Tag: پراسرار گیس

  • کیماڑی واقعہ: عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا

    کیماڑی واقعہ: عدالت نے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں سویابین کے ذرات کے باعث اموات کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ نے کیماڑی واقعے پر صوبائی و وفاقی حکومتوں سمیت سندھ انوائرنمنٹل ایجنسی، چیئرمین کے پی ٹی و دیگر کو نوٹسز جاری کر دیے، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں کہا گیا تھا کہ زہریلی گیس سے اموات واقع ہوئیں لیکن کوئی ذمہ داری نہیں لے رہا۔

    درخواست گزار نے کیماڑی واقعے پر عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں اور تعین کیا جائے کہ واقعے کا ذمہ دار کون ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    عدالت نے درخواست پر کہا کہ یہ اہم معاملہ ہے، صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا جواب آنے دیں۔ بعد ازاں عدالت نے تمام فریقین سے 11 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔ خیال رہے کہ کیماڑی واقعے پر آئینی درخواستیں مختلف شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی ہیں، جن میں صوبائی حکومت، کے پی ٹی، آئی جی و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، سیپا نے تحقیقات کے بعد ایک مقام پر ہائیڈروجن سلفائیڈ کا سراغ لگایا تاہم، ریسرچ آف کیمسٹری جامعہ کراچی نے ہلاک افراد کے خون کے نمونوں کی جانچ پڑتال کے بعد رپورٹ میں کہا کہ نمونوں میں سویابین ڈسٹ پایا گیا ہے، جو کہ انسانی صحت کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔

    بعد ازاں معلوم ہوا کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے اموات ہوئیں۔

  • سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا: قادر پٹیل

    سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا: قادر پٹیل

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم این اے قادر پٹیل نے کہا ہے کہ سویابین کے ذرات ہوا کے ذریعے علاقے میں پھیل رہے تھے، سویابین کے جہاز کو اس مرتبہ الگ طریقے سے خالی کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے اس کے ذرات پھیلے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ کے پی ٹی کا کہنا ہے ذرات سے مزدور کیوں متاثر نہیں ہوئے، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جہاز بہت اونچا تھا اس لیے سویابین ذرات دور آبادی تک پھیل گئے، اور مزدور متاثر نہیں ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی انسپکٹر کا 19 سال کا بیٹا اسپتال پہنچنے سے پہلے چل بسا، علاقے میں خوف کی فضا ہے، لوگ گھر چھوڑ کر جا رہے ہیں، ہم شروع سے کہہ رہے تھے واقعے کی انکوائری کرائیں، ہم نے یہ شک بھی ظاہر کیا تھا کہ واقعے کا تعلق کے پی ٹی سے ہو سکتا ہے، جہاز کو خالی کرانے سے روکا گیا تو آج صورت حال کچھ بہتر ہوئی ہے۔

    کراچی میں زہریلی گیس سے اموات کی اصل وجہ سامنے آگئی

    قادر پٹیل کا کہنا تھا کہ پہلے دن کے پی ٹی اسپتال میں متاثرہ افراد کو داخل نہیں ہونے دیا گیا، کراچی پورٹ اور ریلوے کالونی کی بیچ آبادی میں بھی اموات ہوئی ہیں، ایک کوتاہی ہوئی ہے اس کو تسلیم کرنے میں کیا حرج ہے، لوگ سمجھے کہ انھیں منصوبہ بندی کے تحت بے دخل کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے ضیا الدین اسپتال میں متاثرین کا فری علاج کرایا، جناح اسپتال میں 2 وارڈز متاثرین کے لیے مختص کرائے، سول اسپتال میں فوری ایمرجنسی نافذ کرائی، رینجرز کا شکر گزار ہوں علاقے میں لوگوں میں ماسک تقسیم کیے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس سے اموات سویابین لانے والے امریکی جہاز ہرکولیس سے گرد پھیلنے کی وجہ سے ہوئیں، سویابین لانے والا ہرکولیس جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہے۔

  • اہم اداروں نے کیماڑی میں پراسرار گیس کا سراغ لگا لیا، اموات کی تعداد 7 ہو گئی

    اہم اداروں نے کیماڑی میں پراسرار گیس کا سراغ لگا لیا، اموات کی تعداد 7 ہو گئی

    کراچی: اہم اداروں نے شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں پراسرار گیس کے اخراج کا سراغ لگا لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیماڑی سے پر اسرار زہریلی گیس کے اخراج کا پتا چل گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اہم اداروں نے یہ سراغ لگا لیا ہے کہ کراچی پورٹ پر لنگر انداز مال بردار جہاز ہی گیس کے اخراج کی وجہ ہے۔ زہریلی گیس اخراج کا مقدمہ بھی جیکسن پولیس نے درج کر لیا، مقدمے میں قتل بالسبب، زہر خورانی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا۔

    کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ ایک جہاز کے پی ٹی پر کچھ منتقل کر رہا ہے جس سے گیس کا اخراج ہو رہا ہے، اس کنٹینر سے آف لوڈنگ بند کروا دی گئی ہے، تحقیق کے دوران معلوم ہوا کہ کنٹینر کا دروازہ بند کرتے ہیں تو گیس اخراج کم ہو جاتا ہے، سپارکو نے نمونے بھی اکھٹے کر لیے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کنٹینر میں موجود اشیا چیک کروانے کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے گیس سے متعلق بریفنگ ملنے کے بعد کہا کہ ایئر کوالٹی چیک کروا کے پرسرار گیس کے وسائل چیک کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاک آرمی بھی ایئر کوالٹی چیک کرنے میں بھرپور مدد کر رہی ہے۔

    پراسرار گیس دیگر علاقوں تک پھیلنا شروع، وزیراعظم کو گہری تشویش

    وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریضوں کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے جائیں، سورس تلاش کریں پھر ضروری ہو تو ریلوے کالونی خالی کروا لیں، ہمیں عوام کی ہر طرح سے مدد کرنی ہے، جو اموات ہوئی ہیں ان کا مجھے شدید دکھ ہوا۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس کے متاثرہ دو مزید افراد گزشتہ رات دم توڑ گئے ہیں، جس کے بعد زہریلی گیس سے اموات کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقے میں رینجرز کی بھاری نفری موجود ہے، رینجرز اہل کار متاثرہ علاقے سے لوگوں کو اسپتال پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں، علاقے میں آنے جانے والے افراد میں ماسک بھی تقسیم کیے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی ٹی اسپتال میں 70 سے زائد مریض زیر علاج، اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے زیر علاج 10 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ کیماڑی کے نجی اسپتال میں آکسیجن کی کمی کے باعث مریضوں کو دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا، جناح اسپتال میں زہریلی گیس سے متاثرہ 27 افراد زیر علاج تھے جن میں سے 23 کو طبی امداد کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا، انچارج شعبہ حادثات کا کہنا ہے کہ 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    کیماڑی میں زہریلی گیس سے میڈیا کے نمایندے بھی متاثر ہوئے، گزشتہ رات علاقے میں موجود 2 نجی نیوز چینلز کے رپورٹرزکی طبیعت بگڑ گئی، دونوں صحافیوں کو کے پی ٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ گھنٹوں میں صورت حال واضح ہو جائے گی، معلوم ہو جائے گا کہ ہوا میں کون سی چیز شامل ہے، فی الوقت آبادی کا انخلا نہیں کیا جا رہا، صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، صورت حال دیکھتے ہوئے عوام کو ریلوے کالونی سے نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ ہوگا۔

    دریں اثنا، وزیر اعلیٰ نے کیماڑی کے نجی اسپتال اور جناح اسپتال میں متاثرین کی عیادت کی۔ جب کہ کیماڑی کی صورت حال کے پیش نظر سندھ کابینہ کا آج کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، اجلاس اب بدھ کو 3 بجے نیو سندھ سیکرٹریٹ میں ہوگا۔

  • پراسرار گیس دیگر علاقوں تک پھیلنا شروع، وزیراعظم کو گہری تشویش

    پراسرار گیس دیگر علاقوں تک پھیلنا شروع، وزیراعظم کو گہری تشویش

    کراچی: کیماڑی میں پھیلنے والی پرسرار گیس شہر قائد کے دیگر علاقوں کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا، وزیراعظم عمران خان نے زہریلی گیس سے ہونے والی قیمتی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پرسرار اور زہریلی گیس کیماڑی سے نکل کر کھارادر اور رنچھوڑ لائن تک پہنچ گئیں، گیس سے متاثر ہوکر مزید 86لوگ اسپتال میں داخل ہوگئے، پرسرار گیس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 220 تک پہنچ گئی۔

    اسپتالوں میں وقفے وقفے سے مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے کیماڑی واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کی۔

    کراچی، کیماڑی میں دوبارہ زہریلی گیس پھیلنے لگی، 10 افراد اسپتال منتقل

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کیماڑی کی صورت حال سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی، کمشنرکراچی اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔

    دوران اجلاس مراد علی شاہ نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہلاکتوں پر بہت افسوس ہوا ہے، ابھی تک تعین کیوں نہیں کیا جاسکا کہ اموات کیوں ہوئیں؟ وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ لوگ ریلوے سے کالونی سے منتقل ہورہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ نے شادی ہال خالی کرواکر لوگوں کو جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ اجلاس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ نے کیماڑی کا دورہ کیا۔ شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں ایک بار پھر زہریلی گیس پھیلنے لگی، زہریلی گیس سے متاثرہ 10 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔