Tag: پسنی

  • پسنی میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب

    پسنی میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب

    گوادر: بلوچستان کے ضلع گوادر کے ساحلی شہر پسنی میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے پسنی، گوادر میں سونامی الرٹ سائرن سسٹم نصب کیا گیا ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ سونامی آنے سے 12 سے 15 منٹ قبل یہ سائرن بجے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سائرن سسٹم ڈیڑھ کلو میٹر کی حدود تک لوگوں کو سونامی سے خبردار کرے گا۔

    پسنی میں جاپان کے تعاون سے 4 ہزار اسکوائر فٹ پر سونامی شیلٹر ہوم بھی تعمیر کیا جائے گا، سونامی شیلٹر ہوم کا ایک حصہ خواتین اور دوسرا مردوں کے لیے مختص ہوگا۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ ملک کے مختلف ساحلی مقامات پر سونامی کی اطلاع فراہم کرنے والا سائرن سسٹم نصب کیا گیا ہے، اس جدید سسٹم پہ ساڑھے 3 کروڑ روپے لاگت آئی ہے، کراچی میں ریڑھی گوٹھ اور کیماڑی میں سائرن سسٹم نصب کیے گئے، جب کہ بلوچستان میں پسنی، اورماڑہ اور گوادر میں 3 سونامی سائرن سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔

  • پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی،غیر ملکی شراب برآمد

    پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی،غیر ملکی شراب برآمد

    کوئٹہ: پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں غیر ملکی شراب برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے علاقے پسنی سے جھاڑیوں میں چھپائی گئی 615 بوتلیں اور 17 پیکٹ اعلی کوالٹی کی شراب برآمد کر لی۔

    ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق پکڑی جانے والی شراب کی مالیت تقریباً 44 لاکھ 86 ہزار روپے کے لگ بھگ ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوانوں کی اس انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 5 خواتین کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی تھی۔

    ترجمان کوسٹ گارڈ کا کہنا تھا کہ پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقر یبا 6 کروڑ 18 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے۔

  • کوسٹ گارڈز کی پسنی میں بڑی کارروائی،3510 کلو چرس برآمد

    کوسٹ گارڈز کی پسنی میں بڑی کارروائی،3510 کلو چرس برآمد

    کوئٹہ: پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی میں کارروائی کرتے ہوئے 3510 کلو چرس برآمد کر لی، مشنیات کی مالیت 5 ارب 60 کروڑ روپے کے قریب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقے پسنی میں پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارروائی کے دوران پہاڑوں میں چھپائی گئی 3510 کلو چرس برآمد کر لی۔

    ترجمان کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ برآمد کی گئی منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی،برآمدمنشیات کی مالیت 5 ارب 60 کروڑ روپے کے قریب ہے۔

    اس سے قبل 11 مارچ کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پر بلوچستان کے علاقے وندر میں سیب سے لدے ٹرک کی تلاشی کے دوران ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 227 کلو چرس برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 3 دسمبر کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے تربت اور ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 9 کلو گرام اعلی کوالٹی کی افیون برآمد کی گئی تھی۔

  • پسنی کوسٹل ہائی وے پر گاڑی کوحادثہ، 3 افراد جاں بحق

    پسنی کوسٹل ہائی وے پر گاڑی کوحادثہ، 3 افراد جاں بحق

    گوادر: صوبہ بلوچستان میں پسنی کوسٹل ہائی وے پر تیز رفتاری کے باعث گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پسنی کوسٹل ہائی وے پر گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، افسوس ناک واقعے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر پسنی نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرفشریز، خاتون اوربچہ شامل ہے، زخمیوں میں 5 خواتین اور4 بچے شامل ہیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، متاثرہ فیملی پشکان سے کراچی جا رہی تھی۔

    اس سے قبل گزشتہ روز بھکر میں ایم ایم روڈ پر فاضل اڈا کے قریب بس اور ٹریک میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے تھے۔

    کوئٹہ قومی شاہراہ پر ہولناک ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 3 جون کو بلوچستان کے شہر ژوب میں کوئٹہ قومی شاہراہ پر قلعہ سیف اللہ کے قریب ٹرک اور وین میں آپس میں ٹکرا گئی تھی جس کے باعث تیرہ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 5افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، مسافر وین کوئٹہ سے ژوب آرہی تھی۔

  • پسنی میں‌ مکان پر چھاپہ، ایک ارب 20 کروڑ روپے کی منشیات برآمد

    پسنی میں‌ مکان پر چھاپہ، ایک ارب 20 کروڑ روپے کی منشیات برآمد

    کراچی: پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی میں خالی مکا ن سے ایک ارب 12 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پر پسنی (بلوچستان ) میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مکان پر چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں منشیات بر آمد کر لی۔

    ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ کوسٹ گارڈز کی موبائل نے گشت کے دوران پسنی ائر پورٹ کے قریب چاکک گوٹھ میں ایک مشکوک خالی مکان پر چھاپہ مار ا،مکمل تلاشی کے بعد اس مکان کے کمروں میں چھپائی گئی 922 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

    ضبط کی جانے والی منشیات کی مالیت عالمی منڈی میں مارکیٹ میں تقریباً ایک ارب 12 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں بھی پاکستان کوسٹ گارڈزنے کوسٹل ہائی وے بدوک چیک پوسٹ(پسنی) کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک خالی ٹرک کے خُفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2600 کلو گرام چرس برآمد کی تھی جس کی مالیت اربوں روپے تھی اور اس کارروائی میں دو اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز بریگیڈیئر عتیق الرحمن نے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو سراہا ہے۔

  • جزیرہ استولا ۔ پاکستان کی گم گشتہ جنت

    جزیرہ استولا ۔ پاکستان کی گم گشتہ جنت

    گوادر: جزیرہ استولا جسے جزیرہ ہفت تلار یا ’سات پہاڑوں کا جزیرہ‘ بھی کہا جاتا ہے، پاکستان کا ایک غیر آباد جزیرہ ہے۔ صوبہ بلوچستان میں پسنی کے ساحل سے قریب یہ جزیرہ تقریباً 40 کلو میٹر بحیرہ عرب کے اندر واقع پاکستان کا سب سے بڑا سمندری جزیرہ ہے۔

    تقریباً 6.7 کلو میٹر طویل اور 2.3 کلو میٹر چوڑے اس جزیرہ کا بلند ترین مقام سطح سمندر سے 75 میٹر ہے۔ یہ جزیرہ پاکستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کا حصہ ہے۔

    اس جزیرے کے غیر آباد ہونے اور یہاں سیاحوں کی آمد ورفت نہ ہونے کی وجہ اس کے سفر کی طوالت ہے۔ کراچی سے 7 گھنٹے تک پسنی کے سفر کے بعد آپ کو ایک موٹر بوٹ کی ضرورت پڑے گی جس میں مزید 3 گھنٹے کا سفر طے کرنے کے بعد آپ استولا پہنچیں گے۔

    تاریخ میں اس جزیرہ کا ذکر ایڈمرل نیرکوس کے حوالے سے ملتا ہے جسے 325 قبل مسیح میں سکندر اعظم نے بحیرہ عرب اور خلیج فارس کے ساحلی علاقوں کی کھوج میں روانہ کیا تھا۔

    سنہ 1982 میں حکومت پاکستان نے یہاں گیس سے چلنے والا ایک روشنی کا مینار (لائٹ ہاؤس) بحری جہازوں کی رہنمائی کے لیے تعمیر کیا تھا جسے بعد میں سنہ 1987 میں شمسی توانائی کے نظام میں تبدیل کردیا گیا۔

    ستمبر سے مئی کے مہینوں کے درمیان ماہی گیر یہاں کیکڑوں اور جھینگوں کے شکار کے لیے آتے ہیں۔

    یہاں ایک چھوٹی سی مسجد بھی ہے جسے حضرت خضرؑ سے منسوب کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں ہندوؤں کے ایک پرانے مندر کے کھنڈرات کے آثار بھی یہاں موجود ہیں۔

    جزیرے پر موجود پہاڑیوں کی ہیئت نہایت عجیب و غریب اور منفرد ہے۔ کچھ پہاڑیوں میں غار بھی ترشے ہوئے موجود ہیں جو قدرتی ہیں۔

    بارشوں کے بعد جزیرے پر جا بجا سبزہ اگ آتا ہے۔ بارش کے علاوہ یہاں میٹھے پانی کی فراہمی کا کوئی ذریعہ نہیں لہٰذا سبزہ بھی کچھ عرصے بعد ختم ہوجاتا ہے۔

    یہاں پر صرف کیکر ایسا پودا ہے جو ہر قسم کے حالات میں زندہ رہ سکتا ہے اور سارا سال دکھائی دیتا ہے۔

    جزیرے کا شفاف نیلا پانی غروب آفتاب کے وقت نہایت خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

    سفر کی طوالت کے باوجود کئی لوگ یہاں کی سیر کو آتے ہیں تاہم ان کی تعداد بے حد کم ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی آنے والے ٹرک سے 3 ارب 11 کروڑ کی منشیات برآمد

    کراچی آنے والے ٹرک سے 3 ارب 11 کروڑ کی منشیات برآمد

    کراچی: کوسٹ گارڈ نے پسنی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ارب 11 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پاکستان کوسٹ گارڈ کے ترجمان کے مطابق اطلاع ملی کہ بلوچستان سے کراچی منشیات کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر کوسٹ گارڈ کی ٹیم نے بدوک چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹرک کو اپنے قبضے میں کرلیا۔

    ترجمان کے مطابق ٹرک کے خفیہ خانوں کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے بہت بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی جس کا وزن 2600 کلو گرام ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پکڑی گئی 2600 کلو گرام اس منشیات کی عالمی منڈی میں قیمت 3 ارب 11 کروڑ روپے بتائی جارہی ہے۔

    کوسٹ گارڈ نے گرفتار دو ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔

  • وزیراعظم اورآرمی چیف نے بلوچستان کی پہلی موٹروے کاافتتاح کردیا

    وزیراعظم اورآرمی چیف نے بلوچستان کی پہلی موٹروے کاافتتاح کردیا

    پسنی : بلوچستان کی پہلی موٹروے کا افتتاح کردیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وسط ایشائی ملک گوادرکےراستےتجارت کرنا چاہتےہیں.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف،آرمی چیف ،اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مل کر گوادرہوشاب شاہراہ کا افتتاح کیا۔

    ہوشاب تربت شاہراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرنے کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے منصوبے کا افتتاح کیا اور اس موقع پر راحیل شریف بھی ہمراہ تھے.

    دعا کے بعدوزیر اعظم نواز شریف آرمی چیف کے ساتھ گاڑی میں بیٹھے ۔آرمی چیف نے ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور دونوں نے منصوبے کا معائنہ کیا۔ ڈرائیونگ کرتے ہوئے دونوں منصوبے پر تبادلہ خیال بھی کرتے رہے.

    افتتاحی تقریب میں ڈی جی ایف ڈبلیواو میجر جنرل محمد افضل نے منصوبے پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی ۔تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہاکہ بلوچستان کو ملک کے دوسرے حصوں کے برابر لارہےہیں.

    وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ 870 کلومیٹر میں سے 632 کلومیٹر طویل سڑک صرف ڈیڑھ سال کے عرصہ میں مکمل ہو ئی اورمنصوبے کی تکمیل پر بلوچستان کو مالی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    وزیراعظم نےکہاکہ وسط ایشیائی ملک گوادر کے ذریعے تجارت کے خواہشمند ہیں، ایک سو ترانوے کلومیٹر طویل گوادر تربت ہوشاب شاہراہ پاک چین اقتصادی راہ داری کا حصہ ہے۔جس کی تعمیرپر تیرہ ارب روپے لاگت آئی۔

    انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے ذریعے گوادر کا چین سے رابطہ ہوجائے گا۔