وہاڑی (30 جولائی 2025): میلسی میں پراسرار بیماری نے تین بھائیوں کی جان لے لی جب کہ چوتھے کی حالت تشویشناک ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل میلسی میں موضع سنڈل کے علاقے میں پراسرار بیماری پھیل رہی ہے۔ جس سے اہل علاقہ میں بھی خوف پھیل رہا ہے۔
اسی پراسرار بیماری کا شکار ہو کر تین بھائی انتقال کر گئے جب کہ چوتھے بھائی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
متوفی بچوں کے والد نے بتایا کہ اس کے بچے ایسی بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں کہ ڈاکٹرز بھی ان کا علاج نہیں کر رہے۔ میں بچوں کو اسپتال لے کر گیا تھا لیکن ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد واپس بھیج دیا تھا۔
غمزدہ والد نے پراسرار بیماری سے متعلق تو مزید کچھ نہیں بتایا لیکن ان کا کہنا تھا کہ پراسرار بیماری کا شکار ہو کر اس کے دو جڑواں بیٹے اور ایک 6 ماہ کا بیٹا انتقال کر گئے ہیں جبکہ چوتھا بیٹا 6 سالہ خرم کی حالت تشویشناک ہے۔
انہوں نے حکومت سے بچے کے علاج میں مدد کی اپیل بھی کی ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے سی ای او ہیلتھ کا کہنا ہے کہ بیماری کی تشخیص کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں کو مذکورہ علاقے میں روانہ کر دیا گیا ہے۔ اموات کی وجوہات کا پتہ مزید تشخیص کے بعد ہی چل سکے گا۔
https://urdu.arynews.tv/4-children-die-after-drowning-in-standing-water-due-to-rain/