Tag: پرائس کنٹرول

  • سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی اصل وجہ سامنے آگئی

    سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی اصل وجہ سامنے آگئی

    آج سے ڈیڑھ دو سال قبل سو روپے کے پانچ کلو آلو ملنا ایک عام سی بات تھی کچھ ملتا جلتا ایسا ہی معاملہ پیاز اور دیگر اشیاء کا بھی تھا جسے خریدنے کیلئے جیب پر اضافی بوجھ نہیں پڑتا تھا۔

    لیکن آج صورتحال بہت زیادہ گھمبیر ہوچکی ہے اور اشیائے خوردونوش سمیت خصوصاً سستی سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

    دوسری جانب عام شہری اس مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس چکا ہے لیکن متعلقہ اداروں کے افسران سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    کراچی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کے نمائندے انور خان نے بتایا کہ شہر قائد میں سبزیوں کی قیمتیں بے قابو ہیں اور اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر فعال ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے سبزی کو غریب کے استعمال کی چیز سمجھا جاتا تھا لیکن اب یہ امیروں کے ہاں بھی کثرت سے پائی جاتی ہے جبکہ غریب اس کی پہنچ سے دور ہوتا جارہا ہے۔

    دوسری جانب بازاروں میں خریداری کیلئے آنے والے شہری سبزیوں کا ریٹ سن کر ذہنی اذیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ مارکیٹ کو چیک کرنے والا کوئی نہیں ہے کیونکہ ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں ایک بار پھر عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوگئی ہیں۔

  • ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے گرد گھیرا تنگ

    ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے گرد گھیرا تنگ

    لاہور : حکومت پنجاب نے پنجاب پرائس کنٹرول اسپشنل کموڈیٹیز آرڈنینس جاری کردیا، جس کے تحت پرائس کنٹرول کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب پرائس کنٹرول اسیشنل کموڈیٹیزآرڈنینس کے تحت پرائس کنٹرول کونسل قائم کردی گئی ہے جس کے چیئر پرسن وزیر صنعت ہوں گے۔

    آرڈنینس کے مطابق اب سے پرائس کنٹرول کونسل اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں کا تعین کرے گی، پرائس کنٹرول کونسل ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بھی کارروائی کرسکے گی۔

    اس کے علاوہ پرائس کنٹرول کونسل ضلع کی سطح پر اشیاء خورد ونوش کی آمد اور اخراج کا ریکارڈ مرتب کرے گی۔

    مذکورہ کونسل اشیاء فروخت کرنے والوں کو دکانوں پر نرخ نامہ آویزاں کرنے کا پابند کرے گی، صوبائی وزیر زراعت، وزیر خوراک، چیف سیکرٹری اور متعلقہ سیکرٹریز شامل ہیں۔

    آرڈیننس کے بعد پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اب حکومت پنجاب کے تحت کام کریں گے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اس سے قبل وفاقی حکومت کی ہدایت پر عمل کررہے تھے۔

  • پرائس کنٹرول سسٹم کی عدم موجودگی نے عوام کو نڈھال کر دیا، ناجائز منافع خوری عروج پر

    پرائس کنٹرول سسٹم کی عدم موجودگی نے عوام کو نڈھال کر دیا، ناجائز منافع خوری عروج پر

    کراچی: ایک طرف ناقابل برداشت مہنگائی اور دوسری طرف صوبہ سندھ بالخصوص کراچی میں پرائس کنٹرول سسٹم کی عدم موجودگی نے عوام کو نڈھال کر دیا ہے، ناجائز منافع خوری عروج پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں سے غریب عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے، عوام الناس کا کہنا ہے کہ حکمران پٹرول، بجلی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں مزید اضافے کر کے غریب عوام کی بد دعائیں نہ لیں، پہلے ہی بجلی اور پٹرول میں ظالمانہ اضافے کی وجہ سے آٹا، چینی سمیت تمام اشیائے خورد و نوش غریب عوام کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔

    افسوس ناک امر یہ ہے کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کی کوئی بھی کوشش نظر نہیں آتی، شہری کہتے ہیں کہ مہنگائی نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے، آدھی تنخواہ اور ڈبل خرچ سے سفید پوش طبقے کا بھرم بھی ٹوٹ گیا ہے، غریب بھی دو وقت کی روٹی سے محروم ہو گیا ہے۔

    اس وقت عملاً ایسی صورت حال ہے کہ کوئی پرائس کنٹرول کا نظام نہیں جو ناجائز منافع خوری کی روک تھام کر سکے۔ آسمان کو چھوتی مہنگائی میں ذخیرہ اندوز بھی عوام کا امتحان لے رہے ہیں، شہری قرض مانگ مانگ کر مہینہ گزارنے پر مجبور ہیں۔ چینی، آٹا، تیل، گھی، مرغی، مچھلی اور گوشت کا ریٹ گھنٹوں کے حساب سے بدل رہا ہے۔

    چینی 180 روپے کلو، آٹا 170 روپے کلو بیسن، سفید چنا 500 روپے کلو، ماش کی دال 460، دال مسور 240، دال چنا 260، روزانہ استعمال کا چاول بھی ساڑھے 3 سو روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔

    عوام کہتے ہیں کہ کھانے پینے کی اشیا جن پر کبھی 10 ہزار روپے خرچ ہوتے تھے، یہ خرچ اب 40 ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے۔ کھانے پینے کے اخراجات کے علاوہ بجلی گیس کے بلوں کی ادائیگی سب سے بڑی پریشانی ہے، اور دوسری طرف مقامی سطح پر کوئی پرائس کنٹرول کا نظام نہیں جو ناجائز منافع خوری کی روک تھام کر سکے۔