Tag: پرواز

  • پی آئی اے کی پرواز میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر مسافر آپے سے باہر، فضائی میزبان پر تشدد

    پی آئی اے کی پرواز میں سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر مسافر آپے سے باہر، فضائی میزبان پر تشدد

    پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز میں ایک مسافر سگریٹ نوشی سے منع کرنے پر آپے سے باہر ہوگیا اور فضائی میزبان پر تشدد کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز اسلام آباد سے پیرس جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 749 میں پیش آیا۔ سفیر نامی ایک مسافر دوران پرواز خلاف قانون تمباکو نوشی کر رہا تھا۔

    خاتون فضائی عملے کی جانبسے منع کرنے کے باوجود مسافر نے تمباکو نوشی بند نہ کی اور بدتمیزی پر اترتے ہوئے آپے سے باہر ہو گیا اور فضائی میزبان پر تشدد شروع کر دیا۔

    عملے اور کپتان کی جانب سے سگریٹ نوشی سے روکنے پر مسافر نے خاتون فضائی میزبان کا بازور پکڑ کر مروڑا اور کمر پر مکہ مارا جس سے وہ زخمی ہوگئی۔

    مسافر نے فلائیٹ اسٹورٹ اور کپتان پر بھی حملہ کیا مگر انہوں نے محوظ رہ کر مسافر سے سگریٹ چھین لی۔

    واقعہ کے بعد پیرس ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کر کے سیکیورٹی طلب کی اور طیارے کے لینڈ کرتے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے جہاز میں پہنچ کر ملزم مسافر کو گرفتار کر لیا۔

    سیکیورٹی فورس نے تشدد کا شکار فضائی میزبانوں کے بیانات ریکارڈ کر کے اور ان کا میڈیکل کروا کر پولیس رپورٹ درج کر لی ہے۔

    ترجمان پی آئی اے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ مذکورہ مسافر کو پی آئی اے پر بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے اور اب وہ دوبارہ قومی ایئر لائن پر سفر نہیں کر سکے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا پی ائی اے کے عملے نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں پروفیشنلزم سے کام لیا اور اب قانون اپنا کام کرے گا۔ فرانسیسی قوانین اس معاملے میں بہت سخت ہیں اور امید ہے کہ مسافر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • سعودی ایئر لائن نے امارات کے لیے پروازوں میں اضافہ کردیا

    سعودی ایئر لائن نے امارات کے لیے پروازوں میں اضافہ کردیا

    ریاض: سعودی عرب کی بجٹ ایئر لائن فلائی ادیل نے متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی پروازوں میں اضافہ کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق ریاض اور دبئی کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے کے لیے فلائی ادیل کے تحت امارات کے لیے روزانہ پروازیں بڑھائی جائیں گی۔

    مملکت کی کم لاگت والی ایئر لائن نے کنگ خالد اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے درمیان چلنے والی پروازوں کی مجموعی تعداد کو بڑھا کر روزانہ پانچ کر دیا ہے جبکہ اس کی اوسط ہفتہ وار تعداد 33 ہے۔

    فلائی ادیل کے سی ای او کون کورفیاتس کا کہنا ہے کہ ریاض اور دبئی کے درمیان نئی پروازیں کمپنی کی حکمت عملی کا حصہ ہیں تاکہ اپنے نیٹ ورک کو وسیع اور متحدہ عرب امارات کی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن کو مضبوط کیا جا سکے۔

    اس اقدام سے مملکت کے ٹریول سیکٹر کو دنیا بھر میں مزید بین الاقوامی ڈیسٹینیشنز سے منسلک کر کے سیاحوں اور مہمانوں کو معیاری خدمات پیش کر کے فروغ حاصل ہوتا ہے۔

    ایس پی اے کے مطابق فلائی ادیل نے جون تک 36 ملکی اور بین الاقوامی ڈیسٹینیشنز میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

    گزشتہ سال جون میں ایئر لائن نے اردن میں عمان، جارجیا کے تبلیسی، آذر بائیجان کے باکو، مصر میں شرم الشیخ اور خرطوم سے منسلک ہو کر اپنے آپریشنز کا دائرہ وسیع کیا تھا۔

    خیال رہے کہ کم لاگت والی ایئر لائن نیٹ ورک میں 24 مقامی اور بین الاقوامی روٹس ہیں۔

    فلائی ادیل کے سی ای او کے مطابق ایئر لائن کے پاس 24 ایئر بسز 320 طیاروں کا ایک بیڑا ہے، ایئر لائن نے 5 سالوں سے بھی کم عرصے میں 15 ملین مسافروں تک رسائی حاصل کی جو کہ ڈومیسٹک ایوی ایشن کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی تھی۔

  • کراچی سے جدہ جانے والی پرواز 10 گھنٹے تاخیر کا شکار

    کراچی سے جدہ جانے والی پرواز 10 گھنٹے تاخیر کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے سعودی شہر جدہ جانے والی قومی ایئر لائن کی پرواز 10 گھنٹے گزرنے کے باوجود روانہ نہ ہوسکی، پرواز فنی خرابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے جدہ جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 731 میں فنی خرابی تاحال دور نہ ہوسکی۔

    جدہ جانے والی پرواز 10 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ انجینیئر طیارے میں فنی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پرواز کو دوپہر 1 بجے روانہ کردیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ پر مسافروں کو ناشتہ فراہم کیا جارہا ہے۔

  • 8 گھنٹے کی طویل پرواز کے دوران بچی نے اپنی شرارت سے مسافروں کی ناک میں دم کردیا

    8 گھنٹے کی طویل پرواز کے دوران بچی نے اپنی شرارت سے مسافروں کی ناک میں دم کردیا

    پروازوں میں بچوں کے ساتھ سفر کرنا مشکل ہوتا ہے، زیادہ تر والدین اپنے بچوں کے رونے یا پروازوں میں شرارت کرنے کے حوالے سے فکر مند ہوتے ہیں۔

    اسی طرح کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرواز کے دروان ایک بچی شرارت کرتے ہوئے پلاسٹک کے فوڈ ٹرے پر چھلانگ لگا رہی ہے۔

    طیارے میں تفریحی کرتے ہوئے بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں بچی کو فوڈ ٹرے ٹیبل پر ننگے پاؤں چھلانگ لگاتے دیکھا گیا ہے جبکہ اس ویڈیو کا عنوان جنگلی بچے کے نام سے رکھا گیا ہے۔

    Letting children run wild during an 8 hour flight
    byu/readysetgorilla inPublicFreakout

    اس ویڈیو پر ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں حیران ہوں کہ بچی کے والدین نے اسے ایک بار بھی نہیں روکا، یہ دیکھنے کے بعد ایسا محسوس ہوا کہ اس بچی کے والدین اسے روکنے میں ناکام ہے اور اسے یہ کرنے کی اجازت دے رہے ہیں۔

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اکیلے سفر کرنے والے نوجوانوں کے لیے کوئی الگ پرواز ہی نہیں ہے، جبکہ ایک اور صارف نے بچے کے حق میں کہا کہ اس طرح کے والدین بنیں، یہ صرف ایک بچہ ہے اسے بچہ ہی رہنے دیں اور چیل کریں۔

  • کیا 2 منٹ کی بھی کوئی پرواز ہوسکتی ہے؟

    کیا 2 منٹ کی بھی کوئی پرواز ہوسکتی ہے؟

    کیا آپ جانتے ہیں دنیا کی مختصر ترین پرواز کا دورانیہ کتنا ہے؟ آپ جان کر حیران ہوجائیں گے کہ دنیا میں ایک پرواز ایسی بھی ہے جس کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی مختصر ترین پرواز کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے اور اگر ہوا کا بہاؤ موزوں ہو تو یہ فاصلہ محض 47 سیکنڈز میں بھی طے کیا جاسکتا ہے۔

    یہ دنگ کردینے والا دورانیہ اسکاٹ لینڈ کے دو جزائر کے درمیان چلنے والی پرواز کا ہے جو اسکاٹ لینڈ کے جزیرے ویس ٹرے سے پاپا ویس ٹرے کے درمیان چلتی ہے۔

    یہ پرواز محض 1.7 میل کا فاصلہ طے کرتی ہے۔

    اس پرواز کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی دنیا کی مختصر ترین کمرشل پرواز کے طور پر شامل کیا ہے۔

    اس روٹ پر اسکاٹ لینڈ کی فضائی کمپنی لوگن ایئر 1967 سے اپنی سروس فراہم کر رہی ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں جس میں اسکول کے طالب علم، پولیس اہلکار سمیت ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جو اپنے روزمرہ کے معمولات کے لیے اس میں سفر کرتے ہیں۔

    بنیادی طور پر یہ پرواز اورکنے سے شروع ہوتی ہے جس کے بعد یہ جزیرے ویس ٹرے پر کچھ دیر رکنے کے بعد پاپا ویس ٹرے جاتی ہے جبکہ روزانہ 2 سے 3 پروازیں اس روٹ پر آپریٹ ہوتی ہیں۔

  • کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی

    کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں فنی خرابی

    کراچی: کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو متبادل جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی ایئر سیال کی پرواز میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے پرواز کو اڑان کے تھوڑی دیر بعد جناح ٹرمینل پر لینڈ کروا دیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز میں ٹیک آف کے بعد معمولی خرابی کا پتہ چلا، طیارے کو انجینئرز کی جانب سے چیک کیا جارہا ہے۔

    ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کو متبادل جہاز کے ذریعے روانہ کیا جائے گا۔

  • کراچی سے بحرین جانے والی پرواز 3 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار

    کراچی سے بحرین جانے والی پرواز 3 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے بحرین جانے والی پرواز 3 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے بحرین جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز میں فنی خرابی ہوگئی جس کے باعث گلف ایئر کی پرواز جی ایف 751 تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    فنی خرابی دور نہ ہونے پر 2 گھنٹے سے طیارے میں بیٹھے مسافروں نے شدید احتجاج کیا، احتجاج کے باعث تمام مسافروں کو طیارے سے اتار کر لاؤنج منتقل کردیا گیا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فنی خرابی دور ہوتے ہی پرواز کو بحرین روانہ کیا جائے گا۔

  • 100 پونڈ وزن اٹھا کر پرواز کرنے والا ڈرون

    100 پونڈ وزن اٹھا کر پرواز کرنے والا ڈرون

    کیلی فورنیا: امریکی کمپنی فائر فلائی نے ڈرون کا نیا ماڈل پیش کیا ہے جو 100 پونڈ وزن اٹھا کر 2 گھنٹے مسلسل پرواز کر سکتا ہے۔

    یہ ایک طرح کا ملٹی کاپٹر ہے اور ایسے ڈرون بھاری وزن بہت تھوڑے فاصلے تک لے جاسکتے ہیں کیونکہ ان کی قوت اور توانائی والی بیٹریاں اس کی اجازت نہیں دیتیں۔

    اب کیلی فورنیا میں واقع پیرالل فلائٹ ٹیکنالوجیز کی ذیلی کمپنی فائر فلائی نے اس پر کام شروع کیا ہے جس میں ناسا کا تعاون بھی شامل تھا، اس کے علاوہ امریکی محکمہ زراعت اور نیشنل سائنس فاؤنڈیشن نے بھی کام کیا ہے۔

    اس میں ایک پیٹرول انجن اور ایک برقی موٹر نصب ہے اور یہ دونوں مل کر مجموعی طور پر 4 پنکھڑیوں والے بریکٹ کو تیزی سے چلاتے ہیں، یہ سب مل کر فوری لفٹ آف اور پرواز کی قوت فراہم کرتے ہیں۔

    اس کا نظام ایسا بنایا گیا ہے کہ ایک پنکھڑی بند یا فیل ہونے کی صورت میں کوئی فرق نہیں پڑتا، فوری طور پر سارا بوجھ تین پروپیلرز پر تقسیم ہوجاتا ہے اور ڈرون ہموار انداز میں پرواز کرتا رہتا ہے۔

    اس کا موجودہ ماڈل ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد مسلسل ایک گھنٹہ 40 منٹ تک پرواز کرتا رہتا ہے اور 100 پونڈ وزن اٹھا کر 200 کلو میٹر دوری تک لے جا سکتا ہے۔

    اگر وزن کم کر کے 50 پونڈ کردیا جائے تو اس کی رفتار کا دورانیہ 3 گھنٹہ 20 منٹ تک بڑھ جائے گا اور یہ مجموعی طور پر 402 کلو میٹر دور تک جا سکتا ہے۔

    اس کے مقابلے میں بہتر سے بہتر برقی کواڈ کاپٹر ڈرون صرف پانچ کلو وزن کے ساتھ 30 منٹ تک ہی پرواز کر سکتے ہیں۔

    اپنے جی پی ایس نظام کے تحت اسے گوگل میپس سے کسی بھی مقام پر بھیجا جاسکتا ہے، اس کا سب سے زیادہ استعمال آفات اور ہنگامی حالت میں خوراک اور ادویہ کی فراہمی میں کیا جاسکتا ہے۔

  • دنیا کی انوکھی پرواز جس کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے

    دنیا کی انوکھی پرواز جس کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے

    ہوائی سفر یوں تو طویل فاصلے کے لیے کیا جاتا ہے لیکن دنیا میں ایک پرواز ایسی بھی ہے جس کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے 2 جزائر کے درمیان پرواز کا دورانیہ اتنا کم ہے کہ اکثر افراد کو طیارے پر سوار ہونے میں اس سے زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔

    لوگن ایئر کی پرواز کوئی پرسکون تجربہ نہیں کیونکہ یہ ایک چھوٹا طیارہ ہے جس کے کیبن میں 8 مسافر ہی سفر کرسکتے ہیں۔

    اس پرواز کی خاص بات سفر کا دورانیہ ہے۔

    اسکاٹ لینڈ کے شمالی حصے میں واقع جزیرے ویسٹرے اور پاپا ویسٹرے درمیان چلنے والی پرواز کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے دنیا کی مختصر ترین شیڈول پرواز قرار دے رکھا ہے۔

    اس کا سفر محض 1.7 میل کا ہوتا ہے اور ہوا کا رخ موزوں ہو اور سامان کم ہو تو یہ فاصلہ محض 53 سیکنڈز میں طے ہوسکتا ہے، مگر زیادہ تر 2 منٹ کا وقت درکار ہوتا ہے۔

    یہ پرواز دن میں 2 بار اڑان بھرتی ہے اور موسم گرما میں سیاح کافی تعداد میں اس میں سفر کرتے ہیں تاکہ دنیا کی مختصر ترین پرواز کے ساتھ پاپا ویسٹرے کی سیر بھی کرسکیں۔

    یہ پرواز بریٹین نورمین بی این 2 آئی لینڈر طیارے پر ہوتی ہے جس میں مسافروں کے لیے 2، 2 نشستوں کی 4 قطاریں ہیں۔

    مگر مسافر کو اپنی مرضی سے نشست پر بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوتی بلکہ عام طور پر طیارے کے ارگرد وزن کے مطابق ان کو بٹھایا جاتا ہے۔

    اس سفر کا اصل آغاز کریکوال سے ہوتا ہے جہاں سے وہ 15 منٹ میں ویسٹرے پہنچتی ہے اور پھر وہاں سے پاپا ویسٹرے تک جاتی ہے۔

  • قطر ایئر ویز کا پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

    قطر ایئر ویز کا پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

    کراچی: قطر ایئر ویز نے پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کردیا، اسلام آباد سے ہفتہ وار 18 اور لاہور سے ہفتہ وار 17 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق قطر ایئر ویز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، قطر ایئر ویز یکم جنوری 2022 سے ہفتہ وار 63 پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    قطر ایئر ویز کراچی سمیت 5 شہروں سے دوحہ کے لیے پروازیں آپریٹ کرے گی، دارالحکومت اسلام آباد سے ہفتہ وار 18 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    لاہور سے ہفتہ وار 17 پروازیں آپریٹ ہوں گی، کراچی سے ہفتہ وار 14، سیالکوٹ اور پشاور سے ہفتہ وار 7،7 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ قطر ایئر ویز لاہور سے بذریعہ دوحہ 140 ممالک میں مسافروں کو رسائی فراہم کرے گا۔

    قطر ایئر ویز نے پاکستان کے لیے 31 مئی 2022 تک اپنا شیڈول جاری کردیا۔