Tag: پرائیویٹ اسکولز

  • موسم گرما کی چھٹیوں کے لیے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے اہم پیغام جاری

    موسم گرما کی چھٹیوں کے لیے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے اہم پیغام جاری

    کراچی: موسم گرما کی چھٹیوں کے حوالے سے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رفیعہ جاوید نے والدین کے لیے اہم پیغام جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز رفیعہ جاوید نے والدین اور طلبہ کے نام اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم گرما کی چھٹیاں یکم جون سے 31 جولائی تک جاری رہیں گی، اس دوران والدین اپنے بچوں کی ذہنی و اخلاقی تربیت کریں۔

    انھوں نے کہا ’’موسم گرما کی تعطیلات آرام کرنے، دھوپ سے بچنے، آرام کرنے، گزشتہ تعلیمی سال کے دوران خرچ کی گئی توانائی بحال کرنے کا وقت ہے تاہم، یہ ان چھٹیوں کا واحد مقصد نہیں ہے۔‘‘

    رفیعہ جاوید نے کہا ’’تعلیمی سرگرمیوں سے 60 دن کا وقفہ درحقیقت والدین کے لیے اپنے بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزارنے، ان کی پرورش اور کردار سازی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے اور ان کے ساتھ گہرا رشتہ استوار کرنے کا سنہری موقع ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا ’’میں والدین سے گزارش کروں گی کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزاریں، ان میں وقت کی اہمیت کو اجاگر کریں اور یہ کہ اسے بہترین طریقے سے کیسے گزارنا ہے۔‘‘

    رفیعہ جاوید کا کہنا تھا کہ ان تعطیلات میں بچے کی صحت پر توجہ دی جانی چاہیے، اور بچوں کو صحت مند کھیلوں کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنا وقت الیکٹرانک آلات یعنی ٹی وی، ویڈیو گیم، موبائل فون سے دور اور کھیل کے میدان میں گزار سکیں۔

    انھوں ںے کہا بچوں کو موبائل اور انٹرنیٹ سے دور رکھیں، انٹرنیٹ کی بجائے کھیلوں کی سرگرمیوں پر توجہ رکھیں، بچوں کو پاکستان کے تاریخی مقامات کی سیر کرائیں۔

  • گرمیوں کی تعطیلات: تعلیمی ادارے کب کھولیں گے؟ فیصلہ ہوگیا

    گرمیوں کی تعطیلات: تعلیمی ادارے کب کھولیں گے؟ فیصلہ ہوگیا

    اسلام‌آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں پرائیویٹ اسکولز یکم اگست سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہوگئیں، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن اسلام آباد کے سربراہ غفران الٰہی کی جانب سے کہا گیا ہے اسلام آباد کے نجی تعلیمی ادارے یکم اگست سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سیکرٹری پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید خان کا کہنا ہے کہ تمام پرائیویٹ سکولز یکم اگست سے کھلیں گے، مزید چھٹیوں کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

    عبدالوحید خان نے مزید بتایا کہ کیمرج سسٹم کے ساتھ منسلک ادارے اپنی جاری کردہ شیڈول کے مطابق کھلیں گے۔

    یاد رہے دو روز قبل اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر میں موسم گرما کی چھٹیوں میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے بچوں کو مزید چھٹیاں دینے سے انکار کردیا تھا۔

    اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اسکول سربراہان کو یکم اگست سے سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے والدین سے گزارش کی کہ وہ یکم اگست سے بچوں کو اسکول بھیجیں تاکہ ان کا سلیبس وقت پر مکمل کرایا جاسکے۔

  • کراچی، پرائیویٹ اسکولز نے حکومت کے احکامات ہوا میں اُڑا دیے

    کراچی، پرائیویٹ اسکولز نے حکومت کے احکامات ہوا میں اُڑا دیے

    کراچی: شہر قائد میں نجی تعلیمی اداروں نے فیسوں میں کمی سے صاف انکار کردیا اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کو ہوا میں اُڑا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پرائیویٹ اسکولز انتظامیہ کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں 20 فیصد کمی نہیں کی گئی ہے اور بچوں کے گھروں میں فیس واؤچر بھیج دئیے گئے۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیسں کی مد میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے، حکومت سندھ نے فیسوں میں 20 فیصد کمی کے احکامات جاری کیے تھے۔

    اسکول انتظامیہ کی جانب سے گھروں پر فیس واؤچر بھیجے جانے کے بعد والدین پریشان ہوگئے اور وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ نے کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے پیش نظر اسکول کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں:  اسکولوں کی فیسوں میں 20فیصد کمی کااعلان

    وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ تمام پرائیویٹ اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے اور ماہانہ بنیادوں پر فیس وصول کرنے کے پابند ہوں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام اسکولوں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی اور صرف ماہانہ بنیاد پر فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ان کہنا تھا کہ اسکولوں کو تنخواہوں کی مکمل،بروقت ادائیگی کاپابندبنایاجائےگا اور کسی اسکول کو ٹیچرز یا اسٹاف کو نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • سندھ ہائی کورٹ نے  2005 سے فیس بڑھانے والے اسکولوں کی تفصیل طلب کرلی

    سندھ ہائی کورٹ نے 2005 سے فیس بڑھانے والے اسکولوں کی تفصیل طلب کرلی

    کراچی : اسکول فیس میں پانچ فیصد سے زائد اضافے سے متعلق کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے دو ہزار پانچ سے حکومتی منظوری کے بغیر فیس بڑھانے والے اسکولوں کی تفصیل طلب کرلی، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسکول کھولنے کے بعد فیسوں میں مزید اضافہ کردیا گیا، عدالتی احکامات کا مذاق مت بنائیں، اپنےحکم پرعمل درآمد یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اسکول فیسز میں پانچ فیصد سے زائد اضافے کے خلاف توہین عدالت درخواست پر سماعت ہوئی ، ڈی جی پرائیویٹ اسکولز ڈاکٹرمنصوب صدیقی عدالت میں پیش ہوئے۔

    ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا توہین عدالت کی درخواست کی کاپی نہیں ملی، عدالتی حکم پرعمل درآمدرپورٹ جمع کرادی ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا درخواست کی کاپی کیاگھرپرجاکردیں گے؟ پرانے ریٹس پر فیسوں کے چالان ایشو کریں۔

    جسٹس عقیل احمد نے استفسار کیا سپریم کورٹ میں سماعت اورحکم امتناع سےمتعلق پوچھاتھا، لوگ پریشان ہیں،عدالتی حکم پرعمل کابتائیں، سماعت مزیدملتوی کریں گےتولوگ مزیدپریشان ہوں گے۔

    عدالت نے مزید کہا اسکول کھولنے کے بعد فیسوں میں مزیداضافہ کردیا، عدالتی احکامات کا مذاق مت بنائیں، جس پروکیل فاؤنڈیشن اسکول نے بتایا 5فیصد سےزیادہ فیس میں اضافہ نہیں کیا، اسکول مالکان عدالتی حکم پر بالکل عمل درآمدنہیں کررہے، جسٹس عقیل احمدعباسی نے کہا عدالت کو معاملات کا پتہ ہوتا ہے، جواضافی اسکول فیس لے گئی وہ ایڈجسٹ کرنےکا کہا ہے۔

    بیکن ہاؤس اور سٹی اسکول کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے ، جسٹس محمدعلی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ آپ چاہتےہیں عدالت فردجرم عائدکرے، آپ اپنی درخواست واپس لیں۔

    ڈی جی پرائیویٹ اسکول سےمکالمہ میں کہا ہم نے درخواست دی کہ ہم والدین کوکہیں فیس جمع کرائیں؟ آپ نےکہاریکارڈبارش میں خراب ہوگیا،اپنے حکم پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہتے ہیں۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیویٹ اسکول سے2005 سے فیس میں اضافے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا سندھ حکومت کی بغیرمنظوری فیس بڑھانے والوں کی تفصیلات دیں۔

    درخواست گزار نے کہا اسکول والے2 سے 3 ماہ کی فیسیں ایک ساتھ لے لیتے ہیں، جس پر اسکول مالکان کا کہنا تھا کہ اضافی فیس سپریم کورٹ رجسٹرار کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

    بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے گذشتہ سماعت میں سندھ ہائی کورٹ نے ڈی جی پرائیویٹ اسکولز سمیت 4 اسکولوں کوتوہین عدالت کے نوٹس جاری کئے تھے ، عدالت نے تمام اسکولوں کو حکم نامے پر مکمل عمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت سےفیس اسٹرکچر کاریکارڈ بھی مانگا تھا۔

    واضح رہے یاد رہے کہ 3 ستمبرکو سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا تھا کہ نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کا اختیار نہیں ہے، عدالت نے نجی اسکولوں کو 5 فیصد سے زائد فیس وصولی سے روک دیا تھا۔

  • پرائیویٹ اسکولز کا گرمی کی چھٹیوں کی فیس وصول کرنا توہین عدالت ہے،جسٹس شوکت عزیز صدیقی

    پرائیویٹ اسکولز کا گرمی کی چھٹیوں کی فیس وصول کرنا توہین عدالت ہے،جسٹس شوکت عزیز صدیقی

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اسکولز کو گرمی کی چھٹیوں میں فیس وصول نہ کرنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کی سوداگری ظلم و استحصال ہے، پرائیویٹ سکولز کا فیس وصول کرنا توہین عدالت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے گرمی کی چھٹیوں میں فیس وصولی کا معاملہ پر پرائیویٹ اسکولز کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

    جسٹس شوکت عزیز نے واضح کیا کہ پرائیویٹ اسکولز کا گرمی کی چھٹیوں میں فیس وصول نہ کرنے کا حکم برقرار ہے، تعلیم کی سوداگری ظلم و استحصال ہے، جو کل ہنڈا 70 پر تھے آج پانچ پانچ لینڈ کروزرز پر پھرتے ہیں۔

    جسٹس شوکت عزیز نے ریمارکس دیئے کہ پرائیویٹ اسکولز کا گرمی کی چھٹیوں کی فیس وصول کرنا توہین عدالت ہے، جن سکولوں نے حکم عدولی کی ان کو توہین عدالت کے نوٹس بھیجیں گے۔

    مدعی راشد حنیف ایڈووکیٹ نے اپنے موقف میں سوال اٹھایا کہ کیا پرائیویٹ اسکولز بچوں کو غلط بیانی کی تعلیم دے رہے ہیں، کورٹ آرڈر پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے۔

    جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس میں کہا کہ کچھ اسکول ٹیچرز نے تنخواؤں کی عدم ادائیگی کی درخواست دی ہے، اس کو دیکھیں گے۔

    بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔


    مزید پڑھیں :  اسلام آباد ہائی کورٹ کا پرائیویٹ اسکولوں کو موسم گرما کی تعطیلات کی فیس نہ لینے کا حکم


    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پرائیویٹ اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹی کے حوالے فیصلے کے بعد پرائیویٹ ایجوکیشنل اسٹیٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی نے اسکولوں کی جانب سے گرمیوں کی چھٹیوں کی فیس لینے سے متعلق نوٹیفیکشن جاری کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے پرائیویٹ اسکولوں کو موسم گرما کی تعطیلات کی فیس نہ لینے کا حکم دیا تھا اور ساتھ ہی جن والدین نے
    اپنے بچوں کی موسم گرما کی فیس پہلے سے جمع کرا دی، ان کی فیس تعطیلات کے بعد ایڈجسٹ کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

    قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر میں موجود پرائیوٹ اسکولز کو موسمِ گرما کی تعطیلات کی فیس وصول نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

    خیال رہے کہ پرائیوٹ اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے چھٹیوں سے قبل نیا سال شروع ہوجاتا ہے اور جن کے والدین دو ماہ کی ایڈوانس فیس نہیں دے پاتے انہیں انتظامیہ کی جانب سے نئی کلاسسز میں بیٹھنےکی اجازت نہیں دی جاتی جس کے باعث اکثر اوقات والدین اور بچوں کو شدید ذہنی کرب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پرائیویٹ اسکولز پر ٹیوشن،داخلہ اورسیکیورٹی فیس کےعلاوہ دیگرچارجز وصول کرنے پر پابندی

    پرائیویٹ اسکولز پر ٹیوشن،داخلہ اورسیکیورٹی فیس کےعلاوہ دیگرچارجز وصول کرنے پر پابندی

    لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پرائیویٹ اسکولز کو ٹیوشن ، داخلہ اور سیکیورٹی فیس کے علاوہ کوئی بھی چارجز وصول کرنے پر پابندی عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ جسٹس عابد عزیر شیخ کی سربراہی میں تین رکنی نے پرائیویٹ اسکولز کی فیسیں بڑھانےکے متعلق کیس کا فیصلہ سنایا۔

    فیصلے میں عدالت اسکولوں کی فیسیں 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد مقرر کرنے کا اقدام غیر آئینی قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ حکومت فیس بڑھانے کے لیے تعلیمی اداروں کے منافع کا جائزہ لے گی اور تمام اسکول 2015/16 میں لی گئی 5 فیصد سے زائد اور 2017/18 میں 8 فیصد سے زائد فیس وصولی کا جواز 30 دن میں حکومت کو پیش کریں گے۔

    عدالت نے کہا کہ اگر سکول مقررہ وقت میں جواز پیش نہ کر سکے تو اسکول انتظامیہ کو زائد فیسیں واپس کرنا ہوں گی۔

    لاہور ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ حکومت پنجاب فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ کا نوٹیفیکیشن جاری کرے . اور 90 دن میں مساوی پالیسی مرتب کرے۔

    عدالتی فیصلے میں قرار دیا کہ فیس بڑھانے کے لیے اساتذہ، عمارت اور دیگر سہولیات کو مد نظر رکھا جائے گا جبکہ عدالت نے پرائیویٹ اسکولز کو حکم دیا کہ وہ والدین کو کسی خاص دوکان سے کتابیں اور یونیفارم خریدنے کے پابند نہیں کر سکتے، والدین اپنی مرضی سے کسی بھی دکان سے خریداری کر سکتے ہیں۔

    عدالت نے پنجاب حکومت کو حکم دیا کہ والدین کی شکایت کے ازالے کے لیے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ طریقہ کار وضع کیا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔