Tag: پروٹوکول

  • فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر پروٹوکول توڑنے پر اسکواڈ سے باہر

    فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر پروٹوکول توڑنے پر اسکواڈ سے باہر

    لندن: انگلش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر کو پروٹوکول توڑنے پر اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر بائیو سیکیور حصار توڑنے پر ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ جوفرا آرچر کو پانچ دن تک آئسولیشن میں رہنا ہوگا، آئسولیشن کی مدت کے بعد اُن کو منفی ٹیسٹ آنے پر اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔

    جوفرا آرچر نے کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے بنائے بائیو سیکیور رولز کی خلاف ورزی پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غلطی کی وجہ سے تمام کھلاڑی اور سپورٹنگ اسٹاف مشکل میں پڑ گئے۔

    فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے پر افسوس ہے۔آرچر نے دوبارہ ایسی غلطی نہ کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔

    یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے کرونا وائرس کے باعث 4 ماہ کے تعطل کے بعد ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی ہے۔

  • لاہور جنرل اسپتال میں بیوروکریٹس اور سیاست دانوں کا پروٹوکول علاج بند کرنے کا اعلان

    لاہور جنرل اسپتال میں بیوروکریٹس اور سیاست دانوں کا پروٹوکول علاج بند کرنے کا اعلان

    لاہور: ینگ ڈاکٹرز نے جنرل اسپتال میں بیوروکریٹس اور سیاست دانوں کا پروٹوکول علاج بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وائی ڈی اے کے صدر ڈاکٹر عمار نے کہا ہے کہ کسی سیاست دان یا بیوروکریٹ کا پروٹوکول نہیں مانیں گے، انھیں اسپتال آنا ہے تو عام شہری بن کر آئیں۔

    ینگ ڈاکٹرز نے حکومت کو رسک الاؤنس نہ ملنے پر کام بند کرنے کا الٹی میٹم بھی دے دیا، ڈاکٹر عمار کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے تک رسک الاؤنس نہ دیا گیا تو اسپتالوں میں کام بند کر دیں گے۔

    قبل ازیں، لاہور جنرل اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، ینگ ڈاکٹرز نے حکومتی وزرا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے حوالے سے ہر حکومتی فیصلہ غلط ثابت ہوتا رہا ہے، وزیر صحت نے کبھی وبا کے دوران اسپتالوں کا دورہ نہیں کیا، فواد چوہدری کو ڈاکٹروں کے خلاف بیان دینے پر شرم آنی چاہیے۔

    صدر وائی ڈی اے لاہور جنرل اسپتال ڈاکٹر عمار نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا مقصد او پی ڈیز کھولنے کے حکومتی فیصلے کے حوالے سے ہے، کرونا کے حوالے سے ہر حکومتی فیصلہ غلط ثابت ہوتا رہا ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق پنجاب میں کرونا ہے ہی نہیں، وزیر اعظم اسے عام نزلہ زکام کہہ رہے ہیں، یاسمین راشد ذات کے لیے وزیر بنیں، وائی ڈی اے ختم کرنا ان کا مشن ہے، حکومتی وزرا کا کام بکواس کرنا رہ گیا ہے۔

    انھوں نے کہا اب جنرل اسپتال میں وزیر، مشیر یا بیوروکریٹ کا علاج نہیں کریں گے، ایس او پیز پر عمل درآمد ہوئے بغیر او پی ڈیز میں کام نہیں کریں گے، حکومت اپنی ناکامی اور نااہلی ہم پر ڈالنا چاہتی ہے، حکومت ایڈہاک پر ڈاکٹر بھرتی کرے تاکہ کرونا وارڈ چلائے جا سکیں۔

    صدر وائی ڈی اے کا کہنا تھا ہیلتھ پروفیشنلز کا خیال رکھا جائے، جنرل اسپتال کے 60 ڈاکٹروں سمیت 100 سے زائد ہیلتھ پروفیشنلز کرونا کا شکار ہو چکے ہیں، رسک الاونس تمام ہیلتھ پروفیشنلز کے لیے ہونا چاہیے، 1400 ارب کا کرونا فنڈ صحیح جگہ پر استعمال نہیں ہوا، ایک ہفتے میں رسک الاؤنس نہ دیا گیا تو کام نہیں کریں گے۔

    جنرل سیکریٹری وائی ڈی اے پنجاب ڈاکٹر قاسم اعوان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت ڈاکٹروں کے مطالبات پورے نہیں کر رہی، ہم آزاد کشمیر کی حکومت اور وزیر اعظم سے ان کے مطالبات پوری کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، اسپتالوں میں بائیو میٹرک حاضری لازم قرار دے دی گئی ہے جو سراسر غلط ہے، ہم اس پر عمل نہیں کریں گے، بائیو میٹرک حاضری کو سول سیکریٹریٹ میں بھی لاگو کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ اسپتالوں کی سیکورٹی کا بل پنجاب اسمبلی میں پیش نہیں کیا جا رہا کیوں کہ اس سے ان کے اراکین اسمبلی کی بدمعاشی ختم ہو جائے گی، ہم نے اس حکومت کو ووٹ دیا تھا اور اپنے مریضوں کو نسخوں پر پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا کہتے رہے جو غلط ثابت ہوا۔

  • تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے پروٹوکول پر پابندی لگ گئی

    تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے پروٹوکول پر پابندی لگ گئی

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کے پروٹوکول پر پابندی لگا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملکی ایئر پورٹس پر مسافروں کے پروٹوکول پر کرونا وائرس کے پیش نظر پابندی لگا دی گئی ہے، اس سلسلے میں سی اے اے نے اندرون ملک پروازوں، چارٹرڈ اور پرائیویٹ طیاروں کے مسافروں اور عملے کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا۔

    یہ ہدایت نامہ 31 اگست تک کار آمد ہوگا، اس میں کہا گیا ہے کہ ایئر پورٹ پر مسافروں کو پروٹوکول نہیں دیا جائے گا، مسافر اور عملے کے علاوہ کسی شخص کو پارکنگ سے آگے نہ جانے دیا جائے، ایئر پورٹ منیجرز سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔

    ہدایت نامے کے مطابق ایئر پورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) مسافر کے علاوہ کسی کو پارکنگ سے آگے نہیں جانے دے گی۔

    ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بورڈنگ سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے، جہاز میں ماسک، گلوز اور حفاظتی سوٹ لازم قرار دیے گئے ہیں، بورڈنگ سے قبل مسافروں کا ہیلتھ فارم فل کرانا ایئرلائن کی ذمہ داری، مسافر کا معائنہ کرنا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہوگا۔

    جسمانی درجہ حرارت اور طبیعت کی خرابی کے باعث محکمہ صحت کا عملہ سفر کی اجازت نہ دینے کا پابند ہوگا، میڈیکل ایمرجنسی کے لیے جہاز میں ایک صف خالی رکھنی ہوگی، ایک سیٹ کے وقفے سے مسافروں کو بٹھایا جائے گا، مسافروں کے سامان پر بھی جراثیم کش اسپرے لازمی کرنا ہوگا۔

    دوران پرواز ماسک پہننا لازم، طبیعت کی خرابی پر عملہ کو اطلاع دی جائے گی، مسافروں میں کرونا علامات کی صورت میں مکمل چیک اپ اور قرنطینہ کیا جائے گا، جہاز میں میڈیکل ایمرجنسی میں کھانا دیا جائے گا، بہ صورت دیگر کھانے پر مکمل پابندی ہوگی، دوران پرواز مسافرون کو 30 منٹ بعد سینیٹائزز فراہم کیا جائے گا۔

  • سابق اے آئی جی کراچی کے اسکواڈ کی ٹکرسے نوجوان جاں بحق

    سابق اے آئی جی کراچی کے اسکواڈ کی ٹکرسے نوجوان جاں بحق

    کراچی: سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کے اسکواڈ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گیا ، ساتھ موجود دوست بھی زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ گزشتہ رات 4 بجے سے 5 بجے کے درمیان کراچی کے علاقے ڈیفنس کے درخشا ں تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اسکواڈ کی گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 22 سالہ ابرار موقع پراپنی جان کی بازی ہار گیا ، جبکہ موٹر سائیکل پر موجود دوسرا نوجوان جس کی عمر سترہ سالہ اور نام سعید ہے ، اس کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ حادثہ ہونے کے بعد ایس ایس پی ساؤتھ پیرمحمدشاہ اور سندھ پولیس کے دیگراعلیٰ افسران بھی درخشاں تھانے پہنچ گئے تھے ، پولیس موبائل کا نمبر ایس پی ایم 777 بتایا جارہا ہے ۔

    دونوں نوجوان عمر کالونی کے رہائشی تھے ، واقعے کے بارے میں درخشاں تھانے سے مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں ، تاہم پولیس کی کوشش ہے کہ کسی طرح واقعے کی اطلاع عام نہ ہونے دی جائے۔

  • لاہور: صدر ڈاکٹرعارف علوی بھاری بھرکم پروٹوکول دیکھ کر برہم، گاڑیاں واپس

    لاہور: صدر ڈاکٹرعارف علوی بھاری بھرکم پروٹوکول دیکھ کر برہم، گاڑیاں واپس

    لاہور : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لاہور پہنچنے پر بھاری بھرکم پروٹو کول لینے سے انکار کردیا، ایئر پورٹ پر چوہدری سرور اور عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ایک روزہ دورے پر لاہورایئرپورٹ پہچے تو گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا تاہم صدر مملکت پروٹوکول کے لیے لگنے والی اضافی سیکیورٹی پر برہم ہو گئے۔

    انہوں نے پروٹوکول کی گاڑیاں واپس بھیجنے کی ہدایت کردی، صدر عارف علوی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور ایئر پورٹ پر موجود ہوں جہاں 32 گاڑیاں مجھے لینے آئی ہیں تاہم ائیرپورٹ سے باہر نکلنے سے پہلے ان تمام کے واپس جانے کا منتظر ہوں، میری مسلسل کوشش ہے کہ صرف سیکورٹی لوں۔

    بعد ازاں صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور اوروزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے گورنر ہاؤس لاہو ر میں ملاقات کی جس میں اہم سیاسی اموراورانتظامی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نےصدر مملکت کو صوبائی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

  • ’عارف علوی کو ریاست کی خواہش پر پروٹوکول مل رہا ہے‘

    ’عارف علوی کو ریاست کی خواہش پر پروٹوکول مل رہا ہے‘

    کراچی: تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقویٰ نے کہا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی کو  ریاست کی خواہش پر پروٹوکول مل رہا ہے، ہمارا ماننا ہے اصولی طور پر اسے کم سے کم ہونا چاہیے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوش شمیم نقویٰ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کاکوئی شخص کرپشن میں ملوث ہوا تو ہم پہلی فرصت میں ایکشن لیں گے۔تحریک انصاف کے رہنما نے اعلان کیا کہ ہم سانحہ بلدیہ کا کیس کسی صورت ختم نہیں ہونے دیں گے، ابھی تک ہمیں کسی کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔

    صدر پاکستان کے  پروٹوکول سے متعلق ہونے والے سوال پر تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ  عارف علوی کو پروٹوکول ان کی نہیں ریاست کی خواہش پرمل  رہاہے، ہمارا قوم سے وعدہ ہے کہ وی وی آئی پی کلچر کو کم کریں گے۔

    مزید پڑھیں: پروٹوکول دو گاڑیوں‌ کا تھا، باقی پیچھا کرتی رہیں: صدر پاکستان کی وضاحت

    فردوس شمیم نقویٰ کا کہنا تھا کہ اصولی طور پر پروٹوکول کم سے کم ہونا چاہیے تاکہ عوام کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم  پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہر میں جرائم کی شرح برداشت سے باہر ہوچکی ہے، شہر میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے ناقص ہیں جن میں تصاویر بھی صاف نظر نہیں آتیں۔

  • صدر مملکت کا اختیارات کا ناجائز استعمال ، پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا ٹیکا لگادیا

    صدر مملکت کا اختیارات کا ناجائز استعمال ، پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا ٹیکا لگادیا

      اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے جاتے جاتے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے مبینہ طور پر پی آئی اے کو لاکھوں روپے کا ٹیکا لگا دیا. دوران پرواز  خود تو بزنس کلاس کے مزے  لوٹے ساتھ ہی  رشتے داروں کو بھی مزے کرائے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت حکومت کی جانب سے وی آئی پی کلچر کے خلاف اقدامات کے باوجود پروٹوکول کے مزے لیتے رہے، لندن سے 29 اگست کو اسلام آباد کے لئے روانہ ہوئے، دوران پرواز بزنس کلاس کے مزے خود تو لوٹے ساتھ میں رشتے داروں کو بھی اکنامی کلاس سے بزنس کلاس میں بلوالیا۔

    صدر مملکت کیساتھ سفر کرنے والوں کے پاس اکنامی کلاس کے ٹکٹس تھے۔

    زرائع کے مطابق لندن میں پی آئی اے کے اسٹیشن مینجر ساجد اللہ نے خلاف قانون صدر مملکت کو پروٹوکول فراہم کیا۔ ساجد اللہ سینٹر مشاہد اللہ کے بھائی ہیں۔

    اسٹیشن مینجر کیجانب سے خاص ہدایت جاری کی گئیں کہ صدر مملکت کے مہمانوں کو بھی پروٹوکول دیا جائے۔

    کپتان نے اکنامی کلاس کے مسافروں کو بزنس کلاس میں سفر کرانے کیخلاف ڈی بریف رپورٹ مینجنٹ کو دے دی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہمیں صدر مملکت کو اور ان کے مہمانوں کو دئیے جانے والے پروٹوکول کے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق کیبن کریو نے صدر مملکت کی ہدایت پر 5 مہمانوں کو اکنامی کلاس کے مسافروں کو بزنس کلاس میں منتقل کیا۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کئی بار پروٹوکول پر ناراضگی کا اظہار کر چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کہ نہ میں خود پروٹوکول لوں گا نہ دوسروں کو لینے دوں گا جبکہ وزرا کو بھی پروٹوکول نہ لینے کی ہدایت کی تھی۔

  • عمران خان کا بغیر پروٹوکول اور سیکیورٹی پشاور کی سڑکوں‌ پر سفر، ویڈیو وائرل

    عمران خان کا بغیر پروٹوکول اور سیکیورٹی پشاور کی سڑکوں‌ پر سفر، ویڈیو وائرل

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بغیر کسی اور سیکیورٹی اورپروٹوکول  پشاور کی سڑکوں پر سفر کیا۔

    تفصیلات مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے سیکیورٹی اور پروٹول کے بغیر سفر کیا، اس دوران نہ تو ناکے لگا کر سڑکوں کو بند کیا گیا، نہ ہی عوام کے لیے کسی نوع کی پریشانی کھڑی کی گئی۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان پشاور کی سڑکوں پر محو سفر گاڑی کی اگلی نشست پر بیٹھے ہیں۔ ان کے ساتھ ان کی پارٹی ارکان ہے، جب کہ سابق وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک گاڑی چلا رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے ٹویٹر ہینڈلر کے مطابق متوقع وزیر اعظم عمران خان اپنے کامریڈز (نظریاتی ساتھی) کے ہمراہ بنا کسی پروٹوکول  ، سڑکیں بند کیے بغیر، عوام کی زندگی میں رخنہ ڈالے بنا، عام شہریوں کی طرح پشاور کی سڑکوں سے گزرے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ ویڈیو نیب پشاور سے لوٹتے ہوئے بنائی گئی تھی، جس پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے ٹویٹ کیا تھا. ویڈیو میں علی زیدی بھی موجود ہیں۔ 

    ویڈیو میں پی ٹی آئی چیئرمین پارٹی قائدین کے ساتھ پروٹوکول اور پشاور کی صورت حال پر گفتگو کر رہے ہیں۔

  • نواز شریف،مریم نواز پروٹوکول،   آئندہ سماعت پرہرصورت جواب داخل کرانےکا حکم

    نواز شریف،مریم نواز پروٹوکول، آئندہ سماعت پرہرصورت جواب داخل کرانےکا حکم

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نااہلی کےباوجود پروٹوکول ملنے پر نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف درخواست کی سماعت پر وفاق،پنجاب حکومت کو آئندہ سماعت پرہرصورت جواب داخل کرانےکا حکم دیدیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں نااہلی کےباوجودنواز شریف اور مریم نواز کے پروٹوکول سے متعلق پی ٹی آئی رہنماعندلیب عباس کی درخواست پر جسٹس شاہدکریم نے سماعت کی۔

    عدالت نے وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے نااہلی کے باوجود نواز شریف اور مریم نواز کو پروٹوکول دینے سے متعلق جواب داخل نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب داخل کرانے کا حکم دیا۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ سپریم کورٹ نے میاں نواز شریف کو نااہل کیا، اس کے باوجود سابق وزیراعظم پنجاب ہاؤس کا استعمال کر رہے ہیں، ان کے پروٹوکول کے ساتھ 40 گاڑیاں ہیں جو کہ عوام کے پیسے کا ضیاع ہے۔


    مزید پڑھیں :  سرکاری پروٹوکول: سابق وزیراعظم اورمریم نواز کو نوٹس جاری


    درخواست میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی میں پیشی کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کے پروٹوکول کی مد میں 2.18 ملین خرچ کیے گئے۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نواز شریف سے پروٹوکول واپس لینے کا حکم دے اور نواز شریف کے پنجاب ہاؤس میں میٹنگز کرنے پر بھی پابندی عائد کی جائے۔

    اد رہے کہ دو روز قبل احتساب عدالت میں نا اہل وزیراعظم کی پیشی کے موقع پر نوازشریف کا قافلہ سخت سیکیورٹی حصارمیں احتساب عدالت پہنچایا گیا‘ اس موقع پر کارکنان نے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا اور ان کی حمایت میں نعرے بازی کی۔اس موقع پر وفاقی وزرا بھی کارکنان سے پیچھے نہیں رہے اور نا اہل وزیر اعظم کی پیشی کے موقع پر پیشی کو یقینی بنایا ۔

    اس سے قبل وطن واپسی کے موقع پر اسلام آباد ایئر پورٹ سے نااہل نوازشریف کا قافلہ جب ائیرپورٹ سے باہر نکلا تو شاہانہ انداز میں ایک یا دو نہیں پوری چھپن گاڑیاں ان کے آگے پیچھے تھیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئرکریں۔

  • پروٹوکول کےدرمیان گاڑی آنے پرپولیس اہلکار کا ڈرائیورپرتشدد

    پروٹوکول کےدرمیان گاڑی آنے پرپولیس اہلکار کا ڈرائیورپرتشدد

    کراچی : شارع فیصل پر سرکاری اسکواڈ میں شامل پولیس اہلکار کی شہری سے کی جانے والی بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، آئی جی سندھ کے نوٹس لینے پردو پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی اہم سڑک شاہراہ فیصل پر کوئی بااثر شخصیت اپنے سرکاری پروٹوکول کے ساتھ جارہی تھی کہ اسکواڈ میں موجود ایک پولیس اہلکار پروٹوکول کے درمیان گاڑی آجانے پر آپے سے باہر ہوگیا۔

    پولیس اہلکار نے مرکزی شارع کے بیچ میں گاڑی روک کر کار ڈرائیور کو مغلظات بکنے کے ساتھ ساتھ اس کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔


    مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ سندھ کا پروٹوکول پر سخت اظہار برہمی


    سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔


    مزید پڑھیں: وی آئی پی کلچرکا خاتمہ: تمام ایئرپورٹ پرپروٹوکول دینے پرپابندی عائد


    آئی جی سندھ کی ہدایات پر ایس ایس پی سیکیورٹی ون ملک احسان کو انکوائری افسر مقررکردیا گیا ہے جو اپنی رپورٹ جلد آئی جی سندھ کو پیش کردیں گے۔

    واقعے میں ملوث اسکواڈ کمانڈراور اہلکارمعطل

    واقعے کی تفتیش کے بعد ایس پی سیکیورٹی ون نے اسکواڈ کمانڈراور اہلکارکو معطل کردیا، سیکیورٹی پرمامور اہلکاروں کا تعلق سیکیورٹی زون ون سے ہے۔

    ویڈیو میں دکھائی دینے والے اےایس آئی اللہ دتہ اوراہلکار شاہین کو معطل کردیاگیا، ایس پی سیکیورٹی ون ملک احسان کے مطابق پولیس اہلکارشاہین کو شہری کی وڈیو میں تشدد کرتےدیکھاگیا۔

    غفلت برتنے پراہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔