Tag: پرواز

  • طیارے میں مسافروں کو داخل ہوتے وقت خوش آمدید کہنے کا راز کیا ہے؟

    طیارے میں مسافروں کو داخل ہوتے وقت خوش آمدید کہنے کا راز کیا ہے؟

    فضائی سفر کرنے والےجانتے ہیں کہ جب وہ طیارے میں داخل ہوتے ہیں تو پرواز کا خوش شکل اور خوش گفتار عملہ انھیں مٹیھی زبان میں خوش آمدید کہنے کے لیے کھڑا ہوتا ہے۔

    لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ طیارے کے عملے کا مقصد صرف خوش آمدید کہنا ہی نہیں ہوتا بلکہ وہ آپ کی باڈی لینگوئج دیکھ کر آپ کے بارے میں ایک اہم فیصلہ بھی کرتے ہیں۔

    اس سلسلے میں امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک ایئر ہوسٹس کیٹ کمالانی نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں انھوں نے خوش آمدید کہنے کا اصل راز افشا کیا، اور اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

    امریکی ایئر ہوسٹس نے بتایا کہ جب مسافر طیارے میں اندر آتے ہیں تو عملہ انھیں خوش آمدید کہتے ہوئے یہ جانچنے کی کوشش کرتا ہے کہ کیا وہ کسی بھی ایمرجنسی کی حالت میں عملے کی مدد کر سکیں گے یا نہیں۔

    کیٹ کمالانی نے کہا جب آپ طیارے میں داخل ہوتے ہیں تو ہمارے مسکراتے چہرے ہی دیکھ پاتے ہیں، لیکن ہماری آنکھیں آپ کو اوپر سے نیچے تک دیکھ کر جاننے کی کوشش کرتی ہیں کہ جسمانی طور پر آپ کس قابل ہیں، یعنی کیا آپ اے بی پی (ایبل باڈی پرسن ) ہیں یا نہیں، وہ افراد جو ایمرجنسی میں عملے کی مدد کر سکتے ہیں۔

    @katkamalaniYou would never guess the last part… #secretsrevealed #traveler #momsontiktok #flightcrew #travelhacks

    ♬ SUNNY DAY – Matteo Rossanese

    اے بی پی کے اہل افراد میں فوجی اہل کار، پائلٹس، فائر فائٹر اور ڈاکٹروں کو شامل کیا جاتا ہے جو میڈیکل ایمرجنسی یا ہنگامی لینڈنگ یا کسی قسم کی سیکیورٹی صورت حال میں مدد کرسکتے ہیں۔

    ایئر ہوسٹس نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جب آپ طیارے میں اندر چلنے لگتے ہیں تو بھی فضائی عملہ اے بی پیز کی اسکیننگ کر رہا ہوتا ہے۔

    کیٹ کمالانی کا کہنا تھا کہ طیارے کا عملہ مشاق ہوتا ہے، وہ کسی فرد کو دیکھ کر اس کے پیشے سے متعلق جان لیتا ہے، جب کہ کچھ مسافر خود بھی عملے کو بتا دیتے ہیں کہ میں ڈاکٹر ہوں، ضرورت پڑنے پر موجود ہوں گا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ عملے کے افراد انسانی ٹریفکنگ کی نشانیوں کو دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، مسافروں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہوتی ہے، اس لیے ان چیزوں کو دیکھتے ہیں جو نظر آتی ہیں۔

  • کرونا وبا کے دوران منسوخ ہوجانے والی پروازوں کے حوالے سے السعودیہ کی وضاحت

    کرونا وبا کے دوران منسوخ ہوجانے والی پروازوں کے حوالے سے السعودیہ کی وضاحت

    ریاض: سعودی عرب کی ایئر لائن السعودیہ کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران منسوخ ہوجانے والی پروازوں کا ٹکٹ ایک سال تک مؤثر رہے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین ایئر لائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ ہنگامی حالات میں ٹکٹ کی میعاد سفر کی تاریخ سے ایک سال کے لیے بڑھا دی جاتی ہے۔

    السعودیہ نے یہ بات ایک شہری کے استفسار پر بتائی جس نے دریافت کیا کہ کرونا وبا کی وجہ سے منسوخ ٹکٹ کے بدلے جاری ہونے والے ٹکٹ کی میعاد کتنی ہوگی، آیا اجرا کی تاریخ سے ایک برس شمار کیا جائے گا یا پرواز کی تاریخ سے ایک سال شمار کیا جائے گا۔

    السعودیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عام حالات میں ٹکٹ اجرا کی تاریخ سے ایک سال تک مؤثر رہتا ہے۔

    جہاں تک وبا کے دوران منسوخ کی جانے والی پروازوں سے متعلق پالیسی کی بات ہے تو یہ پروازیں مجبوراً منسوخ کی گئی ہیں ان پر ہنگامی حالات کا ضابطہ نافذ ہوگا۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے ٹکٹ سفر کی تاریخ سے ایک برس تک مؤثر ہوں گے۔

    السعودیہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ جو لوگ کرونا وائرس وبا کے باعث سفری ہدایات اور پابندی کی تفصیلات جاننا چاہتے ہوں وہ السعودیہ کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

  • کوویڈ 19 نے دوران پرواز امریکی خاتون کی جان لےلی

    کوویڈ 19 نے دوران پرواز امریکی خاتون کی جان لےلی

    واشنگٹن : کرونا وائرس کا شکار امریکی خاتون فضائی سفر کے دوران کی انتقال کرگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس میں مبتلا خاتون کی موت کا واقعہ لاس ویگاس سے ڈلاس فضائی سفر کے دوران 24 جولائی کو پیش آیا۔

    امریکی ریاست ٹیکساس کی رہائشی خاتون جولائی کے اختتام پر لاس ویگاس سے ڈلاس جارہی تھی کہ اچانک 38 سالہ خاتون کی بے ہوش ہوگئی اور پھر ان کی سانسیں اکھڑنا شروع ہوگئی۔

    طیارے کے عملے نے خاتون کی بگڑتی حالت دیکھ کر پرواز کا رخ ڈلاس کے بجائے البروک کی جانب موڑ دیا جہاں لینڈ کرتے ہی ریسکیو اہکاروں نے خاتون کی سانسیں بحال کرنے کی کوشش کی تاہم وہ موت کی نیند سوگئیں۔

    امریکی شہر میکسیکو کے حکام نے خاتون کی موت پر تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ خاتون کرونا وائرس میں مبتلا تھی جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔

  • ٹریفک جام سے نجات، مسافروں کے لیے فضائی ٹیکسی کی سہولت

    ٹریفک جام سے نجات، مسافروں کے لیے فضائی ٹیکسی کی سہولت

    بیجنگ: چین نے بغیر پائلٹ کا فضائی ٹیکسی تیار کرلیا جو شہریوں کو ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات دلانے کے علاوہ تیزرفتار اور آرام دہ فضائی سہولت فراہم کرے گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’ای ہینگ‘ نامی چینی کمپنی نے اڑنے والی ٹیکسی تیار کرلی ہے تاہم اسے تین سال بعد عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی جائے گی، چین میں یہ واحد فضائی ٹیکسی سروس ہوگی جو بغیر پائلٹ کے اڑان بھرے گی اور مسافروں کو مقررہ مقام تک پہنچائے گی۔

    رپورٹ کے مطابق ایک وقت میں تقریباً 2 مسافر سفر کرسکیں گے، فضائی ٹیکسی 80 میل فی گھنٹا کی رفتار سے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چینی انجینئرز اور ماہرین نے سفری سہولت میں اسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹیکسی جدید ٹیکنالوجی سے لیز ہے جس کا استعمال موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے کیا جاسکے گا جس طرح سڑکوں پر چلنے والی اوبر ٹیکسی کے لیے کرتے ہیں۔

    ’مقررہ مقام اور موجودہ پتا اپیلیکیشن پر ڈالنے سے فضائی ٹیکسی ازخود مسافر کے پاس پہنچ جائے گی۔ سفر کے دوران سیٹ کے آگے ٹیب کی سہولت بھی میسر ہوگی جس سے مسافر لطف اندوز ہوسکے گا‘۔

    کمپنی نے مزید بتایا کہ ٹیکسی میں نیا ملٹی میڈیا سسٹم نصب ہے جو متعدد اسمارٹ اقسام کی ٹیکنالوجی کو مربوط کرتا ہے جن میں ٹریول انفارمیشن، میڈیا کنٹرول، سیٹلائٹ نیویگیشن اور فلائٹ میڈیا شامل ہیں۔

  • دوران پرواز خاتون مسافر ماں‌ بن گئی

    دوران پرواز خاتون مسافر ماں‌ بن گئی

    دوحہ: قطر ایئرلائن کی پرواز کے دوران خاتون مسافر نے بچے کو جنم دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے پرواز کے دوران شیرخوار کو جنم دیا۔ طیارہ قطری دارالحکومت دوحہ سے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک جارہا تھا۔

    زچکی دوران جہاز کے عملے نے ایک ڈاکٹر کی مدد سے بچے کی پیدائش کو یقینی بنایا، نازک صورت حال کے پیش نظر طیارے کی بھارتی شہر کولکاتا میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی جہاں نومولود بچے سمیت ماں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

    قطر ایئرلائن کے ترجمان نے وضاحت کی کہ طیارہ دوحہ سے بنکاک جارہا تھا تاہم خاتون کی زچکی کے بعد طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھارتی شہر کولکاتا میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی جس پر ایئرلائن مسافروں سے معذرت خوا ہے۔

    شیرخوار بچے سمیت خاتون کو کالکاتا میں مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی، اس وقت دونوں روبہ صحت ہیں۔ خیال رہے کہ دوران پرواز بچوں کی پیدائش کا واقعہ نیا نہیں اس سے قبل متعدد بار ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں بھی ایک خاتون نے نجی ایئرلائن میں بچی کو جنم دیا تھا۔

  • ملتان کا مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ پرواز ہی میں چھوڑ گیا

    ملتان کا مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ پرواز ہی میں چھوڑ گیا

    ملتان: دوحہ سے آنے والی پرواز میں مسافر زیورات سے بھرا پاؤچ چھوڑ گیا، تاہم ملتان ائیر پورٹ پر سی اے اے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ائیر پورٹ پر گزشتہ روز سی اے اے نے ایمان داری کی ایک اور مثال قائم کر دی ہے، مسافر کا قیمتی پاؤچ جو وہ پرواز ہی میں چھوڑ گیا تھا، واپس کر دیا گیا۔

    قطر ایئر ویز کی پرواز QR 618 دوحہ سے ملتان ایئر پورٹ پہنچی تو غلام نبیل نامی مسافر اپنے کالے رنگ کا پاؤچ پرواز ہی میں بھول گیا، جس میں موبائل فون، سونے کے زیورات اور شناختی کارڈ موجود تھا۔

    ملتان ایئرپورٹ پر ٹرمینل منیجر مسافر غلام نبیل کو ان کا پاؤچ حوالے کر رہے ہیں

    ایئر پورٹ ذرایع کا کہنا ہے کہ شفٹ کے اے پی ایس سپروائزر ثمر خان کو جہاز کلیئرنس کے دوران کالے رنگ کا ایک پاؤچ ملا تھا، جو انھوں نے حکام کے حوالے کیا۔ شناختی کارڈ سے مسافر کی نشان دہی ہونے کے بعد اس کے لیے اناؤنسمنٹ کی گئی جس پر مسافر غلام نبیل کاؤنٹر پر پہنچا۔

    سول ایوی اتھارٹی کے عملے نے ایک بار پھر ایمانداری کی مثال قائم کردی

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹرمینل منیجر عبد الماجد کی موجودگی میں مسافر غلام نبیل کو ان کا بھرا ہوا قیمتی پاؤچ لوٹایا گیا۔

    دوسری طرف کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھی دبئی جانے والا مسافر ڈالروں سے بھرا پرس بھول گیا، مسافر فہیم یوسف غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز EK 603 کے ذریعے دبئی جا رہا تھا، اے ایس ایف کے کاؤنٹر پر سرچ کے دوران پرس بھول گیا، جس میں 5000 امریکی ڈالر اور دیگر چیزیں موجود تھیں۔ تاہم اے ایس ایف کے سب انسپکٹر نے مسافر کو بین الاقوامی ڈپارچر لاؤنچ میں تلاش کر کے پرس حوالے کر دیا۔

    خیال رہے کہ ملک کے متعدد ایئرپورٹس پر اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے کی ایمان داری سامنے آئی، اور مسافروں کی جانب سے ان کا بھولا ہوا قیمتی سامان انھیں واپس کیا گیا۔

  • دوران پرواز بچھو نکلنے پر کھلبلی مچ  گئی

    دوران پرواز بچھو نکلنے پر کھلبلی مچ گئی

    سان فرانسسکو: امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائن کی پرواز میں زندہ بچھو نکلنے پر کھلبی مچ گئی، بچھو نے خاتون کو متعدد بار ڈنگ مارا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سان فرانسسکو سے اٹلانٹا جانے والی پرواز میں سوار ایک خاتون کو اچانک پاؤں میں کچھ چپکا ہوا محسوس ہوا اور جلن ہونا شروع ہوئی، تکلیف بڑھنے پر خاتون نشست سے اٹھی اور ریسٹ روم میں جا کر چیک کیا تو ایک زندہ بچھو پتلون سے گرا۔

    خاتون اور عملہ زندہ بچھو دیکھ کر چونک گیا اور کھلبی مچ گئی ، مسافروں نے چیخ و پکار شروع کردی جس سے صورتحال گھمبیر ہوگئی۔

    عملے نے پیشہ وارانہ فرائض انجام دیتے ہوئے بچھو کو پکڑ لیا اور متاثرہ خاتون کو طبی امداد دی، خاتون کو کئی بار بچھونے ڈنگ مارا تاہم خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا۔

    طیارہ لینڈ ہونے پر ڈاکٹرز نے زخموں کا معائنہ کیا اور طبی امداد دینے کے بعد متاثرہ خاتون کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔

  • ایئر ٹریفک کنٹرولر کی مہارت نے نجی طیارے کو حادثے سے بچا لیا

    ایئر ٹریفک کنٹرولر کی مہارت نے نجی طیارے کو حادثے سے بچا لیا

    کراچی: نور خان ایئر بیس سے اڑنے والے خصوصی نجی طیارے میں دوران پرواز خرابی پیدا ہوگئی تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کمال مہارت سے طیارے کو کنٹرول کرتے ہوئے اسے حادثے سے بچالیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے خصوصی نجی طیارے کو حادثے سے بچالیا۔ نجی طیارے نے نور خان ایئر بیس سے لاہور کے لیے اڑان بھری تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے اڑان بھرنے کے 10 منٹ بعد اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی جس کے بعد کپتان کا ایئر ٹریفک کنٹرولر سے اچانک رابطہ منقطع ہوگیا، طیارہ ریڈار سے بھی غائب ہوگیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کے الیکٹرک سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا تاہم سی اے اے کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے مہارت سے طیارے کو کنٹرول کیا۔ طیارے کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے میں ایک اہم شخصیت سوار تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی میں ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک غیر ملکی طیارے کو بڑے حادثے سے بچایا تھا۔

    غیر ملکی ایئر لائن کی مذکورہ پرواز ڈبلیو وائی 276 نے بھارتی شہر جے پور سے مسقط کے لیے اڑان بھری تاہم سندھ کے علاقے چھور کے مقام پر آسمانی بجلی کی زد میں آگئی۔

    اس موقع پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے کمال مہارت کے ساتھ طیارے کے عملے سے رابطہ بحال رکھا اور مکمل رہنمائی کرتے ہوئے طیارے کو حادثے سے بچایا، طیارے میں 150 مسافر سوار تھے۔

  • دوران پرواز  مسافر کی  روح  پرواز  کر  گئی

    دوران پرواز مسافر کی روح پرواز کر گئی

    سیالکوٹ: لندن سے سیالکوٹ آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی بین الاقوامی پرواز میں مسافر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 778 لندن سے سیالکوٹ آرہی تھی کہ اس دوران مسافر کو دل کی شدید تکلیف ہوئی اور وہ حرکت قلب بند ہونے سے دم توڑ گیا۔

    سیالکوٹ ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ مسافر خالد پرویز پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہے جو لندن سے سیالکوٹ آنے والی پی آئی اے کی پرواز میں سوار تھا، خالد پرویز کو دوران پرواز دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

    حکام نے میت کو ضابطے کی ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا اور اہل خانہ میت لے کر آبائی شہر جہلم روانہ ہوگئے۔

    واضح رہے کہ عمومی طور پر دوران پرواز مسافر کی طبیعت بگڑنے یا پھر کسی بھی ناگہانی کی صورت میں طیارے کو قریب ترین ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرائی جاتی ہے تاکہ انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

    ماضی میں بھی ایسے واقعات سامنے آئے ہیں جس میں دوران پرواز مسافر کی حالت بگڑنے پر طیارے کو فوری طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کروا کے متاثرہ شخص کو طبی امداد دی گئی۔

  • روسی سرحد کے قریب امریکی جاسوس طیارے کی پرواز

    روسی سرحد کے قریب امریکی جاسوس طیارے کی پرواز

    ماسکو: امریکا کے جاسوس طیارے نے روسی سرحد کے قریب پرواز کی ہے، امریکی جاسوس طیارے لاکہیڈ ای پی تھری ای اورین نے یونانی جزیرہ کرٹ سے اڑان بھری تھی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے جاسوس طیارے روسی وزارت دفاع کے انتباہ کے باوجود روس کی سرحد کے قریب جاسوسی میں مشغول ہیں، امریکا کے جاسوس طیارے لاکہیڈ ای پی تھری ای اورین نے کریمیا میں روسی سرحد کے قریب پرواز کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی جاسوس طیارے نے یونانی جزیرہ کرٹ سے اڑان بھری تھی۔

    واضح رہے کہ ان دنوں امریکہ اور روس کے مابین کشیدگی بڑھ گئی ہے اور امریکا نے سرد جنگ کے زمانے میں روس سے کیے گئے ہتھیاروں کی بندش کے معاہدے سے دست برداری کا اعلان کر دیا جس کے بعد خطے میں جدید اور خطرناک اسلحے کی نئی دوڑ کے آغاز کے امکانات قوی ہوگئے۔

    امریکا کی جانب سے روس کے ساتھ 1987میں کیے گئے معاہدے انٹرمیڈیٹ نیوکلئیر فورسز ٹریٹی(آئی این ایف)سے دست برداری کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا گیا ہے، چھ ماہ قبل امریکا نے اس معاہدے کو معطل کرکے معاہدے سے مکمل طور پر انخلا ءکے لیے اقدامات کا آغاز کر دیا تھا۔