Tag: پختونخواہ

  • قبائلی علاقوں سے بے گھر 97 فیصد آئی ڈی پیز واپس آچکے: پی ڈی ایم اے

    قبائلی علاقوں سے بے گھر 97 فیصد آئی ڈی پیز واپس آچکے: پی ڈی ایم اے

    پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں سے بے گھر آئی ڈی پیز میں سے 97 فیصد واپس آچکے ہیں۔ حکومت آئی ڈی پیز پر اب تک 45 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر کمپلیکس ایمرجنسی ونگ ذیشان عبد اللہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت انٹرلی ڈس پلیسڈ پرسنز (آئی ڈی پیز) پر اب تک 45 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔

    ذیشان عبداللہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز خاندانوں کو 12 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے ہیں، ماہانہ نقد مالی امداد پر اب تک 31 ارب روپے خرچ ہوئے۔ قبائلی علاقوں سے بے گھر آئی ڈی پیز میں 97 فیصد واپس آچکے ہیں۔

    ڈائریکٹر ایمرجنسی ونگ کا کہنا تھا کہ واپس آنے والوں کو 35 ہزار فی خاندان بھی دیے جاتے ہیں، فی خاندان کیش پر اب تک ساڑھے 8 ارب خرچ ہوئے ہیں۔ مکانات کو نقصانات پر اب تک 21 ارب 90 کروڑ ادا کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ علاقے کلیئر ہونے پر مزید متاثرین آئیں گے۔

    خیال رہے کہ رواں برس بجٹ میں قبائلی علاقوں کے لیے 83 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ افوج پاکستان نے بھی رواں مالی سال کے دفاعی اخراجات میں رضاکارانہ کمی کا فیصلہ کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان کے مطابق اس بچت کے نتیجے میں میسر آنے والا سرمایہ خیبر پختونخواہ میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں صرف کیا جائے گا۔

  • پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں 12 قیدیوں کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مختلف جیلوں میں درجنوں قیدی ہیپاٹائٹس کے مرض کا بھی شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پختونخواہ کی جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز اور دیگر خطرناک امراض میں مبتلا ہونے کے انکشاف کے بعد خیبر پختونخواہ محکمہ جیل خانہ جات حرکت میں آگیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نئے آنے والے قیدیوں کے 3 بیماریوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پختونخواہ کی جیلوں میں 12 قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں۔ پشاور جیل میں 3، مردان میں 2، ڈیرہ اسمعٰیل خان، بنوں اور تیمر گرہ میں ایک ایک قیدی ایڈز کا شکار ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جیلوں میں مناسب سہولیات نہ ہونے سے ایڈز کے مریض قیدیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں جیلوں میں ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا 71 اور ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا 25 قیدیوں کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پشاور سینٹرل جیل میں 29 قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔ مردان میں 12، بنوں، ہری پور اور صوابی میں 6، 6، کوہاٹ میں 5، تیمر گرہ اور ڈگر کی جیلوں میں ایک، ایک قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہے۔