Tag: پروازیں

  • یونائیٹڈ ایئر لائن کی ہزار پروازیں اچانک روک دی گئیں

    یونائیٹڈ ایئر لائن کی ہزار پروازیں اچانک روک دی گئیں

    شکاگو (07 اگست 2025): امریکا کی بڑی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئر لائن کو تکنیکی بحران کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے ملک بھر میں سیکڑوں پروازیں اچانک روک دی گئیں۔

    روئٹرز کے مطابق یونائیٹڈ ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ایک مسئلے کی وجہ سے امریکی ہوائی اڈوں پر اس کی پروازوں کو چند گھنٹوں کے لیے روکا گیا تھا، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سسٹم میں اچانک تکنیکی خرابی واقع ہو گئی تھی، جس کے باعث فلائٹ آپریشن کو معطل کرنا پڑا۔

    اے پی نیوز کے مطابق ٹیکنالوجی کے مسئلے کی وجہ سے یونائیٹڈ ایئرلائن نے بدھ کو بڑے امریکی ہوائی اڈوں پر اپنے طیارے گراؤنڈ کیے اور 1,000 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔


    امریکا کے لیے ایپل کا بڑا اعلان


    انتظامیہ کے مطابق ایئر لائن کا ’’یونیمیٹک سسٹم‘‘ متاثر ہوا تھا جو پرواز کی معلومات رکھتا ہے، اور یہ معلومات پھر دیگر سسٹمز جیسے کہ وزن اور توازن کا حساب لگانے اور پرواز کے اوقات کو ٹریک کرنے والے سسٹمز کو فراہم کی جاتی ہیں۔

    مسئلہ کیوں پیش آیا، یہ تاحال واضح نہیں ہو سکا ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسے بدھ کے آخر میں حل کر لیا گیا ہے، تاہم کچھ سروسز میں خلل آج جمعرات تک جاری رہا۔

    شکاگو کی ایئر لائن کی جانب سے ایک ای میل بیان میں کہا گیا کہ مسافروں کی حفاظت ان کی اوّلین ترجیح ہے، اور اپنے صارفین کو ان کی منزلوں تک پہنچانے کے لیے وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

    روئٹرز کے مطابق فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا سے پتا چلتا ہے کہ بدھ کو یونائیٹڈ ایئر لائنز کی 1,038 یا 34 فی صد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

  • اسرائیل کے لئے پروازیں، امریکی ایئر لائن کمپنیوں کا بڑا فیصلہ

    اسرائیل کے لئے پروازیں، امریکی ایئر لائن کمپنیوں کا بڑا فیصلہ

    واشنگٹن: ایران اور دیگر مزاحمتی گروپوں کی جانب سے اسرائیل پر ممکنہ حملے کے باعث امریکی ائیر لائن کمپنیوں نے اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل پروازوں کی تاریخ میں مزید توسیع کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل شدہ پروازوں کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے امریکا کی ڈیلٹا ائیر لائن کمپنی نے اسے 31 اکتوبر تک بڑھا دیا ہے جب کہ امریکنز ائیرلائن کمپنی نے بھی اگلے سال 29 مارچ تک اسرائیل کے لیے کوئی پرواز نا بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔

    امریکا کے علاوہ بھی مختلف ممالک کی ائیرلائن کمپنیاں اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کرچکی ہیں جن میں جرمنی کی لفتھانسا ائیرلائن، بیلجیئم کی برسلز ائیرلائن، بھارت کی ائیر انڈیا، اٹلی کی آئی ٹی اے ائیر ویز،سوئٹزرلینڈ کی سوئس ائیر لائن اور امریکا کی یونائیٹڈ ائیرلائنز شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت اور حزب اللہ کمانڈر فواد شکر کی لبنان میں اسرائیلی حملے میں شہادت کے بعد ایران، حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیل کو سبق سکھانے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی بمباری کے جواب میں مقبوضہ بولان میں حزب اللہ نے اسرائیلی فوجی بیرکس پر پچاس راکٹ داغ دیئے۔

    رپورٹ کے مطابق لبنانی تنطیم حزب اللہ کا کہنا ہے حملے میں براہِ راست فوجی بیرکس کو نشانہ بنایاگیا ہے، اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اسلحہ ڈپو پر حملہ کیا تھا۔

    انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ سے واپس امریکا روانہ، جانے سے قبل کیا کہا؟

    اسرائیل پر ممکنہ ایرانی حملے کے خطرات کے پیشِ نظر امریکا کا دوسرا طیارہ بردار یو ایس ایس ابراہم لنکن بھی مشرقِ وسطی پہنچ گیا، امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ پہلے ہی میں موجود

  • لاہور ایئرپورٹ: متعدد پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار

    لاہور ایئرپورٹ: متعدد پروازیں منسوخ، کئی تاخیر کا شکار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فنی وجوہات کی بنا پر متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوگیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن طیاروں میں کمی اور دیگر فنی وجوہات کی بنا پر متاثر ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آج روانہ ہونے والی 6 پروازیں منسوخ اور 5 تاخیر کا شکار ہیں۔

    شارجہ جانے والی پرواز پی اے 412، شارجہ سے آنے والی پرواز پی اے 413، ابو ظہبی جانے والی پرواز پی اے 430 اور ابو ظہبی سے آنے والی پرواز پی اے 431 منسوخ کردی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی اے 405 اور کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 406 بھی منسوخ کردی گئی۔

    علاوہ ازیں شارجہ جانے والی پرواز ای آر 721 تین گھنٹے، دبئی جانے والی پرواز ای آر 723 ڈھائی گھنٹے اور دبئی سے آنے والی پرواز ای آر 724 ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

  • ایمریٹس کی ایک اور شہر کے لیے پروازیں بحال

    ایمریٹس کی ایک اور شہر کے لیے پروازیں بحال

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن ایمریٹس جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن 2 اپریل سے ٹوکیو کے ہنیڈا ایئر پورٹ کے لیے اپنی سروسز دوبارہ شروع کر رہی ہے۔

    ایمریٹس کے جدید بوئنگ 777 میں سے ایک کے ذریعے آپریٹ کیے جانے والے گیم چینجر طیارے کی پرواز ای کے 312 دبئی سے 7 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوگی اور 10 بج کر 35 منٹ پر ہنیڈا پہنچے گی۔

    واپسی کی پرواز ای کے 313 ہنیڈا ایئر پورٹ سے 12 بج کر 5 منٹ پر روانہ ہوگی اور 6 بج کر 20 منٹ پر دبئی پہنچے گی۔

    وام کے مطابق ایمریٹس کی پرواز کی بحالی جاپان میں وبا کے بعد سفر اور سیاحت کی بحالی کے لیے ایئر لائن کے مسلسل تعاون کو ظاہر کرتی ہے۔

    ایمریٹس کی ہنیڈا میں بحالی سے مارکیٹ میں ایئر لائن کے آپریشنز کو مزید فروغ ملے گا۔

  • فلائی دبئی کا نئی پروازیں چلانے کا اعلان

    فلائی دبئی کا نئی پروازیں چلانے کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی نے اپنی پروازوں میں اضافے کا اعلان کردیا، اس وقت یہ ایئر لائن 108 ایئر پورٹس کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق فلائی دبئی نے آئندہ سال 2023 کے دوران 7 نئے ایئر پورٹس کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    فلائی دبئی مسافروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے باعث ماہ رواں کے دوران سلوینیا کے دارالحکومت لیویلیانا کے لیے ہر روز ایک پرواز چلارہی ہے۔

    فلائی دبئی نے لیویلیانا کے لیے اپنی پہلی پرواز 24 ستمبر 2021 سے شروع کی تھی اور ہفتے میں تین پروازیں چلائی جا رہی تھیں۔

    ایئر لائن کا کہنا ہے کہ فی الوقت افریقہ، وسطی ایشیا، قوقاز، مشرقی، جنوبی، وسطی یورپ، جی سی سی ممالک، مشرق وسطیٰ اور برصغیر ہند کے 108 ایئر پورٹس کے لیے پروازیں چلائی جارہی ہیں۔

    فلائی دبئی نے سال رواں کے دوران 20 بوئنگ 737 میکس طیارے حاصل کیے ہیں جس کے بعد اس کے کل طیاروں کی تعداد 71 ہوچکی ہے، ان میں بوئنگ 737 اور بوئنگ 737 میکس شامل ہیں۔

    فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ 2023 کے وسط تک اس کی پروازیں 115 بین الاقوامی ایئر پورٹس کے لیے جانے لگیں گی۔

  • پی آئی اے یورپی ایوی ایشن کا اعتماد بحال کرنے میں ناکام

    پی آئی اے یورپی ایوی ایشن کا اعتماد بحال کرنے میں ناکام

    کراچی: یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازیں بحال کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اعتماد بحال کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی یورپ کے لیے پروازیں بحال کرنے سے پھر انکار کردیا۔

    پاکستان سول ایوی ایشن حکام رجسٹریشن اور اوور سائٹ معاملات پر اعتماد بحال کرنے میں تاحال ناکام رہا۔

    یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے اعتماد بحال کرنے تک پاکستان کے آن سائٹ دورے سے بھی انکار کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایاسا نے کہا ہے کہ اوور سائٹ اور رجسٹریشن سے متعلق اقدامات کرنے تک پروازیں بحال نہیں کر سکتے۔

    ایاسا کا کہنا ہے کہ پاکستان سی اے اے کے ابتدائی اقدامات تک پی آئی اے کی یورپ پروازوں کی بحالی ناممکن ہے۔

    خیال رہے کہ جعلی لائسنس والے پائلٹس کے معاملے پر یورپی ایوی ایشن ایجنسی نے پی آئی اے پر جولائی 2020 سے پابندی عائد کر رکھی ہے، یورپی ممالک اور برطانیہ میں پابندی سے اب تک پی آئی اے کو 150 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔

    پی آئی اے کی یورپ میں پروازیں بحال کرنے سے قبل، ایاسا، پاکستان سی اے اے اور پی آئی اے کا آن سائٹ آڈٹ کرے گا۔

    سی اے اے حکام نے پی آئی اے کے یورپ آپریشن کی بحالی کے لیے پہلے مارچ 2021، پھر نومبر 2021، پھر مارچ 2022 اور اب نئی تاریخ مارچ 2023 دی ہے۔

    یورپی سیفٹی ایجنسی نے واضح طور پر بتا دیا ہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اعتماد بحال کرنے میں ناکام ہے اور فی الحال ایاسا کا آڈٹ کے لیے پاکستان آنے کا بھی کوئی امکان نہیں۔

    ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایاسا کے دورے سے متعلق کام کیا جارہا ہے۔

  • قطر ایئر ویز کا پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

    قطر ایئر ویز کا پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان

    کراچی: قطر ایئر ویز نے پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کردیا، لاہور، اسلام آباد اور کراچی سے روزانہ 2، 2 پروازیں جبکہ پشاور اور سیالکوٹ سے روزانہ 1، 1 پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قطر ایئر ویز نے پاکستان سے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کردیا، قطر ایئر ویز پاکستان سے ہفتہ وار 56 پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    قطر ایئر ویز کراچی اور لاہور سمیت 5 شہروں سے دوحہ کے لیے پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    قطر ایئر ویز کی لاہور، اسلام آباد اور کراچی سے روزانہ 2، 2 پروازیں جبکہ پشاور اور سیالکوٹ سے روزانہ 1، 1 پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

    لاہور سے دوحہ ہفتہ وار 14 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، ایئر لائن لاہور سے بذریعہ دوحہ 140 ممالک میں مسافروں کو رسائی دے گی۔

    قطر ایئر ویز نے پاکستان کے لیے 31 مئی 2022 تک کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔

  • مراکش نے تمام براہ راست پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کردیں

    مراکش نے تمام براہ راست پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کردیں

    مراکش نے جنوبی افریقہ اور دیگر علاقائی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے مراکش کی بری، بحری اور فضائی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مراکش میں حکام نے پیر 29 نومبر سے تمام براہ راست پروازیں 2 ہفتے کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    مراکشی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ اور دیگر علاقائی ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے مراکش کی بری، بحری اور فضائی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    مراکش کی وزارتی کمیٹی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ او میکرون کے تیزی سے پھیلنے سے بچاؤ کے لیے کیا گیا ہے، نیا وائرس افریقی اور یورپی ممالک میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔

    یاد رہے کہ مراکش سے قبل سعودی عرب سمیت متعدد عرب اور یورپی ممالک بھی پروازویں معطل کرچکے ہیں۔

    اس سے قبل بحرین، متحدہ عرب امارات، عمان اور مصر دیگر کئی ممالک کی طرح کرونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 7 افریقی ممالک سے آنے والے مسافروں پر عارضی پابندی عائد کرچکے ہیں۔

    یورپی یونین، برطانیہ اور بھارت نے بھی کرونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سخت سرحدی کنٹرول کا اعلان کیا ہے۔

    برطانیہ نے جنوبی افریقہ اور پڑوسی ممالک سے پروازوں پر پابندی لگا دی ہے اور وہاں سے واپس آنے والے برطانوی مسافروں کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    کرونا کی نئی قسم اومیکرون کا سب سے پہلے جنوبی افریقہ میں انکشاف ہوا اور اس کے بعد یہ وائرس بیلجیئم، بوٹسوانا، اسرائیل اور ہانگ کانگ میں بھی پایا گیا ہے۔

  • اندرون و بیرون ملک پروازوں کے لیے ایس او پیز کی مدت میں توسیع

    اندرون و بیرون ملک پروازوں کے لیے ایس او پیز کی مدت میں توسیع

    کراچی: ملک کے تمام ایئر پورٹس پر مسافروں کے لیے کرونا ایس او پیز کی مدت میں توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندورن و بیرون ملک پروازوں کی آمد و رفت کے لیےکرونا ایس او پیز کی مدت میں توسیع کر دی۔

    کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے جاری سفری ہدایت نامہ 5 جولائی تک نافذالعمل رہے گا، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ عرفان صابر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    کرونا ایس او پیز کا نفاذ چارٹرڈ، پرائیوٹ پروازوں سمیت بین الاقوامی پروازوں کے لیے یکساں طور پر جاری رہے گا۔

    ایس او پیز کا اطلاق 4 اپریل کو بین الاقوامی مسافروں کی آمد کے حوالے سے جاری کیٹیگریز میں شامل ممالک کے مسافروں پر بھی ہوگا۔

    وبا کی تیسری لہر، ایئر پورٹس پر اقدامات سخت

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ملک کے ایئر پورٹس پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سی اے اے کی جانب سے سخت اقدامات جاری ہیں، گزشتہ دنوں مختلف ایئر پورٹس پر 70 سے افراد پر جرمانے اور ایئر پورٹ پاسز ضبط کیے گئے۔ جرمانے نہ صرف مسافروں بلکہ محکمے کے عملے پر بھی کیے گئے۔

    ڈپٹی ڈی جی ایئر پورٹ سروس عامر محبوب کے مطابق مسافروں اور عملے پر 500 روپے فی کس جرمانہ کیا گیا تھا، اے این ایف کے اہل کاروں پر ماسک نہ پہننے پر جرمانہ کیا گیا۔

  • کن ممالک سے آنے والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ لازم نہیں؟

    کن ممالک سے آنے والے مسافروں کا کرونا ٹیسٹ لازم نہیں؟

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کرونا ایس او پیز سے متعلق اے اور بی کیٹیگری کی لسٹ میں تبدیلی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے کا کہنا ہے کہ کرونا ایس او پیز کے سلسلے میں اے اور بی کیٹیگری لسٹ میں تبدیلی کی گئی ہے جو کل 6 جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔

    سے اے اے کے مطابق کیٹیگری اے میں 23 ممالک شامل ہیں، ان ممالک سے آنے والے مسافروں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ لازم نہیں ہوگا۔

    کیٹیگری اے کے ممالک میں چین، سعودی عرب، قطر، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، سنگاپور، جنوبی کوریا، عراق، سری لنکا، ویت نام، مالدیپ، میانمار، فن لینڈ، اور کیوبا سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

    سی اے اے کے مطابق ان 23 ممالک کے علاوہ دیگر ملکوں کو کیٹیگری بی میں رکھا گیا ہے، کیٹیگری بی کے ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان آنے سے قبل کرونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا۔

    برطانیہ اور جنوبی افریقا سفری پابندیاں، حکومت پاکستان کا بڑا فیصلہ

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ دیگر ایس او پیز پر گزشتہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے برطانیہ اور جنوبی افریقا پر سفری پابندیوں میں نرمی کر دی ہے، پاکستانی پاسپورٹ کے حامل سمیت اب دوہری شہریت والے مسافر بھی پاکستان آ سکیں گے۔

    سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ ک جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ برطانیہ اور جنوبی افریقا میں مقیم قلیل مدتی ویزے والے پاکستانیوں کو سفر کی اجازت ہوگی، دوہری شہریت کے حامل مسافروں، نائیکوپ، پی او سی کارڈ ہولڈرز والے مسافر بھی پاکستان آ سکیں گے۔