لاہور : تحریک انصاف کے ترجمان نے پرویز خٹک کے اجلاس میں اراکین کی شمولیت کی تردید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا اجلاس میں لائے گئے افراد کی دلچسپ کہانیاں سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پرویز خٹک کی میٹنگ میں لائے گئے افراد کی دلچسپ کہانیاں سامنے آگئیں، تقریب میں 24 سابق اراکین نے شرکت کی جبکہ بیشتر پہلے ہی شمولیت کی تردید کرچکے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اکثر وہ افراد ہیں جو پہلے ہی پی ٹی آئی چھوڑ چکے اور پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، ظہور شاکر، شاہ فیصل، اشتیاق ارمڑ کو میٹنگ سے گزشتہ شب ہی گرفتار کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی نے بتایا کہ اجلاس میں شریک ارباب وسیم اور ملک واجد گرفتاری کے بعد جسمانی ریمانڈ پرتھے جبکہ غزان جمال اور ضیا اللہ بنگش شمولیت اختیار کرنے کی خبروں کی تردید کر چکے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ انور زیب اور شوکت علی بھی پارٹی میں شامل نہ ہونے کا بیان جبکہ سابق ایم این ایز ندیم خیال اور صالح محمد بھی سیاست سے لاتعلقی کا اعلان کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخ یعقوب پہلے ہی پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں جبکہ شیر اکبر ، احمد شاہ کو بھی پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہیں گیا تھا اور احتشام جاوید اور آغاز خان کو بھی پارٹی ٹکٹ نہیں دیا جانا تھا۔