Tag: پروڈکشن آرڈر

  • پی ٹی آئی نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست دے دی

    پی ٹی آئی نے حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست دے دی

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی سندھ نے اپنے گرفتار رہنما حلیم عادل شیخ کے پروڈکشن آرڈر کے لیے ریٹرننگ افسر کو درخواست جمع کرا دی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسکروٹنی کے عمل حلیم عادل شیخ تائیدہ کنندہ ہیں، اس لیے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔

    واضح رہے کہ آج حلیم عادل شیخ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بھی میمن گوٹھ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں کارسرکار میں مداخلت، ہنگامہ آرائی، ہوائی فائرنگ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، جمعے کو پیش کرنے کا حکم

    حلیم عادل شیخ اور ان کے ساتھیوں کو آج انسداد دہشت گردی عدالت ملیر میں پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت سے 15 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی لیکن عدالت نے 2 دن کا ریمانڈ دے دیا۔

    دوسری طرف ڈسٹرکٹ کورٹ ملیر میں تجاوزات آپریشن اور کار سرکار میں مداخلت کیس میں، میمن گوٹھ تھانے میں درج مقدمے میں حلیم عادل شیخ کی ضمانت دس ہزار روپے کے عوض منظور کر لی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ پر ضمنی الیکشن میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے الزامات ہیں، انھیں گزشتہ روز پولیس نے گرفتار کیا تھا جب کہ حلیم عادل اور ساتھیوں پر کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت بھی مقدمہ درج ہے، حلیم عادل کے خلاف مجموعی طور پر 3 مقدمات درج ہیں۔

  • حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری

    حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے جاری کر دیے۔ پروڈکشن آرڈر کل سے شروع پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے لیے جاری کیےگئے۔

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل سہ پہر 2 بجے شروع ہوگا۔اجلاس کی صدارت اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کریں گے۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ 2 جون کو اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بجٹ اجلاس میں شرکت کے لیے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی پر آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس کے مقدمات ہیں۔حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق مقدمات میں 11 جون 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

  • ن لیگ کا حمزہ شہباز، خواجہ سلمان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

    ن لیگ کا حمزہ شہباز، خواجہ سلمان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے چیئرمین استحقاق کمیٹی کو احتجاجی مراسلہ ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ استحقاق کمیٹی کے رکن خواجہ سلمان رفیق نیب حراست میں ہیں، ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جا رہے ہیں۔

    مراسلے میں مزید کہا گیا کہ پہلے کمیٹی کے اجلاسوں میں علیم خان اور خواجہ سلمان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے، تاہم 30 ستمبر اور یکم اکتوبر اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے۔

    تازہ ترین:  بلاول اور شہباز ملاقات ، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق

    یاد رہے کہ خواجہ سلمان رفیق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں عوام کو دھوکا دے کر اربوں روپے بٹورنے کے الزام میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ حمزہ شہباز آمدن سے زاید اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس زیر حراست ہیں۔

    یاد رہے ایک ہفتے قبل لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے ملزمان شاہد رفیق اور آفتاب محمود کی ضمانتیں منظور کر لی ہیں، عدالت نے ملزمان کو 10 ، 10 لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔

    ضمانت کی درخواست میں کہا گیا کہ انھوں نے حمزہ شہباز سمیت دیگر کی منی لانڈرنگ میں سہولت کار کا کردار ادا کیا، عثمان انٹرنیشنل نامی کمپنی سے رقوم شریف خاندان کے اراکین کو منتقل کیں، برطانیہ سمیت کئی ممالک کے جعلی افراد کے نام پر کالا دھن سفید کیا۔

    واضح رہے کہ 13 ستمبر کو بھی لیگی رکن راحت افزا نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پروڈکشن آرڈر کا اجرا گرفتار ارکان اسمبلی کا آئینی و قانونی حق ہے، پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر پروڈکشن آرڈر کا قانون منظور کیا تھا، ا سپیکر گرفتار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔

  • پروڈکشن آرڈر کا معاملہ، شاہد خاقان کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا جوابی خط

    پروڈکشن آرڈر کا معاملہ، شاہد خاقان کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا جوابی خط

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو پروڈکشن آرڈر کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جوابی خط لکھ دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پروڈکشن آرڈرز پر اسپیکر غیر جانب دار سوچ سے فیصلہ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کھلا خط لکھ کر کہا تھا کہ گرفتار تمام ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی ضرورت ہے، اسپیکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ سب ارکان کی حاضری یقینی بنائیں۔

    خط کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے خط لکھ کر کہا کہ پروڈکشن آرڈرز پر اسپیکر غیر جانب داری سے فیصلہ کرتے ہیں، اسپیکر ارکان کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے ذمہ داریوں سے بہ خوبی آگاہ ہیں۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر زیر حراست رکن کے خلاف درج کیس کی نوعیت کا بہ غور جائزہ لیتے ہیں، پروڈکشن آرڈر کا اجرا اسپیکر کا صوابدیدی اختیار ہے، رکن مطالبہ نہیں کر سکتا، اسمبلی قواعد کے مطابق اسپیکر ضروری سمجھنے پر پروڈکشن آرڈر جاری کر سکتے ہیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پروڈکشن آرڈر کے اجرا سے متعلق آئینی گنجایش موجود نہیں، زیر حراست رکن پروڈکشن آرڈرز کے اجرا پر مطمئن نہیں تو عدالت جا سکتا ہے۔

    تازہ ترین: صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نے اپنے کھلے خط میں کہا تھا کہ ایم این اے کا آئینی حق ہے کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کی خواہشات کو پیش کرے اور اسپیکر کی دستوری ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی حاضری یقینی بنائیں۔

    انھوں نے لکھا کہ یہ انتہائی افسوس ناک امر ہے کہ اسپیکر آفس یہ ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہا ہے۔

    دریں اثنا، شاہد خاقان عباسی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی نہیں تھانے دار بن گئے ہیں، اسپیکر وہ ہوتا ہے جو اسمبلی ممبران کا حق انھیں دلوائے، پروڈکشن آرڈر جاری نہ کر کے وہ غلط کر رہے ہیں، پارلیمنٹ اب ربڑ اسٹمپ بھی نہیں رہی۔

    آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شاہد خاقان عباسی شرکت نہیں کر سکے تھے، اپوزیشن اراکین نے ان کی نشست پر ان کی تصویر رکھ کر احتجاج کیا۔

    واضح رہے کہ آج ایل این جی کیس میں نیب نے شاہد خاقان عباسی کو احتساب عدالت میں پیش کیا تھا، نیب کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کے مزید 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز بھی جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا، نیئر بخاری نے کہا کہ مشترکہ اجلاس سے ارکان کی غیر حاضری تشویش ناک امر ہے، یہ حکومتی بد دیانتی ہے، آصف زرداری سمیت دیگر ارکان کو آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

  • آصف زرداری، شاہد خاقان کے پروڈکشن آرڈرز کی منظوری نہ ہو سکی

    آصف زرداری، شاہد خاقان کے پروڈکشن آرڈرز کی منظوری نہ ہو سکی

    اسلام آباد: پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈرز کی منظوری نہ ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر کا معاملہ لٹک گیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ قید بھگتنے والے دونوں رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈرز منظور نہیں ہو سکے ہیں۔

    ذرایع کے مطابق پروڈکشن آرڈرز کی سمری پر چیئرمین نیب کی منظوری کا انتظار ہے، پروڈکشن آرڈرز منظور ہونے کے بعد ان اراکین کو پارلیمنٹ لایا جائے گا۔

    اپوزیشن ارکان نے شکایت کی ہے کہ پروڈکشن آرڈرز پر عمل درآمد نہیں ہوا، آرڈرز نیب اور جیل حکام تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔

    ادھر قومی اسمبلی کا اجلاس جمعرات کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور بھارت کی جانب سے حالیہ فیصلے کا جائزہ لینے کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا ہے، یہ اجلاس کل صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کا اعلان، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب

    بھارت نے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے، بھارتی صدر نے آج باقاعدہ طور پر خصوصی شق ختم کرنے کے بل پر دستخط کیے۔

    پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں بھی بھارت کے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے اس غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کو چیلنج کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اضافی فوجی بھی تعینات کر دیے ہیں، جس کے بعد نہتے کشمیریوں پر انڈین فورسز کی جانب سے جاری مظالم میں افسوس ناک اضافے کا خدشہ ہے۔

  • شیری رحمان کا پروڈکشن آرڈر قوانین میں ترمیم کے فیصلے پر رد عمل

    شیری رحمان کا پروڈکشن آرڈر قوانین میں ترمیم کے فیصلے پر رد عمل

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے پروڈکشن آرڈر قوانین میں ترمیم کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر کا طریقہ ساری دنیا میں مستعمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پروڈکشن آرڈر سے متعلق وزیر اعظم کی ہدایت پر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پروڈکشن آرڈر کے طریقے پر ساری دنیا میں عمل ہو رہا ہے، حکومت احتساب کو پالیسی سے نہ الجھائے۔

    رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جب کوئی ملک سے باہر جانے کی بات نہیں کر رہا تو شور کس بات کا ہے، حکومت پروڈکشن آرڈر سے متعلق شور کیوں مچا رہی ہے۔

    سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ احتساب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہ کیا جائے، آپ چور ڈاکو کہتے ہیں اور یہاں لفظ سلیکٹڈ برداشت نہیں ہوتا۔

    یہ بھی پڑھیں:  منی لانڈرنگ اور کرپٹ ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں، وزیراعظم

    واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہدایت کی کہ اراکین پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق قوانین میں ترمیم کی جائے، جس کے بعد یہ معاملہ وزارت قانون کے سپرد کر دیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور اور کرپشن میں ملوث ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں اور نہ ایسے قیدیوں کو جیل میں سیاسی قیدی کا درجہ ملنا چاہیے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ جن پر پیسے چوری کرنے کا الزام ہے وہ اسمبلی میں تقرریں کیسے کر سکتے ہیں، یہ ہمیں سلیکٹڈ کس منہ سے کہتے ہیں، یہ تاریخی خسارہ چھوڑ کر گئے ہیں۔

  • آصف زرداری کے کل کمیٹی اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر روک دیے گئے

    آصف زرداری کے کل کمیٹی اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر روک دیے گئے

    اسلام آباد: چیئرمین اطلاعات کمیٹی کی جانب سے پروڈکشن آرڈر کی منظوری کے باوجود کل کمیٹی کے اجلاس کے لیے آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر روک دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے کل کمیٹی اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر روک دیے گئے ہیں، چیئرمین اطلاعات کمیٹی جاوید لطیف نے پروڈکشن آرڈر کی منظوری دے دی تھی۔

    ذرایع نے بتایا کہ منظوری کے باوجود قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، سیکریٹریٹ کا کہنا تھا کہ کل کا کمیٹی اجلاس پارلیمنٹ کی حدود میں نہیں ہے۔

    ذرایع قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ اطلاعات و نشریات کمیٹی کا اجلاس پیمرا میں ہونا ہے، اجلاس پارلیمان کی حدود میں نہ ہونے پر پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے۔

    مزید خبریں پڑھیں:  آصف زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری

    قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا مؤقف ہے کہ پارلیمان کی حدود کے باہر آصف زرداری کی حوالگی پر مسائل پیدا ہوں گے۔

    دریں اثنا، سابق صدر آصف زرداری کے 8 اور 9 جولائی کو کمیٹی اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے گئے ہیں، لہٰذا وہ 9،8 جولائی کو صنعت و پیداوار کی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کر سکیں گے۔

    یاد رہے کہ آصف زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہیں، اور اسمبلی اجلاس نیز قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کے لیے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جاتے ہیں۔

  • منی لانڈرنگ اور کرپٹ ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں، وزیراعظم

    منی لانڈرنگ اور کرپٹ ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے منی لانڈرنگ اور اور کرپشن میں ملوث ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں اور نہ ایسے قیدیوں کو جیل میں سیاسی قیدی کا درجہ نہیں ملنا چاہئیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے ، اجلاس میں وزیراعظم نےاراکین پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق قوانین میں ترمیم کی ہدایت کر دی اور معاملہ وزارت قانون کے سپرد کر دیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا منی لانڈرنگ اور اور کرپشن میں ملوث ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں اور نہ ہی منی لانڈرنگ اور کرپشن والے قیدیوں کو جیل میں سیاسی قیدی کا درجہ ملنا چاہیے۔

    کابینہ نے حج پالیسی 2019 اور حج پالیسی 2019 کے تحت حجاج کے کوٹے میں اضافے کی منظوری دی۔

    ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو اپنے دورہ امریکہ کے حوالے سے اعتماد میں لیا، وزیراعظم نے کہاکہ امریکہ جا کر پاکستان کی بات کروں گا، واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں قیام کروں گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی امریکہ جانیوالے وفد میں شامل ہوں گے۔

    وفاقی کابینہ نےبورڈآف انوسٹمنٹ کے نئے چیئر مین کی منظوری بھی دے دی اور سید زبیر گیلانی چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ مقرر کردیا ، زبیر گیلانی کا تعلق بینکاری اور صنعتی شعبے سے ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن پر پیسے چوری کرنے کا الزام ہے وہ اسمبلی میں تقرریں کیسے کرسکتے ہیں  ، یہ ہمیں سلیکٹڈ کس منہ سے کہتے ہیں ، یہ تاریخی خسارہ چھوڑ گئےاورسوال بھی ہم سےکرتےہیں، ہم نےکرنٹ اکاؤنٹ کاخسارہ 30 فیصد کم کیاہے، منی لانڈرنگ کےخلاف پورےقدم اٹھارہےہیں۔

  • عوام دشمن بجٹ اور نیا پاکستان واپس لیں: بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں مطالبہ

    عوام دشمن بجٹ اور نیا پاکستان واپس لیں: بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں مطالبہ کیا ہے کہ عوام دشمن بجٹ اور نیا پاکستان واپس لیا جائے، حکومت کو جمہوری راستے پر چلنا ہوگا ورنہ گھر جانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی انا کی وجہ سے میرے لفظ سلیکٹڈ پر پابندی لگائی گئی، جب کہ ایک سال پہلے اُسی لفظ پر عمران خان نے تالیاں بجائی تھیں، سینسر شپ صرف جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قوم کی تقدیر اور معاشی مستقبل کے فیصلے ہوتے ہیں، وزرا کے غیر سنجیدہ رویے پر قوم سے پارلیمنٹ کی طرف سے معافی مانگتا ہوں، ہم پارلیمنٹ کا تقدس جانتے ہیں، پاکستانی عوام نے جمہوریت کے لیے عظیم قربانیاں دیں، جدوجہد کر کے آمروں کو تاریخ کے ڈسٹ بن کا حصہ بنایا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ ایم این ایز کو ایوان میں لانا پروڈکشن آرڈر جاری کرنا اسپیکر کے اختیار میں ہے، انھیں لا منسٹر یا وزیر اعظم سے پوچھنے کی ضرورت نہیں، شمالی وزیرستان کے ممبران کو نہ لایا گیا تو الزام لگے گا کہ بجٹ اجلاس میں دھاندلی کی گئی۔

    پی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان کے اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں، سنسر شپ جلتی پر تیل چھڑکنا ہے، ہمارے مسائل کا حل زیادہ جمہوریت ہے کم جمہوریت نہیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ آپ کو معاشی استحکام چاہیے تو لیدر اور ٹیکسٹائل پر کیسے ٹیکس بڑھا رہے ہیں؟ ایک کروڑ نوکری کا وعدہ کیا لیکن بجٹ میں ایک بھی نوکری نہیں بلکہ چھین رہے ہیں، تجاوزات کے نام پر غریب سے کاروبار چھینا، حکومت نے غریبوں پر سارے دروازے بند کر دیے، غریب کی جھونپری حرام، بنی گالہ کی تجاوزات حلال ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیب گردی اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ظالمانہ اقدام اور خوف سے معیشت نہیں چل سکتی، دوغلی پالیسی بند کریں اور عوام دشمن پالیسی واپس کریں، ایک سال میں 5 ہزار ارب قرضہ لیا گیا یہ ن لیگ سے بھی تیز ہیں۔

    پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ نیب نے 60 ملین ڈالر برطانوی حکومت کو دینے ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، ہم نے بین الاقوامی عدالت میں ریکوڈک کیس ہارا، ریکوڈک کیس میں 11.45 بلین ڈالرز ادا کرنے ہیں، ماہر نہ ہونے کے باوجود معاشی فیصلے کرنے والوں سے بھی حساب لیا جائے، نیا پاکستان واپس لو ہمیں قائد اعظم کا پاکستان واپس دو۔

  • زرداری کے پروڈکشن آرڈر میں تاخیر سے کام نہ لیا جائے: شہباز شریف

    زرداری کے پروڈکشن آرڈر میں تاخیر سے کام نہ لیا جائے: شہباز شریف

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن سے وطن واپس آنے کے بعد اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے والے اپوزیشن لیڈر نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں اور اس میں تاخیر سے کام نہ لیا جائے۔

    شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آصف زرداری کو گرفتار کرنے کے آرڈر دیے گئے ہیں، اسپیکر ان کے آج ہی پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نیب میں پیش ہوتے اور جواب دیتے رہے ہیں، ان کے پروڈکشن آرڈر فوری طور پر جاری کیے جائیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اسپیکر نے میرے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جس پر شکر گزار ہوں، اسپیکر نے اپنے طرز عمل سے جمہوری روایات کو پروان چڑھایا، آصف زرداری اور سعد رفیق کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کر دیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا

    شہباز شریف نے وفاقی وزیر عمر ایوب کے ٹویٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ توانائی نے دعویٰ کیا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے، یہ صدی کا بڑا جھوٹ ہے جو ایک ٹویٹ کے ذریعے بولا گیا۔ اس پر اسپیکر نے فوراً کہا کہ یہ رمضان ہم نے اچھا گزارا لیکن گزشتہ رمضان ایسا نہیں تھا۔

    انھوں نے کہا کہ وہ اپنےعلاج کے لیے ملک سے باہر گئے لیکن ملک میں باتیں کی گئیں کہ ایسا اسپتال نہ بنا سکا جو اپناعلاج کرا سکے، بیماری کسی پر بھی آ سکتی ہے اس پر مذاق اڑانا غلط بات ہے، امریکا میں میری سرجری لندن میں میرا علاج ہوا، جس ڈاکٹر نے 15 سال علاج کیا اس کو ہی دکھایا جاتا ہے، لیکن کہا گیا کہ این آر او لے کر چلا گیا، ڈیل کر کے چلا گیا، خدا کا خوف کریں۔

    شہباز شریف نے وزیر سائنس فواد چوہدری پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کی لمبی زندگی ہے، وزارت چھین لی گئی اور آج کل ڈپریشن کا شکار ہیں، آج کل سائنس کی دنیا میں ان کا ڈنکا بج رہا ہے، ہم علمائے کرام سے بھی بہت عزت و احترام سے بات کرتے ہیں، لیکن عید کا چاند دیکھنے کے لیے بھی فواد چوہدری نے نسخہ ایجاد کیا۔

    اپوزیشن لیڈر نے فورم پر خطاب میں کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کا بھی ذکر کیا، کہا وادیٔ کشمیر میں دن رات معصوم بچوں کا خون بہتا ہے، فلسطین میں معصوم بچوں کو مارا جاتا ہے اور اس فورم پر کشمیر کا ذکر نہ ہونا افسوس ناک ہے، جناب اسپیکر ہمیں اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی جس کے بعد قومی احتساب بیورو کی ٹیم نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں انھیں گرفتار کر لیا ہے، نیب کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔