Tag: پرنسپل سیکریٹری

  • پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتار

    پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتار

    لاہور: اینٹی کرپشن نے پرویزالہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمدخان بھٹی کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے سابق وزیراعلیٰ  پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کی ہے۔

     چوہدری پرویز الہٰی کے دست راست محمد خان بھٹی کو ایٹنی کرپشن نے بلوچستان سے گرفتار کیا ہے، ڈی جی اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی کو لاہور لانے کیلئے 4 رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔

    سابق وزیر اعلٰی پرویزالہٰی کے دست راست محمد خان بھٹی کیخلاف 80 کروڑ روپے کرپشن، تقرر و تبادلوں میں رشوت، ترقیاتی منصوبوں میں کمیشن لینےکا الزام ہے۔

    محمد خان بھٹی کیخلاف مقدمے میں سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسین رانا اقبال پہلے ہی گرفتار ہیں، ان کیخلاف گرفتار ملزم رانا اقبال  اعترافی بیان بھی ریکارڈ کرا چکے ہیں۔

  • گورنر پنجاب کے اقدام پر چیف سیکریٹری کا ردِ عمل

    گورنر پنجاب کے اقدام پر چیف سیکریٹری کا ردِ عمل

    لاہور: چیف سیکریٹری پنجاب نے گورنر کے پرنسپل سیکریٹری کے تبادلے پر عمل درآمد روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب کے پرنسپل سیکریٹری کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر لکھے گئے خط پر چیف سیکریٹری آفس نے گورنر آفس کو جواب سے آگاہ کر دیا۔

    ذرائع چیف سیکریٹری آفس نے بتایا کہ گورنر کو جواب میں کہا گیا کہ پرنسپل سیکریٹری نے خط میں اپنی ذمہ داری نبھائی تھی، ان کی ذمہ داری تھی کہ آئین کی خلاف ورزی پر گورنر کو آگاہ کرتا، اور پرنسپل سیکریٹری کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات درست تھے۔

    یاد رہے کہ نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے معاملے پر پرنسپل سیکریٹری نے گورنر پنجاب عمر سرفرار چیمہ کو خط لکھ دیا تھا، جس پر گورنر پنجاب نے سخت اعتراض کیا اور پرنسپل سیکریٹری کو تبدیل کیے جانے کی سفارش کر دی تھی۔

    چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کر گورنر عمر سرفراز چیمہ نے اپنے پرنسپل سیکریٹری کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا تھا، اور اعتراض کیا تھا کہ پرنسپل سیکریٹری کیسے مجھے میرے اختیارات سے متعلق خط لکھ سکتا ہے۔

    گورنر پنجاب نے اپنے پرنسپل سیکریٹری راشد منصور کو کام کرنے سے روک کر اسپیشل سیکریٹری عمر سعید کو اضافی چارج پر کام کرنے کی ہدایت جاری کر دی تھی۔

  • نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری کی کمپنی میں کروڑوں روپے کی بھاری رقم کا انکشاف

    نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری کی کمپنی میں کروڑوں روپے کی بھاری رقم کا انکشاف

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی کمپنی میں کروڑوں روپے کی بھاری رقم منتقلی کا انکشاف ہوا، فواد حسن فواد رقم کے بارے میں کوئی وضاحت نہ دے سکے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کی فرنٹ کمپنی میں 28 کروڑ 48 لاکھ سے زائد کی بھاری رقم منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔ نیب لاہور نے ذیلی کمپنی سپرنٹ سروسز میں منتقل رقم کی تفصیلات کو ریفرنس کا حصہ بنایا ہے۔

    نیب کے دستاویزات کے مطابق سپرنٹ سروسز میں 2013 سے 2018 تک بھاری رقوم منتقل ہوئیں۔ فواد حسن فواد، وقار حسن، رباب حسن اور انجم حسن دوران تفتیش مطمئن نہیں کر سکے اور یہ نہیں بتا سکے کہ یہ رقم کہاں سے آئی اور ذریعہ آمدن کیا تھا۔

    نیب ریفرنس کے مطابق فواد حسن فواد نے کالا دھن سفید کرنے کے لیے فیملی اراکین کا استعمال کیا، سپرنٹ سروسز میں فواد حسن فواد کے بھائی کروڑوں روپے کی رقوم جمع کرواتے رہے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ 2013 میں وقار حسن نے 7 کروڑ 79 لاکھ سے زائد کی رقم منتقل کی۔ 2015 میں سپرنٹ سروسز کے اکاؤنٹ میں 8 کروڑ 69 لاکھ روپے جمع ہوئے۔

    دستاویز کے مطابق 2017 میں سپرنٹ سروسز کے اکاؤنٹ میں 3 کروڑ 33 لاکھ کی رقم جمع ہوئی، 2018 میں 8 کروڑ 70 لاکھ کی رقم جمع ہوئی۔

    نیب کا کہنا ہے کہ مذکورہ رقموں کے بارے میں وضاحت نہیں دی جا سکی۔ علاوہ ازیں سپرنٹ سروسز کے نام پر لگژری گاڑیاں بھی فواد حسن فواد کے زیر استعمال رہیں۔

    خیال رہے کہ فواد حسن فواد کو گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ ملزم کے وکیل کے مطابق نیب نے جو الزامات لگائے ان کا ثبوت پیش نہیں کیا جاسکا۔

  • فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف درخواست، عدالت نے نوٹس جاری کردیا

    فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف درخواست، عدالت نے نوٹس جاری کردیا

    لاہور: ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فواد حسن فواد کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ’نیب نے پی ایل ڈی سی کرپشن کیس میں فواد حسن فواد کو گرفتار کیا اور بعد میں  آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام عائد کر کے دوبارہ حراست میں لے لیا‘۔

    مزید پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ کیس: فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد چیف ایگزیکٹو نشاط چونیاں ملز طلب

    فواد حسن فواد کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایک کیس کے بعد دوسرے مقدمے میں گرفتاری نیب قوانین کی خلاف ورزی ہے، میرے مؤکل کی گرفتاری سے قبل قانونی تقاضے پورے نہیں کیے جو بنیادی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ فواد حسن فواد کی گرفتاری کو کالعدم قرار دے کر رہائی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے نیب سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔

    یاد رہے کہ 5 جولائی کو نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں نامزد سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کو تفتیش کے لیے طلب کیا تھا، فواد حسن فواد پوچھ گچھ کے دوران تفتیشی افسران کے سوالوں کا جواب نہیں دے سکے جس کے بعد انہیں قومی احتساب بیورو نے گرفتار کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا نام ای سی ایل میں شامل

    بعد ازاں اگلے ہی روز نیب نے فواد حسن فواد کو احتساب عدالت میں پیش کر کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جسے جج نے منظور کرلیا تھا۔

    قومی احتساب بیورو نے فواد حسن فواد پرعائد کرپشن الزامات کی چارج شیٹ بھی جاری کی تھی، جس میں ان پر بطور سیکریٹری صحت موبائل اسپتال خریداری میں بڑے پیمانے پربے ضابطگیوں، وزیراعلی کے سیکٹریری کے طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے کا الزام تھا۔

  • وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری نے چھٹی لے لی، بیرون ملک جانے کا امکان

    وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری نے چھٹی لے لی، بیرون ملک جانے کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے، امکان ہے کہ وہ چھٹیاں گزارنے کیلئے بیرون ملک روانہ ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے ہیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کا یہ اقدام  نیب کی تحقیقات سے بچنے کےجتن ہیں یا معاملہ ہے کچھ اور ہے؟

    کیونکہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر معظم علی نے نیب کو بیان ریکارڈ کرایا تھا کہ فواد حسن فواد نے کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کے لئے ان پر دباؤ ڈالا اور دفتر بلوا کر دھمکیاں بھی دیں تھیں۔

    معظم علی کے اس بیان پر فواد حسن فواد کو نیب لاہور نےطلب کیا تھا، ذرائع کے مطابق اسی ماہ پانامہ کیس کا فیصلہ بھی سنائے جانے کا امکان ہے، قبل اس کے کہ کوئی بڑی گڑ بڑ ہو اس لیے فواد حسن فواد کو جلد بیرون ملک اڑان بھرنے میں ہی عافیت دکھائی دے رہی ہے۔

    ان کی جگہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ معروف افضل کو وزیر اعظم کا نیا پرنسپل سیکریٹری بنائے جانے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ معروف افضل زیادہ تروقت وزیراعظم ہاؤس میں ہی گزارتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔