Tag: پرائمری اسکول

  • سعودی عرب میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم اعلان

    سعودی عرب میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم اعلان

    سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان نے پرائمری اسکول میں نئے داخلوں کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس کا افتتاح کیا ہے۔

    اخبار 24 کے مطابق آن لائن اندراج سروس سے پرائمری اسکول کے نئے طلبہ کے سرپرستوں کو سہولت ہوگی، وزارت تعلیم نے پہلی بار یہ سروس متعارف کرائی ہے۔

    نئی سروس کے ذریعے یہ بات آسانی سے معلوم کی جاسکے گی کہ امیدوار طالبعلم پرائمری اسکول میں داخلے کا مستحق ہے یا نہیں۔

    داخلے کی اہلیت کا فیصلہ تاریخ پیدائش سے ہوگا،  امیدواروں کا ڈیٹا آن لائن مہیا ہوگا،  نیشنل انفارمیشن سینٹر، ریئل سٹیٹ جنرل اتھارٹی، سعودی پوسٹل (سبل)، وزارت صحت اور وزارت انصاف کے ڈیٹا سے مدد لی جائے گی۔

    نئے تعلیمی سال پرمملکت میں 12 ہزار سے زیادہ پرائمری اسکولوں میں نئے داخلے کے امیدواروں کا اندراج منظم طریقے سے ممکن ہوگا۔

     پہلے مرحلے میں نئی سروس سے ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ طلبہ کو فائدہ ہوگا۔

  • سندھ حکومت کا 21 جون سے  پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا 21 جون سے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ

    کراچی : سندھ حکومت نے 21 جون سے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا درگاہیں ، امیوزمنٹ پارکس اورانڈور جمز 28 جون سے کھولے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کرونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراء، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، صوبائی سیکریٹریز، ڈاکٹر باری، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹر سارہ خان، ڈاکٹر قیصر سجاد، کور فائیو اور رینجرز کے نمائندے شریک ہوئے۔

    اجلاس میں پرائمری اسکول 21 جون سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا اور کہا گیا کہ درگاہیں ، امیوزمنٹ پارکس اورانڈورجمز 28 جون سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی تشخیصی شرح 3.9 ہوگئی ہے، کوروناکیسز میں کمی ہور ہی ہے، کمی تب تک ہوتی رہےگی جب تک ایس اوپیزپر سب عمل کریں گے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں تشخیصی شرح 8.08 اور حیدرآباد 4.3 فیصد ہے، ابھی ضلع شرقی اورجنوبی میں کیسزبہت زیادہ ہیں، جون میں 263 کورونا مریض انتقال کرگئےہیں جبکہ ایئرپورٹ پرآنےوالے42532 مسافروں کے ٹیسٹ کئے، جس میں سے وزیراعلیٰ س95مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ ویکسین کی کمی کےباعث کل سےویکسی نیشن کی چھٹی ہوگی، اسپوٹنگ ویکسین جون کےآخری ہفتےمیں آجائےگی جبکہ 1.5ملین سائنو ویک کی ڈوز21جون ، کینسائنوکی7 لاکھ ڈوزز جون 23 اور پاک ویک کی4 لاکھ ڈوززبھی جون23کوملیں گی۔

  • پاکستان میں ‌‌تعلیمی ادارے کھولنے کے مراحل مکمل، پرائمری اسکول بھی کھل گئے

    پاکستان میں ‌‌تعلیمی ادارے کھولنے کے مراحل مکمل، پرائمری اسکول بھی کھل گئے

    اسلام آباد : کوویڈ 19 کیسز کم ہونے کے بعد پرائمری کلاسز میں تدریسی عمل کا آغاز ہوگیا ، وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ چھ ماہ بعد اسکول کھلنا عمران خان کی کامیابی کامظہرہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کے تمام مراحل مکمل کرلئے گئے ، آج سے ملک بھرمیں پرائمری اسکول بھی کھل گئے، پرائمری اسکول کھلنے پر ملا جلا رد عمل سامنے آیا اور بیشتر والدین نے بچوں کو اسکول بھیجنے سے گریز کیا۔

    والدین نے کہا پرائمری کےبچے ایس او پی پر عمل میں مشکلات کا شکار ہوتے ہیں جبکہ بعض والدین کی پرائمری کےبچوں کے حوالے سے آن لائن کلاسز کو ترجیح دی ، آن لائن کلاسز کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

    این سی او سی نے اساتذہ بچوں اورعملے کے لئے سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہدایت سینٹائزراورماسک کا استعمال لازمی قرار دیا جبکہ تعلیمی اداروں میں احتیاطی تدابیرکا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ساڑھے6مہینے کے بعد پرائمری سکول کے بچے اسکول آئے، آج مبارک دن ہے کہ تمام تعلیمی ادارے کھولنے میں کامیاب ہوئے۔

    وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بچوں کا تعلیمی حرج ہو چکا ہے مزید ایسانہیں چاہتے ، خان صاحب کی کامیابی کا مظہر ہے کہ تمام اسکول کھل چکے ہیں، سرکاری سکولوں کا دورہ کیا بچے ایس او پیز پر عمل کرتے نظر آئے۔

    شفقت محمود نے کہا بچوں کی اسکولوں میں حاضری بتاتی ہے کہ والدین مطمئن ہیں اور چھوٹےبچے بھی ایس او پیز پر عمل در آمد کر رہے ہیں ، والدین کویقین دلاتا ہوں کہ بچوں کی صحت کا خاص خیال کیا جائے گا ، پہلےسےزیادہ ٹیسٹنگ ہوگی، ایس اوپیز پرعمل نہ کرنے والے اسکولز کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • بلوچستان میں پرائمری اسکولز کھول دیے گئے

    بلوچستان میں پرائمری اسکولز کھول دیے گئے

    کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آج سے تمام پرائمری اسکولز کھول دیے گئے، اسکولز میں کرونا ٹیسٹ کے لیے طلبا اور اساتذہ کے سیمپلز لیے جاتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کے تیسرے مرحلے کے تحت صوبے میں آج سے تمام پرائمری اسکولز کھول دیے گئے۔

    لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی وجہ سے اسکولوں کے اوقات کار بڑھا دیے گئے ہیں۔ سرکاری اسکول میں 9 بجے اور نجی اسکولز میں ساڑھے 9 بجے سے کلاسز کا آغاز ہوگا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ اسکولز میں کرونا ٹیسٹ کے لیے طلبا اور اساتذہ کے سیمپلز لیے جاتے رہیں گے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان حکومت نے پرائمری اسکول مزید 15 دن بند رکھنے کی تجویز دی تھی تاہم تجویز منظور نہیں کی گئی۔

    ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے، پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

    ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول آنے سے روک دیا جائے گا۔

    حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کا جائزہ لے رہی ہیں۔

    اگلے مرحلے میں سیکنڈری کلاسز 28 ستمبر اور اس کے بعد پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے کھولی گئی ہیں تاہم کرونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلے میں تبدیلی کی جارہی ہے۔

  • مرتضیٰ وہاب نے تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کر دی

    مرتضیٰ وہاب نے تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کر دی

    کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے تعلیمی ادارے کھولنے کے حکومتی فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایک ٹوئٹ میں اپیل کی ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومت اسکول خصوصاً پرائمری سیکشن کھولنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

    انھوں نے کہا کہ بہ طور والد میں سمجھتا ہوں کہ کرونا وائرس کی وبا سے متعلق صورت حال تاحال غیر یقینی ہے۔

    مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹ میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے بچے کرونا ایس او پیز پر عمل نہیں کر پائیں گے، اس لیے پرائمری اسکول کھولنے کے وفاقی و صوبائی فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے۔

    وزیر تعلیم کی 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اہم اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا تھا کہ ہفتے کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے، اسکول اب 6 دن کھلیں گے، سعید غنی نے کہا ہم نے غیر معمولی حالات میں دوبارہ بچوں کو اسکول بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، کرونا صورت حال میں تعلیم کے حوالے سے یہ مشکل فیصلہ ہے۔

    یاد رہے کہ 7 ستمبر کو حکومت نے 15 ستمبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا تھا، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی نقصان کو چند ماہ میں پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔

  • سندھ حکومت نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی

    سندھ حکومت نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی

    کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے پرائمری اسکولوں میں بھی آن لائن تعلیم متعارف کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے پرائمری اسکولوں میں آن لائن تعلیم متعارف کرا دی، کے جی سے 5 ویں جماعت تک طلبہ کو آن لائن تعلیم دی جائے گی۔

    محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ آن لائن تعلیم کے لیے ایس ای ایل ڈی لرننگ نامی ایپ تیار کر لی گئی ہے۔ یہ آن لائن تعلیمی منصوبہ یونی سیف اور مائیکرو سافٹ کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق آن لائن ایپ کے ذریعے ریاضی، سائنس، انگریزی اور اردو کے مضامین پڑھائے جائیں گے، آن لائن کورس انگریزی، اردو اور سندھی زبانوں میں دستیاب ہے، چھٹی سے 12 ویں جماعت تک آن لائن ایجوکیشن پر بھی کام جاری ہے۔

    سندھ حکومت کا سرکاری اسکولوں میں بچوں کیلئے آن لائن کلاسیں شروع کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے آن لائن کلاسیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت چھٹی جماعت سے 12 ویں تک کے طلبہ کو آن لائن کلاسز دینے کا منصوبہ ہے، اس سلسلے میں سرکاری اسکولوں کو سیکریٹری تعلیم کی جانب سے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

    یونی سیف اور مائیکرو سافٹ کی مدد سے آن لائن کلاسز کے سلسلے میں 75 ماسٹر ٹرینر اساتذہ کو آن لائن کلاسز کے لیے تربیت دیں گے، تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز سے 17 جون تک اساتذہ اور طلبہ کا ڈیٹا طلب کیا گیا ہے، آن لائن سیشن کے لیے آئی ٹی کے ماہرین کو بھی رکھا جا رہا ہے۔

  • آسٹریا کے پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا بل منظور

    آسٹریا کے پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا بل منظور

    ویانا: آسٹریا کی پارلیمنٹ میں پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا منظور کرلیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریا کی پارلیمنٹ نے پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا بل منظور کرلیا، بل سخت گیر نظریات رکھنے والی دائیں بازو کی حکمراں جماعت نے آسٹرین اسمبلی میں پیش کیا۔

    حکومتی جماعت اور اتحادیوں کی جانب سے بل کے حق میں ووٹ ڈالے گئے جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے بل کی مخالفت کی۔

    قانون میں سرڈھانپنے کو نظریاتی اور مذہبی نوعیت کا لباس قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کی گئی ہے تاہم سکھوں کی مخصوص پگڑی اور یہودیوں کی مخصوص ٹوپی پر پابندی نہیں ہوگی۔

    مزید پڑھیں: ڈنمارک میں نقاب پر پابندی عائد کردی گئی

    دوسری جانب بل کی منظوری کے بعد کے بعد آسٹریا میں مسلم تنظیموں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

    یاد رہے گزشتہ سال مئی میں ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب پہننے پر پابندی کے قانون کی منظوری دی تھی، پابندی کے حق میں 75 جبکہ مخالفت میں 30 سے زائد ووٹ آئے تھے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل فرانس، ہالینڈ، اور بیلجیم میں بھی نقاب پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

  • ٹیکساس پرائمری اسکول ملالہ یوسفزئی سے موسوم

    ٹیکساس پرائمری اسکول ملالہ یوسفزئی سے موسوم

    ٹیکساس : ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کےلیے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے امریکی ریاست ٹیکساس میں پرائمری اسکول کا ملالہ یوسفزئی کے نام سے موسوم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر شوگرلینڈ کی فورٹ بینڈ کاؤنٹی نے اپنے ایک نئے پرائمری اسکول کا نام پاکستان کی گل مکئی ملالہ یوسف زئی سے منسوب کردیا ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فورٹ بینڈ انڈیپنڈنٹ اسکول ڈسٹرکٹ کی جانب سے ضلع کے ’ایلیمنٹری اسکول نمبر 51‘ کا نام تجویز کرنے کےلیے اساتذہ، والدین، اسٹاف طلبہ، کمیونٹی اور بورڈ ارکان سمیت دیگر افراد پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

    کمیٹی نے اسکول کےلیے 100 کے قریب نام تجویز کیے تھے جس میں تعلیم باالخصوص بچیوں کی تعلیم کےلیے ملالہ یوسفزئی کے نام کا انتخاب کیا گیا جس کیلئے کمیٹی اجلاس میں باقاعدہ ووٹنگ بھی کی گئی تھی۔

    ملالہ یوسفزئی ایلیمنٹری اسکول تاحال زیر تعمیر ہے جس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز سنہ 2020 میں کیا جائے گا۔

    اسکول ڈسٹرکٹ کے سربراہ ڈاکٹر چارلس لوبر کا کہنا ہے کہ اسکول کے افتتاح کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جائے اور ہماری خواہش ہے کہ ملالہ یوسفزئی اس تقریب میں شریک ہوں۔

    ڈاکٹر چارلس لوبر کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کی شرکت ہمارے لیے اعزاز اور کمیونٹی کیلئے ضروری ہے۔

    مزید پڑھیں : ملالہ یوسفزئی نے امن کا نوبل انعام جیت لیا

    یاد رہےکہ دسمبر 2014 میں لڑکیوں کےتعلیم کےلیے بےمثال جدوجہد کرنےوالی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے امن کا نوبل انعام جیت کر ہر پاکستانی کا سرفخرسے بلند کردیاتھا۔

    مزید پڑھیں : ملالہ یوسفزئی کو امریکا کا لبرٹی میڈل بھی دے دیا گیا

    خیال رہے کہ 2014 میں ہی سوات کی ڈائری گرل ملالہ یوسفزئی کو امریکا کا لبرٹی میڈل اور ایک لاکھ ڈالرکی انعامی رقم دی گئی تھی، ملالہ کو یہ میڈل تعلیم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔