Tag: پسرور

  • بیوی سے جھگڑا ، سنگدل باپ نے ڈیڑھ سالہ بیٹی  کو قتل کر ڈالا

    بیوی سے جھگڑا ، سنگدل باپ نے ڈیڑھ سالہ بیٹی کو قتل کر ڈالا

    پسرور : سنگدل باپ نے بیوی سے جھگڑے کے بعد اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا ، ملزم نشے کا عادی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پسرور میں تھانہ صدرکی حدودمیں باپ نے ڈیڑھ سالہ بچی کوقتل کردیا، پولیس نے بتایا کہ ملزم ناصر نے گھر یلو جھگڑے پر پہلے بیوی کو تشدد کرکے گھر سے نکالا،اور بعد میں بچی کا قتل کردیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ناصر نشہ کرتا ہے، جس کی وجہ سےگھرمیں جھگڑتا تھا، نشےکاعادی ملزم مفرورہے تاہم پولیس اس کی تلاش کررہی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل راولپنڈی میں تھانے ارا بازار کے علاقے راجہ مارکیٹ نورانی مسجد والی گلی میں قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی تھی، جہاں سفاک باپ نے دو بچیاں قتل کرکے بیوی کو بھی شدید زخمی کردیا تھا۔

    پولیس نے قاتل باپ کو گرفتار کرکے قاتل کو گرفتار کر لیا تھا اور سفاک ملزم عثمان سے پولیس نے تحقیقات شروع کر دی تھی۔

  • اوباش نوجوانوں کا لڑکی کو چھیڑنا مہنگا پڑگیا

    اوباش نوجوانوں کا لڑکی کو چھیڑنا مہنگا پڑگیا

    پسرور: صوبہ پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں لڑکی کو چھیڑنے والے نوجوانوں کی درگت بنادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں پیش آیا لڑکی کے بھائی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ میں بہن کو لینے اسکول گیا تو چند اوباش نوجوان اسے چھیڑ رہے تھے میں نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے مجھے مارنے کی دھمکیاں دیں اور مزید ساتھیوں کو بلا لیا۔

    اسی اثنا میں لڑکی کے رشتے داروں اور اہل محلہ کو خبر ہوگئی تو وہ بھی متاثرہ جگہ پہنچ گئے جس کے بعد لڑکی کو چھیڑنے والے نوجوانوں کی جیسے شامت آگئی ہو۔

    لڑکی کے اہل خانہ اور اہل محلہ نے ڈنڈوں سے ان اوباش نوجوانوں کی خوب درگت بنائی اور انہیں لہولہان کردیا۔

    اسی دوران لڑکی کو چھیڑنے والے اوباش نوجوانوں کے دیگر ساتھی بھی آن پہنچے اور انہوں نے لوگوں کو مشتعل کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی تاہم لڑکی کو چھیڑنے والے نوجوانوں کی خوب درگت بنائی گئی۔

    معاملہ سنگین ہونے کے بعد پولیس بھی جائے حادثے پر پہنچی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا۔

  • پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے پر 52 افراد کے خلاف مقدمات درج

    پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے پر 52 افراد کے خلاف مقدمات درج

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر پسرور میں فصلوں کی باقیات جلانے پر 52 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے، اقدام اسموگ سے نمٹنے کی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں اسموگ سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں۔ پسرور میں فصلوں کی باقیات جلانے پر 52 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

    یاد رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اسموگ میں کمی کے لیے اینٹی اسموگ اسکواڈ قائم کیا جاچکا ہے، اسکواڈ صنعتوں کا معائنہ کرے گا اور صنعتی یونٹس کو جرمانہ یا سیل کر سکے گا۔

    کمشنر لاہور محمد عثمان کی زیر صدارت انسداد اسموگ سے متعلق اجلاس میں زگ زیگ پر منتقل بھٹوں اور فیکٹریز کی از سر نو دوبارہ چیکنگ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن کے لیے بھی 2 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

    صوبے میں کچرا جلانے پر بھی جرمانے اور سزائیں نافذ کی گئی ہیں۔

  • پسرور: 10 سالہ احسن کا قاتل چچا زاد بھائی گرفتار، اعتراف جرم کر لیا

    پسرور: 10 سالہ احسن کا قاتل چچا زاد بھائی گرفتار، اعتراف جرم کر لیا

    پسرور: کماد کے کھیت سے مردہ حالت میں ملنے والے 10 سالہ احسن کے قاتل کا پتا چل گیا، پولیس نے مقتول بچے کے چچا زاد بھائی کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع سیالکوٹ کے شہر پسرور کے علاقے ڈھوڈا میں گنے کے کھیت سے 10 سال کے احسن کی نعش برآمد ہوئی تھی، جسے ایک دن قبل زیادتی کے بعد گردن پر گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دس سالہ احسن کے قتل کا مقدمہ تھانہ قلعہ کالر والہ میں درج کر لیا گیا ہے، بچے کے چچا زاد بھائی کو قتل کے جرم میں گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم فرحان عرف فانی نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق بچہ گزشتہ رات سے لاپتا تھا، لاش صبح کھیتوں سے ملی، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے گم شدہ بچے احسن کے قتل کا نوٹس لیا تھا اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) گوجرانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کر کے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔

    بچے کی لاش ملنے کے بعد ڈی پی او سیالکوٹ، فرانزک، سی آئی اے اور اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بچے کی ہلاکت ظاہری طور پر فائر لگنے سے ہوئی ہے۔ تاہم دیگر شواہد کے بعد معلوم ہوا کہ بچے کے ساتھ زیادتی بھی کی گئی تھی۔

    تحقیقات کے بعد پولیس نے آج احسن کے قتل کے الزام میں اس کا کزن گرفتار کر لیا، چچا زاد بھائی فرحان نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے زیادتی کے بعد جرم چھپانے کے لیے بچے کو قتل کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مقتول احسن کے 4 بھائی اور بھی ہیں، والدہ 4 سال قبل انتقال کر چکی ہیں۔

  • اقامہ ایک ویزا ہوتا ہے، ویزے پر تاحیات نا اہل کر دیا جاتا ہے: وزیر اعظم

    اقامہ ایک ویزا ہوتا ہے، ویزے پر تاحیات نا اہل کر دیا جاتا ہے: وزیر اعظم

    سیالکوٹ: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اقامہ ایک ویزا ہوتا ہے اس پر نااہل کریں گے تو کیا یہ خدمت ہوگی۔ ویزے پر سیاست دانوں کو تاحیات نا اہل کر دیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سیالکوٹ کے شہر پسرور پہنچے جہاں انہوں نے سیالکوٹ پسرور روڈ کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

    پسرور آمد کے موقع پر کیڈٹ کالج کے طلبہ نے وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر قانون زاہد حامد نے دن رات محنت کی اور معاملات کو حل کیا۔ ’ایک بل کا معاملہ آیا تھا اس کی رپورٹ میں نے پڑھی ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں زاہد حامد کو کہیں قصور وار نہیں ٹھہرایا گیا۔ زاہد حامد نے مسئلہ حل کرنے کے لیے رضا کارانہ استعفیٰ دیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سیالکوٹ ایسے لوگوں کو ایوان میں بھیجتا ہے جو خدمت کرتے ہیں۔ سیالکوٹ کے ارکان اسمبلی نے کبھی کسی کام سے انکار نہیں کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان کی عزت نہیں ہوگی تو ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ خواجہ آصف، زاہد حامد اور دیگر سیاست دانوں کو سب جانتے ہیں۔ ’خواجہ آصف نے 30 سال عوام کی خدمت کی ہے‘۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ اقامہ ایک ویزا ہوتا ہے اس پر نااہل کریں گے تو کیا یہ خدمت ہوگی، سیاستدان ملک کے لیے محنت کرتے ہیں اور پیش ہوتے ہیں۔ ’ویزے پر سیاست دانوں کو تاحیات نا اہل کر دیا جاتا ہے‘۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکوں کی ترقی کا واحد ذریعہ ووٹ اور سیاستدانوں کو عزت دینا ہے۔ احتساب صرف سیاست دان کا ہوتا ہے، سیاست دان شیشے کے گھر میں رہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پورے ملک میں موٹر ویز اور ہائی ویز کا جال بچھایا۔ ’پاکستان میں کسی نے کام کیا ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے۔ کسی کے پاس مسائل کا حل تھا تو وہ نواز شریف ہیں، ملک میں کہیں بھی جائیں آپ کو ن لیگ کے منصوبے ملیں گے‘۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے نہیں کہا کہ 5 سال گزر گئے اور ہمیں 11 نکات یاد آ گئے۔ ’کیا سی پیک کا منصوبہ پہلے نہیں بنایا جا سکتا تھا۔ تمام منصوبے مسلم لیگ ن کے دور میں ہی شروع ہوئے۔ جی ڈی پی کی گروتھ 3 فیصد سے کم تھی آج 6 فیصد ہے‘۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام فیصلہ کرلیں تو اس کی عزت ہونی چاہیئے، ’جنہیں تقریروں میں باتیں یاد آتی ہیں ان سے کہنا چاہتا ہوں، آپ نے 5 سال حکومت کی، مسائل ہی حل کر لیتے‘۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔ نواز شریف کا ایک اور وعدہ پورا کرنے کی خوشی ہے۔ ہر ہفتے سینکڑوں ارب روپے کے منصوبوں کا افتتاح کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ان سے ہے جن کی اپنی کوئی کارکردگی نہیں۔ جو خود کچھ نہیں کر سکتے وہ الزام لگانا جانتے ہیں۔ موجودہ دور میں 65 سال کے برابر کام کیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیراعظم کو لینے خصوصی جہازلندن بھیجے جانے پر عدالت جائیں گے،عمران خان

    وزیراعظم کو لینے خصوصی جہازلندن بھیجے جانے پر عدالت جائیں گے،عمران خان

    پسرور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے خون و پسینے کی کمائی پر بادشاہ سلامت کو مزے نہیں کرنے دیں گے۔

    پسرور میں ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھیک مانگنے تک کشمیر آزاد نہیں ہو سکتا،خیرات مانگنے والوں کی غیرت برقرار نہیں رہتیں اور وہ آزادی سے جیسی نعمت سے محروم ہو جاتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے سربراہ نے ن لیگ کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نواز حکومت نے پاکستانی عوام کا جو حشر کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی وہ کسانوں کا معاشی قتل عام کر رہی ہے اور مزدور طبقے کو دو وقت کی روٹی سے محروم کر رکھا ہے۔

    عمران خان نےوزیر اعظم نواز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے لوگوں نے نواز شریف کو زبردستی نکالا کہ کہیں ان کو بھی کوئی بڑی مصیبت نہ گھیر لے،لندن والوں کو ڈر تھا کہ نواز شریف لندن کو بھی پسرور نہ بنا دے،پسرور میں پانی نہیں،بجلی نا پید ہے اور گیس کبھی کبھی آتی ہے۔

    وزیر اعظم کی پاکستان آمد کے لیے خصوصی جہاز کی لندن روانگی پر عمران خان نے کہا کہ پی آئی اے کا ایک خصوصی جہاز بادشاہ سلامت کو لینے لندن جا رہا ہے، یہ کروڑوں روپے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے خرچ کئے جائیں گے۔

    اس موقع پر عمران خان نے اعلان کیا کہ جہاز بھیجنے کیخلاف ہم پیر کو عدالت میں جائیں گے ،نواز شریف اپنے لوٹ کے پیسوں سے یہ فضول خرچی کرے۔

    جلسے کے اختتام سے قبل عمران خان نے فضل الرحمان پر بھی شدید تنقید کی ،انہوں نے بتایا کہ نواز شریف اور فضل الرحمن کے حوالے سے مزید باتیں سیالکوٹ میں ہوں گی میں وہاں جا کر اہم اعلان کروں گا۔

    یاد رہے تحریک انصاف نے وزیر اعظم کی آمد کے اعلان کے بعد نواز شریف کو ٹف ٹائم دینے کے لیے ملک بھر میں حکومت مخالف جلسوں کا اہتمام کرے گی اس سلسلے میں آج پسرور میں جلسہ ہوا جس کے بعد عمران خان سیالکوٹ روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ ایک اور جلسے سے خطاب کریں گے۔