Tag: پرتگال

  • پرتگال میں جائیدادیں خریدنے والے افسران کی فہرست طلب

    پرتگال میں جائیدادیں خریدنے والے افسران کی فہرست طلب

    اسلام آباد : پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پرتگال میں بیوروکریٹس کی جائیدادوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کی فہرست طلب کر لی۔

    اسلام آباد: چیئرمین جنید اکبر کی زیر صدارت پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی نے پرتگال میں بیوروکریٹس کی جانب سے جائیدادیں خریدنے کا نوٹس لے لیا۔

    کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت داخلہ سے متعلقہ افسران کی فہرست طلب کر لی۔

    اجلاس میں یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا اور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو طلب کیا جائے گا۔

    ممبر پی اے سی سید نوید قمر نے اجلاس میں کہا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ یوٹیلٹی اسٹورز بند نہیں ہوں گے، مگر اب انہیں بند کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کو نوکریوں سے نہ نکالنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا اور انہیں برخاست کیا جا رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : آدھی سے زیادہ بیور وکریسی پرتگال میں جائیدادیں لے چکی، خواجہ آصف

    نوید قمر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پارلیمنٹ کو درست اور شفاف اطلاعات فراہم نہیں کی جاتیں، جو تشویشناک ہے۔

    یاد رہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا تھا کہ وطن عزیز کی آدھی سے زیادہ بیورو کریسی (افسر شاہی) پرتگال میں جائیدادیں لے چکی ہے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس سابقہ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہی، ان کا کہنا تھا کہ نامی گرامی بیورو کریٹس اب وہاں شہریت لینے کی تیاری کر رہے ہیں، یہ مگرمچھ اربوں روپے کھا کر آرام سے ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔

  • مزید دو اہم ممالک نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اشارہ دیدیا

    مزید دو اہم ممالک نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اشارہ دیدیا

    کینیڈا، برطانیہ اور فرانس کے بعد مزید 3 یورپی ممالک پرتگال، جرمنی اور مالٹا نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اشارہ دے دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پرتگال کے وزیر خارجہ پاولو رینگل کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ماہ کے آغاز میں فلسطین کو تسلیم کرنے کی تیاری میں ہیں، مغربی ایشیاء کی صورتِ حال کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پاولو رینگل کا کہنا تھا کہ پرتگال ایک خود مختار ملک ہے اور اس کی پالیسی دوسرے ملکوں سے الگ ہے۔

    جرمن وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر دو ریاستی عمل کے لیے مذاکرات شروع نہ ہوئے تو جرمنی فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے غور پر مجبور ہوگا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کینیڈا بھی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطینی ریاست کو مشروط طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر چکا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز فرانس اور دیگر 14 ممالک کی جانب سے دنیا بھر سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی اپیل گئی تھی۔

    کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ایک نمایاں پالیسی تبدیلی ہے، جسے کینیڈا کے وزیر اعظم نے دو ریاستی حل کے لیے ضروری قرار دیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم نے وضاحت کی کہ کینیڈا کو امید تھی کہ دو ریاستی حل باہمی مذاکرات کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے، لیکن اب یہ طریقہ کار قابلِ عمل نہیں رہا۔

    کینیڈا کے فلسطین کو تسلیم کرنے سے متعلق اعلان پر امریکا اور اسرائیل کا ردعمل

    مارک کارنی کا کہنا تھا کہ فلسطینی صدر محمود عباس سے فون پر بات ہوئی، کینیڈا کا ارادہ ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرے۔

  • پرتگال  کے ساحل  پر انتہائی نایاب "رول کلاؤڈز” نے سیاحوں کو چونکا دیا، ویڈیو وائرل

    پرتگال کے ساحل پر انتہائی نایاب "رول کلاؤڈز” نے سیاحوں کو چونکا دیا، ویڈیو وائرل

    پرتگال: پرتگال کے ساحل پر انتہائی نایاب "رول کلاؤڈز” نے سیاحوں کو چونکا کر رکھ دیا اور منظر کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات شدت اختیار کرگئے ہیں، کہیں طوفانی بارشیں تباہی مچا رہی ہیں، تو کہیں غیر معمولی گرمی نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

    تاہم انہی غیر متوازن موسمی حالات میں بعض اوقات قدرت کچھ ایسے دلکش مناظر بھی دکھا دیتی ہے، جو دیکھنے والوں کو حیران کر دیتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک حیرت انگیز اور دل فریب منظر پرتگال کے ساحلی علاقے میں دیکھا گیا، جہاں سمندر کے اوپر بادلوں کی ایک لہر بنی۔

    قدرتی طور پر بننے والا یہ منظر اس قدر منفرد تھا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔

    یورپ میں شدید گرمی نے شہریوں کا برا حال کردیا، فرانس میں گرمی کی وجہ سے ایفل ٹاور کا بلند ترین حصہ عوام کے لیے بند کردیا گیا۔

    اسپین میں بھی شدید گرمی پڑی پارہ چھیالیس ڈگری تک جاپہنچا، اٹلی میں پارہ چالیس ڈگری کی گرمی پڑی۔ برطانیہ میں بھی شہریوں کا گرمی سے برا حال کردیا جبکہ پرتگال اور کروشیا میں بھی شدید گرمی پڑی۔

  • پرتگال نے اسپین کو ہرا کر یوئیفا نیشنز کپ کا ٹائٹل جیت لیا

    پرتگال نے اسپین کو ہرا کر یوئیفا نیشنز کپ کا ٹائٹل جیت لیا

    پرتگال نے اسپین کو ہرا کر یوئیفا نیشنز کپ کا ٹائٹل سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسری بار جیت لیا۔

    پرتگال کی ٹیم نے پینالٹی ککس پر دفاعی چیمپئن اسپین کو پانچ کے مقابلے میں تین گول سے یوئیفا نیشنز کپ کا فائنل ہرا دیا، پرتگال اور اسپین نے مقررہ وقت میں دو دو گول کیے تھے۔

    اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینالٹی ککس پر کرایا گیا۔

    فرانس نے تیسری پوزیشن کے میچ میں میزبان جرمنی کو دو صفر سے شکست دے دی، Kylian Mbappe کی انٹرنیشنل گولز کی ففٹی مکمل ہوگئی۔

    دوسری جانب پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بڑے بیٹے کرسٹیانو ڈوس سانتوس کو پرتگال کی انڈر 15 فٹ بال ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

    رونالڈو کے 14 سالہ بیٹے کرسٹیانو ڈوس سانتوس اپنے والد کی طرح سعودی عرب میں النصر کیلیے کھیلتے ہیں۔

    ماضی میں کرسٹیانو ڈوس سانتوس اپنے والد کے سابق کلبز مانچسٹر یونائیٹڈ اور یووینٹس کیلیے بھی کھیل چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز نے سوشل میڈیا پر موصول ہونے والے دھمکی آمیز پیغامات کے بعد سعودی عرب میں اپنے حفاظتی انتظامات میں تبدیلیاں کرلی تھیں۔

    رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے اپنے سابق چیف باڈی گارڈ اور دیگر سیکیورٹی اسٹاف کو تبدیل کر دیا ہے۔

    پرتگال کا رونالڈو کے اعزاز میں سکہ جاری کرنے کا اعلان

    دونوں نے اپنے بچوں کو سوشل میڈیا سے بھی دور کر دیا ہے اور فیملی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کررہے۔

  • اسپین اور پرتگال کا بڑا حصہ اچانک بجلی سے محروم، ملک بھر میں ٹریفک جام

    اسپین اور پرتگال کا بڑا حصہ اچانک بجلی سے محروم، ملک بھر میں ٹریفک جام

    میڈرڈ: اسپین اور پرتگال کو پیر کے روز بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش کی سامنا کرنا پڑا، جس سے دونوں ممالک میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

    دونوں ممالک کے طول و عرض میں بجلی کی بڑے پیمانے پر بندش کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹ مفلوج ہو گئی اور پبلک مقامات پر بڑے ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پروازوں میں تاخیر ہوئی، ہسپانوی الیکٹرکستی ٹرانسمیشن آپریٹر ریڈ الیکٹریکا کے مطابق بندش کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

    یوٹیلیٹی آپریٹرز نے گرڈ کو بحال کرنے کی کوشش کی لیکن اس میں انھیں کامیابی نہیں ملی، ٹرانسمیشن آپریٹر ریڈ الیکٹریکا نے 6 سے 10 گھنٹے تک بجلی کی بندش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش کے پیچھے کوئی سائبر حملہ ہوسکتا ہے۔

    بجلی کی بندش سے پرتگال اور اسپین کے کئی علاقوں میں افراتفری کی صورتحال نظر آئی، اس دوران ٹریفک لائٹس نے کام کرنا چھوڑ دیا، جس سے گرڈ لاک ہوگیا، اسپتال میں بھی مریضوں کو کافی مشکلات پیش آئیں جبکہ لوگ میٹرو اور لفٹوں میں پھنس گئے۔

    بجلی کی اس بندش نے فرانس کے کچھ حصوں کو بھی متاثر کیا ہے، ذرائع نے بتایا کہ ہسپانوی اور پرتگالی حکومتی حکام نے بجلی کی اس اچانک بندش پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ملاقات کی۔

    اپنے بیان میں اسپین کی حکومت نے کہا کہ "حکومت اس واقعے کا کھوج لگانے اور اسکے اثرات کا تعین کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، اس مسئلے کو فوری حل کرنےلیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

    ریڈ الیکٹرکا نے کہا کہ وہ بجلی کی بحالی کے لیے علاقائی توانائی کمپنیوں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ پرتگالی یوٹیلیٹی آر ای این نے کہا کہ اس نے بجلی کی سپلائی کی مرحلہ وار بحالی کے منصوبے کو فعال کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ یورپ میں اتنے بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش کے واقعات بہت کم دیکھنے میں آتےے ہیں، 2003 میں اٹلی اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ایک ہائیڈرو الیکٹرک پاور لائن میں ایک مسئلہ کی وجہ سے بیشتر اطالوی علاقوں میں تقریباً 12 گھنٹے تک بجلی بند رہی تھی۔

  • واسکو ڈے گاما:‌ پرتگالیوں کا ہیرو جسے ہندوستان میں بحری قزاق کہا گیا

    واسکو ڈے گاما:‌ پرتگالیوں کا ہیرو جسے ہندوستان میں بحری قزاق کہا گیا

    واسکو ڈے گاما یورپ اور بالخصوص پرتگالیوں کے لیے ایک سیاح، مہم جُو اور ایسا شخص ہوسکتا ہے جس نے ان کے ملک کو زبردست مالی فائدہ پہنچایا، مگر دوسری طرف اس نے تجارت و سفارت کاری کی آڑ لے کر ہندوستان میں وسائل پر قابض ہونے کے لیے ہر قسم کی لوٹ مار اور قتل و غارت بھی کی۔

    تاریخ کے اوراق بتاتے ہیں‌ کہ واسکو ڈے گاما ہی وہ مہم جُو تھا جس کی وجہ سے برصغیر میں ہندوستان پر یورپ اور بعد میں برطانیہ کو راج کرنے کا موقع ملا۔ کہتے ہیں‌ کہ واسکو ڈے گاما دوسری مرتبہ پرتگال کے بادشاہ کے حکم پر انڈیا روانہ ہوا تو کوچن پہنچنے کے بعد اس کی طبیعت بگڑ گئی۔ واسکو ڈے گاما 1524 میں آج ہی کے روز بیماری کے سبب وفات پا گیا۔

    واسکو ڈے گاما کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک ملاح تھا جو نہایت ذہین اور مہم جوئی کا شوقین تھا۔ اس میں ذہانت کے ساتھ قائدانہ صلاحیت بھی موجود تھی اور اسی باعث وہ اپنے ساتھیوں میں نمایاں‌ تھا۔ اس کا سنہ پیدائش 1469ء اور وطن پرتگال تھا۔ 15 ویں صدی میں یورپ میں مسالہ جات سونے کے بھاؤ بکتے تھے اور یہ مال ہندوستان کا ہوا کرتا تھا۔ بعد میں یورپ کے بادشاہوں نے ہندوستان تک راستہ پایا اور یہاں ان کے مختلف حیلے بہانوں سے اجارہ داری قائم کرنے کے ساتھ ظلم و ستم کی داستانیں‌ بھی عام ہوئیں۔

    یہ ایک حقیقت ہے کہ اکثر مسالہ جات اور جڑی بوٹیاں یورپ میں نایاب اور بیش قیمت سمجھی جاتی تھیں۔ ان کے ذریعے دولت کمانے والے زیادہ تر عرب تاجر تھے۔ لیکن پھر پرتگال کے بادشاہ مانویل نے جہاز راں واسکو ڈے گاما کو ہندوستان کی مہم پر روانہ کیا گیا اور وہ کئی ماہ کے سفر کے بعد ہندوستان کی ریاست مالا بار (موجودہ نام کیرالہ) کے شہر کالی کٹ کے ساحل پر اترا۔ وہاں کے ہندو راجہ نے مہمان کی خوب آؤ بھگت کی، لیکن کالی کٹ کے راجہ سامو تھری نے اس قافلے کے سربراہ کو جو خود کو ایک بیوپاری ظاہر کررہا تھا، کو اس بات کی اجازت نہ دی کہ وہ یہاں بغرضِ تجارت اپنے سامان کو کہیں رکھ کر اس پر اپنا کوئی نگراں‌ مقرر کرسکتا ہے۔ راجہ نے کہا کہ دوسرے تاجروں کی طرح وہ ٹیکس ادا کرے جو عام طور پر سونے کی شکل میں دیا جاتا تھا اور اپنا سامان بیچ کر چلتا بنے۔ ناکام ہونے پر واسکو ڈے گاما اور اس کے ساتھیوں‌ نے ایک موقع پاکر چند ہندوستانی سپاہیوں اور ماہی گیروں کو پکڑ لیا اور انھیں اپنے ساتھ لے جانے میں‌ کام یاب ہوگئے۔

    واسکو ڈے گاما نے ہندوستان کے اپنے دوسرے سفر میں مسلمان زائرین کے ایک جہاز کو لوٹ لیا جو ‘کالی کٹ‘ سے ’مکہ‘ جا رہا تھا۔ بلکہ انتہائی سفاکی کا مظاہرہ کیا، وہ مدت بعد افرادی قوت اور بارود سے لیس ہو کر ہندوستان لوٹا تھا تاکہ خطّے میں پرتگالی اپنا اثر و رسوخ بڑھا سکیں۔ کہتے ہیں کہ واسکو ڈے گاما لزبن سے کئی مسلح جہازوں کے ساتھ دوسری مرتبہ ہندوستان کی طرف نکلا تھا۔ اور اس مرتبہ ظلم کی نئی تاریخ رقم کی اور راستے میں کئی بحری جہازوں کو لوٹتے ہوئے بالآخر کالی کٹ کے راجہ کو بے بس کرنے میں کام یاب ہوگیا۔ یہ سب دراصل 1453ء میں عثمانی ترکوں کے قسطنطنیہ پر قبضہ کرنے کے بعد بیوپار کے راستے بند ہوجانے کی وجہ سے اجناس اور دیگر اشیاء کے حصول کی کوششوں کی ایک کڑی تھی۔ ان کوششوں میں ہندوستان کا راستہ واسکوڈے گاما نے ڈھونڈا۔ کالی کٹ پر قبضہ کرکے وہ جنوب میں کوچن کی جانب روانہ ہوا جہاں کے حکم راں کے ساتھ بات چیت میں واسکو ڈے گاما اتنا کام یاب ہوا کہ بعد میں پرتگال مسالہ جات کی تجارت پر اپنا تسلط قائم کرسکا۔

    دوسری طرف یہ امر دل چسپی سے خالی نہیں کہ واسکو ڈے گاما یا یورپ کے باشندوں کی ہندوستان آمد نے یہاں کے لوگوں کو بھی فائدہ پہنچایا اور پرتگالی مہم جو کے اس سفر کی بدولت برصغیر کے باشندوں نے پہلی بار مکئی، آلو، ٹماٹر، اور تمباکو جیسی فصلوں کے بارے میں جانا اور آج ان اشیاء کے بغیر زندگی کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔

    (کتاب تاریخِ عالم سے انتخاب)

  • یورپ کا شینگن ویزا اپلائی کرنے والوں کےلیے بڑی خبر

    یورپ کا شینگن ویزا اپلائی کرنے والوں کےلیے بڑی خبر

    یورپی ملک پرتگال جانے کے خواہشمند افراد جو شینگن ویزا اپلائی کرنا چاہتے ہیں، انھیں اس کے لیے 90 یوروز کی فیس ادا کرنا ہوگی۔

    ایسے پاکستانی خواتین و حضرات جنھوں نے پرتگال کا ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواست جمع کرائے ہے، انھیں سفارتخانے کی جانب سے شینگن ویزا دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرنے کے لیے 15 دنوں کا وقت لیا جائے گا۔

    پرتگال ایمبسی نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ انفرادی کیس کی صورت میں اگر سفارتخانے کو مزید تفصیلات درکار ہوں تو کسی صارف کو شینگن ویزا جاری کرنے کی مدت 45 دنوں تک بھی جاسکتی ہے۔

    پرتگال کے شینگن ویزا کی درخواست کے لیے ایک فرد کو 90 یورو کی فیس بھی جمع کرانا ہوگی جو درخواست کی پروسیسنگ کی مد میں وصول کیا جائے گا۔

    یورپ جانے کے خواہشمند افرد کے لیے یہ بات بھی جاننا ضروری ہے کہ اس وقت پاکستانی روپے کے مقابلے میں ایک یورو کی قیمت 298.2 روپے ہے جبکہ پاکستانی روپوں میں 90 یورو کی فیس تقریباً 26 ہزار 838 روپے بنتے ہیں۔

    پرتگال کے ویزے کے لیے آخری 6 ماہ کا بینک اسٹیٹمنٹ درکار ہوگا جس میں مناسب فنڈ موجود ہونا ضروری ہے، پرتگال میں ایک دن کا خرچہ تقریباً 75 یورو ہے اس حساب سے 30 دنوں کے لیے صارف کے اکاؤنٹ میں کم از کم 2250 یوروز کے برابر رقم ہونا بھی لازمی ہے۔

  • پرتگال کا رونالڈو کے اعزاز میں سکہ جاری کرنے کا اعلان

    پرتگال کا رونالڈو کے اعزاز میں سکہ جاری کرنے کا اعلان

    پرتگال نے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے اعزاز میں اس کی تصویر والا سکہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے اعزاز میں ان کے آبائی وطن پرتگال نے 7 یورو کا اعزازی سکہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جس پر فٹبالر کی تصویر چسپاں ہو گی۔

    پرتگال کے لیے انٹرنیشنل مقابلوں میں 130 گول اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ یورو 2016 جیتنے والے رونالڈو کے اعزاز میں ان کے ملک نے خصوصی سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    39 سالہ رونالڈو پانچ مرتبہ بیلن ڈی جیت چکے ہیں، انہوں نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے یوئیفا نیشنز لیگ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں 900واں گول اسکور کیا تھا۔

    چار مرتبہ یورپیئن گولڈن شو جیتنے والے سپر اسٹار کے اعزاز میں 7 یورو کا خصوصی سکہ جاری کیا جائے گا اور اس پر ایک طرف ان کا خاکہ اور دوسری جانب ’سی آر7‘ کندا ہو گا۔

  • خواجہ سرا نے پرتگال کا مقابلہ حسن جیت لیا

    خواجہ سرا نے پرتگال کا مقابلہ حسن جیت لیا

    ایک خواجہ سرا نے پہلی بار مس پرتگال حسن کا مقابلہ جیت لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مس پرتگال مقابلہ حسن 28 سالہ خواجہ سرا مرینا مچیٹ نے جیتا جو پیشے کے اعتبار سے (فضائی میزبان) ائیر ہوسٹس ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اب مس پرتگال وسطی امریکا کے ملک ایل سلوا ڈور میں مس یونیورس کے ٹائٹل کے لیے ایک اور خواجہ سرا سے مقابلہ کریں گی۔

     مس پرتگال  مرینا مچیٹ نے تاج پہننے سے قبل فائنل کی فہرست میں آنے پر اپنی خوشی کو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا تھا۔

    ٹائٹل جیتنے سے قبل انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’مس یونیورس پرتگال کے ٹائٹل کے لیے مقابلہ کرنے والی پہلی ٹرانس ویمن ہونے پر فخر ہے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس مقابلے میں برسوں سے میرے لیے شرکت کرنا ممکن نہیں تھا اور آج مجھے فائنلسٹ کے اس ناقابل یقین گروپ کا حصہ ہونے پر فخر ہے‘‘۔

    واضح رہے رواں سال جولائی کے ماہ میں بھی 22 سالہ خواجہ سرا نے مس نیدرلینڈز کا ٹائٹل جیتا تھا۔

  • 16 سال قبل پراسرار حالات میں لاپتہ بچی واپس آگئی؟

    16 سال قبل پراسرار حالات میں لاپتہ بچی واپس آگئی؟

    پولینڈ میں رہنے والی ایک خاتون جولیا وینڈل نے دعویٰ کیا ہے کہ 16 سال قبل ایک بچی کی گمشدگی کے جس کیس نے عالمی شہرت حاصل کی تھی، وہ وہی بچی ہیں۔

    پولش خاتون کا یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہا ہے، خاتون نے ایک پوسٹر اٹھا رکھا ہے جس میں ایک بچی کی تصویر اور اسے ڈھونڈنے کی اپیل کی گئی ہے، خاتون کے مطابق یہ بچی وہ ہیں۔

    واقعے کا پس منظر

    16 سال قبل مئی 2007 میں ایک برطانوی خاندان اپنی تعطیلات گزارنے پرتگال آیا تھا، جہاں ایک رات جب والدین ڈنر کے لیے قریبی ریستوران میں تھے، ان کی 3 سال بچی میڈیلین مک کین لاپتہ ہوگئی۔

    بچی اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ اس ریزورٹ میں موجود تھی جہاں اس خاندان کا قیام تھا۔

    پولیس کو کمرے کا دروازہ ٹوٹا ہوا ملا جس پر بچی کے اغوا کا شبہ ظاہر کیا گیا۔

    خاندان نے جلد ہی مقامی اور برطانوی میڈیا کو بھی اس کیس میں شامل کرلیا جس کے بعد اس کیس کو عالمی شہرت حاصل ہوگئی اور دنیا بھر سے لوگ 3 سالہ بچی کی سلامتی اور بحفاظت گھر واپسی کی دعائیں کرنے لگے۔

    حتیٰ کہ چند معروف شخصیات نے جن میں برطانوی و پرتگالی فٹ بالرز ڈیوڈ بیکہم اور کرسٹیانو رونالڈو بھی شامل تھے، بچی کو ڈھونڈنے کی اپیل کی۔ برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ نے بھی بچی کی اطلاع دینے والے کے لیے رکھی گئی کئی ملین پاؤنڈز کی خطیر انعامی رقم میں حصہ ڈالنے کا اعلان کیا۔

    تاہم یہ تمام کوششیں بے سود رہیں اور دونوں ممالک کی پولیس سر توڑ کوششوں کے باوجود بچی کا سراغ لگانے میں ناکام رہی۔

    اس دوران بچی کے والدین پر بھی الزام لگایا گیا کہ بچی ایک حادثے میں ہلاک ہوچکی ہے جس کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے انہوں نے گمشدگی کا ڈرامہ رچایا ہے۔

    بچی کے والدین کو باقاعدہ تفتیش کے مراحل سے گزرنا پڑا تاہم ایک پرتگالی عدالت نے والدین کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے مقامی پولیس کو انہیں ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

    برطانیہ میں بچی کے پڑوس میں مقیم ایک خاتون کو بھی ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا جن پر کچھ برطانوی اخبارات نے الزام عائد کیا تھا کہ وہ بچی کی ہلاکت یا گمشدگی میں والدین کے ساتھ شامل ہیں۔

    10 سال بعد 2017 میں جرمن اور برطانوی پولیس نے ایک 43 سالہ جرمن شہری کو گرفتار کیا جو بچوں کے اغوا اور ان سے زیادتی کے گھناؤنے جرائم میں ملوث تھا، پولیس کے مطابق میڈیلین کی گمشدگی بھی اس شخص یا اس کے ریکٹ سے تعلق رکھتی ہے۔

    اب ایک پولش خاتون کے اس دعوے کے بعد، کہ وہی میڈیلین مک کلین ہیں، ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

    تاحال ان کی زندگی کے بارے میں زیادہ معلومات سامنے نہیں آسکیں کہ اس دوران وہ کہاں رہیں اور ان پر کیا گزری، تاہم ان کا کہنا ہے کہ برطانوی خاندان نے ان سے رابطہ کر کے ڈی این اے ٹیسٹ کروانے کی پیشکش کی ہے تاکہ وہ اپنے بچھڑے ہوئے خاندان سے مل سکیں۔