Tag: پری انجینئرنگ

  • انٹر کے طلبہ کیوں فیل ہوئے؟ بڑا انکشاف

    انٹر کے طلبہ کیوں فیل ہوئے؟ بڑا انکشاف

    کراچی انٹر بورڈ سال اوّل کے امتحانی نتائج میں 60 فیصد سے زائد طلبہ و طالبات فیل ہوئے ہیں جو تعلیمی معیار کے حوالے سے بہت زیادہ سنگین صورتحال ہے۔

    انٹر پری انجینئرنگ کیٹیگری میں کامیاب طلبا کا تناسب 34.91% ریکارڈ کیا گیا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ صرف ایک تہائی طلباء نے اس شعبے میں کامیابی سے اپنے امتحانات پاس کیے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں صدر سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن پروفیسر منور عباس نے تعلیمی نظام کی تباہی اور اسکے اسباب پر روشنی ڈٖالی۔

    انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے صوبہ سندھ میں محکمہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، کسی چڑیا گھر پر دی جانے والی جتنی توجہ بھی اس شعبے کو مل جاتی تو سندھ کا تعلیمی معیار بہت بہتر ہوتا۔

    انہوں نے بتایا کہ انٹر میڈیٹ بورڈ میں گزشتہ سات آٹھ سال سے کسی ایک تعلیمی بورڈ میں کنٹرولر ایگزامنیشن نہیں ہے، چیئرمین بورڈ اور سکیٹری بورڈ بھی تعینات نہیں کیے گئے۔

    واضح رہے کہ آج بروز منگل انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں فیل ہونے والے طلبہ کی بڑی اکثریت نے والدین کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، طلبہ کا کہنا ہے کہ انٹر میڈیٹ سال اول کے سالانہ امتحانات میں پری میڈیکل میں صرف 36.51 فیصد جبکہ پری انجینئرنگ میں 34.79 فیصد طلبا ہی کامیاب ہوسکے۔

    طلبہ نے مطالبہ کیا کہ بورڈ انتظامیہ اور والدین پر مشتمل کمیٹی قائم کی جائے، طلبا نے نتائج منسوخ کرنے کا بھی مطالبہ کیا، طلبہ کا کہنا تھا کہ پیپرز کی ری چیکنگ قبول نہیں کریں گے۔

  • انٹر میڈیٹ کے نتائج کا اعلان

    انٹر میڈیٹ کے نتائج کا اعلان

    کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹر میڈیٹ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا، امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 99.86 فیصد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹر میڈیٹ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2020 کے نتائج کا اعلان کردیا، پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں 32 ہزار 653 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

    امتحانات میں 32 ہزار 606 امیدوار کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 99.86 فیصد رہا۔

    کووڈ 19 کی وجہ سے اس سال امتحانات منعقد نہیں ہوئے، طلبا کو پروموٹ کرنے کی حکومتی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے تمام طلبا کو گیارہویں جماعت کے حاصل کردہ نمبروں کے مطابق بارہویں جماعت کے پرچوں میں نمبرز دیے گئے ہیں۔

    بارہویں جماعت کے پرچوں میں 3 فیصد اضافی نمبرز بھی دیے گئے ہیں۔

    انٹر میڈیٹ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2020 میں 1 ہزار 72 امیدوار اے ون گریڈ، 2 ہزار 256 اے گریڈ، 3 ہزار 494 بی گریڈ، 4 ہزار 566 سی گریڈ، 11 ہزار 673 ڈی گریڈ اور 9 ہزار 503 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔

    42 امیدوار پاس قرار پائے، رواں برس پروموشن پالیسی کے مطابق طلبا کو پوزیشنز نہیں دی گئیں۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔

    امیدوار اپنے مجموعی نمبرز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں، ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔