Tag: پرواز تاخیر کا شکار

  • خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار

    خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار

    کراچی : خاتون مسافر کی بد تمیزی کے باعث پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی، مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے304 کو اس وقت ٹیک آف پوائنٹ سے واپس لانا پڑا جب خاتون مسافر کی بدتمیزی کے باعث دیگر مسافروں نے طیارے میں شور شرابہ شروع کردیا جس پر کپتان نے طیارے کو واپس جیٹی پر لگادیا اور خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔

    تین بجے روانہ ہونے والی پرواز کو اکانومی کلاس کی سیٹ نمبر ایف تھری سے خاتون مسافر کی وجہ سے واپس لایا گیا، اکانومی کلاس کی سیٹ نمبر ایف تھری میں موجود خاتون اپنے نومولود بچے کے ساتھ اکانومی پلس میں جا بیٹھی۔

    جہاز کے عملے اور کپتان نے خاتون مسافر کو اپنی نشست پر واپس جانے کی ہدایت کی تو مذکورہ خاتون مسافر نے اکانومی کلاس میں واپس جانے سے انکار کردیا۔

    عملے کے اسرار پر خاتون مسافر نے عملے سے بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ خاتون مسافر دو دن کا نومولود بچہ لے کر سفر کررہی تھی۔

    پی آئی اے کے عملے نے جب بچے کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جس پر بھی خاتون نے انکار کردیا، خاتون مسافر کی ضد کے باعث ڈیڑھ سو مسافر جہاز کی روانگی کے منتطر رہے۔

    بعد ازاں برتھ سرٹیفکیٹ نہ دکھانے پر پرواز کو ٹیک آف پوائنٹس سے واپس کردیا گیا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پرواز کی روانگی میں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر ہوئی، بعد ازاں مسافر خاتون کو نومولود بچے سمیت آف لوڈ کردیا گیا۔

  • ڈی جی سول ایوی ایشن نے جہاز کو سیر کے لیے کیوں استعمال کیا؟ نیب نے نوٹس لے لیا

    ڈی جی سول ایوی ایشن نے جہاز کو سیر کے لیے کیوں استعمال کیا؟ نیب نے نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: چیئرمین نیب نے ڈی جی سول ایوی ایشن کے خلاف شکایات کی جانچ کا حکم دے دیا، جہاز کو سیر کے لیے استعمال کرنے پر رپورٹ طلب کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے اسکردو میں پی آئی اے کی ائیر سفاری کی پرواز میں غیر معمولی تاخیر میں ڈی جی سی اے اے حسن بیگ کے ملوث ہونے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایئر پورٹ پر مسافروں کے اڑھائی گھنٹے اذیت ناک انتظار پر ملنے والی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی، شکایات سی اے اے اور پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف کی گئی ہیں۔

    چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا ’بتایا جائے ایئر سفاری کو نانگا پربت پر کیسے لے جایا گیا۔‘ نیب نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی کارکردگی قوم کی امنگوں کے برعکس ہے، پی آئی اے ترقی کی بہ جائے تنزلی کی طرف جا رہا ہے، قومی سرمائے کی حفاظت نیب کی ذمہ داری ہے۔

    اسکردو: پی آئی اے کی پرواز میں تاخیر، مسافر سراپا احتجاج، عدالت کا نوٹس

    واضح رہے کہ اسکردو ایئر پورٹ پر پی آئی اے نے پرواز کی تاخیر کو موسم کی خرابی قرار دیا تھا، وی آئی پی فلائٹ کو موسم کی خرابی بتا کر مسافروں کو گھنٹوں انتظار کروایا گیا، مذکورہ پرواز میں ڈی جی سول ایوی ایشن حسن بیگ بھی موجود تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔