Tag: پریس کانفرنس

  • ریلوے کے اسپتال اور اسکولوں کی نجکاری کے لیے تیار ہیں: وزیر ریلوے

    ریلوے کے اسپتال اور اسکولوں کی نجکاری کے لیے تیار ہیں: وزیر ریلوے

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو ریلوے میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ ریلوے کے اسپتال اور اسکولوں کی نجکاری کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پہلا دن ہے اہم فیصلے کیے ہیں، ریلوے کو رواں سال ہی خسارے سے نکالیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کے اخراجات میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے، کرایوں سے مطمئن نہیں تھا 20 فیصد اضافے کا کہا ہے، کرپٹ عناصر کو معطل کروں گا، 3 افراد کو معطل کردیا ہے۔ تمام ٹرینوں میں 25 ستمبر سے وائی فائی کی سہولت بھی ہوگی۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آن لائن ٹکٹنگ کو بہتر بنایا جائے گا، 2 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ کوچز کی کمی ہے بدقسمتی ہے 606 کوچز خراب ہیں۔ ریل کوچز کے لیے پرائیویٹ لوگوں کو دعوت دے سکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ 60 سال سے کھڑی گاڑیوں کو نیلام کردیں گے، ریلوے کے اسپتال اور اسکولوں کی نجکاری کے لیے تیار ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے ملازمین کے لیے 10 ہزار اپارٹمنٹ بنانے کا اعلان کرتے ہیں، ریلوے کا کوئی ملازم بے گھر نہیں ہوگا۔ ریلوے کی زمین پر جتنے قبضے ہیں انہیں خالی کروایا جائے گا۔

    وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ سٹی ایریا کے قر یب ریل پلازے بنائے جائیں گے، کراچی سے اس سال 10 بلین روپے چاہئیں۔ اوور سیز پاکستانی رابطے کر رہے ہیں آئیں ٹرینیں حاضر ہیں، ’اوور سیز پاکستانی آئیں ٹرینیں چلائیں اور سرمایہ لگائیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی چیز نہیں چھپاؤں گا، ناکامی ہوئی تو اس کا اعتراف کروں گا، ریلوے کا خسارہ ختم کرنے کے لیے کچھ بھی کروں گا۔ میڈیا مالکان آئیں ریلوے اسٹیشنز پر بڑی اسکرینیں نصب کریں۔ اسٹیشنز کی تزئین و آرائش کی جائے گی، اشتہارات سے مطمئن نہیں۔ 5 اسٹار ہوٹلز کے لیے ہمارے پاس زمین موجود ہے۔ تمام ریلوے کی زمینوں کے گرد درخت لگائیں گے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ کسی افسر کو تبدیل نہیں کیا، حلف لیا ہے کوئی جھوٹ نہیں بولے گا۔ نیب کے کیسز کو بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ 14 ہزار پل مارکیٹنگ کے لیے پیش کر رہے ہیں۔ ریلوے اسٹیشنز پر معذور افراد کے لیے خصوصی پیکج دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بہت سے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کے لیے رابطہ کیا ہے، دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ریلوے اسپورٹس میں 5 سال کی فنانس دینے کا اعلان کیا ہے۔

    شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ زیارت کے لیے جانے والوں کے لیے پٹری کو بہتر کریں گے۔ کرپشن سے متعلق زیرو ٹالرنس ہے، برداشت نہیں کروں گا۔ کسی کو ریلوے سے شکایت ہے تو وہ ہمیں شکایت کر سکتا ہے، لاہور اسٹیشن پر 15 دن میں سیٹیں لگائی جائیں گی۔

  • کراچی میں روزانہ کرائم کی 40 سے 50 وارداتیں ہوتی ہیں: ایڈیشنل آئی جی

    کراچی میں روزانہ کرائم کی 40 سے 50 وارداتیں ہوتی ہیں: ایڈیشنل آئی جی

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ کا کہنا ہے کہ کراچی میں روزانہ کی بنیاد پر کرائم کی 40 سے 50 وارداتیں ہوتی ہیں۔ کارروائیوں میں روزانہ 150 افراد گرفتار ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی امیر شیخ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا کام عوام کی خدمت اور مدد کرنا ہے۔ 14 اگست پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔

    ایڈیشنل آئی جی نے بتایا کہ شہر میں 13 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ مزار قائد کے اطراف 500 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی پولیس کے لیے اسٹریٹ کرائم بڑا چیلنج ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر کرائم کی 40 سے 50 وارداتیں ہوتی ہیں۔ کارروائیوں میں روزانہ 150 افراد گرفتار ہوتے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔

  • الیکشن کے دن قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا: آئی جی سندھ

    الیکشن کے دن قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا: آئی جی سندھ

    کراچی: انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ امجد جاوید سلیمی کا کہنا ہے کہ الیکشن میں قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا، 1 لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ الیکشن کے دن علاقہ ایس ایچ او 2 موبائل اسکواڈ کے ساتھ متحرک ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب تھی، کراچی میں قیام امن میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ پولیس میں اصلاحات کریں گے، لوگوں کا اعتماد بحال کریں گے، پولیس میں ٹریننگ کا نظام لائیں گے، پولیس میں موجود خامیوں کا خاتمہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بھی قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ جرائم میں ملوث افراد کی لسٹیں بنائی ہیں، انہیں گرفتار کریں گے۔

    آئی جی کا کہنا تھا کہ شہر میں اب کوئی نو گو ایریا نہیں ہے۔ بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی آئی ہے۔ ’کراچی کو ایسا بنائیں گے کہ باہر سے آنے والے محفوظ جنت سمجھیں گے‘۔

    انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ ہونی چاہیئے، اس کے لیے کام کر رہا ہوں۔ بہتر معاشرہ چاہیئے تو بہتر پولیس کا ہونا ضروری ہے۔

    آئی جی نے مزید کہا کہ چوری شدہ موٹر سائیکلوں کی ریکوری کی شرح 50 فیصد ہے۔ موٹر سائیکلوں کی چوری میں 50 افراد پر مشتمل خاندان کو پکڑا ہے۔ صوبہ سندھ میں سب سے پرامن انتخابی مہم چلائی جارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے 1 لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ 5 ہزار 7 سو انتہائی حساس اور 6 ہزار حساس پولنگ اسٹیشن ہیں، الیکشن کے دن علاقہ ایس ایچ او 2 موبائل اسکواڈ کے ساتھ متحرک ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کےشہری علاقوں کامینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں بلکہ نکھر رہی ہے، انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد دفتر کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، فیصل سبز واری اور دیگر بھی موجود تھے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کل سے ملک بھر میں انتخابی مہم کا آغازکررہی ہے، ہمارےپاس انتخابی دفاترموجودنہیں ہیں، گھر گھر جاکر مہم چلائیں گے، پرامن جدوجہد سے ہی اپنے مقاصد حاصل کریں گے، ایم کیوایم بکھرنہیں رہی بلکہ نکھررہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کاووٹ ایم کیوایم کو ہی ملےگا، ان علاقوں کا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، انہوں نے بتایا کہ کئی سیاسی جماعتوں کے سربراہ کراچی سے الیکشن لڑرہے ہیں، سازشوں کے باوجود ایم کیوایم متحد ہوکر انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے، عدم تصادم اورعدم تشدد کی سیاست کے قائل ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کوٹہ سسٹم کے خلاف عدالتوں تک گئی، اس کیس کا فیصلہ بھی آگیا ہےاب اس پر عمل درآمد ہونا باقی ہے، ہم سے زیادہ اس شہر کے درد کو کون سمجھ سکتا ہے، کراچی کو اس کا حق دیاجائے۔

    قبل ازیں خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس بہادرآباد آفس میں ہوا، اجلاس میں عامرخان، فاروق ستار، فیصل سبزواری سمیت اراکین اور امیدواربھی شریک تھے۔

    اجلاس میں انتخابی مہم، حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم یکم جولائی سے سندھ بھرمیں اپنی انتخابی مہم شروع کرے گی۔

    مزید پڑھیں : آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ایم کیو ایم الیکشن میں اتر رہی ہے، خواجہ اظہار

    رابطہ کمیٹی اراکین، امیدواروں کو گھرگھر جاکر انتخابی مہم چلانےاور گلی گلی کارنرمیٹنگز کی ہدایت کی گئی، رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ انتخابات میں کسی سےسیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے البتہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں جاری رہیں گی، ذرائع ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ یاحمایت کا آپشن کھلا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ایم کیو ایم کو پیپلزپارٹی سے نہیں ہم سے خطرہ ہے، مصطفیٰ کمال

    ایم کیو ایم کو پیپلزپارٹی سے نہیں ہم سے خطرہ ہے، مصطفیٰ کمال

    کراچی : چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کو پیپلز پارٹی سے نہیں بلکہ پاک سر زمین پارٹی سے خطرہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا ٹنکی گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے سے زخموں پر مرہم رکھ دیا جائے گا۔

    چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہان کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ جب پیپلز پارٹی مہاجروں ختم کرنے میں لگی ہوئی تھی اس وقت خیال کیوں نہیں آیا، کیا مہاجر آپ کے جلسے کے محتاج ہیں۔

    پی ایس پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے غلط حلقہ بندیاں ہوئیں اس وقت مہاجر یاد نہیں آئے، کیوں کہ سنہ 2008 سے 2013 تک پی پی پی کے ساتھ ہی حکومت میں رہے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ شہر کا میئر اور بلدیاتی نمائندے آپ کے ہیں 10 سالوں میں کیا کام کیا، ایم کیو ایم پاکستان نے خود تمام اختیارات پیپلز پارٹی کو سونپے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان تو سنہ 2013 میں بھی سندھ حکومت کا حصّہ تھی 2015 میں انہیں الگ کردیا گیا، اس مدت میں آپ نے کبھی مہاجروں کے لیے پانی و بجلی کے مسئلے پر احتجاج کیا۔

    چیئرمین پی ایس پی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے چوروں کے ساتھ مل کر مہاجروں کو لوٹا ہے، مہاجر اب اتنا باشعور ہوگیا ہے کہ آپ کے ناپاک جرائم میں ساتھ نہیں دے گا۔ ایم کیو ایم کو پیپلز پارٹی سے نہیں بلکہ پاک سر زمین پارٹی سے خطرہ ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 34 برس قبل بھی یہی نعرہ لگایا تھا جاگ مہاجر جاگ آج بھی یہ ہی نعرہ لگایا جارہا ہے۔ مہاجروں کی ایک نسل قبرستانوں میں اور ایک نسل لاپتہ اور بھاگ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ زخم دینے والے آج بھی مہاجروں کو نوچنے میں لگے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان اور پی پی پی کے درمیان رومانس کوئی نئی بات نہیں ہے، ایم کیو ایم پاکستان والے کیا سمجھتے ہیں کہ مہاجروں کے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ شہرمیں پانی صرف مہاجروں کو نہیں بلکہ ہر قومیت کو ملنا چاہئے، اپنی سیاست کیلئےمہاجروں کودوسری کمیونٹی سےلڑانانہیں چاہتا، مہاجروں کو لڑایا تو تنکے کے برابر بھی بھلا نہیں کرپاؤں گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہوسکتا ہے ملک کے لیے دوباہ نہ کھیل سکوں‘ ڈیوڈ وارنر

    ہوسکتا ہے ملک کے لیے دوباہ نہ کھیل سکوں‘ ڈیوڈ وارنر

    سڈنی: بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق نائب کپتان ڈیوڈ وارنر نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ملک کے لیے دوبارہ نہ کھیل سکوں۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ڈیوڈ وارنر پریس کانفرس کے دوران اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور معافی مانگتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

    ڈیوڈ وارنر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میں اپنی غلطی پرشرمندہ اورمعافی چاہتا ہوں، کرکٹ جنوبی افریقہ، فینزاورسب سے معافی مانگتا ہوں۔

    آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق نائب کپتان ڈیوڈ وارنر نے پریس کانفرنس میں بہت سے سوالات کے جواب نہیں دیے، انہوں نے کہا کہ وقت آنے پرکچھ سوالوں کے جواب دوں گا۔

    خیال رہے کہ 24 مارچ کو کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور بلے باز کیمرون بینکرافٹ بال ٹیمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔

    آئی سی سی نے بال ٹمپرنگ ثابت ہونے پر آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ پر میچ فیس کا سو فیصد جرمانہ اور ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی عائد کی تھی جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر میچ فیس کا 75 فیصد جرمانہ اور تین پوائئنٹس میں بھی کمی کردی گئی تھی۔

    بعدازاں 25 مارچ کو بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وانر نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    بال ٹیمپرنگ،اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پرایک سال کی پابندی

    یاد رہے کہ 28 مارچ کو آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ جیمز سدر لینڈ کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور نائب کپتان وارنر کے خلاف بال ٹمپرنگ ثابت ہونے کے جرم میں ایک سال کے لیے کرکٹ کھلینے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق کینگروز ٹیم کے مایہ ناز بلّے باز کیمرون بینکرافٹ پر بھی 9 ماہ کی پابندی عائد کرکے تینوں کھلاڑیوں کو پابندی سے آگاہ کردیا گیا۔

    بال ٹیمپرنگ میں ملوث آسٹریلوی کرکٹرز نے معافی مانگ لی

    واضح رہے کہ دو روز قبل بال ٹیمپرنگ میں ملوث سابق آسٹریلوی کپتان نے معافی مانگ لی تھی، پریس کانفرنس کے دوران اسٹیون اسمتھ آبدیدہ ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف کو پاک فوج اورعدلیہ سے لڑائی نہیں کرنی چاہیئے، چوہدری نثار

    نوازشریف کو پاک فوج اورعدلیہ سے لڑائی نہیں کرنی چاہیئے، چوہدری نثار

    ٹیکسلا : سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو پاک فوج اور عدلیہ سے لڑائی نہیں کرنی چاہیئے، اسی میں سب کی بھلائی ہے، آئندہ الیکشن ٹیکسلااور واہ کے حلقوں سے لڑوں گا، ای سی ایل کے معاملے پرمیں نے پالیسی تبدیل کی تھی۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے ٹیکسلا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثار نے کہا کہ میں مسلم لیگ میں ہی ہوں،  پارٹی کے معاملات پارٹی میں اٹھاتا ہوں، جس چیز پر تحفظات ہوں گے اس کا ذکرباہر نہیں کروں گا، لوکل کنونشن میں آج تک شرکت نہیں کی اور نہ ہی پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک بن رہاہے۔

    جب نواز شریف کا بطور پارٹی قائد انتخاب ہوا وہاں میں موجود تھا، مجھے کہاں بلایا گیا کہاں نہیں ،یہ بات یہاں نہیں کروں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بہت سارے معاملات میں خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، اس سے بڑی خاموشی اور کیا ہوسکتی ہے کہ میں نے نئی کابینہ میں جانے سے معذرت کرلی، بات اس حد تک پہنچی کہ اپنےحلقے تک محدود ہوگیا، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ بہت ساری چیزوں کی وضاحت کی جائے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بتایا جائے کہ مسلم لیگ ن کا بیانیہ کیا ہے؟ میرا موقف ہے کہ فوج اور عدلیہ سے لڑائی نہ کی جائے، اسی میں نواز شریف اور ن لیگ کی بھلائی ہے، یہ میرا بیانیہ نہیں بلکہ میرا مؤقف ہے۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ میرا ٹیکسلا اور واہ کے عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے، حلقے کےعوام کے مسلسل تعاون سے ایم این اے بنتارہا، مئی میں فیصلہ کروں گا کہ میں ایک حلقے سے الیکشن لڑوں یا دونوں سے، لیکن حلقہ 59 سے تو الیکشن میں حصہ لازمی لوں گا۔

    چوہدری نثار نے مزید کہا کہ جب وزارت داخلہ سنبھالی تو ویزوں سے متعلق حالات بہت خراب تھے، پاکستان میں جواجازت تھی ایسی اجازت دیگر ممالک میں نہیں تھی، یہاں بڑی تعداد میں غیر ملکیوں کو ویزے جاری کیے جارہے تھے۔

    کوئی بھی ملک ویزوں کی ایسی اجازت نہیں دے سکتا جو اُس وقت پاکستان دے رہا تھا۔ ہم نے طے کیا کہ جو ملک ہمیں ویزا دے گا اس کے شہری کو ویزا ملے گا، یہاں ایسے لوگ ویزا لے کر آئے جو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ تھے۔

  • شہبازشریف کی تالیوں سے بھرپور پریس کانفرنس شرمناک ہے: خورشید شاہ

    شہبازشریف کی تالیوں سے بھرپور پریس کانفرنس شرمناک ہے: خورشید شاہ

    کراچی: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی تالیوں، مبارک بادوں سے بھرپور پریس کانفرنس شرمناک ہے.

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما کی جانب سے زینب قتل کیس میں‌ ہونے والی شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے.

    انھوں‌ نے پریس کانفرنس میں‌ وزیر اعلیٰ کی جانب سے سرکاری اہل کاروں، انتظامیہ، اداروں‌ کی غیرضروری تعریف اور تالیاں بجانے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ قصورکے250 بچے اور12 بچیاں پنجاب حکومت کے منہ پرطمانچہ ہیں۔

    انھوں نے سوال کیا کہ دنیاکی دوسری بڑی لیب لاہورمیں ہے توباقی ملزمان گرفتارکیوں نہیں کیے جا سکے، انھوں نے یہ بھی پوچھا کہ ڈھائی سو بچوں اور 12 بچیوں کے ملزمان کی گرفتاری کی مبارک باد شہباز شریف کب لیں‌ گے؟

    زینب کیس : ڈی این اے سو فیصد میچ ہوا، قاتل سیریل کلر ہے، شہبازشریف

    خورشید شاہ نے انتہائی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ تالیاں‌ بجوانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے، کیوں کہ وہ ان بچیوں کوبچا نہیں سکے.

    یاد رہے کہ شہباز شریف نے آج قاتل کی گرفتاری سے متعلق زینب کے والد کے ساتھ پریس کانفرنس کی تھی، جہاں‌ وہ حکومت پنجاب کے اداروں اور اہل کاروں‌ کی بے جا تعریف کرتے اور ان کے لیے تالیاں‌ بجواتے نظر آئے، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا.

      زینب کے والد کا ردعمل

    اطلاعات کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران زینب کے والد کو بولنے کا موقع نہیں دیا گیا اور ان کا مائیک بند کر دیا گیا۔ زینب کے والد نے بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں وہاں دکھی دل کے ساتھ بیٹھا تھا، قاتل کی سر عام پھانسی کی اپیل کرنا چاہتا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں

  • زینب کیس : ڈی این اے سو فیصد میچ ہوا، قاتل سیریل کلر ہے، شہبازشریف

    زینب کیس : ڈی این اے سو فیصد میچ ہوا، قاتل سیریل کلر ہے، شہبازشریف

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ چودہ دن کی محنت کے بعد زینب کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم کا ڈی این سے سو فیصد میچ ہوگیا، ملزم سیریل کلر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مقتولہ زینب کے والد حاجی امین انصاری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر تفتیش میں میں حصہ لینے والے پولیس اور سیکیورٹی افسران کو میڈیا کے سامنے پیش کر کے وزیر اعلیٰٰ پنجاب نے ان کی کامیابی پر تالیاں بھی بجوائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے قصور میں 7 سالہ بچی زینب کو قتل کرنے والے ملزم عمران کی گرفتاری کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چودہ دن کی محنت کے بعد زینب کے قاتل کو گرفتار کیا گیا۔

    ملزم کی گرفتاری میں پنجاب پولیس، فرانزک لیب، انٹیلی جنس، سول ایڈمنسٹریشن نے مل کر کاوش کی، انہوں نے بتایا کہ 24 سالہ قاتل عمران سیریل کلر ہے، اس کا ڈی این اے سو فیصد میچ ہوگیا ہے۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پولی گرافک ٹیسٹ میں بھی درندے نےسارے جرائم کا اعتراف کیا، ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد پولی گرافک ٹیسٹ بھی کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم نے زینب کے قاتل پکڑنے میں مدد کی، گرفتاری کیلئے سیکیورٹی اداروں نے 14 روز محنت کی زینب کا قاتل عمران نامی شخص ہے اور وہ قصورکا رہنے والاہے، ملزم کی گرفتاری کیلئے آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

    شہباز شریف نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کے لئے1150 ڈی این اے کے نمونوں کی پروفائلنگ کی گئی، سفاک قاتل کے سو فیصد ڈی این اے میچ ہوئے ہیں اور اب ٹیسٹ میں کوئی ابہام نہیں رہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس بھیڑیے اور درندے کو کیفر کردار تک پہنچانے کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا، زینب کیس کو انسداددہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا، میرابس چلے تو بھیڑیے کو چوک پر لٹکا کرپھانسی دے دوں، ٹرائل مکمل ہونےتک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    ،قوم کی بھی خواہش یہی ہے کہ قاتل کو چوک پر لٹکایا جائے، قانون اجازت دے تو ملزم کو چوراہے پرپھانسی دینے میں کچھ غلط نہیں، سفاک قاتل کو چوراہے پر پھانسی دینے کیلئے قانون میں تبدیلی کی استدعا کروں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ ایسےنازک معاملات پرسیاست نہیں کرنی چاہئے، مردان کی عاصمہ کے قاتلوں کو بھی پکڑاجائے، ہماری فرانزک لیب حاضرہے، کے پی کے حکومت چاہے تو مکمل تعاون کریں گے، ایسے واقعات پرسیاست کے بجائے ایک دوسرے کا دکھ بانٹیں گے۔

    قاتل کی گرفتاری پرمطمئن ہوں، والد زینب 

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زینب کے والد حاجی امین انصاری نے کہا کہ بیٹی کے قاتل کو پکڑنے پر سیکیورٹی اداروں کا شکرگزار ہوں، اجتماعی کوششوں سے درندے کو گرفتارکیا گیا، بیٹی کےقاتل کی گرفتاری پرمطمئن ہوں۔

  • فاروق ستارکے الزامات: مصطفیٰ کمال آج جوابی پریس کانفرنس کریں گے

    فاروق ستارکے الزامات: مصطفیٰ کمال آج جوابی پریس کانفرنس کریں گے

    کراچی : پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال آج ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کا جواب دینے کیلئے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار کی گزشتہ روز ہونے والی پریس کانفرنس کا جواب دینے کے لیے پاک سرزمین پارٹی نے آج اہم پریس کانفرنس کا اعلان کردیا۔

    پی ایس پی ترجمان کے مطابق چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال آج ساڑھے دن 12 بجے پریس کانفرنس سے خطاب  کریں گے، ان کے ہمراہ پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی بھی ہوں گے۔

    اس حوالے سے پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پریس کانفرنس میں ایم کیوایم پاکستان سے اتحاد اور دیگر اہم اعلانات کئے جائیں گے۔


    مزید پڑھیں: مصطفیٰ کمال کے پاس ایم کیو ایم میں جانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، شرجیل میمن


    پارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ پی ایس پی آج سے 13 نومبرتک رکنیت سازی مہم چلائے گی، جس کیلئے پمفلٹ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

    پمفلٹ میں پی ایس پی کے انتخابی منشور کے اہم نکات شامل کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ ممبر سازی مہم پمفلٹ میں پی ایس پی کا انتخابی نشان ڈولفن بھی موجود ہے۔

    ساری نظریں کراچی پر لگی ہیں، سوالات اٹھ رہے ہیں کہ مصطفیٰ کمال کیا کہنے والے ہیں، فاروق ستار کے الزامات کا کیا جواب دیں گے؟ کیا پی ایس پی کے سربراہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے؟

    کیا وہ اپنی پراڈو اور خیابان سحر کے بنگلے کی وضاحت کریں گے؟ کمال اینڈ کمپنی کی کیا حکمت عملی ہوگی، آج سب سامنے آجائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔