Tag: پرنٹر

  • سڑک پر رکھ کر پرنٹ کی گئی شرٹ

    سڑک پر رکھ کر پرنٹ کی گئی شرٹ

    اکثر افراد مختلف طرح سے پرنٹ ہوئے کپڑے پہننا پسند کرتے ہیں، پرنٹنگ ایک وقت طلب کام ہے جس میں پیسہ بھی خرچ ہوتا ہے۔

    تاہم جرمنی میں نہایت انوکھی طرح سے کپڑوں پر پرنٹنگ کی جارہی ہے جو لوگوں میں بے حد مقبول بھی ہورہی ہے۔

    جرمنی کے شہر برلن میں نوجوانوں کا ایک گروپ سڑکوں کے ڈیزائن ٹی شرٹس پر پرنٹ کرتا ہے، اور اس کے لیے یہ کسی پرنٹر کے بجائے اس سڑک کو ہی استعمال کرتے ہیں۔

    دراصل سڑک کے ڈیزائن پر سیاہی پھیری جاتی ہے، اس کے بعد اس کے اوپر ہی ٹی شرٹ کو رکھ کر دبایا جاتا ہے اور یوں وہ ڈیزائن اس شرٹ پر منتقل ہوجاتا ہے۔

    نوجوانوں کے اس گروپ کے نام کا مطلب ’پائریٹ پرنٹر‘ ہے۔ یہ ہر پرنٹ کے بعد اس سیاہی کو صاف بھی کردیتے ہیں۔

    اس پرنٹنگ کے لیے یہ سڑکوں پر لگے ٹائلز، اور مین ہولز کے ڈھکنوں کو استعمال کرتے ہیں جن پر نہایت خوبصورت ڈیزائنز بنائے جاتے ہیں۔ یہ چلن پورے یورپ میں ہے جہاں گٹر کے ڈھکنوں پر بھی تاریخی مقامات اور مختلف ڈیزائنز کی تصویر کشی کی جاتی ہے۔

    ان نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ان کی اس پرنٹنگ کا مقصد شہر کی سڑکوں پر بنے ان خوبصورت ڈیزائنز کو سامنے لانا ہے جن پر عموماً کسی کی نظر نہیں پڑتی۔

    کیا آپ ایسی پرنٹ شدہ شرٹس پہننا چاہیں گے؟

  • پرنٹر کی رنگین روشنائی کیسے تیار کی جاتی ہے؟

    پرنٹر کی رنگین روشنائی کیسے تیار کی جاتی ہے؟

    ہمیں اپنے مختلف دستاویز کو مختلف رنگوں میں حاصل کرنے کے لیے کلر پرنٹر کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کلر پرنٹر کی رنگین انک کس طرح سے بنائی جاتی ہے؟

    کینیڈا کی دا انک پرنٹنگ کمپنی نے پرنٹر کے رنگ تیار کیے جانے کی ایک دلچسپ ویڈیو شیئر کی ہے۔ یہ ویڈیو حیرت انگیز اور انوکھی ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت دلچسپ اور معلوماتی بھی ہے۔

    پرنٹر کے لیے مخصوص سیاہی بنانے کے لیے سب سے پہلے ایک مائع کو گرم کیا جاتا ہے۔ یہ مائع سیاہ اور زرد رنگ کا ہوتا ہے۔

    اس کے بعد اس مائع میں مختلف رنگوں کے پگمنٹس یا ذرات شامل کیے جاتے ہیں۔

    اس کے بعد اس میں اسٹیل کے ننھے ننھے گول ٹکڑے شامل کیے جاتے ہیں تاکہ بننے والا رنگ ہموار ہوجائے، بعد ازاں ہموار رنگ الگ ہوجاتا ہے جبکہ اس کے ذرات پر مشتمل گاڑھا مادہ الگ کرلیا جاتا ہے۔

    آخری مرحلے میں رنگ کو ایک رولر سے گزارا جاتا ہے جس سے اس میں چمک آجاتی ہے۔

  • کاغذ پر حرکت کر کے پرنٹ کرنے والا پاکٹ پرنٹر

    کاغذ پر حرکت کر کے پرنٹ کرنے والا پاکٹ پرنٹر

    اسمارٹ فون سے ضروری ڈیٹا کاغذ پر حاصل کرنے کے لیے یوں تو بے شمار ننھے منے پرنٹرز دستیاب ہیں، تاہم ایک اور نیا بنایا جانے والا یہ پرنٹر کاغذ پر گردش کرتا ہوا آپ کا مطلوبہ مواد پرنٹ کر سکتا ہے۔

    اس سے قبل اسمارٹ فون کے لیے بنائے جانے والے پرنٹرز زیادہ تر تصاویر پرنٹ کرسکتے تھے اور اس کے لیے ان میں علیحدہ سے کاغذ رکھنا پڑتا تھا۔

    تاہم یہ نیا پرنٹر ہر سائز کے کاغذ پر دائیں بائیں حرکت کرتا ہوا مطلوبہ مواد پرنٹ کرسکتا ہے۔

    ہر جگہ آسانی سے لے کر جانے والا یہ پرنٹر دیکھنے میں نہایت دیدہ زیب اور استعمال میں بے حد آسان ہے۔

    یہ کہیں بھی آپ کے اسمارٹ فون یا لیپ ٹاپ سے کنیکٹ ہو کر آپ کا مطلوبہ ڈیٹا پرنٹ کرسکتا ہے۔

    پرنٹنگ کرنے کے لیے یہ پرنٹر کاغذ پر دائیں بائیں حرکت کرتا ہے اور پرنٹ کرتا جاتا ہے۔

    آپ اپنی مرضی کے مطابق کاغذ کی لمبائی اور سائز ایڈجسٹ کرسکتے ہیں جس کے بعد کاغذ پر پرنٹر کی حرکت کا دورانیہ بڑھ جائے گا۔

    یہ پاکٹ پرنٹر فی الحال ذرا بیش قیمت ہے تاہم اسے بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی قیمت بہت جلد کم کردی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔