے کی انکوائری کی ہدایت جاری کر دی۔

    یاد رہے کہ 20 اکتوبر کو بھی لاہور کے علاقے ساندہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا تھا، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی تھی، اور کہا تھا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا واقعہ نا قابل برداشت ہے، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

  • کراچی میں پتنگ کی قاتل ڈور ایک ہفتے میں دو افراد کی جان لے گئی

    کراچی میں پتنگ کی قاتل ڈور ایک ہفتے میں دو افراد کی جان لے گئی

    کراچی: شہر قائد میں پتنگ کی قاتل ڈور سے ایک ہفتے میں دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، گزشتہ روز اورنگی جاتے ہوئے اے آر وائی نیوز سے وابستہ صحافی خیراللہ عزیز بھی ڈور پھرنے سے زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پتنگ بازی کے دوران قاتل ڈور سے شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ روز اے آر وائی سے وابستہ صحافی بھی نشانہ بن گئے۔

    ایک کے بعد ایک واقعات سے پولیس کو آخر کار ہوش آ گیا، اورنگی میں کارروائیاں کر کے پتنگ اور ڈور بیچنے والوں اور اڑانے والوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے۔

    دوسری طرف گرفتار ملزمان معصوم بن گئے ہیں، ایک ملزم کا کہنا تھا کہ میری پتنگ کٹ کر گری، دوسرے نے بتایا میں کٹی پتنگ پکڑ رہا تھا کہ پولیس نے پکڑ لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی: بنارس پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے شہری کا گلا کٹ گیا

    یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو کراچی کے علاقے بنارس چوک کے پل پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے اورنگی ٹاؤن کا رہایشی شہروز جان زندگی کی بازی ہار گیا تھا، متوفی موٹر سائیکل پر بھائی کے ساتھ جا رہا تھا جب یہ حادثہ پیش آیا، متوفی کے بھائی نے بتایا کہ بنارس پل پر عبداللہ کالج کے قریب اچانک ڈور گلے پر پھر گئی، بھائی نے ڈور کو کھینچا تو گردن سے خون بہنا شروع ہو گیا۔

    گزشتہ روز 6 سالہ بچہ بھی قاتل ڈور کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، بچہ موٹر سائیکل پر اپنے والدین کے ہم راہ جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور سے گلا کٹ گیا، اور اس نے والدین کے ہاتھوں ہی میں دم توڑ دیا۔

    رواں برس فروری میں بھی کراچی میں پتنگ کی ڈور سے دو گلے کٹ گئے تھے، جن میں سے سعدی ٹاؤن کا رہائشی ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، جب کہ جہانگیر روڈ کے واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا تھا۔

  • لاہور: گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق، پولیس حدود کا تنازع

    لاہور: گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق، پولیس حدود کا تنازع

    لاہور: پتنگ بازی کے دوران ساندہ کے علاقے میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور شہری کی جان لے لی، نوجوان موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے وہ جاں بحق ہو گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کی، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیا اور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کر کے غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی کا واقعہ نا قابل برداشت ہے، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق نوجوان کے خاندان سے دلی ہم دردی کا بھی اظہار کیا۔

    ادھر گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت کے واقعے پر پولیس حدود کا تنازع بھی کھڑا ہوا، پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان کی گردن پر رومال سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈور کہیں اور پھری، زخمی حالت میں آنے والا موٹر سائیکل سوار ساندہ میں گر کر جاں بحق ہوا۔

    بعد ازاں دونوں علاقوں کے ایس پیز کے درمیان حدود کے تعین پر جھگڑا ختم ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رواں سال پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 2189 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

  • پنجاب میں پتنگ بازی سے مزید 4 افراد شدید زخمی، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

    پنجاب میں پتنگ بازی سے مزید 4 افراد شدید زخمی، وزیر اعلیٰ کا نوٹس

    فیروزوالا: صوبہ پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی کے باوجود ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالا میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پابندی عاید ہونے کے باوجود پنجاب میں پتنگ بازی جاری ہے، فیروزوالا کے کوٹ عبدالماک میں چار افراد گلے میں پتنگ کی ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کوٹ عبدالمالک میں پتنگ بازی کے واقعات کا نوٹس لے لیا، پتنگ بازی کے سلسلے میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانہ فیکٹری ایریا کو معطل کر دیا گیا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پابندی کے باوجود پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پتنگ بازی پر متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جس تھانے کی حدود میں پتنگ بازی ہوگی، اس علاقے کے ایس ایچ او کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بسنت منانے کی اجازت اگلے سال دی جائے گی

    پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ پتنگ بازی کی پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔

    خیال رہے کہ 2 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے بسنت منانے کے اعلان کے خلاف درخواستوں پر تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ پنجاب حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ رواں برس بسنت منانے کی اجازت نہیں دے گی، متوازن اور سنجیدہ فیصلوں کے بعد ہی بسنت کی اجازت دی جائے گی۔