Tag: پشاور دھماکا

  • پشاور میں سڑک کنارے دھماکا، 3 بچوں سمیت 7 زخمی

    پشاور میں سڑک کنارے دھماکا، 3 بچوں سمیت 7 زخمی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں سڑک کنارے دھماکے میں‌ 3 راہ گیر بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ورسک روڈ پر دھماکا ہوا ہے، جس کی زد میں آ کر سات افراد زخمی ہو ئے جن میں تین راہ چلتے بچے بھی شامل ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دھماکا سڑک کنارے نصب بارودی مواد کا لگتا ہے، ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق پولیس موبائل شدت پسندوں کا ہدف تھا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ کو محفوظ کر کے شواہد حاصل کرنا شروع کر دیا ہے، اور دھماکے سے متعلق مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو بھی طلب کیا گیا جس نے جائے وقوعہ کی سرچنگ کی۔

    ایس پی ورسک ارشد خان کے مطابق دھماکا آج صبح 9 بج کر 10 منٹ پر ہوا، یہ دیسی ساختہ آئی ای ڈی بلاسٹ تھا، دھماکے میں 4 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کے مطابق شدت پسندوں کی ٹارگٹ پولیس موبائل تھی، آج تھانہ مچنی گیٹ کی موبائل روٹین گشت پر تھی، جیسے ہی موبائل گزری اس کے 3 سیکنڈ بعد بلاسٹ ہوا، بارودی مواد کنکریٹ بلاک کے اندر نصب تھا۔ انھوں نے بتایا کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، دھماکے میں ملوث پورے نیٹ کو گرفتار کر کے انجام تک پہنچائیں گے۔

  • پشاور : سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا،  ایک اہلکار شہید، 10 زخمی

    پشاور : سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، 10 زخمی

    پشاور : ورسک روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں ورسک روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کےقریب دھماکا ہوا ، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، زخمیوں میں 7 اہلکار اور 3 شہری شامل ہیں۔

    ایس پی ورسک محمد ارشد خان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا بارودی مواد پھٹنے سے ہوا، دھماکے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے

  • پشاور پولیس لائنز دھماکا: جائے وقوعہ سے ملنے والے حملہ آور کے اعضا میچ کر گئے

    پشاور پولیس لائنز دھماکا: جائے وقوعہ سے ملنے والے حملہ آور کے اعضا میچ کر گئے

    پشاور : پولیس لائنز دھماکے میں جائے وقوعہ سے ملنے والے حملہ آور کے اعضا میچ کر گئے جبکہ حملہ آور کے جوتے اور ٹوپی بھی مل گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائن مسجد میں خودکش حملے کی تحقیقات جاری ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ خیبرمیڈیکل کالج میں حملہ آور کے اعضا کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا گیا ، جائےوقوعہ سےملنے والے حملہ آور کے اعضا میچ کر گئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور کے جسمانی اعضا اور ہیلمٹ برآمد کر لیا جبکہ انویسٹی گیشن یونٹس کو حملہ آور کے جوتے اور ٹوپی بھی مل گئی ہے۔

    اس سلسلے میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گرد کے جوتے اور ہیلمٹ برآمد ہوئے، جو تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

    ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ خود کش بمبار کا سر اور ملبے سے ٹانگوں کا ڈی این اے میچ ہو چکا ہے، واقعے کی تفتیش جاری ہے، ہم اس کا بدلہ لیں گے۔

    اس سے قبل خیبر میڈیکل کالج نے بتایا تھا کہ پوسٹ مارٹم کیلئے 85 میتیں اور ڈی این اے کیلئے 6 اعضاموصول ہوئے، خود کش حملہ آور کے جسمانی اعضاموصول ہوئے تھے۔

    خیبر میڈیکل کالج کا کہنا تھا کہ اعضاکا ڈین این اے 2 دن میں مکمل کیا گیا، لیب میں جدید ڈی این اے ٹیسٹنگ سسٹمز کی سہولت دستیاب ہے۔

  • پشاور: خود کش حملہ آور مسجد کے اندر کیسے پہنچا؟ تفصیلی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی

    پشاور: خود کش حملہ آور مسجد کے اندر کیسے پہنچا؟ تفصیلی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی

    پشاور: پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکا کرنے والے مبینہ خود کش حملہ آور کی تفصیلی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائن دھماکے کےمبینہ خود کش حملہ آور کی تفصیلی سی سی ٹی وی موصول ہوگئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور دھماکا کرنے کہاں سے اور کیسے آیا۔

    سی سی ٹی وی میں دکھایا جاسکتا ہے کہ حملہ آور خیبر روڈ سے موٹر سائیکل پر بغیر تلاشی کے پولیس لائن میں داخل ہوا۔

    سی سی ٹی وی کے مطابق مبینہ خود کش حملہ آور 12 بج کر 36 منٹ پر پولیس لائن کے باہر پہنچا، جب دوسرے پولیس اہلکار نے حملہ آور کو روکا اور موٹر سائیکل ہٹانے کا کہا تو حملہ آور واپس آیا اور دوبارہ موٹر سائیکل اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی۔

    موٹر سائیکل سٹارٹ نہ ہونے پر موٹر سائیکل کو پیدل لے کر پولیس لائن پارکنگ پہنچا اور موٹر سایکل پارک کر کے حملہ آور بغیر تلاشی کے پولیس لائن میں داخل ہو گیا۔

    آخری سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور 12 بج کر 44 منٹ پر پولیس لائن کی مسجد کے اندر داخل ہوا اور دھماکہ کردیا۔

    حملہ آورپولیس وردی، ہیلمنٹ، داستانے اور چادر اوڑھے ہوئے تھا،پولیس نے مبینہ حملہ آور کے جسمانی اعضا اور ہیلمٹ بھی برآمد کر لیا ہے۔

  • پشاور دھماکا : خود کش بمبار کی  پولیس لائن میں داخل ہوتے ہوئے تصویر سامنے‌ آگئی

    پشاور دھماکا : خود کش بمبار کی پولیس لائن میں داخل ہوتے ہوئے تصویر سامنے‌ آگئی

    پشاور : پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکا کرنے والے خودکش حملہ آور کی موٹر سائیکل پر پولیس لائن میں داخلے کی تصویر سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائنز دھماکے کی تحقیقات جاری ہے ، مسجد میں دھماکے سے قبل ایک اور فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    جس میں خودکش حملہ آور کو موٹرسائیکل پر پولیس لائن میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، خودکش حملہ آور 12 بجکر 33منٹ پرپولیس لائن میں داخل ہوا تھا۔

  • پشاور دھماکا : بم ڈسپوزل یونٹ کی  رپورٹ میں اہم انکشاف

    پشاور دھماکا : بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ میں اہم انکشاف

    پشاور: بم ڈسپوزل یونٹ نے پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائن کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ سامنے آگئی۔

    بم ڈسپوزل یونٹ نے سینٹرل پولیس آفس کورپورٹ ارسال کردی ، جس میں بتایا گیا ہے کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو جائے وقوعہ سے بال بیئرنگ نہیں ملے، زیادہ اموات چھت گرنے کے باعث ہوئیں۔

    بم ڈسپوزل یونٹ کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر کوئی گڑھے کے شواہد بھی نہیں ملے تاہم ملباہٹنےکےبعد مزید شواہد اکٹھے کیےجائیں گے۔

    دوسری جانب پولیس لائنزکی مسجد میں خودکش دھماکے کی تحقیقات جاری ہے۔

    تحقیقاتی ادارے کی جانب سے آج مبینہ طور پر ملوث خود کش حملہ آور کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھجوائیں جائیں گے۔

    تحقیقاتی ٹیموں نے پولیس لائنز کے تمام سٹاف کی پروفائلنگ بھی شروع کردی ہے، پولیس لائنز اور اطراف کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

    یاد رہے پولیس لائنزکی مسجد میں خودکش دھماکےمیں شہداء کی تعداد 100 ہوگئی ہے ، ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق ترپن مریض زیرعلاج ہیں جس میں سات زخمی آئی سی یو میں ہیں۔

  • پشاور دھماکا : خودکش حملہ آور کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے آج بھجوائیں جائیں گے

    پشاور: پولیس لائنز دھماکے میں ملوث خودکش حملہ آور کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے آج بھجوائیں جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ پشاور کے بعد فضا سوگوار ہے، پولیس لائنزکی مسجد میں خودکش دھماکے کی تحقیقات جاری ہے۔

    تحقیقاتی ادارے کی جانب سے آج مبینہ طور پر ملوث خود کش حملہ آور کے اعضاء ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے بھجوائیں جائیں گے۔

    تحقیقاتی ٹیموں نے پولیس لائنز کے تمام سٹاف کی پروفائلنگ بھی شروع کردی ہے، پولیس لائنز اور اطراف کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کرلی گئی ہے۔

    پولیس لائنز کے داخلی راستوں پر سیکورٹی انتہائی سخت کرکے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب پشاور پولیس لائنز دھماکے میں شہید ہونیوالی مسجد میں اذان کی صدا دوبارہ بلند کرنے اور نماز کی ادائیگی کیلئے پولیس اہلکاروں نے جزوی طور پر ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا ہے۔

    یاد رہے پولیس لائنزکی مسجد میں خودکش دھماکےمیں شہداء کی تعداد سوہوگئی ہے ، ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق ترپن مریض زیرعلاج ہیں جس میں سات زخمی آئی سی یو میں ہیں۔

  • وائٹ ہاؤس نے پشاور میں  نمازیوں پر حملے کو ناقابل معافی عمل قرار دے دیا

    وائٹ ہاؤس نے پشاور میں نمازیوں پر حملے کو ناقابل معافی عمل قرار دے دیا

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے پشاور کی مسجد میں نمازیوں پر حملے کو ناقابل معافی عمل قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے پشاور میں مسجد کے اندر خودکش دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے نمازیوں پر حملے کو ناقابل معافی عمل قرار دیا۔

    وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ناقابلِ دفاع ہے، نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔

    ایڈرین واٹسن نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

    یاد رہے امریکی سیکریٹری خارجہ ٹونی بلنکن نے پشاور دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔

    امریکی سیکریٹری خارجہ ٹونی بلنکن نے بیان میں کہا تھا کہ مسجد میں نمازیوں پر خوفناک حملہ کیا گیا دہشت گرد حملے میں کئی نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوئے، دہشت گردی کہیں بھی کسی بھی وجہ سے کی جائے اس کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔

    خیال رہے پولیس لائن مسجد میں خودکش حملے نے درجنوں خاندان اجاڑ دیے،اب تک دھماکے میں شہدا کی تعداد 100ہوگئی جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

  • پشاور دھماکا : مسجد کے ملبے سے زخمیوں اور لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری

    پشاور : خودکش دھماکے کا نشانہ بننے والی مسجد کے ملبے سے زخمیوں اور لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، سینسر ڈیوائسز لگا کر زندہ افراد کوتلاش کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں خودکش دھماکے کا نشانہ بننے والی مسجد میں ریسکیو آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔

    ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے ، جس میں ملبے سے لاشیں نکالی جارہی ہے اور سینسر ڈیوائسز لگا کر زندہ افراد کو تلاش کیا جارہا ہے۔

    بھاری مشینری اور کٹر کی مدد سے آخری کنکریٹ ستون کاٹا جارہا ہے، زخمیوں کے دبے ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن مکمل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    ریسکیوحکام کا کہنا تھا کہ ملبے سے شہدا کے جسد خاکی نکال کر اسپتال منتقل کئے جارہے ہیں، اگلے 2 گھنٹے میں ریسکیوآپریشن مکمل ہونے کی توقع ہے۔

    ریسکیو آپریشن مکمل ہونے اور ملبہ ہٹانے کے بعد بی ڈی یو اور تفتیشی ٹیمیں مزید تحقیقات کرے گی۔

    تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت اہم شواہد کی مدد سے تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے۔

  • پشاور دھماکا: کراچی میں مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری

    کراچی : پشاور دھماکے کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے مساجد ،امام بارگاہوں سمیت دیگر مذہبی مقامات پر سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور دھماکے کے بعد اسلام آباد،راولپنڈی ، لاہور ،سندھ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سندھ پولیس کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیے ، جس میں کہا ہے کہ مساجد ،امام بارگاہوں سمیت دیگر مذہبی مقامات پر سیکیورٹی سخت کی جائے۔

    غلام نبی میمن نے ہدایت کی پیٹرولنگ،اسنیپ چیکنگ کو سخت بنایا جائے اور داخلی اور خارجی روٹسپرچیکنگ ،ناکہ بندی کو غیرمعمولی بنایا جائے۔

    آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کیساتھ بھی مسلسل روابط رکھے جائیں۔

    اس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے، اور سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا کے شہر پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق اور 150 افراد زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے سے مسجد کا ایک حصہ شہید ہو گیا۔