Tag: پروازوں پر پابندی

  • روس یوکرین جنگ: یورپی یونین نے پروازوں پر بڑی پابندی لگا دی

    روس یوکرین جنگ: یورپی یونین نے پروازوں پر بڑی پابندی لگا دی

    برسلز: روس اور یوکرین کے مابین جنگ کی وجہ سے یورپین یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے نیا سیفٹی بلیٹن جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین نے روس اور یوکرین سمیت اطراف میں سویلین پروازوں پر 90 روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے، یورپی یونین کے ممالک سمیت تھرڈ کنٹری کی ایئر لائنز پروازوں پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

    سیفٹی بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ایئر اسپیس میں جاری جنگ میں راکٹ اور میزائل سے طیاروں کو خطرہ ہے، ایاسا کی پابندی کا اطلاق 24 فروری تا 24 مئی کے لیے ہوگا۔

    ایجنسی نے مزید کہا کہ آپریٹرز کو انتہائی احتیاط برتنی چاہیے، اور روس یوکرین سرحد کے 100 ناٹیکل میل کے اندر فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کریں۔

    واضح رہے کہ یوکرین نے بھی جمعرات کو اپنی فضائی حدود کو شہری پروازوں کے لیے بند کر دیا ہے، روس نے اپنے پڑوسی پر زمینی، سمندری اور فضائی حملے شروع کر دیے ہیں، جس کی وجہ سے یورپ کے ایوی ایشن ریگولیٹر نے بھی سرحدی علاقوں میں پروازوں کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔

  • پروازوں کی بندش، پی آئی اے کا اہم فیصلہ

    پروازوں کی بندش، پی آئی اے کا اہم فیصلہ

    کراچی: قومی ایئر لائن نے برطانیہ میں پروازوں کی بندش کے معاملے کی وجہ سے غیر ضروری اخراجات میں کمی کا فیصلہ کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے نے یورپ کے بعد برطانیہ میں تعینات عملہ اور افسران کو واپس بلانے پر غور شروع کر دیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ پابندی کے باعث لندن، برمنگھم، مانچسٹر، بریڈ فورڈ سے ایئرلائن عملے کو واپس بلایا جا سکتا ہے۔

    مجموعی طور پر برطانیہ میں پی آئی اے کا 19 کے قریب عملہ و افسران تعینات ہیں، اس عملے میں 7 سے زائد پاکستان سے پوسٹنگ پر گئے ہیں جب کہ دیگر 12 مقامی عملے ہیں، عملے کی واپسی سے پی آئی اے کو لاکھوں پاؤنڈز کی بچت ہوگی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لندن سے ایک انجینئر اور ایک پسنجر سیلز منیجر کے واپسی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    یورپ کیلئے پروازوں پر پابندی، پی آئی اے کا فیصلے کیخلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ

    ترجمان کے مطابق برطانیہ اسٹیشن سے عملے و افسران کی واپسی سے پی آئی اے کے اخراجات میں کمی واقع ہوگی، برطانیہ کی جانب سے عائد پابندی کے باعث پی آئی اے متبادل ذرایع سے آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے نے یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پروازوں پر 6 ماہ پابندی کے فیصلے کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے لیے اپیل مناسب وقت پر دائر کرے گی، قومی ایئر لائن کی جانب سے اپیل سے متعلق تیاری مکمل کی جا چکی ہے۔