Tag: پرانی گاڑی

  • 15 سال سے زائد پرانی گاڑی رکھنے والوں کے ساتھ یکم اپریل کو کیا ہوگا؟

    15 سال سے زائد پرانی گاڑی رکھنے والوں کے ساتھ یکم اپریل کو کیا ہوگا؟

    15 سال زائد پرانی گاڑی رکھنے والے ہو جائیں ہوشیار کہ وہ یکم اپریل سے بڑی پابندی کی زد میں آ کر بڑی مشکل میں گرفتار ہونے والے ہیں۔

    آج کے دور میں جس کے پاس گاڑی ہے، وہ خوش قسمت ہے۔ لیکن اگر کسی کے پاس گاڑی 15 سال پرانی ہے تو اس کے لیے اچھی خبر نہیں ہے کیونکہ یکم اپریل سے ان کی گاڑیوں کو پٹرول نہیں دیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ بھارتی حکومت نے کیا ہے جس کا مقصد فضائی آلودگی پر قابو پانا قرار دیا گیا ہے، تاہم اس کا اطلاق نئی دہلی پر ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق مرکز میں حکومت کرنے والی پارٹی بی جے پی کی زیر قیادت دہلی میں حکومت بننے کے بعد نئی حکومت نے 15 سال پرانی گاڑیوں کو یکم اپریل سے پٹرول فراہم نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    بھارتی وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا کا کہنا ہے کہ حکومت تمام پٹرول پمپس پر ایسے آلات نصب کرے گی جو 15 سال سے پرانی گاڑیوں کی شناخت کرسکیں گے۔

    واضح رہے کہ نئی دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) میں پہلے ہی پالیسی نافذ ہے کہ 10 سال سے پرانی ڈیزل گاڑیاں اور 15 سال سے پرانی پٹرول گاڑیاں سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں ہے۔

    اس حوالے سے2021 میں ایک ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے یکم جنوری 2022 کے بعد خلاف ورزی کے مرتکب افراد کی گاڑیاں ضبط کر کے کباڑ خانے بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

  • پرانی گاڑی دے کر نئی گاڑی حاصل کرنے کی اسکیم نے لوگوں کو حیران کر دیا

    پرانی گاڑی دے کر نئی گاڑی حاصل کرنے کی اسکیم نے لوگوں کو حیران کر دیا

    21 بھارتی ریاستوں میں پرانی گاڑی دے کر نئی گاڑی حاصل کرنے کی اسکیم نے لوگوں کو حیران کر دیا۔

    بھارت کی اکیس ریاستوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی اپنی پرانی گاڑی کباڑ میں دیتا ہے تو اسے ریاست کی طرف سے نئی گاڑی لینے پر بڑی چھوٹ دی جائے گی۔ یہ اعلان مرکزی حکومت کی جانب سے ریاستی حکومتوں کو پرانی اور غیر معیاری گاڑیوں کی اسکریپنگ لازمی بنانے کی ہدایت کے بعد سامنے آیا ہے۔

    بہار، مدھیہ پردیش، اتر پردیش، ہریانہ، کرناٹک، مہاراشٹر، گجرات، پنجاب اور کیرالہ سمیت اکیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں نے موٹر وہیکل یا روڈ ٹیکس میں چھوٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرانی گاڑیوں کو اسکریپ کرنے کے بدلے نئی کار خریدنے پر 25 فی صد تک اور کمرشل وہیکل پر 15 فی صد تک کی چھوٹ دینے کی بھی پیش کش کی گئی ہے۔

    اب تک تقریباً 70 ہزار پرانی گاڑیوں کو خود سے ہی تباہ کر دیا گیا ہے، دہلی واحد ریاست/مرکز کے زیر انتظام خطہ ہے جہاں 10 اور 15 سال سے زیادہ پرانی ڈیزل و پٹرول گاڑیاں خود بخود اَن رجسٹرڈ ہو جاتی ہیں اور انھیں اسکریپ کرنا پڑتا ہے۔

    نجی گاڑی کے معاملے میں 12 ریاستیں روڈ ٹیکس پر 25 فی صد کی چھوٹ دے رہی ہیں، ہریانہ 10 فی صد رعایت یا اسکریپ ویلیو کے 50 فی صد سے کم کا آفر کر رہا ہے، اتراکھنڈ 25 فی صد یا 50 ہزار روپے کی چھوٹ دے رہا ہے۔ کرناٹک روڈ ٹیکس چھوٹ کے تحت 20 لاکھ روپے سے زیادہ قیمت والی کار کے لیے 50 ہزار روپے کی چھوٹ ملے گی۔