Tag: پرتھ

  • ’پرتھ کو ہم نے پرتھ میں ہی چھوڑ دیا تھا!‘ مچل اسٹارک کا جیت کے بعد بڑا بیان

    ’پرتھ کو ہم نے پرتھ میں ہی چھوڑ دیا تھا!‘ مچل اسٹارک کا جیت کے بعد بڑا بیان

    مچل اسٹارک نے دوسرے ٹیسٹ میں اپنی تباہ کن بولنگ سے بھارتی بیٹرز کو نشانہ بنایا تھا، اب انھوں نے پرتھ ٹیسٹ کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔

    ایڈیلیڈ میں بھارت کی تباہی میں اہم کردار ادا کرنے والے اسٹارک نے میچ کے اختتام کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرتھ ٹیسٹ کی ہار کے بعد باہر سے بہت شور مچ رہاتھا لیکن ہم نے پرتھ کو پرتھ میں ہی چھوڑ دیا تھا، واقعی میں اس شور کو اپنی انگلی سے خاموش نہیں کرواسکتا تھا۔

    پنک بال کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مچل اسٹارک نے کہا کہ میرے حاسب سے کچھ بھی نہیں بدلا ہے، شاید ہمیں فل لینتھ پر بالز کرنا پڑیں، یہ پنک بال بھی ریڈ بال اور وائٹ بال کی طرح ہی ہے۔

    کیا مچل اسٹارک نے ایڈیلیڈ میں بھارت کےخلاف ’بال آف دی سنچری‘ کرائی؟

    کینگرو بولر نے کہا کہ ہم بلے اور گیند دونوں کے ساتھ واقعی مثبت تھے اور ہمیں اسکا انعام ملا، جب گیند اسٹمپ سے ٹکراتی ہے تو اچھا لگتا ہے۔

    مچل اسٹارک نے اپنے کپتان پیٹ کمنز کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں پچھلے سات سالوں سے پیٹ کمنز سے بہت کچھ سیکھ رہا ہوں۔ اس لیے میں نے اپنے ترکش میں کئی تیر شامل کیے ہیں۔

    بھارت بیٹرز پر قہر برسانے والے پیسر نے کہا کہ مجھے ہوا کی رفتار اور سوئنگ سے مدد ملی، گزرنے والے سالوں کے دوران مجھے اپنی بولنگ کی درستگی کو بہتر بنانے میں کافی مدد ملی۔

    کمنز نے بھی اسٹارک کے بارے میں کہا کہ وہ حیرت انگیز بولر ہے، وہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ایسا کر رہا ہے۔ ہماری ٹیم میں وہ شامل ہے اس پر میں خود کو بہت خوش قسمت اور فخر محسوس کرتا ہوں۔

    https://urdu.arynews.tv/starc-reveals-plan-behind-jaiswals-dismissal/

  • پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اتوار سے پرتھ میں ڈیرے ڈالیں گی

    پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اتوار سے پرتھ میں ڈیرے ڈالیں گی

    قومی کرکٹ ٹیم اور پرائم منسٹر الیون کی ٹیمیں اتوار سے پرتھ میں ڈیرے ڈالیں گی، دونوں ٹیمیں 14 دسمبر سے شروع ہونے والے ویسٹ ٹیسٹ میں شرکت کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق تین میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، پیٹ کمنز کی قیادت میں آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کل پرتھ پہنچے گی۔

    سیریز کے لیے پرائم منسٹر الیون کی ٹیم اتوار سے تربیتی سیشن کا آغاز کرے گی، ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ سیشن کے بعد میڈیا کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    دوسری جانب پاکستانی اسکواڈ اتوار کو کینبرا سے پرتھ روانہ ہوگا، قومی ٹیم  پیر سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی، پاکستانی اسکواڈ کا ایک رکن پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کے لیے دستیاب ہوگا۔

    ویسٹ ٹیسٹ کی خاص بات یہاں ٹیسٹ سیریز لانچ کا انعقاد ہے، جو پیر کو منعقد ہوگا، بارہ دسمبر کو اسٹیو اسمتھ پریکٹس سیشن سے قبل پرتھ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کریں گے۔

    پاکستانی ٹیم دوپہر کو یہاں اپنی ٹریننگ کا آغاز کرے گی، تیرہ دسمبر کو دونوں کپتان بینو قادر ٹرافی کے فوٹو شوٹ میں شرکت کریں گے، ٹرافی شوٹ کے بعد دونوں کپتان پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

  • لڑکی کو دوستوں کے سامنے قاتل شارک کھا گئی، دل دہلا دینے والا واقعہ

    لڑکی کو دوستوں کے سامنے قاتل شارک کھا گئی، دل دہلا دینے والا واقعہ

    پرتھ: مغربی آسٹریلیا میں ایک دریا میں تیراکی کے دوران شارک کے حملے میں ایک 16 سالہ لڑکی ہلاک ہو گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے جنوب میں واقع دریائے سوان میں شینٹن کالج کی 16 سالہ طالبہ اسٹیلا بیری شارک مچھلی کے حملے سے ہلاک ہو گئی۔

    یہ واقعہ نارتھ فریمینٹل کے نواح میں ہفتے کو پیش آیا، اسٹیلا بیری کو جب دریا سے نکالا گیا تو وہ زندہ نہیں تھی، حکام کے اندازے کے مطابق لڑکی کو بُل شارک نے نشانہ بنایا۔

    ڈیلی میل کے مطابق لڑکی ہفتے کی سہ پہر کو نارتھ فریمینٹل میں دریائے سوان میں اپنے دوستوں کے ساتھ رسی کے جھولے سے آرام کر رہی تھی، جب اس نے ڈولفنوں کی ایک ٹولی دیکھی اور ان کے پیچھے پانی میں چھلانگ لگا دی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کچھ ہی دیر بعد اس کے دوستوں اور دیگر افراد نے دیکھا کہ ایک شارک نے لڑکی کی ٹانگ دانتوں میں دبا لی ہے، کنارے پر کھڑے لوگوں نے اگرچہ بہادری کا مظاہرہ کیا اور لڑکی کو کنارے پر کھینچ لائے لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکی۔

    پولیس نے واقعے کو دل دہلا دینے والا حادثہ قرار دیا، اسٹیلا کے دل شکستہ والدین نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے دوستوں کے ساتھ دریا پر دن گزارتی تھی، ہم اپنی خوب صورت بیٹی کے کھو جانے سے گہرے صدمے میں ہیں۔

    ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دریا کے اس حصے میں شارک کی معمول سے ہٹ کر انواع موجود ہو سکتی ہیں، اس لیے احتیاط برتیں۔

  • 4 سالہ گمشدہ بچی 18 روز بعد صحیح سلامت بازیاب، ویڈیو وائرل

    4 سالہ گمشدہ بچی 18 روز بعد صحیح سلامت بازیاب، ویڈیو وائرل

    آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں گزشتہ 18 روز سے گمشدہ 4 سالہ بچی صحیح سلامت بازیاب کروا لی گئی، بچی کو اغوا کرنے والے 36 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    آسٹریلوی حکام کے مطابق بچی اپنے والدین کے ساتھ پرتھ سے کچھ دور جنگلات میں ہائیکنگ کے لیے آئی تھی، جہاں رات کے وقت وہ اپنے ٹینٹ سے غائب ہوئی۔

    بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ جب ان کی آنکھ کھلی تو ٹینٹ کی زپ کھلی ہوئی تھی جبکہ بچی غائب تھی۔

    بچی کی گمشدگی کے بعد وسیع پیمانے پر اس کی تلاش جاری تھی، 18 روز بعد اسے قریبی علاقے میں ایک خالی مکان سے بازیاب کرلیا گیا۔ ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

    لوگوں کا خیال تھا کہ 18 روز بعد اب بچی کے حوالے سے کوئی اندوہناک خبر سننے کو ملے گی لیکن بچی کے صحیح سلامت ملنے پر پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، حتیٰ کہ اس کی تلاش پر معمور پولیس اہلکار بھی فرط جذبات سے رونے لگے۔

    اس موقع پر پولیس کی جانب سے بچی کی بازیابی کی وڈیو اور ایک آڈیو بھی جاری کی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    بازیابی کے بعد بچی کے والدین سے اس کی ایک مختصر ملاقات کروائی گئی جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں تفصیلی چیک اپ کے بعد وہ اپنے گھر لوٹ سکے گی۔

    بچی کے گھر والے گھر کو سجا کر بے صبری سے اس کا انتظار کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب پولیس نے ملزم پر متعدد دفعات عائد کی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا بغیر کسی منصوبہ بندی کے موقع کا فائدہ اٹھا کر کیا گیا۔

  • گاڑی کے ڈرائیور سے بحث و تکرار نے نوجوان کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا

    گاڑی کے ڈرائیور سے بحث و تکرار نے نوجوان کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا

    آسٹریلیا میں ایک نوجوان، کار ڈرائیور سے بحث کے بعد اس کے غصے اور انتقام کا نشانہ بن کر اسپتال پہنچ گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہا ہے۔

    یہ واقعہ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں پیش آیا جو سڑک پر لگے لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان ایک گاڑی سے باہر نکلا، گاڑی میں موجود شخص اور اس کے درمیان بحث و تکرار ہوئی تھی۔

    نوجوان کے گاڑی سے اترنے کے دوران ہی ڈرائیور نے گاڑی چلا دی اور نوجوان گاڑی کے دروازے سے لٹک گیا، چند میٹر تک اسی طرح گھسٹنے کے بعد وہ زمین پر گر گیا۔

    اس کے بعد ڈرائیور نے گاڑی ریورس کی اور زمین پر گرے لڑکے پر چڑھا دی جس کے خون بہہ رہا تھا، بعد ازاں ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    مقامی افراد نے پیرا میڈیکس کو کال کی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر نوجوان کو اسپتال پہنچایا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان اور ڈرائیور ایک دوسرے کے شناسا تھے اور ان کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر کے لوگوں سے ڈرائیور کی شناخت میں مدد کی اپیل کی ہے۔

  • ہیڈفون میں عجیب آوازوں پر خوف ناک انکشاف (ویڈیو دیکھیں)

    ہیڈفون میں عجیب آوازوں پر خوف ناک انکشاف (ویڈیو دیکھیں)

    پرتھ: ہیڈ فون میں عجیب آوازیں سننے پر آسٹریلوی نے ہیڈ فون اتار کر دیکھا تو دہشت زدہ ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی شہر پرتھ میں ایک شہری اولی تھرسٹ کام کے دوران ہیڈ فون لگا کر کچھ سن رہا تھا لیکن اس دوران کانوں میں مسلسل سرسراہٹ جیسی آوازیں آنے لگیں۔

    اولی تھرسٹ نے کچھ دیر بعد ہیڈ فون اتار کر دیکھا تو دہشت سے اچھل پڑا، ڈیوائس کے نرم حصے کے اندر ایک بڑے سائز کی خوف ناک مکھڑی مزے سے بیٹھی ہوئی تھی، جسے دیکھ کر اس نے ہیڈ فون دور پھینک دیا۔

    اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی، جو اب وائرل ہو چکی ہے اور اس پر ہزاروں لوگوں نے تبصرے کیے۔ کچھ لوگوں نے اس طرح کے اپنے واقعات بھی شیئر کیے۔

    اولی تھرسٹ کا کہنا تھا کہ وہ سرسراہٹ کی وجہ سے اپنے کام پر توجہ نہیں دے پا رہا تھا، جس پر اس نے ہیڈ فون اتار کر دیکھا اور خوف زدہ ہو گیا، بڑے سائز کی یہ مکھڑی ہنٹس مین کہلاتی ہے جو کیکڑے کی طرح دکھائی دیتی ہے، تاہم یہ انسانوں کے لیے خطرناک نہیں سمجھی جاتی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مکھڑی ہلانے جلانے کے باوجود ہیڈ فون سے نہیں نکلی۔ فیس بک پر ایک صارف نے اس پر تبصرہ کیا کہ اچھا یہ ہوا کہ وہ چھپکے سے ایئر فون کے اندر بیٹھی رہی ورنہ یہ اور بھی زیادہ خوف زدہ کر سکتی تھی۔

    ایک اور صارف نے مکھڑی کے ساتھ اظہار ہم دردی کرتے ہوئے لکھا کہ بے چاری ایئر فون کے اندر کتنی خوف زدہ دکھائی دے رہی ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ مجھے حیرت ہے کہ آپ کو یہ دیکھ کر ہارٹ اٹیک نہیں ہوا۔

    ماہرین کے مطابق ہنٹس مین اسپائیڈرز انسانوں کے لیے خطرناک نہیں ہیں، اگرچہ ان میں کچھ مقدار میں زہر ہوتا ہے لیکن یہ انسانوں پر حملے کے لیے مشہور نہیں۔ انھیں ہنٹس مین ان کی رفتار اور شکار کے انداز کی وجہ سے کہا جاتا ہے۔ لیکن خوف ناک بات یہ ہے کہ ان مکھڑیوں کی جسامت 6 انچ تک بڑھ سکتی ہے۔

  • آسٹریلیا نے بھی کرونا ویکسین کے انسانی تجربات کی خوش خبری سنا دی

    آسٹریلیا نے بھی کرونا ویکسین کے انسانی تجربات کی خوش خبری سنا دی

    پرتھ: آسٹریلیا بھی ان ممالک میں شامل ہو گیا ہے جہاں کو وِڈ نائنٹین کے لیے تیار کی جانے والی ویکسین کے انسانوں پر تجربات کیے جا رہے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک آسٹریلوی کلینکل ریسرچ کمپنی کرونا وائرس کے انسانی تجربات کے لیے تیار ہو گئی ہے، یہ ویکسین چین نے بنائی ہے، جس کے تجربے کے لیے کمپنی نے صحت مند آدمیوں کو رجسٹر کرنا شروع کر دیا ہے، جن پر اگلے 2 ماہ میں ویکسین آزمائی جائے گی۔

    ایس ٹریمر ویکسین (S-Trimer) چینی کمپنی گلوبل بائیو ٹیکنالوجی کلوور بائیو فارماسیوٹیکلز نے تیار کی ہے، اور یہ کو وِڈ نائنٹین کی ابتدائی ویکسینز میں سے ہے، آسٹریلیا میں جس کا انسانی تجربہ پرتھ شہر کی کمپنی لینئر کلینکل ریسرچ کر رہی ہے۔

    کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر بھی کرونا وائرس کے تجربے کے لیے لوگوں کو رجسٹریشن کی دعوت دے دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ دل چسپی رکھتے ہیں تو اس ویکسین تحقیق میں حصہ لیں۔

    کرونا ویکسین کا تجربہ بندروں پر کامیاب

    لینئر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو جیڈن روگرز کا کہنا تھا کہ یہ عالمی سطح پر سب سے اہم انسانی جانچ ہے جس میں چند انتہائی مشہور ویکسین کمپنیاں شامل ہیں، پروٹین پر منحصر ایس ٹریمر ویکسین کا مقصد وائرس سے مقابلہ کرنے کے لیے جسم کو اینٹی باڈیز پیدا کرنے میں مدد دینا ہے۔

    جیڈن روگرز کا کہنا تھا کہ ٹرائلز کے وقت ایس ٹریمر ویکسین کی زبردست استعداد سامنے آئی تھی اور یہ کو وِڈ نائنٹین سے جنگ کے لیے سب سے آگے تھی۔

    واضح رہے کہ 14 اپریل کو چینی حکام نے دو دیگر کرونا وائرس ویکسینز کے انسانی تجربات کی بھی منظوری دی تھی، جو ووہان انسٹی ٹیوٹ آف بائیولوجیکل پروڈکٹس نے تیار کی تھیں، چائنا نیشنل فارماسیوٹیکل گروپ سائنوفارم نے 50 ہزار ڈوز اس کے کلینکل ٹرائلز کے لیے تیار کی ہیں، پروڈکشن معمول پر آنے کے بعد آؤٹ پُٹ 30 لاکھ ڈوز جب کہ سالانہ پیداوار 100 ملین ڈوز تک پہنچ سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ چینی فارماسیوٹیکل گروپ نے گزشتہ ہفتے کرونا وائرس ویکسین کے پاکستان میں بھی کلینکل ٹرائلز کی پیش کش کی تھی، تاہم اسلام آباد کا کہنا تھا کہ کمپنی سے اس سلسلے میں مزید معلومات مانگی گئی ہیں۔

  • تیسراون ڈے:  آسٹریلیا نے پاکستان کو بآسانی شکست دے دی

    تیسراون ڈے: آسٹریلیا نے پاکستان کو بآسانی شکست دے دی

    پرتھ: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو بآسانی سات وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-2 کی برتری قائم کر لی۔

    تفصیلات کےمطابق پرتھ میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 264 رنز کا ہدف دیا جسے آسٹریلوی ٹیم نے اپنے کپتان کی شاندار سینچری کے باعث بآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر کے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کر لی۔

    قبل ازیں تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، اس میچ کے لیے میزبان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔
    تیسرے ون ڈے میں پاکستان کے خلاف اسٹیو اسمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، پیٹرہینڈزکومب، ٹریوس ہیڈ، گلین میکسیویل، میتھیو ویڈ، جیمز فلکنر، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، بلی اسٹین لیک ٹیم کا حصہ ہیں۔

    میزبان ٹیم آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور مچل مارش کو آرام دیاگیاہے،جبکہ پیٹرہینڈز کب اور بلی اسٹین لیک آسٹریلو ی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔

    پاکستان کی جانب سے شرجیل خان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیاکپتان محمد حفیظ 4رنز کےانفرادی اسکور پرجوش ہیزل ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    جب کہ پاکستان کی دوسری وکٹ 85رنزکےاسکور پرگری جب شرجیل خان 50کے انفرادی اسکور پرٹریوس ہیڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔قومی ٹیم کے تیسری وکٹ 98 پرگری،اسد شفیق 5رنز بناکرجیمز فلکنرکی گیند پرکیچ آؤٹ ہوئے۔

    قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ شعیب ملک کی گری،انہوں نے 41گیندوں پر 39رنزاسکور کیے اوربلی اسٹین لیک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سےبابراعظم 84رنز بناکرجوش ہیزل ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

    عمراکمل 39رنزبناکر ہیزل ووڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے اس کے اگلے ہی اوور میں عماد وسیم 9رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

    پاکستان کی جانب سے محمدرضوان نے 19گیندوں پر14 اور محمد عامرنے 6گیندوں پر 4رنز اسکور کیے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پرتھ کے ویسٹرن آسٹریلیا کرکٹ ایسوسی ایشن (واکا) گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےقائم مقام کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھاکہ آسٹریلیا کے خلاف پہلی ہار کےبعد دوسرے میچ میں جارحانہ کھیل کے لیے میدان میں آئے جس کو ہم اگلے میچ میں بھی جاری رکھیں گے۔

    محمد حفیظ کا کہناتھا کہ آسٹریلیا کے خلاف آئندہ میچوں میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے بلے بازوں کو بھی وہی کرنا ہوگاجو باؤلرز کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا نے سیریز کے پہلے میچ میں 92 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پاکستان نے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے میزبان ٹیم کو زیر کرکے سیریز کو 1-1 سے برابر کردیا تھا۔

  • تیسرا ون ڈے: کھلاڑی جیت کیلیے سردھڑ کی بازی لگادیں، مکی آرتھر

    تیسرا ون ڈے: کھلاڑی جیت کیلیے سردھڑ کی بازی لگادیں، مکی آرتھر

    پرتھ : قومی کرکٹ ٹیم نے پرتھ میں تیسرے ون ڈے کے لئے بھرپور تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ جبکہ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ کھلاڑی جیت کیلیے سر دھڑ کی بازی لگادیں کیونکہ ہمارے پاس ہارنے کیلیے کچھ بھی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم نے تیسرے ون ڈے میچ کیلئے پرتھ میں ڈیرے ڈال لیے، کنگروز کے خلاف تیسرے ون ڈے کے لئے شاہینوں نے پنجے تیز کرنے شروع کردیئے۔ دوسرے ون ڈے میں کامیابی نے کھلاڑیوں میں نئی روح پھونک دی ہے۔

    کوچ مکی آرتھر نے بھی کھلاڑیوں کو جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی ہدایت کردی۔ہے، ان کا کہنا ہے کہ سیریز میں گنوانے کے لئے ہمارے پاس کچھ نہیں، ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔

    قومی کرکٹرز نے پریکٹس میں بیٹنگ، بولنگ اورفیلڈنگ کی خامیوں کو دور کرنے کی بھرپور کوششیں کیں۔ ون ڈے کپتان اظہرعلی ہمسٹرنگ انجری کے سبب پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لے سکے۔پاک آسٹریلیا تیسرا ون ڈے جمعرات کو پرتھ میں  کھیلا جائے گا۔

    ٹیم منیجر کے مطابق اظہر تیسرے میچ میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ حفیظ ایک بار پھر کپتانی اور بیٹنگ میں خود کو منوائیں گے۔ جنید خان اور محمد عامر کی جوڑی پر کوچز خاص توجہ دے رہے ہیں۔ پرتھ میں قومی پیس ااٹیک ٹرم کارڈ ثابت ہوسکتا ہے۔

  • ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کا بھارت کوصرف 183 رنزکا ہدف

    ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کا بھارت کوصرف 183 رنزکا ہدف

    پرتھ : بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بھارت کو ایک سو تراسی رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔

    ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 44.2 اوورز میں ایک سو بیاسی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، اوپنر سمیت تمام بلے باز بھارتی سورماؤں کے سامنے ڈھیر ہوگئے۔

    ڈیئل اسمتھ صرف چھ رنز بنا کر لوٹ گئے، جبکہ خطرناک بلے باز مانے جانے والے کرس گیل بھی گیلی بلی کی طرح چوالیس گیندو پر اکیس رنز بنا کر محمد شامی کا شکار بنے۔

    ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز جیسن ہولڈر نے بنائے، جنہوں نے 79 بالز پر 57 رنز اسکور کئے،اور ڈیرن سیمی نے چھبیس رنز بنائے۔

    بھارت کی جانب سے محمد شامی کامیاب بالر ثابت ہوئے جنہوں نےآٹھ اوورز میں پینتیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں،جبکہ یو میش یادیو اور جدیجا نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    اس سے قبل ورلڈ کپ گروپ بی کے کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس ویسٹ انڈیز نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جبکہ بھارتی ٹیم میں بھوشنیور کمار کی جگہ محمد شامی کی واپسی ہوئی ہے۔