Tag: پریس کانفرنس

  • بلوچستان میں خشک سالی سے نمٹنے کیلئے ایک ارب روپے مختص

    بلوچستان میں خشک سالی سے نمٹنے کیلئے ایک ارب روپے مختص

    کوئٹہ :بلوچستان میں خشک سالی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی اورایک ارب روپے مختص کر لئے گئے، یہ بات وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کوئٹہ میں صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور مشیر جنگلات عبیداللہ بابت کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے متعدد اضلاع خشک سالی کے اثرات سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر زمینداروں اور مالداروں کو نقصانات ہوئے ہیں اس صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی اور مشیر جنگلات عبیداللہ بابت پر مشتمل کمیٹی بنادی گئی ہے کمیٹی جلد اپنی رپورٹ مرتب کریگی جو وفاق کو پیش کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نیلوفرطوفان سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔پراونشل ڈایزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بھی اپنے وسائل کی مدد سے اقدامات کررہی ہے۔

  • ایم کیو ایم کا آزاد کشمیرحکومت سےعلیحدگی کا اعلان

    ایم کیو ایم کا آزاد کشمیرحکومت سےعلیحدگی کا اعلان

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئرڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے آزاد کشمیر کی حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو اراکین کے استعفے جلد بھجوادیئے جائیں گے،

    بھٹو کا وارث زرداری نہیں ہوسکتا،پی پی کے دیگر رہنماء اگر اپنے ذاتی مفادات کی خاطر یہ سب برداشت کرر ہے ہیں تو یہ ان کا مسئلہ ہے،

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم کا حکومت سے علیحدگی کا اعلان حتمی ہے اور واپسی کی کوئی صورت ممکن نہیں۔

    اب کسی صورت پیپلز پارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی،انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر بلاول زرداری کا بیان ناقابل برداشت ہے، بلاول زرداری نے عمر کا بھی لحاظ نہیں کیا اور نہ بعد میں کسی قسم کی معذرت یا شرمندگی کا اظہار نہیں کیا گیا،

    آصف علی زرداری الگ اور ان کے صاحبزادے بلاول زرداری جارحانہ اندازرکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسی غیر سیاسی رویے کے باعث صرف ایک صوبے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے،

    ہم نے ہم آہنگی کی خاطر پیپلز پارٹی کاہر غیر جمہوری رویہ برداشت کیا،انکا کہنا تھا کہ اب پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے صبر و برداشت کی حد ہو گئی تھی،

    انہوں نے کہا کہ پی پی کے جلسے میں بلاول زرداری نے تمام سیاسی جماعتوں کیخلاف ایک محاذ کھول لیا، جو سندھ کی اکائیوں کو ساتھ لیکر نہیں چل سکتا وہ پورے پاکستان کو کیا ساتھ لیکر چلے گا؟

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے، اب ون وے ٹریفک نہیں چلے گا،کوٹہ سسٹم پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے،

  • بےوفا جاوید ہاشمی سے یہی سلوک ہونا چاہئے تھا، اعجازچوہدری

    بےوفا جاوید ہاشمی سے یہی سلوک ہونا چاہئے تھا، اعجازچوہدری

    گجرات : پی ٹی آئی پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے کہا ہےکہ پارٹی کی پیٹھ میں چُھرا گھونپنے والے بے وفا جاوید ہاشمی کے ساتھ ایسا ہی سلوک ہونا چاہئے تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ملتان کے ضمنی الیکشن میں میں یہی کہتا رہا کہ جاوید ہاشمی کو کسی صورت بھی جیتنا نہیں چاہئے، گجرات میں جمعہ چوبیس اکتوبر کو ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسہ کے انتظامات کے سلسلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا کہ گجرات کا جلسہ ناصرف تاریخ ساز ہو گا بلکہ سرگودھا کے جلسہ سے بھی بہتر اور مثالی ہو گا ۔

    انھوں نے کہا کہ جلسہ کی سیکیورٹی کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت کی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ پنجاب حکومت جلسہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کرے گی ۔

    انھوں نے کہا کہ لانگ مارچ شروع کرنے سے قبل کور کمیٹی کے تمام اجلاسوں میں جاوید ہاشمی موجود ہوتے رہے اور تمام تر پروگرام کا ان کو علم تھا مگر ہماری سمجھ میں آج تک یہ بات نہیں آئی کہ آخر ان کا مسئلہ  کیا تھا جو انھوں نے پارٹی کے ساتھ بے وفائی کرتے ہوئے پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا ایسے بے وفاء کے ساتھ ایسا ہی سلوک ہونا چاہئے تھا۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو دئے گئے چیک آج بھی کیش نہیں ہو سکے جبکہ حکومت کو سیلاب متاثرین پر لگے ٹیکس اور آبیانہ فوری طور پر معاف کر دینا چاہئے۔

    پنجاب میں بجلی کے زائد بلوں کے مد میں اب تک ستر ارب روپے وصول کر چکی ہے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کے زائد بل فوری طور پر ختم کئے جائیں۔

  • کراچی میں پیپلزپارٹی کے چاہنے والے موجود ہیں،فریال تالپور

    کراچی میں پیپلزپارٹی کے چاہنے والے موجود ہیں،فریال تالپور

    کراچی: پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو بے نظیر بھٹو شہید کا سفر مکمل کررہے ہیں، پیپلزپارٹی منظم سیاسی جماعت ہے بھٹو ازم کا فلسفہ زندہ ہے۔

    وہ پیپلزپارٹی کراچی کے صدر قادر پٹیل کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پر فنکشنل مسلم لیگ کے رہنماؤں بسیم مشوانی، بابر مستی خان، صدر الدین شیخ، اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

    فریال تالپور کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایک سوچ کا نام ہے، پاکستان پیپلزپارٹی میں بحالی کا عمل جاری ہے میں معافی کا لفظ استعمال نہیں کروں گی،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی میں ایک منظم حلقہ اثر رکھتی ہے۔

    پارٹی کارکنوں کو عزت دیں گے،کراچی میں پیپلزپارٹی کے چاہنے والے موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پیپلزپارٹی پر کمنٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گی۔

    پیپلزپارٹی کراچی کے صدر قادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے اٹھارہ اکتوبر کے جلسہ میں عوامی قوت کا بھرپور مظاہرہ ہوگا،مختلف سیاسی اور سماجی رہنماؤں کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پیپلزپارٹی پر اعتماد کا اظہار ہے۔

  • خواجہ سعد رفیق کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا

    خواجہ سعد رفیق کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا

    ملتان :وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جمعرات کی صبح دعویٰ کیا تھاکہ آج ملتان کے باشعور عوام یہ فیصلہ کرینگے کہ وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں یا جھوٹ کے۔خواجہ سعد رفیق ن لیگ کے اُن رہنماؤں میں سے ہیں جن کا شمار سب سے زیادہ بولنے والوں میں ہوتا ہے۔ .

    عمران خان شروع ہی سے جن چار حلقوں میں دھاندلی اوران حلقوں میں شفاف تحقیقات کامطالبہ کرتے رہے ہیں اُن میں سے ایک حلقہ سعد رفیق کا بھی ہے ۔ سعد رفیق نے ملتان میں جمعرات کی صبح ایک پریس کانفرنس کی اور دعویٰ کیاکہ آج جمہوریت اور جھوٹ کامقابلہ ہے۔

    جھوٹ سے مراد ن لیگ یہ مؤقف یہ ہے کہ دھاندلی سے متعلق عمران خان کے تمام الزامات غلط ہیں، اب جب کہ ملتان کے عوام نے فیصلہ دے دیا ہے جوجاوید ہاشمی کیخلاف ہے توکیا سعد رفیق اعتراف کرینگے کہ ملتان نے عمران خان کے دھاندلی کے الزامات کے حق میں فیصلہ دے دیا ، اور کیان لیگ  اس عوامی فیصلے کے بعددھاندلی کی شفاف تحقیقات کے مطالبے کو پذیرائی بخشے گی ؟

  • شاہ محمود قریشی کی غفلت سے سانحہ ملتان رونما ہوا،جاوید ہاشمی

    شاہ محمود قریشی کی غفلت سے سانحہ ملتان رونما ہوا،جاوید ہاشمی

    ملتان:  سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ اگر شاہ محمود قریشی غفلت ولاپرواہی نہ برتتے تو سانحہ ملتان رونما نہ ہوتا۔ملتان میں پریس کانفرنس میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو بتادیا گیا تھا کہ جلسے میں بھگڈر مچ گئی ہے۔

    لہذا عمران خان کو تقریر معطل کرنے کو کہا جائے لیکن انہوں نے کہا کہ یہ معمولی بات ہے،انہوں نے کہا ہم کیسی سیاست کررہے ہیں کہ ہرموقع پر لاشوں کے گرنے کا انتظار کرتے ہیں۔

    جاوید ہاشمی کا کہنا تھاکہ پارٹی میں کچھ لوگ عمران خان کے مستقبل کو تاریک کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کے وہ سانحہ ملتان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

  • تحریک انصاف کے رہنما لاشوں کی سیاست چھوڑدیں، زعیم قادری

    تحریک انصاف کے رہنما لاشوں کی سیاست چھوڑدیں، زعیم قادری

    لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا ہے کہ حکومت نے سانحہ ملتان کی تحقیقات کےلیے سیکرٹری ماحولیات کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا تعین کیا جائے گا ۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسہ میں بھگدڑ میں ضلعی انتظامیہ ملوث نہیں اور جلسہ گاہ کی اندورنی سیکورٹی کی ذمہ داری تحریک انصاف نے لے رکھی تھی ۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان  تحریک انصاف کے جلسوں میں بدنظمی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے ، ضلعی انتظامیہ نے عوام کی سہولت کیلئے جلسہ گاہ کے چھ میں سے پانچ گیٹ کھول رکھے تھے ۔

    انہوں نے کہا کہ اگر 1122 ہجوم کو کنٹرول کرنے کےلیے پانی نہ پھینکتی تو ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوتی ، تحریک انصاف کے رہنما لاشوں پر سیاست کرنا چھوڑ دیں اور اپنی کوتاہیاں دوسرے کے کھاتے میں نہ ڈالیں۔

  • بھارت غلط فہمی میں نہ رہے،جواب دینا جانتے ہیں، چوہدری نثار

    بھارت غلط فہمی میں نہ رہے،جواب دینا جانتے ہیں، چوہدری نثار

    اسلام آباد:  وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستانی افواج ہر طرح کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

    میڈیا بریفنگ میں وزیرِداخلہ نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے تہوار پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی اور بھاری ہتھیار کا استعمال کیا گیا، بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ میں 13 شہری شہید ہوچکے ہیں، جس کا رینجرز اور فوج کی جانب سے مؤثر جواب دیا گیا۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت کی دراندازی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور جارحیت کا معاملہ ہر فورم پراٹھایا جائے گا، پاکستان بات چیت اور پُرامن طریقے سے مسائل کا حل چاہتا ہے۔

    چوہدری نثار نے کہا ہے کہ اس قسم کی کوئی نا کوئی مقصد ہوتا ہے، پاکستان حکومت اور فوج کی تمام تر توجہ آپریشن ضرب، عضب پر ہے.

    چوہدری نثار نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ہیں ، بھارت کی اجارہ داری اور تھانیداری قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا ہے کہ ملالہ نے امن کا نوبل پرائز جیت کر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

    مذاکرات کی منسوخی سے امن کی خواہش رکھنے والوں کو مایوسی ہوئی، بھارت کی جانب سے سیکٹریری سطح پر مذاکرات منسوخ کئے گئے، بھارتی حکام کو مہم جوئی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں۔

  • عمران خان نوازفوبیا کا شکار ہوگئے ہیں، سعد رفیق

    عمران خان نوازفوبیا کا شکار ہوگئے ہیں، سعد رفیق

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما اوروفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان نوازشریف فوبیا کا شکار ہوگئے ہیں، اپنے ساتھ کھڑے لوگوں انہیں فرشتے اورباقی سب چور نظر آتے ہیں۔

    وہ لاہورمیں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ الیکشن میں بدنظمی ہوئی، جس کے ذمہ دار عمران خان ہیں، ان ہی کے مطالبے پرجوڈیشل افسران کو آراوز مقررکیا گیا تھا۔

    لاہورریلوے ہیڈکوارٹرزمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف گھر میں ٹھپے لگانے کا الزام غلط ہے، تحریک انصاف کارکنوں کو تشدد پراکسا رہی ہے، جس سے معاملات مزید خراب ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی نابالغ ہیں، وہ جس زبان میں بات کرتے ہیں، اس لہجے میں جواب نہیں دیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 18 اکتوبر کے جلسے کیلئے اسپیشل ٹرینیں چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    وہ عمران خان اورطاہرالقادری سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے جلسوں کیلئے اسپیشل ٹرینیں چلانے کیلئے تیار ہیں لیکن دھرنوں کیلئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گو نوازگو کے نعرے لگانے والے یاد رکھیں، ایسے نعرے ان کے خلاف بھی لگ سکتے ہیں۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ دھرنوں سے غیرملکی سرمایہ کاری رک گئی ہے اور معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔

  • عید تک سیاسی بحران حل کیا جائے،میاں افتخار حسین

    عید تک سیاسی بحران حل کیا جائے،میاں افتخار حسین

    لاہور:عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ عید تک سیاسی بحران حل کیا جائے، کہیں ایسا نہ ہو کہ عید کے بعد بازی کوئی اورلے جائے اور سب دیکھتے رہ جائیں۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء میاں افتخار حسین نے کہا کہ سیاسی بحران خطرناک ہے، عید تک حل نہ نکالا گیا تو پھر کوئی اوربازی لے جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوم نے عمران خان کو تیسری قوت تسلیم کر لیا ہے، رویے میں سنجیدگی لائیں، عوامی نیشنل پارٹی کو بھی دھاندلی کی شکایت ہے لیکن واویلا نہیں کیا، ساڑھے 3 سال باقی ہیں، پرویزخٹک گھر واپس آجائیں۔

    خیبر پختونخواہ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ میاں افتخار نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت دہشتگردی کے معاملے پرغیر سنجیدہ ہیں، حکمران اب بھی دہشت گردوں کے خلاف نرم گوشہ رکھتے ہیں اوردہشت گردی کے خلاف فوج کی کھل کرحمایت نہیں کررہے۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکومت نے آئی ڈی پیز کے مسائل پرکوئی توجہ نہیں دی، ناراض آئی ڈی پیز واپس گئے تو دہشت گردی میں مزید اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی اورصوبائی حکومت امن کیلئے مخلص ہیں تو فوج کی کھل کرحمایت کریں۔