Tag: پرانے ٹائر

  • کیا آپ جانتے ہیں، آپ کی گاڑی میں چار بم موجود ہیں؟

    کیا آپ جانتے ہیں، آپ کی گاڑی میں چار بم موجود ہیں؟

    گاڑی چلانے والے یا اس میں سفر کرنے والوں میں سے شاید چند ہی لوگ یہ بات جانتے ہوں گے کہ گاڑی کا ناقص ٹائر آپ کی قیمتی زندگی بھی لے سکتا ہے؟

    گاڑی کے چار پہیے بظاہر تو چمڑے کے ٹائر ہی نظر آتے ہیں لیکن ذرا سی بے احتیاطی اور لاعلمی ہمیں زندگی جیسی نعمت سے بھی محروم کرسکتی ہے۔

    ہم صبح شام جن چھوٹی بڑی گاڑیوں پر سفر کرتے ہیں ان میں سے اکثر کے ٹائر اصل میں ٹائر نہیں بلکہ دھماکہ خیز مواد ہوتے ہیں جو کسی بھی وقت زور دار دھماکے سے پھٹ سکتے ہیں۔

    پاکستان میں ری فرنشڈ اور ری کنڈیشنڈ ٹائروں کے نام پر موت کا ایسا بھیانک کھیل کھیلا جارہا ہے جس کی حقیقت جان پر دیکھنے والے بھی خوفزدہ ہوجائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے پرانے ٹائروں کو نیا بنا کر بیچنے والی مافیا کو بے نقاب کردیا، جو ملک بھر میں ہونے والے زیادہ تر ٹریفک حادثات اور اس سے ہونے والی تباہی اور بربادی کی ذمہ دار ہے۔

    پرانے ٹائروں کو نیا بنانے کے کاریگر اس مہارت سے پرانے ٹائر کی گُڈی نکالتے ہیں کہ کوئی اصلی نئے اور پرانے ٹائر میں فرق محسوس نہیں کرسکتا، حتیٰ کہ ان کی مینو فیکچرنگ کی تاریخ بھی تبدیل کردی جاتی ہے۔

    یہ کاروبار کرنے والے خریداروں کو یہ کہہ کر پرانے ٹائر فروخت کرتے ہیں کہ یہ ٹائر جاپان اور امریکا وغیرہ سے آتے ہیں جہاں لوگ میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی ٹائروں کو تبدیل کردیتے ہیں جنہیں پاکستان بھجوا دیا جاتا ہے۔

    حقیقت حال یہ ہے کہ افغانستان کے راستے اسمگل ہونے والے یہ ٹائر مکمل طور پر ناکارہ اور ناقابل استعمال ہوتے ہیں جنہیں کباڑ کے طور پر پاکستان بھیجا جاتا ہے، اور پاکستانیوں کی اکثریت نسبتاً کم قیمت ہونے کی بنیاد پر اس موت کو خرید لیتی ہے۔

  • کویت: صحرا سے اٹھتے گاڑھے سیاہ دھوئیں کی ویڈیو نے لوگوں کو پریشان کردیا

    کویت: صحرا سے اٹھتے گاڑھے سیاہ دھوئیں کی ویڈیو نے لوگوں کو پریشان کردیا

    کویت سٹی: کویت میں پرانے ٹائروں کے گودام سے اٹھتے سیاہ دھوئیں نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی، لوگوں کا کہنا تھا کہ کلائمٹ چینج اور بڑھتی آلودگی کی وجہ سے ماحول دوست اقدامات کی ضرورت ہے، لیکن یہاں ماحول کو مزید نقصان پہنچایا جارہا پے۔

    کویت میں پرانے ٹائروں کے قبرستان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں گاڑھا سیاہ دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے، ویڈیو میں تاحد نگاہ ٹائر ہی ٹائر موجود ہیں جبکہ ایک مقام سے سیاہ دھواں اٹھ رہا ہے۔

    دھوئیں سے ظاہر ہورہا ہے جیسے ٹائروں کو جلا کر تلف کیا جارہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس ویڈیو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ زمین کو کلائمٹ چینج اور بڑھتی آلودگی کے چیلنجز کا سامنا ہے اور ایسے میں ٹائروں کو جلانا ان چیلنجز کو مزید بڑھا رہا ہے۔

    کویت میں یہ ٹائروں کا نیا گودام ہے جو پرانے مقام سے یہاں منتقل کیا گیا ہے۔

    پرانا گودام اتنا بڑا تھا کہ خلا سے بھی صحرا میں ایک سیاہ دھبے کی صورت میں نظر آتا تھا لیکن گزشتہ برس اسے سعودی سرحد کے قریب ایک نئے مقام پر منتقل کر دیا گیا جہاں ان کو ری سائیکل کیا جانے کا ارادہ تھا۔

    لیکن حال ہی میں سامنے آںے والی ویڈیو سے ظاہر ہورہا ہے کہ حکام کے پاس پرانے ٹائروں کو ری سائیکل کرنے یا محفوظ طریقے سے تلف کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

    ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ کم از کم انہیں جلاتے ہوئے فلٹر ہی استعمال کرلیا جائے تاکہ اس سے ہونے والی آلودگی میں کمی ہوسکے۔