Tag: پروازیں

  • ابوظہبی سے پاکستان کے لئے پروازیں ،  اتحاد ایئرویز کا بڑا اعلان

    ابوظہبی سے پاکستان کے لئے پروازیں ، اتحاد ایئرویز کا بڑا اعلان

    کراچی : اتحاد ایئرویز نے ابوظہبی سے پاکستان کے لئے پروازوں کا شیڈول جاری کردیا ، اتحاد ائیر لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے لیے روزانہ پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اتحاد ایئرویز نے ابوظہبی سے پاکستان کے لئے اکتوبر اور نومبر میں پروازوں کا شیڈول جاری کردیا ، شیڈول ابوظہبی سے پاکستان کے 3بڑے شہروں کے لیے جاری کیا گیا۔

    اتحاد ائیر لاہور، کراچی اور اسلام آباد کے لیے روزانہ پروازیں آپریٹ کرے گی اور اس آپریشن میں بوئنگ 787 اورایئربس اے 321 طیارے استعمال کئے جائیں گے۔

    یاد رہے رواں سال جون میں اتحادایئرویز نے پاکستان سےفلائٹ آپریشن عارضی طورپر بند کرنےکافیصلہ کیا تھا ، اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سےفلائٹ آپریشن فوری طورپرمعطل کردیاگیا، ابوظبی سے پاکستان کا فلائٹ آپریشن چلتارہے گا۔

    غیرملکی ایئرلائن کی کارگوفلائٹ دوطرفہ جاری رہےگی، پاکستان کےلئےپروازوں کاجائزہ لیاجاتارہتاہے ، ٹکٹ بک کراتےوقت مسافرتفصیلات پی این آر میں درج کرائیں۔

    بعد ازان  غیر ملکی ائیر لائن اتحاد ائیرویز نے 16 جولائی سے پاکستان کے لئے اپنی پروازوں میں اضافہ کردیا تھا اور کہا تھا کہ  اتحاد ائیر ویز پاکستان کے لئے ہفتہ وار 12 پروازیں آپریٹ کرے گی، لاہور کے لئے 7 ،اسلام آباد کے لئے 2 اور کراچی کے لئے 3 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

  • ایمریٹس ایئرلائن کا کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    ایمریٹس ایئرلائن کا کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    کراچی: متحدہ عرب امارات کی ایمریٹس ایئر لائن نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ہفتہ وار پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر لائن نے رواں ماہ 8 جون سے دبئی کے لیے ہفتہ وار 14 پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں کراچی سے یومیہ ایک پرواز، اسلام آباد سے 2 اور لاہور سے 5 پروازیں روانہ ہوں گی۔

    ایمریٹس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی سے یومیہ ایک پرواز، اسلام آباد سے ہر جمعرات دو پروازیں جبکہ لاہور سے پیر.، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو پروازیں روانہ ہوں گی۔

    ایئر لائن کے مطابق ان پروازوں میں صرف ان ہی مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی جو متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے نافذ کیے داخلے اور اہلیت کے قوانین پر پورے اترتے ہوں گے ۔

    ایمریٹس ایئر لائن پاکستان سے پرواز میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے ساتھ کارگو بھی دبئی لے کر جائے گی جبکہ دبئی سے پاکستان آنے والی پروازوں پر ایئر لائن کی جانب سے صرف کارگو کو لایا جائے گا۔

  • دنیا بھر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق بڑی خوش خبری

    دنیا بھر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق بڑی خوش خبری

    لندن: عالمی ادارے آفیشل ایئرلائن گائیڈ (OAG) نے خوش خبری دی ہے کہ رواں ہفتے دنیا بھر میں 60 فضائی کمپنیاں اپنی بین الاقوامی پروازیں بحال کر دیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹس اور فضائی کمپنیوں کا ڈیٹا فراہم کرنے والے عالمی ادارے او اے جی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی پروازیں بحال ہونے جا رہی ہیں، گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے تقریباً 57 لاکھ نشستیں مہیا ہوں گی۔

    او اے جی کے مطابق اس ہفتے 2 لاکھ 67 ہزار پروازیں چلیں گی، یہ گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 16 فی صد زیادہ ہوں گی، تاہم نشستوں کی یہ گنجائش بھی کرونا کی وبا پھیلنے سے قبل کے مقابلے میں 66 فی صد کم ہوگی۔

    خیال رہے کہ فضائی کمپنیوں کے لیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ وہ ایس او پیز ہیں جن کے تحت یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کتنے مسافروں کی ریزرویشنز کرائی جائیں گی، او اے جی کے مطابق جون کا یہ پہلا ہفتہ اس سلسلے میں فیصلہ کن ثابت ہوگا تاہم موسم گرما کی بابت توقعات کے حوالے سے محتاط رویہ بھی اپنانا پڑے گا۔

    کرونا وائرس: فضائی کمپنیوں کی درمیانی نشست خالی چھوڑنے کی مخالفت

    ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ بین الاقوامی پروازوں کے سلسلے میں تاحال بے یقینی کی کیفیت برقرار ہے، فضائی کمپنیاں مسافروں کا اعتماد بحال نہیں کر سکی ہیں، جس کی وجہ وہ عوامل ہیں جو فضائی کمپنیوں کے بس سے باہر ہیں۔

    دوسری طرف مشرق وسطیٰ اور وسطی امریکا میں رواں ہفتے کے دوران پروازں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب میں بھی داخلی پروازوں کی بحالی سے فضائی سفر کی گنجائش بڑھے گی، امارات ایئر کے چیئرمین کا بھی کہنا تھا کہ آیندہ ماہ سیاح دبئی آنے لگیں گے اور پروازوں میں اضافہ ہوگا۔

    بہرحال، اس سلسلے میں کرونا ویکسین کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ہی پروازوں کی حقیقی بحالی ممکن ہو سکے گی، چیئرمین امارات ایئر نے اعتراف کیا ہے کہ آیندہ مہینے فضائی کمپنیوں کے لیے بے حد مشکل ہوں گے۔

  • سعودی عرب پروازوں کے مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا

    سعودی عرب پروازوں کے مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا

    کراچی: سعودی عرب پروازوں کے مسافروں کا سامان چھوڑنا پی آئی اے کو مہنگا پڑ گیا، سعودی عرب کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس نے پی آئی اے پر 72 ہزار ریال جرمانہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب سے پاکستان آنے اور جانے والی پروازوں کا مسافروں کا سامان چھوڑ آنا معمول بن گیا ہے، مختلف ائیر پورٹس پر مسا فروں کا سامان نہ ملنے پر احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    سعودی عرب کی گراؤنڈ ہینڈلنگ سروس نے پی آئی اے پر 72 ہزار ریال جرمانہ کر دیا ہے، دوسری طرف پی آئی اے کو دسمبر میں ایس جی ایس کو ورک آرڈر کے ذریعے ادائیگیاں کرنا پڑیں، ایس جی ایس نے یومیہ سامان کے ایک کنٹینر پر ایک ہزار ریال وصول کیے۔

    قومی ایئر لائن 80 مسافروں کا سامان جدہ ایئر پورٹ پر چھوڑ آئی

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ریاض سے مختلف شہروں میں جانے والی پی آئی اے کی پرواز روزانہ مسافروں کا سامان چھوڑ کر چلی جاتی تھی، ریا ض سے اسلام آباد پی کے 754 ستر مسافروں کا سامان چھوڑ آئی تھی، اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافر اپنے سامان کے حصول کے لیے کافی دیر سے کھڑے تھے، سامان نہ پہنچنے پر انھوں نے احتجاج شروع کر دیا۔

    ریاض ائیر پورٹ پر آج پہنچنے والی پرواز کے مسافر جن کا سامان لاہور چھوڑ دیا گیا ہے

    لاہور سے ریاض پی کے 725 بھی پچاس سے زائد مسافروں کا سامان چھوڑ کر چلی گئی تھی، ریاض ائیر پورٹ پر سامان نہ ملنے پر مسا فروں نے احتجاج کیا، چوبیس گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    ذرایع کا کہناہے کہ پی آئی اے سعودی عرب کے لیے مسلسل ائیر بس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے جس کی وجہ سے لوڈ کم کرنے کے لیے سامان نہیں بھیجا جا رہا، ریاض ائیر پورٹ پر مسافروں کا سامان جمع ہونے اور پاکستان نہ بھیجنے پر سعودی ائیر پورٹ اتھارٹی نے پی آئی اے کو وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔

  • آذربائیجان کا آیندہ سال سے پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    آذربائیجان کا آیندہ سال سے پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

    باکو: جمہوریہ آذربائیجان نے آیندہ سال سے پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آذر بائیجان نے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے سیاحوں کے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی۔

    مغربی وضع قطع کے حامل مشرقی ملک آذربائیجان میں پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو چکا ہے، نئے آسان ویزا سسٹم سے 3 مراحل میں گھر یا موبائل سے ای ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں اسلام آباد میں آذر بائیجان کے سفیر علی علیزادہ سے ملاقات کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا تھا کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں عن قریب شروع کی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  آذر بائجان کے وزیر خارجہ کا مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار

    دونوں ممالک کے درمیان ہوا بازی کے شعبے میں باہمی تعاون پر اتفاق رائے کیا گیا تھا، غلام سرور خان کا کہنا تھا پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات برادرانہ ہیں اور یہ ایک دوسرے پر بھروسے کی وجہ سے قائم ہیں۔

    سفیر علی علیزادہ نے کا کہنا تھا کہ آذربائیجان بھی پاکستان سے اپنے روابط بڑھانے پر یقین رکھتا ہے۔

    خیال رہے کہ اگست میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلۂ خیال کیا تھا، آذربائجان کے وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا، انھوں نے خطے کو کشیدگی سے بچانے کے لیے تصفیہ طلب امور کے پُر امن حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

  • پاکستان نے تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی

    پاکستان نے تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی

    اسلام آباد: پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد 27 فروری سے بند تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی، سی اے اے نے نوٹم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے نوٹم جاری کیا گیا ہے جس میں پروازوں کے لیے تمام روٹس کھولے جانے سے متعلق بتایا گیا ہے۔

    فضائی حدود کی پابندی ختم ہونے سے بھارتی طیارے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرسکیں گے، لاہور سے دہلی، بنکاک، کوالالمپور اور دیگر شہروں کی پروازیں بھی بحال ہوں گی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ابھی تک شمال سے جنوب اور جنوب سے شمال کے صرف 3 روٹ کھلے تھے لیکن اب تمام روٹس پروازوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔

    پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی طیارے مارگرائے، آئی ایس پی آر

    یاد رہے کہ رواں برس 27 فروری کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیارے کو مار گرایا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔

    پاک بھارت کشیدگی کے بعد اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، ملتان، سیالکوٹ سمیت کئی شہروں کے ہوائی اڈوں سے پروازین منسوخ کردی گئی تھیں۔ پاکستان نے غیرملکی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بھی بند کردی تھی۔

  • متحدہ عرب امارات:‌ بھارت جانے والی تمام پروازیں معطل، ایڈوائزری جاری

    متحدہ عرب امارات:‌ بھارت جانے والی تمام پروازیں معطل، ایڈوائزری جاری

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھارت جانے والی تمام پروازوں کو معطل کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے جنرل برائے فضائی امور (سول ایوی ایشن اتھارٹی) نے شہریوں اور بھارت جانے والی پروازوں کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی۔

    سول ایوی ایشن کے سربراہ نے بھارت جانے والی تمام پروازوں کو تاحکم ثانی بند رکھنے کی ہدایت کی جبکہ پاکستان کے پانچ شہروں میں بھی متحدہ عرب امارات کی کوئی پرواز آئندہ چند دنوں تک لینڈ نہیں کرے گی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بدھ کے روز اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث شہری سفر کرنے سے اجتناب کریں۔

    مزید پڑھیں: کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن جزوی بحال

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ پاکستان کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔  حکام کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ملک کے شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی۔

    یاد رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد عسکری قیادت الرٹ ہوگئی تھی تاہم آج صبح جب بھارتی فضائیہ نے دوبارہ دراندازی کی کوشش کی تو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دو بھارتی طیاروں کو تباہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا زندہ پکڑا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان پر حملہ ڈرامہ تھا، پلوامہ حملہ میں مارے جانے والے فوجی کی والدہ کا بیان

    بھارت کی ممکنہ شر انگیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے 28 فروری کی رات تک تمام بڑے شہروں میں واقع ہوائی اڈوں سے فلائٹ آپریشن معطل کیا جبکہ کچھ دیر قبل کراچی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال بھی ہوا۔ بھارت نے بھی اپنے تمام شہروں میں غیرمعینہ مدت تک فلائٹ آپریشن معطل کردیا جس کے باعث سیکڑوں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • لندن : گیٹ وک کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ پر بھی مشکوک ڈرونز کی پرواز، فوج طلب

    لندن : گیٹ وک کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ پر بھی مشکوک ڈرونز کی پرواز، فوج طلب

    لندن : برطانوی حکام نے ہیتھرو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مشکوک ڈرون کی پرواز کے بعد تفتیس کے لیے فوج کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے گیٹ وک ایئرپورٹ کے بعد دارالحکومت لندن کے قریب واقع مصروف ترین عالمی ہوائی اڈے ہیتھرو پر بھی مشکوک ڈرون کو پرواز کرتے دیکھا گیا تھا۔

    ہیتھرو ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے مشکوک ڈرونز کی پرواز کے بعد پروازیں منسوخ کردیں تھی جبکہ تحقیقات میں پولیس کی معاونت کےلیے برطانوی فوج کو بھی طلب کرلیا ہے۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ مشکوک ڈرون کی ایئرپورٹ پر پرواز کے خلاف ’مکمل کرمنل انویسٹی گیشن‘ ہوگی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ حکام کی جانب سے ایک گھنٹے کے لیے مغربی لندن کے ہوائی اڈے پر پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔

    ہیتھرو ایئرپورٹ کی انتظامیہ میٹروپولیٹن پولیس کے ہمراہ حالات کو دیکھ رہی ہے اور پروازوں کی منسوخی کے باعث متاثر ہونے والے مسافروں سے معذرت کرلی ہے۔

    برطانیہ کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ’ہم نے میٹروپولیٹین پولیس کی درخواست پرخصوصی سامان اور فوجی دستے ہیتھرو ایئرپورٹ پر تعینات کردئیے ہیں‘۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے ایئرپورٹ کے ارد گرد کے علاقوں میں واقعے میں ملوث افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پرغیرقانونی طور پر ڈرون اڑانا انتہائی خطرناک ہے، یہ اقدام طیاروں کےلیے شدید نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں، مشکوک ڈرونز اڑانے میں جو بھی ملوث پایا گیا اسے عمرقید کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : گیٹ وک ایئرپورٹ: ڈرون سے ملنے والے فنگر پرنٹ کی مماثلت نہ ہوسکی

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل لندن کے انٹرنیشنل گیٹ وک ایئرپورٹ پر دو مشکوک ڈرونز کی پروازوں کے باعث مسلسل 36 گھنٹے تک پروازیں منسوخ رہی تھیں، جس کے باعث ڈیڑھ لاکھ مسافر متاثر ہوئے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق مشکوک ڈرونز کو کنٹرول کرنے پولیس کی ناکامی کے بعد حکومت نے فوج کی خدمات حاصل کی تھیں۔

    خیال رہے کہ ایئرپورٹ انتظامیہ نے گیٹ وک آنے والی پروازوں کا رخ ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا تھا، جن میں لندن ہیتھرو، لوٹن، برمنگھم، گلاس گلو اور مانچیسٹر بھی شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں : لندن: ڈرون اڑانے کے الزام میں گرفتار جوڑے کو عدم شواہد پر رہا کردیا گیا

    یاد رہے کہ سینتالیس سالہ پاؤل گئیت،57 سالہ ایلائنی کرک کو برطانوی پولیس نے شک کی بنیاد پر جمعے کی شب 10 بجے گرفتار کیا تھا جنہیں ثبوت کی عدم موجودگی کے باعث رہا کردیا گیا تھا۔

  • سعودی ایئرلائنزنے ٹورنٹو کےلیے تمام پروازیں معطل کردیں

    سعودی ایئرلائنزنے ٹورنٹو کےلیے تمام پروازیں معطل کردیں

    ٹورنٹو: سعودی عرب کی جانب سے کینیڈا کے سفیر کو ملک بدرکرنے بعد ٹورنٹو کے لیے تمام فلائٹس معطل کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے کینیڈا کے سفیر کونا پسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کے حکم کے بعد سعودی ایئرلائنز نے ٹورنٹو کے لیے تمام پروازیں بند کردیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا میں اسکالرشپ، تربیتی اورفیلوشپ پروگرام معطل کیے جا رہے ہیں اور یہ پروگرام کسی اور ملک میں منتقل کیے جائیں گے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے ساتھ تمام نئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے معاہدے بھی ختم کررہا ہے۔

    ادھرکینیڈا نے سعودی عرب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

    سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈا نے سعودی عرب میں انسانی حقوق کے کارکنوں کی گرفتاری پرتشویش کا اظہار کیا تھا۔

    سعودی عرب کا کینیڈا کےسفیرکوملک چھوڑنےکا حکم

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے کینیڈا کے سفیر کونا پسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 24 گھنٹوں میں ملک چھوڑے کا حکم دیا تھا۔

    سعودی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اندورنی معاملات میں مداخلت قبول نہیں کی جاسکتی، گرفتاریاں قانون کے مطابق مجازاتھارٹی کی جانب عمل میں لائی گئیں۔

    سعودی عرب: انسانی حقوق کی دو سرگرم خواتین کارکن گرفتار

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں انسانی حقوق باالخصوص خواتین کےلیےآوازاٹھانے والی دو سرگرم خواتین کو گرفتارکیا گیا تھا۔

  • سسٹم میں خرابی‘ یورپ کی نصف سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار

    سسٹم میں خرابی‘ یورپ کی نصف سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار

    برسلز: یورو کنٹرول کے سسٹم میں خرابی کے باعث پورپ کی نصف سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ کے فضائی ٹریفک کی ذمہ دار ایجنسی یورو کنٹرول کے کمپیوٹرنظام میں خرابی کے باعث یورپی ممالک کے ہوائی اڈوں پر ہزاروں مسافروں کودشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

    یورو کنٹرول کے مطابق جدید ٹیکٹیکل فلو مینجمنٹ سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی تھی جسے ٹھیک کرلیا گیا ہے۔ یہ نظام یورپ میں فضائی ٹریفک کی طلب کا پتہ لگاتا ہے اور پھر اس کا انتظام کرتا ہے۔

    یورو کنٹرول کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اس سسٹم کے تحت یورپ میں روزانہ 36 ہزار پروازوں کی آمدورفت کو کنٹرول کیا جاتا ہے اور گزشتہ روز جب سسٹم میں خرابی ہوئی اس وقت 29 ہزار 500 پروازیں شیڈول تھیں۔

    یورو کنٹرول کے ترجمان نے سسٹم میں خرابی کے باعث ایئرلائنز اور مسافروں کو پیش آنے والی مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پہلے کبھی اس قسم کی صورت حال کا سامنا نہیں ہوا۔

    خیال رہے کہ یورپی ممالک کے فضائی نظام میں خرابی ایسٹر کے تہوار کے بعد ہوئی جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    فضائی نظام میں خرابی کے علاوہ فرانس میں انہیں ریل پر سفرکے حوالے سے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ وہاں ملازمین نے فرانسیسی صدرایمانوئل میکرون کی اصلاحات کے خلاف ہڑتال کررکھی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔