Tag: پروازوں میں تاخیر

  • پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    پروازوں کی منسوخی اور تاخیر، اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کا احتجاج

    اسلام آباد: پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو اور دبئی جانے والی پروازوں کے مسافروں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر شدید احتجاج کیا، اسلام آباد سے اسکردو جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی ہے جس کے باعث مسافروں نے پی آئی اے کاؤنٹر پر احتجاج شروع کیا۔

    پرواز نے صبح 8 بجے اسکردو کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم پی آئی اے کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کی وجہ سے پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔

    اسلام آباد سے دبئی جانی والی نجی ائیر لا ئن کی پرواز بھی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث ائیر پورٹ پر مسافر سراپا احتجاج بن گئے ہیں، پرواز پی اے 230 کو صبح آٹھ بجے روانہ ہونا تھا، ذرایع کا کہنا ہے کہ طیارہ نہ ہونے کی وجہ سے پرواز کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق پرواز کی تاخیر پر مسافروں اور نجی ائیر لائن کے عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی، جس کے بعد مسافروں نے سول ایوی ایشن کے انٹرنیشنل کاؤنٹر پر احتجاج شروع کر دیا، جس کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی روانگی رک گئی، جس پر انتظامیہ کو اے ایس ایف اہل کاروں کو طلب کرنا پڑا۔

    مسافروں کے احتجاج کے باعث دوسری ائیر لائن کے بورڈنگ کا عمل رک گیا ہے، مسافروں کا کہنا تھا کہ انھیں یا تو ہوٹل میں ٹھہرایا جائے یا دوسری پرواز کے ذریعے دبئی روانہ کیا جائے۔

  • پی آئی اے کا کارنامہ : پروازوں میں تاخیرکے نئے ریکارڈ قائم

    پی آئی اے کا کارنامہ : پروازوں میں تاخیرکے نئے ریکارڈ قائم

    کراچی : پی آئی اے نے پروازوں کی روانگی میں تاخیر کے نئے ریکارڈ قائم کردیئے، پی آئی اے کا عمرہ آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب سروس کا نیا انداز سامنے آیا ہے، جدہ سے کراچی آنیوالی پی آئی اے کی پرواز پی کے 762 اٹھارہ گھنٹے سے زائد تاخیر کاشکار ہوگئی۔

    اس کے علاوہ جدہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پروازپی کے 732 چوبیس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی، جبکہ جدہ سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 760 بھی چھ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی۔

    پروازوں کی روانگی میں تاخیر پر جدہ کے حج ٹرمینل پر عمرہ زائرین نے شدید احتجاج کیا، اس موقع پر پی آئی اے کے عملے کی جانب سے مسافروں اور عمرہ زائرین کو کوئی بھی سہولت فراہم نہیں کی گئی تھی، جس پرعملے اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

    پروازوں کی روانگی میں تاخیرپر جدہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے سخت نوٹس لے لیا، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ کو وارننگ لیٹر جاری کردیا گیا ہے۔

    جدہ ایئرپورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروازیں کیوں تاخیر کا شکار ہورہی ہیں، پروازیں اگر مزید تاخیر کا شکار ہوئیں بھاری جرمانے بھی کئے جائیں گے۔

  • پی آئی اے کا شیڈول بدستور بدنظمی کاشکار، مسافر پریشان

    پی آئی اے کا شیڈول بدستور بدنظمی کاشکار، مسافر پریشان

    کراچی :قومی ائیر لائن کی پروازوں میں تاخیر معمول بن کر رہ گئی ہے، باکمال لوگوں کی لاجواب سروس سے شہریوں کو اذیت کا سامنا ہے۔

    پی آئی اے کا شیڈول آج پھر حسبِ دستور بدنظمی کا شکار ہوگیا، پروازوں کو گھنٹوں تاخیر نے مسافروں اور اُن کے اہلخانہ کو پریشان کر رکھا ہے اور انھیں شدید ذہنی کوفت اُٹھانا پڑ رہی ہے۔

    بتایا جاتا ہے کہ سیالکوٹ سے مسقط جانیوالی پرواز پی کے دو آٹھ ایک کی ایئر بس طیارے میں خرابی کے باعث اٹھارہ گھنٹہ تاخیر سے شام چھ بجے روانگی متوقع ہے، اسی طرح لاہور سے لندن جانیوالی پرواز پی کے سات پانچ سات کو دو گھنٹے تاخیر کا سامنا رہا۔ لاہور سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز پی کے ڈیڑھ گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔

    اسلام آباد سے ریاض جانیوالی پرواز کو ایک گھنٹے تاخیر کاسامنا کرنا پڑا، اسلام آباد سے برمنگھم جانیوالی قومی ائیر لائن کی پرواز بھی ایک گھنٹہ تاخیرکا شکارہوئی۔