Tag: پرانی گاڑیاں

  • 20 اور 25 سال پرانی گاڑیاں رکھنے والوں کے لیے بُری خبر

    20 اور 25 سال پرانی گاڑیاں رکھنے والوں کے لیے بُری خبر

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں 20 اور 25 سال پرانی گاڑیوں سے متعلق سخت فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف نوعیت کے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ نے نادرا کے ساتھ بایومیٹرک تصدیق کے معاہدے کی منظوری بھی دی۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی کابینہ نے ٹریفک قوانین میں اہم ترامیم کی منظوری دی ہے۔ اب بھاری گاڑیوں پر 0.5 فیصد رجسٹریشن فیس اور ایک ہزار سالانہ ٹیکس عائد ہوگا۔ کمرشل گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازم ہو گا اور غیر فٹ کمرشل گاڑیوں پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    سندھ کابینہ نے 20 سال پرانی گاڑیوں پر بین الصوبائی اور 25 سال پرانی گاڑیوں پر بین الاضلاعی پابندی عائد کرنے کی منظوری دینے کے ساتھ غیر معیار رکشا اور لوڈر گاڑیوں پر بھی مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جب کہ کالے شیشوں پر بار بار خلاف ورزی پر 3 لاکھ تک جرمانہ لگایا جائے گا۔

    ہیوی ٹرانسپورٹ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے 30 گھنٹے کی تربیت لازمی قرار دیتے ہوئے ایچ ٹی وی لائسنس کی عمر کی حد 24 سے کم کر کے 22 سال کر دی گئی۔

    سندھ کابینہ میں ٹریفک سے متعلق مقدمات جلد نمٹانے کے لیے خصوصی ٹریفک عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ کراچی میں 3 انسداد منشیات عدالت اور دیگر شہروں میں ایک ایک عدالت قائم کرنے کی منظوری بھی دی۔

    اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کے لیے انکلوژو سٹی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سلسلے میں کورنگی میں 88.38 ایکڑ زمین پر خصوصی شہر تعمیر ہوگا۔ اس انکلوژو سٹی میں خصوصی افراد کی بحالی، تعلیم اور سبزہ زار کی سہولتیں میسر ہوں گی۔

    سندھ کابینہ نے نادرا کے ساتھ بایو میٹرک تصدیق کے معاہدے کی منظوری دیدی۔ پر تصدیق پر 10 روپے پلس ٹیکس فیس بھی مقرر کی گئی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شرکا کو بتایا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر اور آیس آئی یو ٹی ماڈل پراجیکٹس بن چکے ہیں۔وفاق نےسندھ حکومت کو دیگر صوبوں میں منصوبوں کے لیے 9 ارب روپے دیے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان اور راولپنڈی میں ایس آئی یو ٹی اسپتال سندھ حکومت قائم کرےگی۔ رحیم یار خان میں اس منصوبے کے لیے 2 ارب جب کہ پنڈی کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب: سیکنڈ ہینڈ گاڑی کیسے خریدیں؟

    سعودی عرب: سیکنڈ ہینڈ گاڑی کیسے خریدیں؟

    ریاض: پاکستان و دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی پرانی کاروں کی خرید وفروخت کا بزنس کافی اچھا ہے، سعودی عرب کے تقریباً ہر شہر میں پرانی گاڑیوں کی فروخت کے مراکز ہیں جنھیں ’حراج سیارات‘ کہا جاتا ہے، جہاں پرانی اور ری کنڈیشنڈ گاڑیاں فروخت ہوتی ہیں۔

    سعودی عرب میں گاڑی خریدنے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا بنیادی شرط ہے، جس کے نام گاڑی خریدی جاتی ہے اگر ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے تو اس کے نام پرگاڑی رجسٹر نہیں ہوگی۔

    خریدی جانے والی گاڑی اپنے نام ٹرانسفر کرانا لازمی ہے، اس سے قبل بعض لوگ جو پرانی گاڑیوں کا کاروبار کیا کرتے تھے اکثر اوپن لیٹر پر گاڑی رکھا کرتے تھے مگر اب اس پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    گاڑی اپنے نام منتقل کرانے کے لیے کارآمد ڈرائیونگ لائسنس کے علاوہ گاڑی کی تھرڈ پارٹی انشورنس کرائی جاتی ہے، ٹریفک چالان ہونے کی صورت میں بھی گاڑی ٹرانسفر نہیں ہو سکتی، چالان ادا کرنے کے بعد ٹرانسفر کی کارروائی مکمل کی جاتی ہے، اس لیے اس امر کا خیال رکھیں کہ گاڑی اپنے نام کرانے سے قبل چالان ادا کر دیے جائیں۔

    گاڑی کے ملکیتی کارڈ کا، جسے عربی میں ’استمارہ‘ کہا جاتا ہے بھی کارآمد ہونا شرط ہے، گاڑیوں کی جانچ کے ادارے کی جانب سے جاری کردہ سالانہ سرٹیفکیٹ جسے ’فحص‘ کہا جاتا ہے، گاڑی فروخت کرنے سے قبل درکار ہوتا ہے، ’فحص‘ سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی صورت میں گاڑی ٹرانسفر نہیں ہو سکتی۔

    یہ اہم اصول یاد رکھیں

    ’حراج سیارت‘ میں گاڑی بولی لگا کر ’جہاں اور جیسی‘ کی بنیاد پر فروخت کی جاتی ہے، لہٰذا گاڑی خریدنے کے بعد اس کی خرابی کے بارے میں شکایت نہیں کی جا سکتی، اس لیے پرانی گاڑی خریدنے سے قبل بہتر ہے کہ کسی ماہر کی خدمات حاصل کی جائیں جو انجن یا گاڑی کے چیسس کا اچھی طرح معائنہ کر سکے۔

    پرانی گاڑی خریدنے سے قبل اس کی کمپیوٹر چیکنگ کی شرط لگائی جا سکتی ہے، تاہم یہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب گاڑی ’بولی‘ سے نکل جائے، اگر بولی کے دوران گاڑی کا مالک اس شرط کو تسلیم کر لیتا ہے تو کوئی حرج نہیں۔

    پرانی گاڑیوں کا مسئلہ

    بولی میں فروخت ہونے والی بیش تر گاڑیوں میں بڑے نقص ہوتے ہیں، اس لیے انھیں جیسی اور جہاں کی بنیاد پر فروخت کیا جاتا ہے، بعض اوقات اچھی گاڑیاں بھی مل جاتی ہے، تاہم اس کی چیکنگ لازمی کرائی جائے تاکہ بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

    سعودی عرب: برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ

    اکثر اوقات پرانی گاڑیاں جنھیں دوبارہ پینٹ کر کے فروخت کیا جاتا ہے بڑے حادثے کا شکار ہوئی ہوتی ہیں، اس لیے اس حوالے سے خصوصی جانچ درکار ہوتی ہے، کیوں کہ پرانی گاڑی جو کسی بڑے حادثے کا شکار ہوئی ہو جس کے نتیجے میں اس کا چیسس تباہ ہو چکا ہو وہ کبھی بھی درست کارکردگی نہیں دے سکتی اور ان کی مارکیٹ ویلیو بھی کم ہو جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں جب سے پیٹرول مہنگا ہوا ہے لوگ بڑی گاڑیوں کی جگہ چھوٹی گاڑیوں کو ترجیح دینے لگے ہیں، کیوں کہ زیادہ سیلنڈر والی گاڑیوں میں ایندھن بہت خرچ ہوتا ہے۔

    غیر ملکی کتنی گاڑیاں رکھ سکتا ہے؟

    سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک کے قانون کے مطابق ایک غیر ملکی بیک وقت 2 گاڑیاں اپنے نام سے خرید سکتا ہے۔ ویگن یا 7 سیٹوں والی گاڑی خریدنے کے لیے غیر ملکی کے اہل خانہ کی کم از کم تعداد 5 ہونا چاہیے، اگر کسی کے اہل خانہ کی تعداد اس سے کم ہے تو اسے 7 سیٹوں والی گاڑی اپنے نام سے رکھنے کی اجازت نہیں ہوتی۔

    دوسرے کی گاڑی چلانا

    قانون کے مطابق گاڑی جس کے نام ہے وہی اسے چلا سکتا ہے، اگر کسی دوسرے کو گاڑی دی جاتی ہے تو اس کے لیے باقاعدہ ٹریفک پولیس کے ادارے سے این او سی حاصل کیا جاتا ہے، جسے عربی میں ’تفویض‘ کہتے ہیں۔ این او سی میں دوسرے کو گاڑی چلانے کے لیے دی گئی اجازت محدود مدت کے لیے ہوتی ہے۔

  • جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگ گیا

    جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگ گیا

    کراچی: کسٹمز کے ادارے نے جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز کلیکٹریٹ اپریزیمنٹ ویسٹ کراچی نے استعمال شدہ گاڑیوں کی جعلی کاغذات کے ذریعے کلیئرنس کا انکشاف کیا ہے۔

    ادارے نے جعلی کاغذات پر پرانی گاڑیاں درآمد کرنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا، کوئٹہ کسٹمز نے بھی اسمگلنگ کے خلاف ایک کارروائی میں کروڑوں روپے کا سامان بر آمد کر لیا ہے۔

    کسٹم حکام کے مطابق جعلی کاغذات بنانے میں ملوث ایک بینک ملازم سمیت 9 ملزمان کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔

    کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ جعلی پی آر سی اور انکیشمنٹ سرٹیفکٹ میں بینک کا عملہ بھی ملوث ہے، ملزمان کے خلاف اسپیشل کسٹم کورٹ میں 3 ایف ائی آرز درج کر کے ان کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔

    دوران تفتیش نجی بینک کے ملازم نے جعلی پی آر سی بنانے کا اعتراف کر لیا، اب تک 29 جعلی پی آر سی کی شناخت کی جا چکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید کاغذات کی ویریفکیشن کے لیے انھیں متعلقہ بینکوں کے ہیڈ آفس بھجوا دیا گیا ہے۔

    ایک اور کارروائی میں بلوچستان کسٹمز کوئٹہ کلیکٹریٹ نے زیارت کسٹمز چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران ایک ٹرک سے 2 کروڑ روپے کا غیر ملکی سامان برآمد کر لیا۔

    کلیکٹر کسٹمز پریونٹیو ڈاکٹر فرید سالار کے مطابق اسمگل شدہ سامان اور ٹرک تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر رواں ہفتے کے دوران 8 کروڑ کا غیر ملکی سامان قبضے میں لیا جا چکا ہے۔

  • خیبر سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی

    خیبر سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی

    کراچی: خیبر پختون خوا سے شروع ہونے والی ونٹیج کار ریلی کراچی پہنچ گئی، ریلی کا آغاز 22 نومبر کو طور خم سے ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے سے شروع ہونے والی پرانی گاڑیوں کی دسویں سالانہ ریلی کراچی پہنچ گئی ہے، یہ ریلی اسلام آباد، لاہور، بہاولپور سمیت دیگر شہروں سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچی ہے، جہاں ریلی کے شرکا کا شان دار استقبال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ بھی موجود تھے۔

    ریلی میں حصہ لینے والی 1924 کی آسٹن گاڑی سب سے قدیم گاڑی رہی، ملک بھر سے ریلی میں ونٹیج گاڑیوں نے شرکت کی، جن میں ہمر، فراری، فورڈ تھنڈر برڈ، آسٹن منی، رولز رائس سلور، فورڈ مستانگ، ہمبر ہاک، مرسیڈیز، شیورلیٹ، ولیز جیپ، واکس ویگنز، پوگاٹ اور دیگر کلاسک کاریں شامل ہیں۔

    کراچی پہنچنے پر ریلی شرکا کا استقبال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ عالمی بنیاد پر یہ ریلی منعقد کی جائے گی، اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا، عمران خان دنیا کو پاکستان دکھانا چاہتے ہیں، پاکستان کا چہرہ مثبت بنے گا تو ریونیو آئے گا۔

    اس موقع پر انھوں نے کرنٹ ایشوز پر بھی بات کی، گورنر سندھ نے کہا کہ ایک سبزی کی قیمت بڑھ جانے پر آپ حکومت کو مورد الزام نہیں ٹہرا سکتے، ایران سے ٹماٹر آ رہے ہیں، قیمت کم ہونا شروع ہو گئی ہے، سندھ میں آنے والے وقت میں گندم کی قلت ہو سکتی ہے، صوبائی حکومت کو دیکھنا چاہیے۔