Tag: پریس کانفرنس

  • عمران خان کرپشن کے خلاف لڑتا رہے گا: شیخ رشید

    عمران خان کرپشن کے خلاف لڑتا رہے گا: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کہیں نہیں جانا وہ کرپشن کے خلاف لڑتا رہے گا، بانی ایم کیو ایم سے بات چیت نہیں ہو سکتی، ان پر بہت سے کیسز ہیں جو بدامنی کے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف صحت مند ہیں انہوں نے کسی ڈاکٹر کو نہیں دکھایا، ان کے پاس اداروں کے خلاف باتیں کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ نواز شریف نے آنا ہے تو جیب سے ٹکٹ آفر کرتا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مارچ اپریل یا مئی جون تک بلدیاتی الیکشن ہوجائیں گے، بلدیاتی الیکشن ختم ہوئے تو حکومت کے 4 سال مکمل ہوجائیں گے۔ حکومت کا پانچواں سال تو انتخابی مہم کا سال ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے 7 روزہ دورے پر رہوں گا اور لوگوں کی تکالیف کو کم کروں گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور شریف خاندان کرپٹ ہیں، شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے جتنے الزام ہیں کسی پر نہیں۔ عمران خان نے کہیں نہیں جانا وہ کرپشن کے خلاف لڑتا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم سے بات چیت نہیں ہو سکتی، ان پر بہت سے کیسز ہیں جو بدامنی کے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان سے اچھے تعلقات ہیں اور رہیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ بالواسطہ رابطے ضرور ہیں، فینسنگ کا کام بھی جاری ہے۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال میں دنیا کو مدعو کیا۔ افغانستان نے یقین دلایا ان کی زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

  • شریف فیملی نے سڑکوں کو کاروبار بنایا: فواد چوہدری

    شریف فیملی نے سڑکوں کو کاروبار بنایا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شریف فیملی نے سڑکوں کو کاروبار بنایا، 65 سال میں ملک کا قرضہ 6 ٹریلین تھا، نواز شریف اور زرداری فیملی نے قرض کو 27 ٹریلین تک پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 65 سال میں ملک کا قرضہ 6 ٹریلین تھا، نواز شریف اور زرداری فیملی نے قرض کو 27 ٹریلین تک پہنچا دیا، اب بھی ایک پہاڑ موجود ہے جو قرض کی صورت واپس کرنا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شریف اور زرداری فیملی نے پیسہ پاکستان سے لیا اور باہر بھیجا، شہباز شریف کیس میں 25 بلین روپے ان کے اکاؤنٹس میں آئے، یہ وہ پیسہ ہے جس کا پتہ چلا ہے، اربوں روپے کا تو پتہ ہی نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قرض واپس کرنے کے لیے قرض لیتے ہیں، قرض لینے سے اشیا کی قیمتیں اوپر جاتی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ موٹر وے کے لیے معاہدہ ہوا اور اس وقت رقم ایون فیلڈ کے لیے باہر گئی، این ایچ اے جو کام 100 روپے میں کر رہا ہے مسلم لیگ ن نے وہ کام 300 میں کروایا۔

    انہوں نے کہا کہ شریف فیملی نے سڑکوں کو کاروبار بنایا، وزیر اعظم اور کابینہ کے اراکین کرپشن میں پڑ جائیں تو قومیں تباہ ہو جاتی ہیں۔

  • بجٹ میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں: معاشی ٹیم کی پریس کانفرنس

    بجٹ میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں: معاشی ٹیم کی پریس کانفرنس

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، ثانیہ نشتر بتایا کہ احساس پروگرام کے لیے بجٹ میں 260 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار خسرو بختیار نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں بتایا کہ بجٹ میں ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، صنعت کا پہیہ چلانے کے لیے بجلی اور گیس درکار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 سو ایکڑ پر کراچی میں انڈسٹری زون قائم کر رہے ہیں، ملک میں پائیدار ترقی کے لیے برآمدات بڑھانا لازمی ہیں تاکہ ڈالرز آئیں، اب ہمارا چیلنج ایس ایم ای سیکٹر ہے۔

    خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل گروتھ میں انجینیئرنگ سیکٹر پر توجہ دے رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ آئندہ سالوں میں پاکستان میں کوسٹ آف ڈوئنگ بزنس کم ہوجائے گا، ایکسپورٹ کو مستحکم رکھنا ہے۔ بجٹ میں ٹیکسٹائل برآمدات کا ہدف 20 ارب ڈالر ہے۔ ادویات سازی کی برآمدات بڑھانے پر بھی توجہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے انسداد غربت پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر بتایا کہ احساس پروگرام کے لیے بجٹ میں 260 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ احساس ایمرجنسی کیش کا دوسرا مرحلہ جلد شروع ہوگا۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ جنوری سے احساس کیش کی رقم 12 ہزار سے بڑھا کر 13 ہزار کی جائے گی، ستمبر تک ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے پہنچا دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کا اکاؤنٹ کسی بھی بینک میں کھلوایا جا سکے گا، میرٹ پر 65 ہزار اسکالر شپس دیں گے، پناہ گاہ پروگرام کو توسیع دے رہے ہیں۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر سبسڈی کا آغاز آئندہ ماہ سے ہو رہا ہے۔

  • کیا مریم نواز کی پریس کانفرنس میں فرمائشی سوالات بھی کروائےگئے؟

    کیا مریم نواز کی پریس کانفرنس میں فرمائشی سوالات بھی کروائےگئے؟

    لاہور: مریم نواز کی پریس کانفرنس کے دوران رپورٹر کو نام لے کر پکارا گیا اور موبائل دیکھنے کا اشارہ بھی کیا گیا جس کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا جی اب سوال پوچھیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں کیا مریم نواز کی پریس کانفرنس میں فرمائشی سوالات بھی کروائےگئے؟ پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز مریم اورنگزیب سے سرگوشی کرتی نظر آئیں۔

    پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے پہلے میسج ٹائپ کیا، پھر رپورٹر کو پکارا اور موبائل دیکھنے کا اشارہ کیا جس کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا اب سوال پوچھیں۔

    رپورٹر کی جانب سے سوال کیا گیا کہ میاں صاحب خاموش کس وجہ سے ہیں یہ بتا دیں؟ مریم نواز نے سوال پوچھنے پر پہلے رپورٹر کا شکریہ ادا کیا پھر جواب دیا۔

    وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس سے متعلق کہا کہ انہوں نے پے رول پر صحافی رکھے ہیں، اپنی مرضی کے سوال کرتے ہیں، مریم نواز بالکل اپنے والد کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔

  • صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں، پوری سول انتظامیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکشن 245 کے تحت پاک فوج کی مدد طلب کر رہے ہیں، پاک فوج نے بھی سول انتظامیہ کی ہر جگہ مدد کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام حکومتی اقدامات پر تعاون کریں اور سوشل فاصلہ رکھیں، ایکسپو سینٹر میں ایک ہزار بیڈ پر مشتمل فیلڈ اسپتال بنا رہے ہیں۔ ہماری پوری سول انتظامیہ کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں بھرپور طریقے سے اقدامات کر رہے ہیں، کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 5 مخصوص اسپتال بھی بنا رہے ہیں، کابینہ کی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر مسائل کا حل نکال رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب ایک لاکھ لوگوں کے لیے اقدامات کی صلاحیت رکھتا ہے، عوام سے درخواست ہے حکومتی اقدامات پر مکمل تعاون کریں۔ صوبے بھر میں خوراک کی کوئی قلت نہیں۔ یہ ایک ایمرجنسی صورتحال ہے اس سے اسی طرح نمٹنا ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ میں کرونا آرڈیننس لا رہے ہیں، سوشل پروٹیکشن کے لیے بھی لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کو تفتان بارڈر پر سہولتوں کی کمی کا سامنا رہا ہے۔ بلوچستان حکومت کو تمام طبی سہولتوں کے لیے تعاون کریں گے۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد افراد کو نکالنے کا فیصلہ

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد افراد کو نکالنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد غیر مستحق افراد کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر مستحقین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالا گیا ہے۔ 10 سال قبل سروے کے ذریعے مستحقین کا تعین کیا گیا تھا، 10 سال میں لوگوں کے حالات بدل جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا کہ پروگرام سرکاری ملازمین کے لیے نہیں ہے، 8 لاکھ 20 ہزار 165 خواتین کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اقدامات مستحق افراد تک مالی امداد پہنچانے کے لیے اٹھائے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غیر مستحق افراد کو 2011 سے ادائیگیاں کی جارہی تھیں۔ ایسا شخص جس کے نام پر گاڑی ہو، پی ٹی سی ایل یا موبائل کا بل ایک ہزار سے زائد ہو، ایسے افراد اہل نہیں۔

    ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ اسی پروگرام کے تحت نیا پروگرام کفالت شروع کر رہے ہیں۔ کوئی بھی خاتون معیار پر پورا اترے بغیر پروگرام کا حصہ نہیں ہوگی۔ پروگرام کا حصہ نہ بننے پر اپیل کا دروازہ کھلا ہوگا۔ اب 100 فیصد بائیو میٹرک نظام پر جا رہے ہیں، کارڈ کا نظام 15 دسمبر سے ختم ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین اب بائیو میٹرک اے ٹی ایم استعمال کر سکیں گی، اکاؤنٹ سے پیسہ نکلنے پر ہماری اسکرین پر تفصیل آجائے گی۔ ہم خواتین کی خود کفالت کے لیے حوصلہ افزائی کریں گے۔ دیے گئے وظیفے کو مہنگائی کی شرح سے منسلک کر دیا ہے، وظیفے میں 500 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے 2 بینکوں سے معاہدے ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر کیے۔ ایل او سی کے تمام 216 گاؤں میں غربت کی لکیر کو ختم کیا ہے۔ ایل او سی کے مکینوں کو کفالت پروگرام میں زیادہ شامل کریں گے۔ جن کے پاس شناختی کارڈ ہوں گے ان کو وظیفے دیں گے۔

  • مارچ تک نیب کو بہت ساری رقم پلی بارگین کی شکل میں ملے گی: شیخ رشید

    مارچ تک نیب کو بہت ساری رقم پلی بارگین کی شکل میں ملے گی: شیخ رشید

    کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مارچ تک نیب کو بہت ساری رقم پلی بارگین کی شکل میں ملے گی، موجودہ حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ریلوےمیں بہتری کے لیے ٹینڈر کیے گئے۔ موجودہ حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر اپوزیشن سے مل بیٹھ کر بہتر فیصلہ کریں گے، مولانا فضل الرحمٰن سے دسمبر کے بعد بات کروں گا۔ بہت سارے لیڈر نئے سال کا آغاز لندن میں کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مارچ تک نیب کو بہت ساری رقم پلی بارگین کی شکل میں ملے گی، یہ سیاستدان نہیں بلکہ یہ حادثوں کی پیداوار ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرداری جیل کاٹ سکتے ہیں مگر نواز شریف نہیں۔ کوئی مائنس فارمولہ نہیں ہوگا۔ نواز شریف اور زرداری کی کوئی سیاست نہیں دیکھ رہا۔

    انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی ایکسٹینشن سے متعلق جلد فیصلہ ہوجائے گا، پی آئی سی واقعے پر کالے کوٹ کو بڑی ندامت اٹھانی پڑی۔ اسپتالوں پر پڑھا لکھا طبقہ حملہ نہیں کر سکتا۔ پی آئی سی واقعے سے وکلا کا اپنا امیج تباہ ہوا۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کم کرنا ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے، کراچی سرکلر ریلوے کا 38 کلو میٹر کا ٹریک خالی کروا دیا۔

  • شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ آل شریف جھوٹ اور کرپشن میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 25 کیش بوائز گڈ نیچر کمپنی سے پیسے نکلواتے تھے۔ آل شریف جھوٹ اور کرپشن میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف خود نواز شریف کی پلیٹ لیٹس ٹھیک کروانے لندن چلے گئے۔ شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ڈیلی میل کے رپورٹر کی اسٹوری کا جواب نہیں دے سکے۔ ڈیلی میل کے رپورٹر ڈیوڈ روز نے شہباز شریف کی کرپشن کو بے نقاب کیا۔ شریف برادران نے زلزلہ متاثرین کے فنڈز کو بھی نہ بخشا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کا ڈیوڈ روس روز آپ سے پوچھ رہا ہے آپ کب لندن کی عدالتوں میں ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ میں پراپرٹی بیچ کر شہباز شریف کو مہنگا وکیل کروا کر دینے کو تیار ہوں، شہباز شریف ملک سے باہر بیٹھ کر بھی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔

    وزیر اطلاعات نے مزید کہا تھا کہ شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، شہباز شریف کی کرپشن کا کچا چٹھہ شہزاد اکبر نے 18 سوالات میں کھول دیا۔

  • مولانا کا دعویٰ، شیخ رشید کا جواب، دور دور تک الیکشن نہیں دیکھ رہا

    مولانا کا دعویٰ، شیخ رشید کا جواب، دور دور تک الیکشن نہیں دیکھ رہا

    اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کے دعوے پر وفاقی وزیر شیخ رشید نے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دور دور تک الیکشن نہیں دیکھ رہا، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان استعفیٰ لینے آئے تھے لیکن خالی ہاتھ چلے گئے، عمران خان نے کہا تھا این آر او نہیں دوں گا اور نہیں دیا، میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ نواز شریف آج مرا یا صبح مر جائے گا، میڈیا کو بے وقوف بنانے پر ڈاکٹر عدنان اور ڈاکٹر وقار سے تفتیش ہونی چاہیے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ریلوے کے حوالے سے میٹنگ کی، وزیر اعظم نے 2 ٹیکنیکل ایڈوائزرز کے لیے منظوری دی ہے۔ وزیر اعظم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کریں گے۔ ریلوے کے لیے یہ سال فریٹ اور لینڈ کا ہے، ریلوے تاریخ میں پہلی بار فریٹ ٹارگٹ سے آگے ہے۔ بائیو میٹرک کو آف سورس کرنے جارہے ہیں۔ ریلوے سے ہر قسم کا مافیا ختم کیا جائے گا۔ ایم ایل ون سی پیک کی شہ رگ ہے۔

    تازہ ترین:  3 ماہ میں تبدیلی کی یقین دہانی سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا بڑا دعویٰ

    انہوں نے کہا کہ چین کی ریلوے دنیا میں نمبر ون پر ہے۔ چین سے ایم ایل ٹو پر بھی بات کر رہے ہیں۔ سی پیک سے متعلق امریکا کو تحفظات ہیں۔ امریکا کے پیٹ میں درد ہے کہ چین سرمایہ کاری کیوں کر رہا ہے، جب امریکا کا مطلب پورا ہو جائے تو گڈ بائی کر کے چلا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے ہر فورم پر ایم ایل ون سے متعلق بات کی، ایم ایل ون بننے جا رہا ہے، سہرا عمران خان کے سر سجے گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کی بھی اسکروٹنی ہونی چاہیئے۔ تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے سرخرو ہو کر نکلے گی۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے 5 کیسز میں پلی بارگینگ شروع ہوگئی ہے، نیب عنقریب خزانہ بھرنے جارہی ہے۔ پرویز الٰہی سسٹم کا حصہ ہیں، عمران خان نے انہیں فون کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا تھا این آر او نہیں دوں گا اور نہیں دیا۔ احتساب سب کا ہونا چاہیئے۔

  • آزادی مارچ پر مذاکرات ناکام، حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج پریس کانفرنس کرے گی

    آزادی مارچ پر مذاکرات ناکام، حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج پریس کانفرنس کرے گی

    اسلام آباد: آزادی مارچ کے معاملے پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج پریس کانفرنس کرے گی ، جس میں اپوزیشن سے مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا، حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کے معاملے پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی آج پریس کانفرنس کرے گی ، پریس کانفرنس سہ پہر 3بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی ، جس میں کمیٹی کی جانب سے اپوزیشن سے مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

    گذشتہ روز حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے پرویز خٹک کی قیادت میں رہبر کمیٹی کے اراکین سے اکرم درانی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی ، جس میں دھرنے اور آزادی مارچ سے متعلق مطالبات پر غور کیا گیا تھا۔

    مذاکرات کے دو دور ہوئے، ایک دور میں اپوزیشن کی جانب سے چار نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا جس میں وزیر اعظم کے مستعفیٰ ہونے، نئے انتخابات کرانے، عوامی حقوق کی بالادستی اور آزادی مارچ میں رکاوٹ نہ ڈالنا شامل تھا۔

    مزید پڑھیں : حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات بے نتیجہ ختم

    حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے ملاقات شروع ہوتے ہی رہبر کمیٹی کے اراکین کو واضح کردیا تھا کہ وزیراعظم کے استعفے کے علاوہ دیگر مطالبات کو نہ صرف سنا جائے گا بلکہ اُن کا بات چیت کے ذریعے حل بھی نکالا جائے گا۔

    حکومت کی مذاکراتی کمیٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے تھے ، البتہ دونوں جانب سے رابطے برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    بعد ازاں حکومتی مذاکراتی کمیٹی اوررہبرکمیٹی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی ، جس کے مطابق مذاکرات کے دوران آزادی مارچ کے مقام کا تعین نہ ہوسکا تھا۔

    اپوزیشن کے تجویز کردہ3مقامات کو حکومتی کمیٹی نے مسترد کیا اور پریڈ گراؤنڈ میں جلسےکی تجویز دی تھی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ڈی چوک،چائنہ چوک اورپارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کی تجویز دی گئی، جنہیں حکومت نے یکسر مسترد کردیا تھا۔