نیوزی لینڈ کے پرو لیگ سے دستبرداری کے اعلان کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو لیگ میں باضابطہ شرکت کی دعوت دے دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ ہاکی نے مالی مسائل کے باعث پرو لیگ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ میں شرکت کا دروازہ کھل گیا ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو پرو لیگ میں شرکت کی دعوت دے دی ہے اور کہا ہے کہ 12 اگست تک پاکستان لیگ میں شرکت کی تصدیق کرے۔
ہاکی پرو لیگ میں ملائیشیا میں ہونے والے نیشنز کپ کی فاتح ٹیم نے کوالیفائی کرنا تھا۔ فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا کر لیگ میں رسائی حاصل کی۔ تاہم اب مالی مسائل کی وجہ سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ہاکی فیڈریشن نے باقاعدہ طور پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو تحریری طور پر لکھ کر دے دیا ہے کہ ان کی ٹیم پرو ہاکی لیگ میں حصہ نہیں لے گی۔
نیوزی لینڈ کے انکار کے بعد قانون کے تحت نیشنز کپ کی رنر اپ ٹیم پاکستان لیگ میں رسائی کی حقدار ہے اور اب انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے بھی پاکستان کو باضابطہ طور پر پرو لیگ میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے پرو لیگ میں شرکت سے انکار کر دیا تو اگلا آپشن فرانس ہوگا۔
ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پہلے ہی حکومت سے مطالبہ کیا ہوا ہے کہ پرو لیگ میں شرکت کے لیے 70 کروڑ روپے کی گرانٹ درکار ہوگی۔
پرو ہاکی لیگ کا نیا سیزن اگلے برس فروری مارچ میں شروع ہوگا، قومی ٹیم اِس ایونٹ میں 16 میچز کھیلے گی۔ پاکستان ٹیم اپنے ہوم میچز لاہور میں کھیلے گی تاہم اوے میچز کیلیے گرین شرٹس کو آسٹریلیا، ارجنٹائِن، یورپ، برطانیہ کا سفر کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ میں دنیا کی ٹاپ ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔ ماضی میں پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہیں کی جس کی وجہ سے پاکستان کی ہاکی رینکنگ 17ویں نمبر پر چلی گئی تھی۔ تاہم اب لیگ میں شرکت سے گرین شرٹس کی رینکنگ میں بہتری آنے کا قوی امکان ہے۔ اس وقت قومی ہاکی ٹیم عالمی رینکنگ میں 13 ویں نمبر پر ہے۔