Tag: پرائیوٹ اسکول

  • طلبا کی موجیں ! پرائیوٹ اسکول والوں  کے لئے بڑا حکم آگیا

    طلبا کی موجیں ! پرائیوٹ اسکول والوں کے لئے بڑا حکم آگیا

    لاہور : پنجاب حکومت نے پرائیوٹ اسکول والوں کے لئے بڑا حکم جاری کردیا ، جس سے والدین کی بڑی مشکل حل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے پرائیوٹ اسکولز کو ہدایت جاری کی ہے کہ اسکول والوں کو بچوں کو گھر سے لانے اور واپس چھوڑنے کیلئے ٹرانسپورٹ خریدنا ہوگی۔

    سیکرٹری اسکول ایجوکیشن خالد نذیر وٹو کا کہنا ہے کہ تمام بڑی اسکول چینز تیرہ جنوری تک لازمی بسیں خریدیں، بسیں نہ خریدنے والے اسکولوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔

    پنجاب وزارت تعلیم کے مطابق موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد بچوں کو بسوں میں پک اینڈ ڈراپ دی جائےگی اور بسوں کی خریداری کے معاملے پر اسکولوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

    اس موقع پر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں اسموگ تدارک کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، جس میں پرائیویٹ اسکولوں کو طلبا کے لیے بسوں کا انتظام کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جو اسکول عمل نہیں کرے گا اس کی رجسٹریشن معطل کر دی جائے، سرکاری وکیل نے بتایا وزیراعلیٰ کو پرائیویٹ اسکولز رولز میں ترمیم کی سمری بھجوا دی گئی ، رولز میں ترمیم کرکے اسکول بس لازمی قرار دی جائے گی۔

  • پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی

    پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کے اسکول بند کرنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی، فیڈریشن نے لانگ مارچ کرنے کی بھی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر کے مخصوص علاقوں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی۔

    فیڈریشن نے اسکولز بند کرنے سے انکار کر دیا۔ فیڈریشن کے سربراہ کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ اسکولز مزید 11 اپریل تک بند نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تادیبی کاروائیاں بند نہ ہوئیں تو لانگ مارچ ہوگا، ڈبل شفٹ میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز میں تدریس جاری رہے گی، طلبا، اساتذہ و اسٹاف کی ویکسی نیشن ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ حکومتی و سیاسی اجتماعات کرونا وائرس پھیلاؤ کی اصل وجہ ہیں انہیں فوری بند کیا جائے۔ وزیر اعظم، چیف جسٹس، آرمی چیف اور این سی او سی غیر قانونی سیاسی اجتماعات رکوائیں اور تعلیمی سلسلہ بحال رکھا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ سب کھلا ہے تو اسکولز مزید بند نہیں ہوں گے، مائیکرو لاک ڈاؤن کا آپشن استعمال کیا جائے۔ طلبا کا مزید تیسرا سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ یونیسف کے مطابق اسکولز کی بندش سے 4 کروڑ پاکستانی طلبا کی تعلیم مستقل متاثر ہوئی ہے، آن لائن تعلیم فلاپ ہوچکی ہے، آن لائن تعلیم کی سہولت ملک بھر میں محض 2 فیصد طلبا کو میسر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیمی لاک ڈاؤن کے باعث 5 کروڑ طلبا کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ناممکن ہے، ڈھائی کروڑ پاکستانی بچے پہلے ہی اپنے آئینی حق سے محروم ہیں۔

    فیڈریشن صدر کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، یونیسف، یونیسکو اور عالمی بنک ایڈوائزری کے مطابق کرونا وائرس میں بھی اسکولز کھلے رکھے جائیں، بند کرنے سے نقصانات زیادہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، بندش سے 10 ہزار اسکولز مکمل بند اور 7 لاکھ استاد بے روزگار ہوچکے ہیں۔

  • کرونا وائرس ہدایات کی خلاف ورزی پر نجی اسکولوں کے خلاف بڑی کارروائی

    کرونا وائرس ہدایات کی خلاف ورزی پر نجی اسکولوں کے خلاف بڑی کارروائی

    کراچی: شہر قائد میں کرونا وائرس کے سلسلے میں جاری ہدایات کی خلاف ورزی پر پچاس سے زائد اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے سلسلے میں اسکول بند رکھنے کی ہدایات کے باوجود کراچی کے متعدد علاقوں میں آج اسکول کھولنے پر 50 سے زائد اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی۔

    اس سلسلے میں آج ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی ٹیموں نے مختلف اسکولوں کے دورے کیے، ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹوشنز کی ہدایت پر مختلف نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کی گئی، رجسٹرار پرائیویٹ اسکول رفیعہ جاوید بھی ہمراہ تھیں، چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کو بھی نجی اسکولوں کے خلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

    کرونا وائرس ، سندھ حکومت کا 13 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان

    کارروائی کے دوران لانڈھی، لیاری، کورنگی، گلشن حدید سمیت مختلف علاقوں کے اسکولوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے، ناظم آباد میں جے بی میموریل اسکول، پاک ماڈل، آکسفورڈ، پرسٹن گرامر، لانڈھی میں اقبال پبلک، توحید پبلک اور ایمیز پبلک اسکول، الہادی انٹرنیشنل، ڈی ایچ نیوجنریشن سرجانی کی رجسٹریشن کینسل کر دی گئی۔ گلشن حدید میں الشمس، ابدالی اکیڈمی، کورنگی میں اسٹار کڈز، اے بی سی اسکول، اقرا اطفال، لانڈھی میں سٹی اسکول، کورنگی میں ڈی ایس اے اسکولنگ سسٹم کی رجسٹریشن بھی معطل کر دی گئی۔

    کارروائی کے دوران کے ایم اے اسکول کھارادر، ماما بے بی کیئر اسکول نیو ٹاؤن،انٹر نیشنل گرامر اسکول گلستان جوہر، المخدوم اسکول لیاری کے علاوہ پرائمری اینڈ سیکنڈری اسکول بھی دورے کے موقع پر کھلے پائے گئے جن کے خلاف فوری ایکشن لیا گیا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے اعلان کے بعد پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ نے تمام نجی اسکولوں کو پابند کر دیا تھا، ہدایت کی گئی تھی کہ وی آئی پی اور نامور بڑے نجی تعلیمی ادارے بھی 13 مارچ تک اسکول بند رکھنے کے احکامات کی پابندی کریں ورنہ کارروائی کی جائے گی، ڈی جی پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ڈاکٹر منسوب صدیقی کا کہنا تھا کہ سی ایم سندھ کا فیصلہ صوبے کے سب اسکولوں پر لاگو ہوگا، کوئی بھی پرائیویٹ اسکول اپنے اساتذہ کو بھی نہیں بلائے گا، بیکن ہاؤس، دی ایجوکیٹر، سٹی، سمیت ڈی ایچ اے کے تمام اسکول بھی احکامات کے پابند ہیں۔

    نجی اسکول کھولنے والے تمام مالکان کو ڈائریکٹرآفس طلب کر لیا گیا ہے، اسکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے چئیرمین بورڈ آف سیکنڈری کو بھی سفارش کر دی گئی ہے۔

  • خیبر پختونخواہ میں پرائیوٹ اسکول کے بجائے سرکاری اسکول والدین کی پہلی ترجیح بن گئے

    خیبر پختونخواہ میں پرائیوٹ اسکول کے بجائے سرکاری اسکول والدین کی پہلی ترجیح بن گئے

    پشاور: حال ہی میں کیے گئے سروے کے مطابق خیبرپختونخواہ میں سرکاری اسکولوں کے بڑھتے ہوئے معیار کے باعث والدین اپنے بچوں کوپرائیوٹ اسکولوں سے اُٹھوا کر سرکاری اسکول میں داخل کروارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے تعلیمی میدان میں کیے جانے والے انقلابی اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں،خیبر پختونخواہ کے سرکاری اسکول والدین کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اب والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے پرائیوٹ اسکولوں کے بجائے سرکاری اسکولوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔

    اس سلسلے میں محکمہ پرائمری سکینڈری اسکول ایجوکیشن نے بین الاقوامی انعام یافتہ ادارے ایڈم اسمتھ انٹرنیشنل کے ذریعے سروے کروایا ہے،سروے میں حاصل شدہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2015 سے مارچ 2016 کے دوران 34 ہزار بچوں کا پرائیوٹ اسکولوں سے نکلوا کر سرکاری اسکولوں میں داخلہ کروا گیا ہے۔

    سروے کے مطابق خیبر پختونخواہ کے 66 فی صد والدین نے رضارارانہ طور پراپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے پرائیوٹ اسکولوں کے بجائے سرکاری اسکولوں کو پہلی ترجیح کے طور پر چنا ہے،اور اسکی وجہ تعلیمی معیار میں اضافہ بتایا ہے۔

    بین الاقوامی طور پر مانے جانے والے مستند اور بااعتبار ادارے ایڈم اسمتھ انٹرنیشنل کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق ایک سال کے دوران اپنے بچوں کو پرائیوٹ اسکولوں سے اُٹھا کر سرکاری اسکول میں داخلہ کروانے والدین میں سے 96 فی صد والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوسرے بچوں کو بھی سرکاری اسکولوں میں داخل کروائیں گے۔

    حالیہ سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں تعلیم کا معیار نہ صرف بلند ہوا ہے بلکہ اس نے پرائیوٹ اسکولوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے،اور اب خیبر پختونخواہ کے بچے معیاری تعلیم سستے سرکاری اسکولوں میں حاصل کر سکیں گے۔