پشاور : پشاور ائیرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دوحہ جانےوالے مسافر سے 8 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
اے ایس ایف نے مسافر کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی ہے۔
ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ ترجمان اے ایس ایف دوحہ جانے والے مسافر قیصر علی نے آئس ہیروئن ٹرالی بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران 7.14 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔
ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پشاور: خیبر پختون خوا کے پشاور ایئر پورٹ پر تربیتی طیارہ کچے میں اترنے سے بال بال بچ گیا، سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کی تزئین آرائش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے پشاور پہنچنے والا نجی فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے بعد ٹیکسی وے پر تھا کہ اچانک الٹے سائیڈ کا ٹائر پنکچر ہونے سے بیٹھ گیا، تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریک لگا دیے اور طیارے کو کچے میں اترنے سے بچا لیا۔
ایئر پورٹ ذرایع کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، اور اس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا، حادثے کے باعث پشاور ائیر پورٹ کا ٹیکسی وے 2 گھنٹے تک بند رہا، تاہم حادثے کے باعث فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ہنگامی بنیادوں پر طیارے کو ٹگ ماسٹر کے ذریعے ٹیکسی وے سے ہٹا کر سائیڈ پر کھڑا کر دیا، بعد ازاں نجی فلائنگ کمپنی نے فوری طور پر اسلام آباد سے نیا ٹائر منگوا کر تبدیل کر دیا۔
نجی فلائنگ کمپنی کے تربیتی طیارے کا ٹائر تبدیل کیا جا رہا ہے
ادھر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ سوات کے سیدو شریف ائیر پورٹ کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، سیاحت کے مقصد کے لیے اسے جلد فعال بنا دیا جائے گا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی نے سیدو شریف ائیر پورٹ سے متعلق وزیر اعلیٰ کے پی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ائیر پورٹ کا انفرا اسٹرکچر، رن وے اور ٹیکسی وے مکمل کیا جا چکا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ائیر پورٹ کو طیاروں کی آمد و روانگی کے لیے کھول دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے سلسلے میں وزیر اعظم کی سیاحت کے وژن کے عین مطابق اقدامات کیے گئے ہیں، سیدو شریف، سوات اور دیگر سیاحتی مراکز ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے توجہ کا مرکز ہیں، سوات ائیر پورٹ کو بیرون ملک پروازوں کے لیے بھی کھولا جائے گا تاکہ سیاحت کو فروغ ملے، سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ زر مبادلہ میں بھی اضافہ ہو۔
انھوں نے کہا تھا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لائنز بھی اپنا آپریشن فوری طور پر شروع کر دیں، ہم وزیر اعظم سے بھی درخواست کریں گے کہ سوات ائیرپورٹ پر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے ساتھ انٹرنیشنل پروازیں بھی جلد شروع کی جائیں۔
دریں اثنا، وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا ہے کہ حکومت مقامی روٹس کے لیے ہوائی جہاز کے ٹکٹس کو کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔