Tag: پروازیں معطل

  • پاک بھارت کشیدگی: کن 3 غیر ملکی ایئر لائنز نے دونوں ملکوں کیلیے پروازیں معطل کر دیں؟

    پاک بھارت کشیدگی: کن 3 غیر ملکی ایئر لائنز نے دونوں ملکوں کیلیے پروازیں معطل کر دیں؟

    بھارت کے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر تین غیر ملکی ایئر لائنز نے دونوں ممالک کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق بھارت کے پاکستان پر حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال میں خلیجی فضائی کمپنیوں نے جنوبی ایشیا کے لیے کئی پروازیں منسوخ کر دی ہیں یا ان کا رخ تبدیل کر دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اتحاد، امارات اور قطر ایئر ویز سمیت ایئر لائنز نے دبئی، ابوظہبی اور دوحہ ہوائی اڈوں سے بھارت اور پاکستان کے ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں فوری طور پر روک دیں یا تاخیر کا شکار کر دیں۔

    اب ایمرٹس، اتحاد اور قطر ایئر ویز نے 10 مئی تک پاکستان کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔ ایمرٹس کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں پروازیں معطل کی گئی ہیں۔ صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔

    اتحاد نے کہا کہ اس نے 6 مئی کو پاکستان جانے والی پروازوں کو واپس بلایا۔ اس کے علاوہ 7 مئی کو کراچی (EY297)، لاہور (EY285) اور اسلام آباد (EY303) کے لیے پروازیں منسوخ کر دی تھیں۔

    ایئر لائنز کی ویب سائٹ کے مطابق ایمریٹس نے دبئی اور پاکستان میں سیالکوٹ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت دیگر مقامات کے درمیان پروازیں بھی معطل کر دی ہیں۔

    قطر ایئر ویز نے کہا کہ اس نے فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے پاکستان کے لیے پروازیں "عارضی طور پر معطل” کر دی ہیں۔

  • اسرائیل کیلئے انٹرنیشنل پروازیں معطل

    اسرائیل کیلئے انٹرنیشنل پروازیں معطل

    فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل پر تباہ کن حملے کے بعد امریکی اور بین الاقوامی ائیر لائنز نے اسرائیل کے لیے اپنی پروازوں کو معطل کردیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے یو ایس ائیر لائنز پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی فضائی حدود میں پرواز کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں۔

    امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ ہماری اسرائیلی شہر تل ابیب کی پروازیں اس وقت تک معطل رہیں گی جب تک کہ حالات انہیں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔

    اس کےعلاوہ امریکن ائیر لائنز نے کہا ہے کہ اس نے بھی عارضی طور پر تل ابیب آنے اور جانے والے آپریشنز کو معطل کر دیا ہے جبکہ ائیر فرانس نے بھی تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دیں ہیں۔

    واضح رہے کہ حماس کے مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فورسز کی جھڑپیں تیسرے روز بھی جاری ہیں، اسرائیل پر حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 800 سے تجاوز کرچکی ہے۔

    البتہ ایک اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت پسند تنظیم حماس کے حملوں میں 1000سے زائد اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری ہیں، 800 سے زائد فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 687 فلسطینی شہید اور 3ہزار 726 سے زائد زخمی ہوئے۔

    اسرائیلی حملوں میں 7 مساجد اور 72 رہائشی عمارتیں مکمل تباہ ہوگئیں جبکہ5 ہزار سے زائد کو نقصان پہنچا ہے، اس کےعلاوہ ملبے تلے درجنوں افراد کے دبے ہونے کاخدشہ ہے۔

  • حماس حملے کے بعد اسرائیل میں کاروبار بھی تباہ

    حماس حملے کے بعد اسرائیل میں کاروبار بھی تباہ

    یروشلم : فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل کے اندر بھرپور کارروائی کی جس کے نتیجے میں نہ صرف سیکڑوں اسرائیلی ہلاک ہوئے بلکہ اسرائیل کی مارکیٹیں بند اور کاروبار بھی تباہ ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رؤئٹر کی رپورٹ کے مطابق حماس کے حملے کے اگلے روز اتوار کو اسرائیلی اسٹاک مارکیٹ اور بانڈز کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی اور بہت سے کاروبار بند ہوگئے۔

    تل ابیب شیئر انڈیکس (ٹی اے125)، (ٹی اے35)7فیصد کم ہوگئے، جس کی وجہ سے 2.2بلین شیکلز (ڈالر573 ملین) کے کاروبار پر بینکنگ شیئرز(ٹی ای ایل بینک فائیو) میں 9فیصد کمی واقع ہوئی اور سرکاری بانڈ کی قیمتیں بھی گرگئیں۔

    اس حوالے سے لیڈر کیپٹل مارکیٹس کے چیف اکانومسٹ جوناتھن کاٹز نے کہا ہے کہ جنگی کارروائیوں کا یہ دور پچھلے ادوار سے زیادہ طویل اور شدید ہونے کی توقع ہے جس کے معیشت اور مالیاتی بجٹ پر واضح طور پر زیادہ منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

    hamas

    غزہ میں حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیل پر ہزاروں راکٹ فائر کیے جن میں سے کچھ تل ابیب تک بھی پہنچے، جس کی وجہ سے متعدد ایئر لائنز نے اسرائیل آنے اور جانے والی کئی پروازیں معطل کردیں۔

    وزیر خزانہ بزیلیل سموٹرچ نے کہا ہے کہ انہوں نے وزارت کے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ جنگ کے انتظام میں مدد کے لیے درکار بجٹ فوری طور پر فراہم کریں۔

    اس حوالے سے ترجمان بینک آف اسرائیل نے کہا ہے کہ جنگ سے ہونے والے معاشی نقصان کا فوری اندازہ لگانا مشکل ہے لیکن 2014میں غزہ میں حماس کے عسکریت پسندوں کے ساتھ 50 روزہ جنگ میں 3.5 بلین شیکل یا مجموعی جی ڈی پی کو 0.3 فیصد نقصان پہنچا تھا تاہم مرکزی بینک نے 2023اور 2024 میں 3 فیصد معاشی ترقی کی پیش گوئی کی ہے۔

    گزشتہ روز کے واقعات کے بعد تمام اسکول بھی بند تھے اور بہت سی کمپنیوں نے کارکنوں کو چھٹی دے دی تھی اس کے علاوہ سپر مارکیٹوں اور فارمیسیوں کے علاوہ زیادہ تر اسٹورز بھی بند کردیے گئے تھے۔

    اسرائیل کی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر رون ٹومر نے کہا کہ فیکٹریاں اب بھی خوراک اور دیگر ضروری مصنوعات کی کمی کے خدشات کو محدود کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں، ہنگامی حالات میں بھی اسرائیل کے باشندوں کو کسی چیز کی کمی نہیں ہوگی۔

  • عمان: سلام ایئر لائن کا بھارت کیلئے پروازیں معطل کرنے کا اعلان

    عمان: سلام ایئر لائن کا بھارت کیلئے پروازیں معطل کرنے کا اعلان

    سلام ایئر، عمان کی پہلی بجٹ ایئر لائن کی جانب سے بڑا اعلان سامنے آگیا، یکم اکتوبر سے بھارت اور وہاں سے عمان کیلئے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سلام ایئر فی الحال ہندوستان کے چار شہروں کیلئے اپنی سروس فراہم کرتی ہے، جن میں جے پور، لکھنؤ، کوزی کوڈ اور ترواننت پورم شامل ہیں۔

    یہ عمان میں موجود ہزاروں ہندوستانی تارکین وطن کے لئے ایک قابل عمل اور سستے سفر کے آپشن کے طور پر جانا جاتا ہے۔

    دبئی میں ایئر لائن کے رابطہ مرکز کا اپنے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ سلام ایئر کے فجیرہ ہوائی اڈے سے جے پور، لکھنؤ اور ترواننت پورم کے رابطے بھی پروازوں کی معطلی سے متاثر ہوں گے۔

    ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ہندوستان جانے والے سینکڑوں مسافروں کے سفری منصوبے عمان ایئر لائن کے اس اعلان کے بعد تہس نہس ہوگئے، جب انہیں ایک ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ 1 اکتوبر 2023 سے سلام ایئر پر ان کی بکنگ کالعدم ہو جائے گی۔

    مسافروں کو مبینہ طور پر بتایا گیا ہے کہ وہ اپنی بکنگ کے لیے دی گئی رقم واپس وصول کریں گے۔

    سلام ائیر کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں آپ کو یہ بتاتے ہوئے افسوس ہو رہا ہے کہ ہم یکم اکتوبر 2023 سے ہندوستان کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کررہے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ہندوستان کے لیے پرواز کے حقوق مختص کرنے کی محدودیت کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خبر آپکے لئے تکلیف دہ ہوسکتی ہے، مگر ہم اس فیصلے سے پیش آنے والی کسی بھی مشکل کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

    ہم ان تمام مسافروں کو مکمل طور پر انکی رقم کی واپسی کو یقینی بنائیں گے جنہوں نے ان مقامات کے لیے ریزرویشن پہلے سے کرائی ہیں۔ بیان کے مطابق ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پوری کوشش کی ہے کہ اس سارے عمل میں ہمارے صارفین کا خیال رکھا جائے۔