Tag: پشاور ایئرپورٹ

  • پاک فوج کے تربیت یافتہ کتوں نے بیرون ملک سے آنیوالے مزید5 مسافروں  میں کورونا کی نشاندہی کرلی

    پاک فوج کے تربیت یافتہ کتوں نے بیرون ملک سے آنیوالے مزید5 مسافروں میں کورونا کی نشاندہی کرلی

    پشاور : ایئرپورٹ پر پاک فوج کے تربیت یافتہ کتوں نے غیر ملکی ایئرلائن سے آنے والے مزید 5 مسافروں میں کورونا کی نشاندہی کرلی، بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کے پہلے ریپڈ ٹیسٹ کئے جاتے ہیں

    تفصیلات کے مطابق پشاورایئرپورٹ پر بیرون ملک سےآنیوالی مسافروں کی سویب ٹیسٹنگ جاری ہے ، غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے آنیوالے5مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے، پاک فوج کے تربیت یافتہ کتوں نے5کورونا کیسز کی نشاندہی کی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کے پہلے ریپڈ ٹیسٹ کئے جاتے ہیں، ریپڈ ٹیسٹ میں کورونامثبت پر مسافروں کے علیحدہ سے سویب ٹیسٹ ہوتے ہیں۔

    یاد رہے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظامیہ کی جانب سے سراغ رساں کتوں کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، جس کے بعد پاک فوج کے کینائن سینٹر کے تربیت یافتہ کتوں کو ایئرپورٹ پر پہنچایا گیا تھا۔

    بعد ازاں تربیت یافتہ دو سراغ رساں کتوں نے ایک کورونا مریض کی نشاندہی کی تھی ، مذکورہ مسافر نجی ایئرلائن کی پرواز پی اے611کے ذریعے177مسافر دبئی سے پشاور پہنچا تھا۔

    ائیر پورٹ مینجر کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر کورونا خصوصی ہیلتھ ڈیسک بھی قائم کردی گئی ہے ، اے سی سی کی ٹیم محکمہ صحت کی ٹیم کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

  • ابوظبی اور ریاض سے پشاور پہنچنے والے مسافر کرونا متاثر نکلے

    ابوظبی اور ریاض سے پشاور پہنچنے والے مسافر کرونا متاثر نکلے

    پشاور: ابوظبی اور ریاض سے پشاور پہنچنے والے 6 مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت نکلے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ابوظبی سے پشاور پہنچنے والے 5 مسافروں کے کرونا ٹیسٹ مثبت نکلے، سعودی دارالحکومت ریاض سے بھی پشاور پہنچنے والے ایک مسافر کا کرونا مثبت آ گیا ہے۔

    مسافر پی کے 218 کے ذریعے ابوظبی سے پشاور پہنچے تھے، 153 مسافروں کے پشاور ایئر پورٹ پر ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں مجموعی طور پر 6 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پاکستان میں کرونا کیسز میں اضافہ، ایک دن میں 4 ہزار کیسز رپورٹ ،88 اموات

    واضح رہے کہ پاکستان میں ایک بار پھر کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے اور 88 مزید افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد ملک میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 20 ہزار 177 تک پہنچ گئی۔

    خیبر پختون خوا میں اب تک ایک لاکھ 29 ہزار 13 کیسز سامنے آ چکے ہیں، کے پی میں فعال کیسز کی تعداد 6 ہزار 790 ہے، اموات 3 ہزار 900 ہو چکی ہیں، جب کہ 1 لاکھ 18 ہزار 323 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • پی آئی اے پرواز میں اچانک خرابی، طیارے کو پشاور ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا

    پی آئی اے پرواز میں اچانک خرابی، طیارے کو پشاور ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا

    پشاور: قومی ایئر لائن کی ایک پرواز میں اڑان بھرنے کے بعد اچانک خرابی آنے کے باعث اسے دوبارہ اتارنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 217 نے پشاور ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو پشاور ایئر پورٹ پر بحفاظت اتارا گیا۔

    پرواز پشاور سے ابوظبی جا رہی تھی، اڑان بھرنے کے فوراً بعد پرواز میں فنی خرابی آ گئی، جس پر کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا، ایئر پورٹ ذرائع نے بتایا کہ اجازت ملنے پر طیارے کو پشاور ایئر پورٹ پر دوبارہ بحفاظت اتار لیا گیا۔

    ایئر پورٹ ذرائع نے کہا ہے کہ ایئر بس 320 کے پریشرائز سسٹم میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی تھی، لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو ایئر پورٹ لاؤنج منتقل کر دیاگیا۔

    پشاور میں موسم کی خرابی، پروازوں کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختون خوا میں موسم کی خرابی کے باعث اندرون اور بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، جس پر 2 پروازوں کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتاراگیا تھا۔

  • پشاور میں موسم کی خرابی، پروازوں کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی

    پشاور میں موسم کی خرابی، پروازوں کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی

    پشاور: خیبر پختون خوا میں موسم کی خرابی کے باعث اندرون اور بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کو اترنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں موسم خرابی کے باعث 2 پروازوں کو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتار دیاگیا ہے، جن میں سے ایک کراچی سے پشاور آ رہی تھی اور دوسری شارجہ سے۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی اور شارجہ سے پشاور جانے والی دو پروازوں کو موسم کی خرابی کی وجہ سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتارا گیا ہے۔

    ایئر پورٹ انتظامیہ کے مطابق پشاور میں موسم ٹھیک ہوتے ہی مذکورہ پروازوں کو پشاور روانہ کر دیا جائے گا۔

    دوسری طرف پشاور ایئر پورٹ پر طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں کے پی کے حکومت، پاک فضائیہ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی میں کوآرڈی نیشن کے لیے فوکل پرسن کی تقرری کی گئی، محکمہ داخلہ کے اسپیشل سکریٹری فوکل پرسن کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

    طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جن میں ایئر پورٹ کے اطراف کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے اقدامات شامل ہیں۔

  • پشاور ایئرپورٹ کے اطراف علاقوں میں ہوائی فائرنگ ، لیزر لائٹ ، کبوتر بازی اور چھوٹے ڈرون اڑانے پر پابندی

    پشاور ایئرپورٹ کے اطراف علاقوں میں ہوائی فائرنگ ، لیزر لائٹ ، کبوتر بازی اور چھوٹے ڈرون اڑانے پر پابندی

    کراچی : پشاور ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں ہوائی فائرنگ ، لیزر لائٹ ، کبوتر بازی اور چھوٹے ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کردی اور کہا قانون کی خلاف ورزی پر گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے اور لیزر لائٹ مارنے ‌کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ نے پشاور ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں ہوائی فائرنگ ، لیزر لائٹ ، کبوتر بازی اور چھوٹے ڈراون اڑانے پر پابندی عائد کردی۔

    پشاور کے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے اطراف اور علاقوں میں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کیخلاف کاروائی اور گرفتاری بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

    پشاور ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے لیزر لائٹ اور دیگر واقعات ہونے پر ضلعی انتظامیہ کو خط لکھا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ سال اکتوبر میں سی اے اے کی جانب سے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات پر برڈ شوٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے لیے اشتہار بھی جاری کئے گئے تھے۔

  • چوہے نے کراچی آنے والی پرواز منسوخ‌ کروادی

    چوہے نے کراچی آنے والی پرواز منسوخ‌ کروادی

    پشاور ایئرپورٹ پر طیارے میں چوہے کی موجودگی کی اطلاع پر نجی ایئرلائن کی پرواز منسوخ کردی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کے طیارے میں چوہے کی موجودگی کی اطلاع پر پرواز منسوخ کردی گئی، نجی ایئرلائن کی پرواز نمبر 551 کو شام 4 بجے پشاور سے کراچی روانہ ہونا تھا۔

    طیارے میں چوہا دیکھے جانے کی اطلاع کپتان نے دی، کئی گھنٹے کی تلاش کے باوجود طیارے میں چوہا نہیں ملا جس کے بعد ایئرلائن حکام نے پرواز منسوخ کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافروں کو اسلام آباد سے دوسری پرواز کے ذریعے کراچی روانہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: چوہے نے نجی ایئر لائن کی پرواز روک کر طیارہ گراؤنڈ کروا دیا

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں لاہور ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائن کے طیارے میں چوہا نکلنے کے معاملے پر طیارے کو گراؤنڈ کرنا پڑ گیا تھا، نجی ائیر لائن کی پرواز پی اے 470 نے 3 بج کر 20 منٹ پر جدہ روانہ ہونا تھا۔

    مذکورہ پرواز سے 218 مسافر روانہ ہونے تھے، تمام مسافر ائیر پورٹ لاؤنج میں جہاز سے چوہا نکلنے کا انتظار کرتے رہے، جہاز میں چوہے مار اسپرے بھی کیا گیا، تاہم چوہا نہ نکالا جا سکا، جس کی وجہ سے پرواز پی اے 470 مزید تاخیر کا شکار ہوئی۔

  • باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع

    باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 59 دن بعد علاقائی پروازوں کا آپریشن شروع ہوگیا، کراچی سے 116 مسافر پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے پشاور پہنچ گئے۔

    کرونا وائرس اور اس کے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پروازوں کی بندش کے 59 دن بعد پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر علاقائی پروازوں کا آپریشن بحال ہوگیا۔

    قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 8350 کے ذریعے 116 مسافر کراچی سے پشاور پہنچ گئے، پشاور ایئرپورٹ پر ڈومیسٹک آمد کے لاؤنج میں کراچی سے پشاور پہنچنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ اور طبی جانچ کی گئی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے مسافروں کو مکمل سینی ٹائز اور اسپرے کیا اور ان کے سامان کو بھی ڈس انفیکٹ کیا گیا، سی اے اے کی جانب سے باقاعدہ سینی ٹائز کیے جانے کے بعد مسافروں کو عمارت میں داخلے کی اجازت دی گئی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کی جانب سے کرونا ایس او پیز کے تحت مسافروں کو ہاتھ لگائے بغیر جدید ترین اسکینرز کے ذریعے سیکیورٹی اسکریننگ کی گئی۔

    بعد ازاں پی آئی اے کی پرواز پی کے 8351، 54 مسافروں کو لے کر پشاور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگئی۔

  • پرندوں کے بعد اب پتنگ بازی بھی فضائی سفر کے لیے خطرہ بن گئی

    پرندوں کے بعد اب پتنگ بازی بھی فضائی سفر کے لیے خطرہ بن گئی

    کراچی: پرندوں کے بعد اب پتنگ بازی بھی فضائی سفر کے لیے خطرہ بن گئی ہے، پشاور ایئر پورٹ کے اطراف پتنگ بازی سے طیاروں کو اڑنے اور اترنے میں مشکلات پیش آنے لگیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور ایئر پورٹ پر پتنگ بازی سے فضائی سفر کو خطرے کی شکایت سامنے آئی ہے، پشاور ایئر پورٹ کے اطراف پتنگ بازی کی وجہ سے طیاروں کو اڑان بھرنے اور لینڈنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پشاور پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 613 کے کپتان نے پتنگ سے متعلق کنٹرول ٹاور کو شکایت درج کرائی ہے، پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز نے پشاور ایئر پورٹ کے اطراف پتنگ بازی سے متعلق سول ایوی ایشن کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

    سال 2019 میں طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات

    پشاور ایئر پورٹ انتظامیہ نے شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ایئر پورٹ کے اطراف پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے احکامات جاری کر دیے، انتظامیہ نے کہا کہ پتنگ بازوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    خیال رہے کہ پشاور ایئر پورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، ذرایع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 2 واقعات رپوٹ ہو ئے ہیں۔

  • پشاور ایئرپورٹ پر تربیتی طیارے کو حادثہ، سیدو شریف ایئرپورٹ کی آرائش جاری

    پشاور ایئرپورٹ پر تربیتی طیارے کو حادثہ، سیدو شریف ایئرپورٹ کی آرائش جاری

    پشاور: خیبر پختون خوا کے پشاور ایئر پورٹ پر تربیتی طیارہ کچے میں اترنے سے بال بال بچ گیا، سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کی تزئین آرائش جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے پشاور پہنچنے والا نجی فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے بعد ٹیکسی وے پر تھا کہ اچانک الٹے سائیڈ کا ٹائر پنکچر ہونے سے بیٹھ گیا، تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریک لگا دیے اور طیارے کو کچے میں اترنے سے بچا لیا۔

    ایئر پورٹ ذرایع کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، اور اس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا، حادثے کے باعث پشاور ائیر پورٹ کا ٹیکسی وے 2 گھنٹے تک بند رہا، تاہم حادثے کے باعث فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے نے ہنگامی بنیادوں پر طیارے کو ٹگ ماسٹر کے ذریعے ٹیکسی وے سے ہٹا کر سائیڈ پر کھڑا کر دیا، بعد ازاں نجی فلائنگ کمپنی نے فوری طور پر اسلام آباد سے نیا ٹائر منگوا کر تبدیل کر دیا۔

    نجی فلائنگ کمپنی کے تربیتی طیارے کا ٹائر تبدیل کیا جا رہا ہے

    ادھر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ سوات کے سیدو شریف ائیر پورٹ کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، سیاحت کے مقصد کے لیے اسے جلد فعال بنا دیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی نے سیدو شریف ائیر پورٹ سے متعلق وزیر اعلیٰ کے پی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ائیر پورٹ کا انفرا اسٹرکچر، رن وے اور ٹیکسی وے مکمل کیا جا چکا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے اجازت ملتے ہی سیدو شریف ائیر پورٹ کو طیاروں کی آمد و روانگی کے لیے کھول دیا جائے گا۔

    وزیراعظم کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، محمود خان

    وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے سلسلے میں وزیر اعظم کی سیاحت کے وژن کے عین مطابق اقدامات کیے گئے ہیں، سیدو شریف، سوات اور دیگر سیاحتی مراکز ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے توجہ کا مرکز ہیں، سوات ائیر پورٹ کو بیرون ملک پروازوں کے لیے بھی کھولا جائے گا تاکہ سیاحت کو فروغ ملے، سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ زر مبادلہ میں بھی اضافہ ہو۔

    انھوں نے کہا تھا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ائیر لائنز بھی اپنا آپریشن فوری طور پر شروع کر دیں، ہم وزیر اعظم سے بھی درخواست کریں گے کہ سوات ائیرپورٹ پر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے ساتھ انٹرنیشنل پروازیں بھی جلد شروع کی جائیں۔

    دریں اثنا، وفاقی وزیر غلام سرور نے کہا ہے کہ حکومت مقامی روٹس کے لیے ہوائی جہاز کے ٹکٹس کو کم کرنے پر غور کر رہی ہے۔

  • سعودی عرب میں گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان پہنچ گئی

    سعودی عرب میں گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان پہنچ گئی

    پشاور: سعودی عرب سے گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان کے شہر پشاور پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایمان پاکستان پہنچ گئی، بچی کی والدہ رانی بی بی کو مئی 2019 میں منشیات اسمگلنگ کیس میں جدہ میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد قونصل خانے کے فلاحی ونگ نے 4 سالہ ایمن کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایمان 10 ماہ سے جدہ میں محکمہ سوشل پروٹیکشن میں مقیم تھی، ایمان کی جدہ کی جیل میں ماں سے الوداعی ملاقات کرائی گئی جس کے بعد اسے پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا جہاں سے آج بچی کو جدہ سے پشاور کے لیے روانہ کیا گیا۔

    ننھی ایمان جدہ سے پشاور پی آئی اے کی پرواز PK 0736 کے ذریعے پشاور ائیر پورٹ پہنچی، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور ایمان کے چچا بھی ہمراہ تھے۔

    سعودی عرب میں گرفتار پاکستانی خاتون کی 4 سالہ بچی کو وطن واپس بھیجنے کی اجازت

    خیال رہے کہ بچی کی والدہ رانی بی بی کا تعلق سوات سے ہے، جسے ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا تھا، خاتون کو عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔ رانی بی بی مئی 2019 میں 4 سالہ بچی کے ہمراہ جدہ روانہ گئی تھیں، سعودی حکام نے جدہ ائیرپورٹ پر ہیروئن سے بھرے کیپسول برآمد ہونے پر انھیں گرفتار کیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزارت اوورسیز نے سعودی حکام سے رابطے کیے تھے جس کے بعد 4 سالہ ایمان کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کی اجازت ملی تھی، زلفی بخاری نے حکام کو بچی کی مکمل دیکھ بھال، تعلیمی ضروریات کی تکمیل اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔