Tag: پرینک

  • ملازم 2 دن تک دفتر میں سوتا رہ گیا، دلچسپ ویڈیو

    ملازم 2 دن تک دفتر میں سوتا رہ گیا، دلچسپ ویڈیو

    یکم اپریل یعنی اپریل فول کے دن دنیا بھر میں لوگ آپس میں ایک دوسرے سے مذاق کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو بیوقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں، ایسے ہی ایک پرینک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو ایک دفتر کی ہے جس میں ایک ملازم کانوں پر ہیڈ فون لگا کر اونگھ گیا ہے اور ڈیسک پر سر رکھے رکھے سو گیا۔

    دوسرے ملازم نے اسے سوتے دیکھا تو سب کو وہاں سے اٹھ کر چھپنے کا کہا اور تمام افراد ایک کونے میں چھپ جاتے ہیں۔

    تھوڑی دیر بعد وہ شخص نیند سے جاگتا ہے تو دفتر کو خالی دیکھ کر حیران رہ جاتا ہے، وہ اپنا سر کھجاتا ہوا ناسمجھی کے انداز میں ادھر ادھر دیکھتا ہے اور پھر وہاں سے باہر جاتا ہے۔

    اس کے بعد وہ ایک ساتھی کو فون کرتا ہے کہ تم سب کہاں ہو، ساتھی سرگوشی میں اسے کہتا ہے کہ میں ابھی فلم دیکھ رہا ہوں کیونکہ آج اتوار کا روز ہے، اور میں سینما میں زیادہ اونچی آواز میں بات نہیں کرسکتا۔

    جس پر وہ شخص حیران ہو کر پوچھتا ہے کہ کیا میں دفتر میں 2 روز سے سو رہا ہوں؟

    تھوڑی دیر بعد وہ کمرے سے باہر نکلتا ہے تو چھپے ہوئے ساتھی اپنی اپنی نشستوں پر واپس آ کر بیٹھ جاتے ہیں اور ایسے کام کرنے لگتے ہیں جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

    سونے والا ملازم کمرے میں واپس آتا ہے تو سب کو دیکھ کر ایک بار پھر حیران رہ جاتا ہے۔

    ٹویٹر پر اس ویڈیو کو ہزاروں بار دیکھا گیا، ایک شخص نے کمنٹ کیا کہ یہ مکمل طور پر طے شدہ لگتا ہے کیونکہ اس شخص کو سب سے پہلے اپنے فون میں وقت اور تاریخ دیکھنی چاہیئے تھی اور ہر شخص یہی کرتا ہے۔

  • فلک شبیر کا سارہ کے ساتھ دلچسپ پرینک

    فلک شبیر کا سارہ کے ساتھ دلچسپ پرینک

    معروف گلوکار فلک شبیر کی اپنی اہلیہ سارہ خان کے ساتھ پرینک کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، مداح ان کی ویڈیو سے بے حد لطف اندوز ہورہے ہیں۔

    معروف گلوکار فلک شبیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ گاڑی میں بیٹھے سارہ خان کو گلاب پیش کر رہے ہیں۔

    ویڈیو میں سارہ خان جیسے ہی پھول پکڑتی ہیں ان کے ہاتھ میں صرف پھول کی ٹہنی رہ جاتی ہے جبکہ لال گلاب فلک شبیر کے ہاتھ ہی میں رہتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Falak Shabir (@falakshabir1)

    فلک نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ کیمرے کو دیکھ کر ہاتھ ہلا دیں، آپ کے ساتھ ایک کیوٹ سا پرینک ہو گیا ہے۔

    ان کی اس ویڈیو سے مداح بے حد لطف اندوز ہورہے ہیں۔

    یاد رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر جولائی 2020 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور گزشتہ برس اس نے کے یہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

  • غباروں کے ساتھ ہوا میں اڑتی ننھی بچی کی ویڈیو وائرل

    غباروں کے ساتھ ہوا میں اڑتی ننھی بچی کی ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر غباروں کے ساتھ اڑنے والی ایک ننھی بچی نے سب کو پہلے حیران اور پھر ہنسنے پر مجبور کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپ لوڈ کی گئی ایک ویڈیو میں ایک خاتون موجود ہے جو گھر میں گیٹ ٹوگیدر کے لیے گھر کو سجا رہی ہے۔

    اچانک اس کی نظر اپنی شیر خوار بچی پر پڑتی ہے، بچی کی پشت پر غبارے بندھے ہوتے ہیں اور وہ ہوا میں اڑ رہی ہوتی ہے۔

    یہ منظر دیکھ کر ماں چیختی ہے اور بے اختیار بچی کی طرف بھاگتی ہے، اسی لمحے بچی کے پیچھے سے دو ہاتھ نکلتے ہیں اور بچی کو تھام لیتے ہیں جس کے بعد پیچھے کمرے سے بچی کا باپ ہنستا ہوا نمودار ہوتا ہے۔

    بچی کے بچنے پر ماں بے اختیار سکون کی سانس لیتی ہے۔

    اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر 50 لاکھ سے زائد افراد نے دیکھا، بعض صارفین کا کہنا تھا کہ پہلی نظر میں انہیں وہ ایک گڑیا معلوم ہوئی جو ہوا میں اڑ رہی تھی۔

    بعض افراد نے بچی کے باپ کو اس کی لاپرواہی پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

  • پولیس کو موصول ہونے والی بے مقصد لیکن مزیدار کالز

    پولیس کو موصول ہونے والی بے مقصد لیکن مزیدار کالز

    دنیا بھر میں پولیس اپنے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک ایمرجنسی نمبر جاری کرتی ہے جسے وہ پریشانی کی صورت میں وہ فوراً ڈائل کرسکیں۔ لیکن بعض اوقات شہری اس نمبر کو تفریح کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    مغربی ممالک میں پولیس کو روزانہ ایسی بے شمار کالز موصول ہوتی ہیں جن میں پولیس کا کوئی کام نہیں ہوتا۔ ان میں سے کچھ کالز ایسی بھی ہوتی ہیں جن میں فون کرنے والا اپنے گھر کے باہر کتے، بلی یا کسی اور جانور کی آوازوں سے پریشان ہوتا ہے۔

    کینیڈا کے شہر نیوفاؤنڈ لینڈ میں تعینات کانسٹیبل جیف ہڈگن کے مطابق لوگ پولیس کو ایسے معاملوں کے لیے بھی فون کرتے ہیں جن کے لیے پولیس کچھ نہیں کر سکتی۔

    انہوں نے بتایا، ’بعض لوگ ریڈیو پر چلنے والے پروگرامز سے بھی بور ہو کر پولیس کو فون کر دیتے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہوتا ہے کہ ہم ریڈیو چینل کو ان کی مرضی کے پروگرام چلانے پر مجبور کریں۔ ہم سمجھ نہیں پاتے کہ یہ کالز کرنے والے کیا واقعی صحیح الدماغ لوگ ہوتے ہیں یا وہ ہمیں تفریح فراہم کرنے کے لیے ایسی کال کرتے ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: کار میں بند کتوں کی حفاظت کے لیے فلوریڈا پولیس کا انوکھا اقدام

    اس سلسلے میں پولیس ایک ہدایت نامہ بھی جاری کرچکی ہے جس میں شہریوں کو ہدایت دی جاتی ہے کن صورتوں میں وہ پولیس کو فون کرسکتے ہیں۔ اس کے باوجود پولیس کو بے مقصد یا ’پرینک‘ کالز کا سلسلہ جاری ہے۔

    ایک غیر ملکی ادارے نے رواں سال پولیس کو کی جانے والی بے مقصد کالز کی فہرست جاری کی جن میں سے کچھ نہایت ہی وقت ضائع کرنے والی کالز سے آپ بھی لطف اندوز ہوں۔

    لندن کے ایک پارک میں خاتون نے پولیس کو اس لیے کال کی کہ انہوں نے جس کلاؤن سے غبارے خریدے وہ وہاں موجود دیگر افراد سے زائد قیمت وصول کر رہا تھا۔ غبارے کی قیمت 5 ڈالر تھی۔

    ایک خاتون نے پولیس کو کال کر کے شکایت کی کہ ریستوران سے خریدے جانے والے کباب ٹھنڈے تھے اور اب ریستوران مالک انہیں واپس نہیں لے رہا۔

    ایک کالر نے صبح 4 بجے پولیس کو کال کی اور دریافت کیا کہ اس وقت شہر میں بہترین سینڈوچ کہاں دستیاب ہوں گے؟

    ایک شخص کا 50 پینی کا سکہ واشنگ مشین میں پھنس گیا اور اس نے اسے واپس حاصل کرنے کے لیے پولیس کی مدد چاہی۔

    مزید پڑھیں: پیزا میں کم پنیر کیوں؟ خاتون نے پولیس کو کال کردی

    کچھ کالرز نے دیر سے اٹھنے پر اپنی فلائٹ مس کردی اور پھر پولیس سے مدد طلب کی کہ وہ انہیں ایئرپورٹ تک ڈراپ کرے۔

    ایک شخص کھلے پیسہ نہ ہونے سبب کار پارکنگ انتطامیہ کو ان کی فیس نہیں دے سکا اور جب انہوں نے اسے فیس ادا کیے بغیر باہر جانے سے روک دیا تو اس شخص نے پولیس کو کال کردی کہ اسے اغوا کیا جارہا ہے۔

    ایک خاتون نے پولیس کو فون کرکے شکایت کی کہ اس کے گھر میں 2 افراد گھس آئے ہیں اور اسے زبردستی لے جانا چاہتے ہیں۔ دراصل وہ 2 افراد پولیس اہلکار تھے جو چوری کے الزام میں اس خاتون کو گرفتار کرنے آئے تھے۔

    آپ کو ان میں سے کون سی کال سب سے زیادہ وقت ضائع کرنے والی لگی؟ خبر کے نیچے کمنٹ کر کے بتائیں۔