دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی کے خلاف فتح کا جشن روس میں وکٹری ڈے دھوم دھام سے منایا گیا ریڈ اسکوائڑ پر شاندار پریڈ ہوئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دوسری جنگ عظم میں نازی جرمنی کے خلاف فتح کی 80 ویں سالگرہ پر فتح کا جشن روس میں وکٹری ڈے کے نام سے دھوم دھام سے منایا گیا۔ اس موقع پر ماسکو کے ریڈ اسکوائر میں شاندار پریڈ ہوئی۔
اس پریڈ میں توپوں کی گھن گرج کے ساتھ ینکوں، بکتربند گاڑیوں نے مارچ کیا۔ آتشبازی سے آسمان رنگوں سے نہا گیا۔ جانباز پائلٹس نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ وکٹری ڈے کی اس تقریب میں مختلف ممالک کے سربراہی مملکت شریک ہوئے۔
پیپلز لیبریشن آرمی کے اہلکار جب ریڈ اسکوائر سے گزرے، تو چینی صدر شی جن پنگ نے کھڑے ہو کر انہیں سلام کیا۔
اس کے علاوہ تقریب میں وینزویلا کے صدر، فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمودعباس، مصر اور برازیل کے سربراہان سمیت بیلاروس، سربیا، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان، ازبکستان، لاؤس، کیوبا اور آذربائیجان کے سربراہان مملکت نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر چینی صدرنے دیگر ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ الیگزینڈر باغ میں گمنام شہدا کی قبروں پر پھول رکھے اور چند لمحوں کی خاموشی اختیار کی۔
واضح رہے کہ وکٹری ڈےکے موقع پر روس نے یوکرین سے تین روز 8 تا 10 مئی عارضی جنگ بندی کا اعلان کر رکھا ہے۔ا
دنیا میں کتوں کی سب سے بڑی پریڈ جرمنی کے شہر ریگنشبرگ میں ہوئی 897 کتوں نے شرکت کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کے شہر ریگنسبرگ میں کتوں کی پریڈ ہوئی۔ اس پریڈ میں 897 کتوں نے شرکت کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔
رپورٹ کے مطابق اس تاریخی اپریڈ میں 897 مختلف النسل کتوں نے اپنے مالکان کے ساتھ سڑک پر واک کی جس کو دنیا کی سب سے بڑی ڈگ واک قرار دیا گیا۔
کتوں نے اپنے مالکان کے ساتھ نہ صرف پریڈ میں شرکت کی بلکہ اس موقع پر مختلف مقابلے اور تفریحی سرگرمیاں بھی منعقد ہوئیں۔
بعض میڈیا میں کتوں کی تعداد 1175 بتائی گئی ہے تاہم گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حکام کے مطابق پریڈ میں 897 کتوں نے شرکت کی جو اب تک سب سے زیادہ شرکت ہے اور اسی بنیاد پر یہ ریکارڈ باضابطہ تسلیم کیا گیا۔
اس انوکھی اور دلچسپ پریڈ کا انعقاد ڈیکل میوزیم کے بانی سیپی گلپیک نے کیا تھا۔ جو کہ ڈیکل میوزیم کے بانی ہیں۔ شرکا نے اس ایونٹ کو بہت خوش آئند اور یادگار قرار دیا ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج 85 واں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ایوان صدر میں مسلح افواج کی پریڈ تقریب ہوئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی تھے۔
صدر آصف زرداری کی روایتی بگھی میں آمد ہوئی اور بگل بجا کر ان کی آمد کا اعلان کیا گیا۔ صدر مملکت کا استقبالیہ کمیٹی نے ارکان سے مصافحہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف اور مسلح افواج کے سربراہان اسٹیج پر موجود تھے جب کہ تقریب میں غیر ملکی سفیروں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس سال رمضان المبارک کے باعث یوم پاکستان کی تقریب محدود پیمانے پر منعقد کی گئی۔ تقریب میں یوم پاکستان پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔
مارچ پاسٹ کرتے ہوئے فوجی دستوں نے صدر آصف زرداری کو سلامی دی۔ اس موقع پر آرمی میوزک اسکول کی جانب سے خوبصورت دھنیں بجائی گئیں۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کیا اور پاک فضائیہ کی شیردل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کیا۔
تہران میں ایران کے سالانہ فوجی دن کے موقع پر بڑی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر جدید ڈرونز اور میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے سالانہ فوجی پریڈ سے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کے خلاف حملے سے ایرانی فوج کی قوت کا مظاہرہ ہوا۔
اُنہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ایران کے علاقائی اور قومی مفاد کو نقصان پہنچانے کے اقدام کا شدید ردعمل دیا جائے گا۔ ایرانی حملے نے اسرائیل کے مضبوط سمجھے جانے والے تسلط کو توڑ دیا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر اور 13 اپریل کے حملوں نے ثابت کردیا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کی طاقت مکڑی کے جالے کے مترادف ہے۔
ابراہیم رئیسی نے کہا کہ حماس اور ایران کے حملوں نے صیہونی حکومت کے ناقابل تسخیر حصار کوچکنا چور کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرنے والے مسلم ممالک کو ناکامی اور شرمندگی کا سامنا ہوا، ایرانی مسلح افواج امن و سلامتی کی ضامن اور خطے اور مسلم امہ کے لیے باعث فخر ہے۔
ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے ممالک اسرائیل سے تعلقات کے بجائے اپنے اثاثوں،مسلم امہ کی طاقت اور طاقت ور ایرانی فوج پر انحصار کریں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا کے خلاف عوامی رائے میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، اسرائیل، امریکا کی عالمی مخالفت میں اضافہ اسلامی مزاحمتی تحریک کی کامیابی ہے۔
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا ہے کہ خطے کوامن کی ضرورت ہے جنگ کی نہیں، ہماری اصل جنگ غربت وافلاس کے خلاف ہے، لڑائی پریقین نہیں رکھتے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم پاکستان پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد ہو۔
صدرمملکت نے کہا کہ آج پوری قوم تجدیدعہد کے ساتھ یوم پاکستان منا رہی ہے، ہم اللہ کا شکرادا کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے آزادی جیسی نعمت عطا کی، آزادی کا حصول قربانی کا متقاضی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ میں بہت نیشب وفراز آئے، ہم پرجگیں مسلط کی گئیں، ہمیں دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم نے عزم، مہارت اور حکمت عملی سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا۔
ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ آج پاکستان ابھرتی ہوئی معاشی قوت ہے، تمام ممالک کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں، امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
صدرپاکستان نے کہا کہ خطے کوامن کی ضرورت ہے، جنگ کی نہیں، ہماری اصل جنگ غربت و افلاس کے خلاف ہے، لڑائی پریقین نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جمہوری ملک ہونے کے ناطے ہم لڑائی پریقین نہیں رکھتے بلکہ امن چاہتے ہیں، ہمیں جنگ کی بجائے تعلیم اور روزگار پر توجہ دینی چاہیے۔
صدر پاکستان نے کہا کہ بھارت نے دھمکی آمیزبیانات سے جنگی فضا قائم کی، بھارت کوحقیقت کوتسلیم کرنا ہوگی کہ پاکستان ایک مضبوط اورپرامن ایٹمی طاقت ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا جواب دینا ہمارا فرض تھا، بہترحکمت عملی سے بھارت کوموثراورفوری جواب دیا، دشمن کو منہ توڑجواب دیا۔
ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ جمہوری ملک ہونے کے ناطے پاکستان مذاکرات پریقین رکھتا ہے،
ہم پرامن قوم ہیں، اپنے دفاع سے ہرگزغافل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں سرحدوں پر دفاع وطن کا فریضہ انجام دینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بلاشبہ آپ قوم کا فخر و وقار ہیں، آپ کے دل میں موجود جذبہ حب الوطنی نے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔
صدر پاکستان نے اپنے خطاب میں سرحدوں پر دفاع وطن کا فریضہ انجام دینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ آپ قوم کا فخرہیں، آپ کے دل میں موجود جذبہ حب الوطنی نے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ دہشت گردی ایک بڑا خطرہ ہے لیکن ہم نے اس پر قابو پالیا ہے، افغانستان میں امن خطے کے لیے ضروری ہے، وہاں کے عوام طویل جنگ سے نجات چاہتے ہیں۔
ریاض: سعودی عرب میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے جس کے تحت پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں سینکڑوں پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق دار الحکومت ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں منعقد تقریب میں تینوں مسلح افواج کے دستوں کے علاوہ سینکڑوں پاکستانیوں اور غیر ملکی افراد نے بھی بھرپور شرکت کی، اس موقع پر ملٹری بینڈ نے قومی نغموں پر مشتمل خوبصورت دھنیں بکھیریں۔
سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق نے قومی سبز ہلالی پرچم کو فضا میں سر بلند کیا تو پاکستانیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ مسلح افواج کے دستوں نے سلامی پیش کی۔
کیمونٹی ہال میں لوگوں کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم ایک زندہ جاوید قوم ہیں اور آج کے دن ہم قائد اعظم محمدعلی جناح، علامہ اقبال اور دیگر قومی ہیروز کے ہمراہ ان لاکھوں افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے قومی ہیروز کی جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں آزاد وطن نصیب ہوا، تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کے افسرزن کی جانب سے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
اسلام آباد: ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستانی قوم آج یومِ پاکستان آج جوش وخروش سےمنارہی ہے۔ دن کاآغازوفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا۔
یوم پاکستان پرمساجد میں نمازِفجر کے بعد ملکی ترقی خوشحالی اوریکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
یومِ پاکستان کی پریڈ براہ راست دیکھئے
یوم پاکستان کی پروقارتقریب اورفوجی پریڈ
اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ کے مقام پر شاندار فوجی پریڈ جاری ہے، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کےچاک وچوبند دستے پرفارمنس کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
فوجی پریڈ کی اس پروقارتقریب میں مہمان خصوصی صدرپاکستان ممنون حسین، وزیر اعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سمیت دیگرمسلح افواج کے سربران، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگررہنما اورغیرملکی سفیرشریک ہیں۔
چین کی تینوں مسلح افواج، سعودی عرب کی اسپیشل فورسز کا دستہ بھی اس پریڈ میں شریک ہے۔ تقریب میں ترکی کا ملٹری بینڈ ترانوں پرسربکھیرے گا۔ یومِ پاکستان کی اس خصوصی تقریب میں جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کےسربراہ بھی شریک ہیں۔
پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پرسوار ہوکر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔
یوم پاکستان کی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوارہوکرمسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔
ایئر چیف مارشل کا شاندار فلائی پاسٹ
ایئر چیف مارشل سہیل امان نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔ انہوں نے ایف 16 طیارے میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔
ایئرچیف مارشل کی جانب سے فلائی پاسٹ کے بعد پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
صدرپاکستان کا فوجی پریڈ سے خطاب
صدرِمملکت نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ آپ سب کویوم پاکستان مبارک ہو،آج کا دن ایک عزم کی کہانی بیان کرتا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نےکہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، مگر بھارت کی جارحیت نے خطے کے امن کو داؤ پرلگادیا ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خطے میں امن اورترقی کے لیے مذاکراتکرنے کوتیار ہے، مگرساتھ ہی پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف لڑرہا ہے، پاک فوج اورعسکری و سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے امن کا قیام ممکن ہوا۔
صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے، ہمارا مقصد علاقائی اورعالمی امن کو یقینی بنانا ہے۔
صدر مملکت نے یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت پرچین، ترکی اور سعودی عرب کے فوجی دستوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے فوجی دستوں کو بھیجنے پران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
چین اورسعودی عرب کے دستوں کی سلامی
یوم پاکستان کی فوجی پریڈ میں سعودی عرب اور چین کےچاک وچوبند فوجی دستوں نے بھی سلامی دی۔
سعودی عرب کے فوجی دستےنےسب سے پہلےسلامی دی، جس کے بعد چین کے فوجی بینڈ نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا،چینی دستے میں بری وفضائی فوج کے اہلکار بھی شامل تھے۔
فوجی پریڈ میں چین اورسعودی عرب کی فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
پریڈ میں ترکی کے فوجی بینڈ ’مہتر‘ نے بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا،ترکی کے بینڈ نے اپنے روایتی لباس اور سازوں کے ساتھ سلامی دی۔
ترکی کے مہتر فوجی بینڈ کی بنیادی 1299 میں رکھی گئی تھی،اس بینڈ کا شمار دنیا کےقدیم ترین بینڈز میں ہوتا ہے۔ترک بینڈ نے’جیوے جیوے پاکستان‘ کی دھن پر پرفارمنس کی۔
پریڈ کے دستے میں مین بیٹل ٹینک الخالد اور الضرار بھی شامل
الخالد ٹینک کیمیائی اور ایٹمی حملے سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے،جبکہ الضرار ٹینک بھی جدید ترین ٹینکوں میں شمار ہوتا ہے۔
پریڈ کےدوران ریڈارز،ٹینکس اور فوجی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سےمنسلک دیگر جدید روایتی اورغیر روایتی ہتھیاروں کو بھی پیش کیاگیا۔
یوم پاکستان کی فوجی پریڈ میں ساٹھ کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے نصر میزائل، 900 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والےشاہین میزائل پیش کیے گئے۔
اس کے علاوہ 1300 کلو میٹر تک روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے والے غوری میزائل سمیت کروز میزائل بابر اوردیگرمیزائل بھی پیش کیےگئے۔
روایتی اورغیر روایتی ہتھیاروں کےساتھ دشمن کو2700 کلومیٹر تک نشانہ بنانے والےشاہین تھری میزائل کو بھی پیش کیاگیا۔
چاروں صوبوں کی ثقافت کا عکس
یوم پاکستان کی پریڈ میں پاکستان کے چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی روایتی ثقافتی پریڈ بھی پیش کی گئی۔
چاروں صوبوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ثقافتی پریڈ میں جہاں علاقائی ثقافت کو پیش کیا گیا، وہیں صوبے کےمشہور اور تاریخی جگہوں کے ماڈل بھی پیش کیےگئے۔
آرمی ایوی ایشن کا فلائی پاسٹ
آرمی ایوی ایشن کی جانب سےفلائی پاسٹ میں کوبرا، پوما، فینک اور ایم آئی 17سمیت 19ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا۔سب سے پہلےدن اور رات کےدرمیان آپریشن کے لیےمفید کوبرا ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فلائی پاسٹ کیا گیا۔
کوبراہیلی کاپٹرز کے بعد’فینک‘ ہیلی کاپٹرز کی جانب سے فلائی پاسٹ پیش کیا گیا، یہ ہیلی کاپٹرز فوج کی جانب سے فوری نقل و حرکت اور آپریشن کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
فوجی پریڈ کی تقریب میں سب سے آخر میں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹرز کی جانب سے بھی فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے شیردل فارمیشن کا دلکش فضائی مظاہرہ
پریڈ کے دوران پاک فضائیہ کےشیردل فارمیشن نے دلکش فضائی مظاہرےمیں 6 طیارے شامل تھےجنہوں نے ایک ساتھ اور علیحدہ علیحدہ آسمان کی بلندیوں میں مظاہرہ کیا۔
پاک فضائیہ کے طیاروں نے مظاہرے کے دوران فضائوں میں لہراتے ہوئے رنگ بکھیرے اور پریڈ اوینیو سے باہر اور ہزاروں کلو میٹرز کی بلندی تک مظاہرہ کیا۔
واضح رہےکہ اسلام آباد میں پریڈ کے موقع پرسیکیورٹی اقدامات کے تحت جڑواں شہروں میں صبح 5 بجے سے دن 3 بجےتک موبائل فون سروس معطل رہے گی۔
اسلام آباد: صدر پاکستان ممنون حسین نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے،اقوام عالم میں پاکستان کے مقام کی پوری دنیا تعریف کرتی ہے۔
تفصیلات کےمطابق ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا ر ہا ہے،اسلام آبادمیں دن کا آغاز اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس،اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔
صدرمملکت نےیوم پاکستان کے پروقار موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن ہمیں ان رہنما اصولوں اور عظیم اہداف کو سر بلند رکھنے کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے برصغیر کےمسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنےاور الگ وطن کےحصول کےلیےمتحد کیا۔
صدرپاکستان کاکہناتھاکہ اقوام عالم میں پاکستان کاایک منفرد نام اورمقام ہے،اور ہمیں اس مقام پر فخر ہے۔انہوں نےکہاکہ یہ انتہائی حوصلہ افزا ہےکہ قوم جمہوری نظام کےتحت مختلف مسائل سےنمٹنےکےلیے بھرپورطریقےسےکام کررہی ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کا خصوصی پیغام
وزیراعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تئیس مارچ ہماری قومی تاریخ کا ناقابل فراموش دن ہے۔
انہوں نےکہا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہےکہ دیانت دارانہ قیادت میں پختہ عزم اوراتحاد کے ساتھ ہم بظاہرناممکن اہداف کو بھی آسانی سےحاصل کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان نےکہاکہ گزشتہ تین برسوں کےدوران پاک فوج اورسکیورٹی کےتمام اداروں اور عوام نےپاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔
واضح رہےکہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے سی پیک جیسے تاریخ ساز منصوبوں پرکام جارہی ہے،3سال میں اقتصادی خوشحالی اور ترقی کےلیے یکسوئی سے پیشترفت ہوئی۔
پشاور: پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں تینوں مسلح افواج کی خواتین آفیسرز پیرا ٹروپرز کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ چھبیسویں بیسک ایئر بون کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پہلی بار 22 خواتین کیڈٹس نے تربیت حاصل کی۔
پی اے ایف رسالپور اکیڈمی میں چھبیسویں بیسک ایئر بون کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ تربیت حاصل کرنے والے کیڈٹس نے آسمان پر رنگ بکھیر دیے۔
تقریب میں تینوں مسلح افواج کے پاس آؤٹ ہونے والے 33 افسر اور 28 ایئرمین کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
پاکستانی تاریخ میں پہلی بار 22 خواتین پیرا ٹروپرز نے بھی تربیت حاصل کی جن میں سے 17 پاک آرمی، 3 پاک نیوی اور 2 پاک فضائیہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ خواتین پیرا ٹروپرز نے شاندار عملی مظاہرہ کر کے دنگ کردیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیف آف ایئر اسٹاف اسد عبدالرحمٰن لودھی نے خواتین پیرا ٹروپرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والی خواتین عزم و ہمت کی علامت ہیں۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار تقریب میں خواتین سمیت 13 پیرا ٹروپرز نے 10 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر شاندار مظاہرہ کیا۔
اسلام آباد : یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر انتظامیہ نے وفاق المدارس اور تنظیم المدارس کے تعاون سے سات مدرسے چوبیس مارچ تک کے لیے بند کرادئیے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کے موقع پر انتظامیہ نے سات مدارس کو چوبیس مارچ تک کے لئے بند کرادیاہے۔
ان سات مدارس میں تعلیم العلوم ، تعلیم القرآن، اشرف العلوم،انوار القرآن، دربار بہار پھلاں، مدرسہ حنیفیہ غوثیہ اورمسجد عمر فاروق شامل ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر اکتالیس مدارس بند کرنے کی سفارش کی تھی۔
جس پر وفاق المدارس نے عملدرآمد سے انکار کردیا تھا۔ بعد میں مذاکرات میں یہ طے پایا کہ اسلام آباد کے صرف سات مدارس بند کیے جائیں گے اور ان مدارس کو بند کرنے کی یقین دہانی وفاق المدارس اور تنظیم المدارس نے بھی کرادی ہے۔