Tag: پریس کانفرنس

  • پی آئی اے میں کرپشن مافیا سرگرم تھی: سی ای او نے سنسنی خیز انکشافات کردیے

    پی آئی اے میں کرپشن مافیا سرگرم تھی: سی ای او نے سنسنی خیز انکشافات کردیے

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کے سی ای او ارشد ملک نے سنسنی خیز انکشافات کردیے کہ کس طرح قومی ایئر لائن کو تباہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک اور وفاقی وزیر برائے ہوا بازی محمد میاں سومرو نے پریس کانفرنس کی۔ ارشد ملک نے قومی ایئر لائن کو تباہ حال کرنے والے ماضی میں کیے گئے اقدامات سے پردہ اٹھا دیا۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ ادارے میں دلچسپی ختم ہو چکی تھی، پی آئی اے میں کرپشن مافیا سرگرم تھی۔ ہمیں یہ بھی محسوس ہوا کہ ادارے میں پروفیشنل لوگ کم ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مسافروں کے ساتھ بہت غلط رویے کی شکایات کا تسلسل تھا، جہازوں سے انجن اتار لیے جاتے تھے، پارٹس غائب ہوجاتے تھے۔ جہاز کو کھڑا کر کے پہیے تک اتار دیے جاتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ نااہلی کا یہ عالم تھا کہ اہم سامان ڈبوں میں پڑے پڑے ایکسپائر ہوگیا تھا، ادارے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انتظامیہ آنکھیں بند رکھتی تھی کچھ روٹس پر 300 ملین کا نقصان ہوا، 500 ملین ہمیں کچھ فلائٹوں سے نقصان ہو رہا تھا بند کردی ہیں۔

    ارشد ملک نے کہا کہ لوگوں کو صفائی کے لیے سامان نہیں دیا جاتا تھا، صفائی کے لیے جو معیار مقرر ہیں وہ نہیں تھے۔ پی آئی اے میں بحالی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، بہت سے غیر منافع بخش روٹس بند کیے جا رہے ہیں، جو روٹ بند کیے گئے ان کی جگہ منافع بخش روٹ شروع کیے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 15 فروری سے نئے روٹس پر پروازیں شروع ہو رہی ہیں۔ پشاور سے نائٹ آپریشنز 2 سال سے بند تھے اب بحال ہو رہے ہیں۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی ممبئی اور نیویارک میں پراپرٹیز موجود ہیں، ہم ابھی تک پاک فضائیہ کے خرچے پر چل رہے تھے۔ ہمیں ایئر فورس نے اپنے خرچے پر گاڑیاں فراہم کیں۔ ’200 گھوسٹ ملازمین تھے جن کو تنخواہیں ملتی تھی‘۔

    انہوں نے کہا کہ من پسند لوگوں کو من پسند فلائٹس پر بھیجا جاتا تھا، مختلف ممالک میں قیمتی جائیداد ہونے کے باوجود کرائے پر آفس لیے گئے۔ ایک کروڑ روپے ہم اوور ٹائم دے رہے تھے۔

    ارشد ملک نے بتایا کہ دفتر خارجہ کو شامل کر کے باہر موجود پراپرٹیز کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فری ٹکٹ کا بازار بند کر دیا گیا ہے نہ کسی کی سیٹ اپ گریڈ کی ہے۔ جہاز 10 ماہ سے گراؤنڈ ہیں ہم کیسے ریونیو حاصل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے اثاثے 32 جہاز ہیں، 6 جہاز گراؤنڈ ہیں۔ جہاز مکمل آپریشنل ہوں تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ پی آئی اے کو 247 بلین ادھار کا سامنا ہے،۔ ادارے کو ماہانہ 4 ارب ادھار ادا کرنے ہیں۔

  • رواں سال 15 کے بجائے 20 نئی ٹرینیں چلائیں گے: شیخ رشید

    رواں سال 15 کے بجائے 20 نئی ٹرینیں چلائیں گے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پہلے 15 ٹرینوں کا کہا تھا لیکن رواں سال 20 نئی ٹرینیں چلائیں گے بڑا اعلان کر رہا ہوں۔ ٹرینوں میں کرایوں کی 3 کیٹگریز بنانے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ روہڑی میں سندھی ثقافت کے مطابق نیا ریلوے اسٹیشن بنا رہے ہیں، روہڑی ریلوے اسٹیشن میں 200 نئی دکانیں بنانے جا رہے ہیں۔ ہماری تمام نئی ٹرینیں کمائی میں چل رہی ہیں۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ 24 گھنٹے ٹکٹنگ کی سہولت کا بھی مثبت ردعمل آیا ہے، 24 گھنٹے ٹکٹنگ کی وجہ سے ایک ماہ میں 39 ہزار ٹکٹوں کا فائدہ ہوا، جو افسر کام نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا، کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیشنوں پر 15 دنوں میں پولیس ٹکٹ چیک کیا کرے گی، پہلے 15 ٹرینوں کا کہا تھا لیکن اب چھلانگ لگا کر 20 کا کہتا ہوں، رواں سال 20 نئی ٹرینیں چلائیں گے بڑا اعلان کر رہا ہوں۔ اس کے علاوہ اب ہماری گنجائش نہیں اور نہ مسافروں کی گنجائش ہے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ جو شخص 3 ماہ پہلے ٹکٹ لے اس کو ایک فیصد رعایت بھی دے سکتے ہیں، 2 نئی فریٹ ٹرینیں کل سے چلانے جا رہے ہیں۔ مارچ تک 2 مزید ٹرینیں بھی چلائی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ وی آئی پی ٹرین شروع کرنے جا رہے ہیں جس کے مزید کرائے بڑھائیں گے، وی آئی پی ٹرین میں فائیو اسٹار سہولتیں فراہم کریں گے۔ ٹرینوں میں کرایوں کی 3 کیٹگریز بنانے جا رہے ہیں، کسی کو مجبور نہیں کریں گے ہر شخص اپنی کیٹگری خود منتخب کرے گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ رواں سال پاکستان کی ترقی کا سال ہے، عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کرے گا، چیئرمین پی اے سی سے متعلق شہباز شریف کے خلاف عمران خان کو خط لکھ رہا ہوں، عمران خان سے درخواست کروں گا مجھے بھی پی اے سی میں شامل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر 121 کیسز ہیں وہ کیا احتساب کریں گے، کوئی کیس یا فائل نہیں دبائی گئی، جو بھی کیسز ہیں سب پر کارروائی ہوگی۔ آصف زرداری اور شریف خاندان کا مستقبل نہیں دیکھ رہا۔

  • چینی قونصلیٹ حملے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، را بھی ملوث ہے: ایڈیشنل آئی جی

    چینی قونصلیٹ حملے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، را بھی ملوث ہے: ایڈیشنل آئی جی

    کراچی: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل امیر شیخ کا کہنا ہے کہ چینی قونصلیٹ حملے کے ملزمان اور سہولت کار گرفتار کرلیے ہیں، منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی جبکہ بھارت نے حملے کو اسپانسر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل انسپکٹر جنرل امیر شیخ نے ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی اور ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ چینی قونصلیٹ حملے میں کئی ملزمان کو گرفتار کرلیا، واقعے کی تحقیقات میں بہت سے نام سامنے آئے، جنہیں گرفتار کرلیا۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے اسلحہ بلوچستان سے ریلوے کے ذریعے لایا گیا۔

    منصوبہ بندی کب، کہاں اور کیسے ہوئی؟


    انہوں نے کہا کہ کراچی پہنچنے کے بعد اسلحہ بلدیہ ٹاؤن میں ایک گھر میں رکھا گیا، گاڑی اوپن لیٹر پر تھی، چینی قونصلیٹ پر حملے کا ماسٹر پلان افغانستان میں بنا۔ حملے کا ماسٹر مائنڈ اسلم عرف اچھو افغانستان میں مارا جا چکا ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ (بلوچستان لبریشن آرمی) بی ایل اے کو لیڈ آج کل بشیر زیب نامی دہشت گرد کر رہا ہے، اسلم عرف اچھو کے علاوہ تمام ملزمان گرفتار ہیں۔ واقعے میں افغان سرزمین استعمال ہوئی، را بھی ملوث ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد تھا چینی قونصلیٹ عملے کو یرغمال بنائیں، بروقت کارروائی کی وجہ سے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام رہا۔ بلدیہ میں دہشت گردوں کو سہولت دینے کے لیے گھر اسلم کے نام پر لیا گیا، گھر کے حصول کے لیے عارف نام استعمال کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ واقعے والے دن حملہ آور بلدیہ ٹاؤن میں عارف کے گھر سے آئے تھے، بی ایل اے کے کراچی اور بلوچستان کے لوگ اس میں ملوث تھے۔ چینی قونصلیٹ پر حملے کے ذریعے سی پیک کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ تھا، دہشت گردوں کا عالمی سطح پر پیغام دینا تھا کہ پاکستان غیر محفوظ ہے۔

    اے آئی جی کا کہنا تھا کہ ریلوے کے ذریعے اسلحہ بھیجا گیا، ریلوے حکام کو خط لکھ رہے ہیں کہ اسلحہ کی ترسیل روکنے کے لیے اقدامات کرے۔ بروقت ایکشن نہ لیا جاتا تو کراچی میں بڑا سانحہ ہوسکتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے اپنے نام مختلف رکھ کر جعلی شناختی کارڈ بنا رکھے تھے، ایک شخص نے اپنے 2، 2 شناختی کارڈ بنا رکھے تھے۔

    اسلم اچھو زندہ ہے یا مارا گیا؟


    ان کا مزید کہنا تھا کہ سلم اچھو نے پہلے بھی اپنی موت کا ڈرامہ رچایا تھا، جب تک اسلم اچھو کی لاش نہیں ملتی یقین نہیں کر سکتے۔ امان اللہ اسلم اچھو کا رشتے دار ہے، جس کو حملے کے لیے استعمال کیا گیا۔

    امیر شیخ نے کہا کہ واقعے میں کسی سیاسی پارٹی کا کنکشن نہیں ملا، واقعہ بی ایل اے نے سر انجام دیا، حملہ بھارتی اسپانسرڈ واقعہ تھا۔ جعلی اور 2، 2 شناختی کارڈ سے متعلق ایف آئی اے کو خط لکھ رہے ہیں، کالعدم بی ایل اے کو معمولی سمجھا جا رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کی باتیں پوری دنیا میں ہو رہی تھیں، کراچی سمیت پاکستان کا امن دشمن کو کھٹکتا ہے۔ کراچی میں ہونے والے بڑے ایونٹس پر بھارت میں پریشانی ہو رہی ہے۔ حملہ پاکستان اور چین کی دوستی میں دراڑ ڈالنے کی ناکام کوشش تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کا کراچی میں ایک اور دہشت گردی کا بھی منصوبہ تھا، دوسرے منصوبے سے پہلے دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں کا ایک ساتھی ابھی گرفتار نہیں ہوا اسے بھی پکڑ لیں گے، دشمن کی کوشش ہے پاکستان امن والے فیز میں داخل نہ ہو۔

    انہوں نے مزید کہا کہ علی رضا عابدی کیس میں 2، 3 ڈائریکشن پر تفتیش جاری ہے، چینی قونصلیٹ پر حملے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کو 20 لاکھ انعام دیا جائے گا۔

  • ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام عہدوں نہیں، کردار کی وجہ سے ڈالے گئے: فواد چوہدری

    ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام عہدوں نہیں، کردار کی وجہ سے ڈالے گئے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نام عہدوں نہیں کردار کی وجہ سے ڈالے گئے، وزیر اعلیٰ کا  سازش میں کردار آصف زرداری سے بھی بڑا ہے۔ اومنی گروپ کے اصل مالک و مختار آصف زرداری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان کا پاکستان میں کردار سب جانتے ہیں، ابو ظہبی کے ولی عہد کا وزیر اعظم عمران خان نے خود استقبال کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ابو ظہبی کے ولی عہد 3 روز پاکستان میں رہے اور واپس روانہ ہوئے۔ ابو ظہبی کے ولی عہد نے تیسرے روز آفیشل اسلام آباد کا دورہ کیا۔ مراد علی شاہ کے استعفے سے متعلق تحریک انصاف اپنے مطالبے پر قائم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اومنی گروپ کے اصل مالک و مختار آصف زرداری ہیں، سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے۔ فلم ٹھگز آف پاکستان میں مراد علی شاہ کا اہم کردار ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام عہدوں نہیں کردار کی وجہ سے ڈالے گئے، وزیر اعلیٰ کا سازش میں کردار آصف زرداری سے بھی بڑا ہے۔ پوری قوم کرپٹ عناصر کے خلاف متحد ہے۔ گھناؤنی سازش میں وزیر اعلیٰ سندھ کا نام آنا باعث شرمندگی ہے، وزیر اعظم کا سیاسی مافیا کے خلاف آپریشن کلین اپ کامیاب ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ بڑے چور جیلوں میں ہوں گے جس میں 90 فیصد کامیابی مل گئی ہے، سپریم کورٹ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم سر آنکھوں پر ہے۔ چوہدری نثار پہلے بہت ایکٹو تھے لیکن پھر اچانک سے خاموش ہوگئے، اصل میں کرپشن کی وجہ سے ایک معاہدہ ہوگیا تھا اس لیے چوہدری نثار خاموش ہوئے۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ کسی ایک پارٹی یا شخص نے بھی اس کیس کو مسترد نہیں کیا، ہماری حکومت نے کوئی نیا کیس نہیں بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی نے درخواست کی تھی مزید تحقیقات کے لیے کیس نیب کو بھیجا جائے۔ نیب کی تحقیقات شروع ہوگئی، اب پلی بارگین ہوگی یا ریفرنس ہوگا۔ جے آئی ٹی اپنا کام جاری رکھے گی اور نیب کی معاونت کرے گی۔ عدالت کے حکم پر ای سی ایل سے نام نکالا جائے گا لیکن تحقیقات جاری رہیں گی۔

    شہزاد اکبر نے کہا کہ کابینہ نے بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل سے نکال دیا لیکن جواب دہی ضروری ہے، فاروق نائیک کے بیٹے کے اکاؤنٹ میں جعلی اکاؤنٹ سے پیسے آئے۔ فاروق ایچ نائیک سے بھی تفتیش ہوگی اور جواب لیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ جو لوگ بھی جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں ملوث ہیں نیب کو جوابدہ ہیں، سرکاری زمین پر قبضہ اور من پسند لوگوں کو دینے کا الزام ہے جواب دینا ہوگا۔ 262 ایکڑ کی اسٹیل مل کی زمین اور 7 ایکڑ گلستان جوہر کی زمین کا جواب دینا ہوگا۔

    شہزاد اکبر نے کہا کہ کک بیکس اومنی گروپ کے اکاؤنٹس میں کیوں جمع ہو رہے تھے؟ سمٹ بینک بنایا گیا، اس میں عام شیئر ہولڈر کے ساتھ زیادتی ہوئی، اومنی گروپ 4، 2 سے درجنوں کمپنیوں پر کیسے چلی گئی؟ سارے سوالوں کے جواب نیب کو 2 ماہ کے اندر دینا ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ بینک میں7 اکاؤنٹس میں ڈیڑھ ارب کی منی لانڈرنگ کا جواب دینا ہوگا، ہنڈی حوالہ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی، دبئی میں 2 کمپنیوں کی نشاندہی ہوئی۔ یہاں دبئی اور وہاں سے لندن پیسے جاتے تھے اس کا جواب دینا ہوگا۔

  • شیخ رشید کا ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان

    شیخ رشید کا ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا کہ رائل پام کا قبضہ سپریم کورٹ کے پاس ہے، فرگوسن کو نکال دیا گیا ہے۔ رائل پام کا 2014 سے کوئی آڈٹ نہیں کیا گیا۔ خوشی ہے سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا ریلوے کیسز جلد نمٹائیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کچھ کمپنیوں کے ذمے 300 ارب روپے ہیں اس پر عدالت جا رہے ہیں، کرپشن کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کر رہے ہیں۔ ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کرنے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ریلوے انجنز پر ٹریکر لگ جائیں گے، چاہیں گے اسی ماہ افتتاح ہوجائے، ریلوے کا کوئی انجن نہیں خریدا گیا، رواں سال 20 مزید ٹرینیں چلائیں گے۔ ریلوے کی زمینیں 5 سال تک کی لیز کے لیے دے رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 20 ٹرینوں میں سے 2 وی وی آئی پی ٹرین شامل ہوں گی، وی وی آئی پی ٹرینوں میں تمام سہولتیں ہوں گی، فائیو اسٹار کھانا دیا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے ریڈیو پاکستان ریلوے کا اجرا کرنے جارہا ہے، ریڈیو پاکستان ریلوے کا ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہوگا۔ اس سال کے آخر تک 20 نئی ٹرینیں چلانے کا ہدف ہے۔

  • محکمہ ڈاک ایکسپورٹ پارسل کا انعقاد 14 جنوری سے کرے گا: مراد سعید

    محکمہ ڈاک ایکسپورٹ پارسل کا انعقاد 14 جنوری سے کرے گا: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ محکمہ ڈاک ایکسپورٹ پارسل کا انعقاد 14 جنوری سے کرے گا، پاکستان پوسٹ ملک کا سب سے پرانا ادارہ ہے اور سب سے زیادہ خسارے میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 15 جنوری سے ای کامرس کا آغاز کردیں گے، 23 مارچ کو باقاعدہ لاجسٹک کی مارکیٹ میں جا رہے ہیں۔

    مراد سعید نے کہا کہ ہم خواتین کو گھر کی دہلیز پر پیسہ پہنچائیں گے۔ ہم نے ایک کروڑ لوگوں کو روزگار دینا ہے، میڈیا اور پاکستان پوسٹ کے ملازمین و افسران کا شکر گزار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ ملک کا سب سے پرانا ادارہ ہے۔ سب سے خسارے میں بھی محکمہ ڈاک ہے۔ 52 ارب روپے پاکستان پوسٹ کا خسارہ ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دن میں ڈیلیوری کی سہولت چند شہروں میں دی، کوئی محکمہ ڈاک نہیں جاسکتا تو محکمے کے لوگ آپ کے گھر پہنچائیں گے۔ 10 روز میں ملک کے بڑے شہروں میں سروس لانچ کر رہے ہیں۔ تمام شکایات کو خود دیکھ رہا ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ ڈاک کو بہتر بنائیں گے، محکمہ ڈاک ایکسپورٹ پارسل کا انعقاد 14 جنوری سے کرے گا۔

  • مراد علی شاہ کو مستعفی ہوجانا چاہیئے: شیخ رشید

    مراد علی شاہ کو مستعفی ہوجانا چاہیئے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مستعفی ہوجانا چاہیئے، اتنا بڑا گند نکلا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کی قبر بھی آنسو بہا رہی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے نیوز کانفرنس کی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ریلوے زمین سے متعلق فیصلہ 4 جنوری کو ہوگا۔ 4 جنوری کو فیصلہ انصاف پر مبنی ہی ہوگا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے سے متعلق 123 کیسز زیر التوا ہیں، 1990 اور 1991 سے کیسز چل رہے ہیں۔ ریلوے افسر کو تبدیل کرنا چاہتے تھے جنہوں نے اسٹے لے لیا ہے، چیف جسٹس نے بھی متعلقہ ریلوے افسر کو طلب کرلیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مستعفی ہوجانا چاہیئے، اتنا بڑا گند نکلا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کی قبر بھی آنسو بہا رہی ہوگی۔ جس پر نیب کا کیس ہے اس کی انکوائری لازمی ہونی چاہیئے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فکر لاحق ہوگئی ہے آصف زرداری کا تو جیل دوسرا گھر ہے، آصف زرداری جیل میں تھے تو پلان کر کے کرمنلز سے رابطے کیے۔ نام ای سی ایل میں آگیا ہے تو اللہ کی طرف سے یہ سزا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جن حالات میں اقتدار ملا وہ کسی امتحان سے کم نہیں، عمران خان ذمہ داریاں پوری نہ کرتے تو پھر عوام شکوہ کرتے۔ اقتدار کے لیے خواہشیں اور قبریں بنیں گی تو اس ملک میں استحکام نہیں ہوگا۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بھٹو کہا کرتے تھے یہ سارے گندے انڈے ہیں، 30 مارچ سے پہلے پہلے سارے گند پر جھاڑو پھر جائے گا۔

    وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو رکھ دیا گیا۔ گزشتہ حکومت بھارت کے آگے جھکی ہوئی تھی، مودی نے جو کہا نواز شریف نے وہ سب مانا۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کی بات ہو رہی ہے نہ سمجھی جا رہی ہے۔ معلومات ہیں کہ بانی ایم کیو ایم علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث ہیں، بانی ایم کیو ایم کے گندے انڈے جو بچ گئے ہیں وہ صاف ہوں گے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ آئی جی سندھ سے رابطے میں ہوں، ملزمان تک تقریباً پہنچ چکے ہیں۔ اب کوئی واقعہ ہوا تو چوک پر قاتلوں اور غنڈوں کی لاشیں دیکھیں گے۔ علی رضا عابدی کے قاتلوں کو کھود کر نکالیں گے۔

  • شہباز شریف کو کیسے چیئرمین پی اے سی بنایا گیا، عدالت جانے کا سوچ رہا ہوں: شیخ رشید

    شہباز شریف کو کیسے چیئرمین پی اے سی بنایا گیا، عدالت جانے کا سوچ رہا ہوں: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا سوچ رہا ہوں۔ شہباز شریف کو کیسے چیئرمین پی اے سی بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ریلوے کی تاریخ کا بہت بڑا دن ہے، ریلوے کے مزدور چیف جسٹس ثاقب نثار کے مشکور ہیں۔ چیف جسٹس نے وہ کام کیا جو دس سال سے اٹکا ہوا تھا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کے اربوں روپے کے 123 کیسز ہیں، لاکھوں ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے والے سمجھتے تھے کچھ نہیں ہوگا۔ ریلوے افسران میرٹ پر 3 سال کی رکی لیزوں پر کام شروع کریں۔ تین سال سے زائد میرٹ پر لیز کی اجازت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 23 مارچ سے پہلے 2 ٹرینیں شروع کر رہے ہیں، رحمٰن بابا ایکسپریس بہت کامیاب ہوئی ہے۔ ایم ایل ون آخری مرحلے میں ہے۔ 2 اے سی اور 2 اکانومی ٹرینیں چلائیں گے، کراچی سے پشاور تک نیا ٹریک لگایا جائے گا۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 7 رکنی کمیٹی کو سرمایہ کاری اور دیگر امور کا اختیار دیا ہے، ریلوے کی زمین پر کوئی ہاؤسنگ اسکیم نہیں بنائی جاسکے گی۔ جو ٹریک اکھاڑیں گے اسے دوسری جگہ بچھائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شالیمار ٹرین اور شالیمار اسپتال کیس نیب کو بھیجے ہیں، پنڈی کی بیکری کا کیس دینا چاہتا ہوں اربوں روپے کا کیس ہے۔ پی اے سی چیئرمین کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا سوچ رہا ہوں۔ شہباز شریف کو کیسے چیئرمین پی اے سی بنایا گیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ کارگو کی کامیابی کے بعد مزید گاڑیاں نجی شعبے کے اشتراک سے چلائیں گے، خسارہ مسافر ٹرینوں سے نہیں زیادہ مال گاڑیاں چلانے سے کم ہوگا۔ تاجر کارگو ٹرین کی معلومات ٹریکنگ سسٹم سے حاصل کر سکیں گے۔ پاک فوج کی 50 بوگیاں کھڑی ہیں، باجوہ صاحب سے چلانے کی اجازت لوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب خود کہتے ہیں جیل میرا سسرال ہے، مجھے کہنے کی کیا ضرورت ہے، معاشی غداروں کو سزا دلانے میں عمران خان کی قیادت میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کرپشن کی ہے تو نواز شریف کو 7 سال ہوئی مجھے 14 سال کی سزا دے دیں، نواز شریف اور زرداری خاندان کا سیاست میں مستقبل نہیں دیکھ رہا۔

  • بلے کودودھ کی رکھوالی دینے پر مثبت پیغام نہیں گیا، وزیر ریلوے شیخ رشید

    بلے کودودھ کی رکھوالی دینے پر مثبت پیغام نہیں گیا، وزیر ریلوے شیخ رشید

    لاہور : وزیر ریلوے شیخ رشید نے شہبازشریف کوپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کاچیئرمین بنانے پرتنقید کرتے ہوئے کہا بلے کودودھ کی رکھوالی دینےپرمثبت پیغام نہیں گیا،شہباز شریف دیانتدارہیں توپھرن لیگ میں کوئی بےایمان نہیں ہے، خواجہ سعد رفیق بڑے باپ کا چھوٹا بیٹا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا خواہش ہے اس سال ایک وی وی آئی پی ٹرین چلا دیں، غریبوں کےلیے 3 ٹرینیں چلا رہے ہیں، لاہور کےکرائے میں لوگوں کوکراچی لےجا رہے ہیں۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اپنے پٹرول پمپ بنا کر ایک ارب بچانے کی کوشش کریں گے، رحمان بابا ایکسپریس 23 دسمبر کو پشاور سے کراچی کیلئے روانہ ہو گی، دس پندرہ دن میں ٹریکر کی سہولت دستیاب ہوگی، ٹریکر آنے کے بعد لوگ ٹرین کو ٹریک کر سکیں گے۔

    [bs-quote quote=” خواجہ سعد رفیق بڑے باپ کا چھوٹا بیٹا ہے، وہ پیسوں کی خاطر ٹیں ٹیں کر رہا ہے” style=”style-6″ align=”left” author_name=”شیخ رشید "][/bs-quote]

    شیخ رشید نے کہا بغیر ٹکٹ سفرکرنےوالوں کا محاسبہ کریں گے، کنٹرول ہیڈروم کو جدید بنانے کی کوشش کریں گے ، فوگ میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے لوگ موجودہوں گے،  بہت سارے ہوٹلوں نے ٹرین چلانے کےلیے رابطہ کیا ہے، ٹرین میں کھانے اور صفائی کا خیال رکھنے کا کہا ہے، ریلوے ٹریک کی صورتحال بہت خراب ہے، ہمارے پاس جو لوگ کنٹریکٹ پر ہیں ان کو ترجیح دیں گے۔

    وفاقی وزیر کا شہبازشریف کوپبلک اکاؤنٹس کمیٹی کاچیئرمین بنانے پرتنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلے کی دودھ کی رکھوالی دینے سے اچھا پیغام نہیں گیا،  عوام بے ایمانوں کا احتساب چاہتے ہیں، شہباز شریف اگر دیانتدار ہیں تون لیگ میں کوئی بے ایمان نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا میرے 3 سال تک کسی نے پروڈکشن آرڈر نہیں کیا، 7 سال کلاشنکوف کیس میں قید میں رہا، کی ماں کی لاش گھر پڑی تھی تو گرفتار کر لیا گیا، یہاں چوروں ڈاکوؤں کو ایسے پیش کررہے ہیں جیسے ان سے ناانصافی ہوئی۔

    سعد رفیق کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق بڑے باپ کا چھوٹا بیٹا ہے، وہ پیسوں کی خاطر ٹیں ٹیں کر رہا ہے۔

    [bs-quote quote=”مریم اور کلثوم نواز کے بارے کبھی کوئی بات نہیں کی لیکن بلاول تو اپنا جانی ہے” style=”style-6″ align=”left” author_name=”شیخ رشید "][/bs-quote]

    وزیر ریلوے نے کہا سپریم کورٹ کے ڈبل نیشنلٹی کے فیصلے پر تبصرہ نہیں کروں گا، بیس فریٹ ٹرینیں چلانے پر صحافیوں کو کھانا کھلاؤں گا، وزیر اطلاعات بھی میرا بھائی ہے اور وہ بہترین کام کر رہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کی قیادت کے ملازمین کے نام پر چار چار گھر نکل رہے ہیں، ان کے جلسے جلوسوں پر کچھ نہیں ہو گا، مریم اور کلثوم نواز کے بارے کبھی کوئی بات نہیں کی لیکن بلاول تو اپنا جانی ہے۔

  • ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ ہے: شیخ رشید

    ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ ہے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ دی ہے، فنڈز مل جائیں تو کرتار پور میں خوبصورت ریلوے اسٹیشن تعمیر کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کے لیے 3 ٹرینیں چلائیں گے، عوام سے دسمبر تک کا وعدہ کیا ہے۔ بغیر ٹکٹ مسافر کے ساتھ جو ملازم، اہلکار ملوث ہوا نوکری سے فارغ ہوگا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 90 دن میں 2 ارب آمدن میں اضافہ کیا، 90 فیصد وقت کی پابندی کی جارہی ہے۔ ڈیم فنڈ کے لیے 5 کروڑ اکٹھے کر لیے ہیں، سیاحت کے لیے راولپنڈی سے ٹیکسلا تک اسٹیم انجن چلائیں گے۔ ٹرین کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریزوریشن اوقات بڑھانے سے ریلوے کی آمدنی 20 فیصد بڑھی، ریلوے میں ایک ارب روپے کے غیر ضروری اخراجات میں کمی کی ہے۔ بسوں کا کاروبار خراب نہیں کرنا چاہتے، مین روٹس پر آ رہے ہیں۔ 7 ڈویژنل شہروں کے اسٹیشنز پر 24 گھنٹے ریزرویشن کی جائے گی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجہ صاحب حسن ابدال کو پشاور سے نکال کر راولپنڈی ڈویژن کے حوالے کردیا۔ سال میں 10 ارب روپے بزنس کا ہدف ہے، پورا کریں گے۔ خراب پٹریوں اور خراب بوگیوں کی مرمت شروع کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جتنے تالے لگوا سکتے ہیں لگوائیں گے، میں اب خود چیف جسٹس کے سامنے پیش ہوں گا۔ مال گاڑی کی تعداد 8 سے 15 کروں گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ اگر کھلاڑی کو اناڑی کہیں گے تو تھوڑا انتظار کریں۔ لوٹا ہوا پاکستان عمران خان کو ملا ہے۔ کرتار پور کوریڈور کے افتتاح نے بھارت میں صف ماتم بچھا دی ہے، سکھ برادری آج عمران خان کو اپنا محسن سمجھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فنڈز مل جائیں تو کرتار پور میں خوبصورت ریلوے اسٹیشن تعمیر کریں گے، کرتار پور میں ہمارے پاس زمین موجود ہے لیز پر دینے کے لیے تیار ہیں۔ بابا گرو نانک ٹرین کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔