Tag: پشاور دھماکے

  • پشاور دھماکے کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں

    پشاور دھماکے کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں

    پشاور : پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور میں خود کش بمبار نے مسجد کے پرانے حصے میں دھماکاکیا ، جہاں کوئی پلر موجود نہیں تھا ،دیواریں اورچھت گرنے سے زیادہ شہادتیں ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور دھماکے کی تفصیلات سامنے آگئیں، جس میں بتایا گیا کہ دھماکے میں ٹی این ٹی دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

    تفصیلات میں بتایا گیا کہ خود کش بمبار نے مسجد کے پُرانے حصے میں دھماکہ کیا، مسجد کے پُرانے حصےّ میں کوئی پِلر موجود نہ تھا، دیوار یں صرف اینٹوں کے سہارے کھڑی کی گئی تھیں۔

    دھماکے کی وجہ سے دیواریں اور چھت گرنے سے زیادہ تر شہادتیں ہوئیں۔

    خود کش بمبار اور نیٹ ورک کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ نیٹ ورک تک رَسائی حاصل کی جا رہی ہے۔

  • پشاور میں حملہ آور نے کیسے باآسانی پولیس لائن میں داخل ہوکر خود کو اڑایا، ویڈیو سامنے آگئی

    پشاور میں حملہ آور نے کیسے باآسانی پولیس لائن میں داخل ہوکر خود کو اڑایا، ویڈیو سامنے آگئی

    پشاور : پشاور دھماکے میں حملہ آور کی بغیر تلاشی باآسانی پولیس لائن میں داخل ہوکر مسجد کی طرف جاتے ہوئے ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس لائن دھماکا کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

    جس میں خود کش حملہ آور کو پولیس لائن میں داخل ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے ، خود کش حملہ آور 12 بجکر 33 منٹ پر خیبر روڈ پولیس چیک پوسٹ سے پولیس لائن میں داخل ہوا اور گفتگو بھی کی۔

    حملہ آور نے جیکٹ اور چادر پہنی ہوئی تھی، وہ 12 بجکر 38 منٹ پر موٹر سائیکل کو پیدل لے کر پولیس لائن پارکنگ پہنچا ، موٹر سائیکل پارک کر کے حملہ آور بغیر تلاشی کے پولیس لائن میں داخل ہو گیا۔

    ویڈیو میں حملہ آور 12 بجکر 42 منٹ پر پولیس لائن کی مسجد کی طرف جاتے ہوئے نظر آ رہا ہے ، جس کے بعد پولیس لائن مسجد میں حملہ آور نے 1بجکر 17 منٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    اس سے قبل پشاور پولیس لائن دھماکے سے قبل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی۔

    ویڈیو میں معمول کے مطابق لوگوں کو آتے جاتے دیکھا جاسکتا ہے اور فوٹیج میں نظر آنے والے تمام افراد کی شناخت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    فوٹیج کے مطابق پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکا ایک بج کر سترہ منٹ پر ہوا اور دھماکا ہوتے ہی بجلی بھی منقطع ہوگئی تھی۔

  • پشاور دھماکے کے زخمی کا رونگٹے کھڑے  کر دینے والا بیان

    پشاور دھماکے کے زخمی کا رونگٹے کھڑے کر دینے والا بیان

    پشاور : مسجد دھماکے کے زخمی عبدالرحمان نے بتایا کہ زورداردھماکے کے بعد آگ کاشعلہ میرے منہ پر آیا اور دھواں پھیل گیا، پولیس بھائیوں کی لاشوں کے اوپر سے رینگتا ہوا باہر نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور دھماکے کے زخمی کے بیان نے رونگٹے کھڑے کردیے ، زخمی عبدالرحمان نے دھماکے کے حوالے سے بتایا کہ للہ اکبر ہی کہا تھا کہ زور دار دھماکا ہوگیا، جس کے بعد آگ کا شعلہ میرے منہ پر آیا اور دھواں پھیل گیا۔

    عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ چند منٹ بعد ہوش آیا تومحراب کی طرف روشنی نظرآئی۔۔ پھرپولیس بھائیوں کی لاشوں کے اوپرسےرینگتا ہوا باہرنکلا، مجھےاللہ نےہی بچایا۔

    اسپتال میں زیرعلاج ایک اور زخمی رب نواز کا کہنا ہے چھت میرے سرپر تھی، ہوش آیا تو لاشوں کےدرمیان تھا۔

    دوسری جانب پشاور دھماکے کی تحقیقات جاری ہے، بم ڈسپوزل یونٹ نےسینٹرل پولیس آفس کورپورٹ ارسال کردی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکےمیں اب تک بال بیرنگ نہیں ملے، زیادہ نقصان چھت گرنےسے ہوا جبکہ جائے وقوعہ پر کوئی گڑھے کے شواہد بھی نہیں ملے تاہم ملبہ ہٹنے کے بعد مزید شواہد اکٹھے کیے جائیں گے۔

    یاد رہے پولیس لائنزکی مسجد میں خودکش دھماکےمیں شہداء کی تعداد 100 ہوگئی ہے ، ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال کے مطابق ترپن مریض زیرعلاج ہیں جس میں سات زخمی آئی سی یو میں ہیں۔

  • دہشت گردوں سے مذاکرات کیوں کیے جا رہے ہیں؟ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا پشاور دھماکے پر سوال

    دہشت گردوں سے مذاکرات کیوں کیے جا رہے ہیں؟ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا پشاور دھماکے پر سوال

    اسلام آباد : سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے دوران سماعت سوال اٹھایا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کیوں کیے جارہے ہیں؟ آج دہشت گرد دو بندے ماریں گے کل کو پانچ مار دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ضمانت کے ایک کیس کی سماعت کے دوران پشاور خودکش حملے پر اہم ریمارکس دیئے۔

    جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سوال اٹھایا کہ دہشت گردوں سے کب تک ڈریں گے؟ کہا جاتاہے دہشت گردوں کو یہ دو وہ دو، کبھی کہا جاتا ہے دہشت گردوں سے مذاکرات کرو۔

    جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس میں کہا کہ اس دوران ریاست کہاں ہے؟ دہشت گردوں سے مذاکرات کیوں کیے جا رہے ہیں؟

    سپریم کورٹ کے جج کا کہنا تھا کہ آج دہشت گرد 2 بندے ماریں گے کل کو 5 مار دیں گے، پتہ نہیں ہم کس معاشرے میں رہ رہے ہیں۔

    جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ ایک جج نےدہشت گردی واقعےپررپورٹ دی، جو ردی کی ٹوکری میں پھینک دی، لمبی داڑھی رکھنے سے بندہ مسلمان یا اچھا انسان نہیں بن جاتا، ہمارے ایک جج کومار دیا گیا کسی کو پرواہ ہی نہیں۔

  • کیا پشاور دھماکے کی تھریٹ الرٹ پہلے سے تھی ؟

    اسلام آباد : کمشنر پشاور ریاض خان محسود کا کہنا ہے کہ پشاور دھماکے سے متعلق ہمارے پاس انفارمیشن نہیں تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ دو ماہ سےدہشت گردی کےواقعات ہورہےہیں ، پولیس لائن پشاور سے متعلق تھریٹ الرٹ نہیں آئی تھی، مختلف علاقوں سےمتعلق تھریٹ الرٹ آرہی تھیں۔

    ریاض خان محسود نے کہا کہ سیکیورٹی سے متعلق تمام اقدامات اٹھائے جا رہےہیں ، انٹرنیشنل بارڈر پر حالات کا آف شوٹ نظر آرہاہے، واقعہ افسوسناک ہے۔

    کمشنر پشاور کا کہنا تھا کہ پشاوردھماکےسےمتعلق ہمارےپاس انفارمیشن نہیں تھی، ہوسکتاہےانفارمیشن میرےپاس نہ آئی ہو۔

    انھوں نے کہا کہ ایک ڈیڑھ ماہ سے مسلسل فورسزکونشانہ بنایاجارہاتھا، قانون نافذ کرنےوالےادارےمتحرک ہیں، ہم نےاپنی سیکیورٹی پالیسی بھی تھوڑی تبدیل کی تھی۔

    ٹی ٹی پی کیساتھ مذاکرات کے حوالے سےریاض خان محسود کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کیساتھ امن مذاکرات کے وقت سیز فائرتھا، دہشت گردوں نے سیزفائرکا فائدہ اٹھایا اور صوبے میں پھیلے ہیں۔

    الیکشن کے انعقاد سے متعلق کمشنر پشاور نے کہا کہ حکومت کہے گی تو الیکشن ضرورکرائیں گے، یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ حالات ایسے ہیں الیکشن نہیں کراسکتے، الیکشن کرانانہ کراناپالیسی بیان ہے ، میں اس پربات نہیں کرسکتا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت اورقانون نافذکرنےوالےادارےایسےواقعات کےتدارک کیلئے تیار ہیں،کے پی میں جہاں بھی دہشت گردی کی لہر آئی وہاں فورسز نے کارروائیاں کیں۔

  • پشاور دھماکے میں جماعت الاحرار کے کچھ لوگ ملوث ہوسکتے ہیں، آئی جی خیبرپختونخوا

    پشاور : آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پشاور دھماکے میں جماعت الاحرار کے کچھ لوگ ملوث ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور دھماکے کی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آور کے سہولت کار کا پتہ لگا رہے ہیں اور ایک مہینے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ رہے ہیں۔

    معظم جاہ انصاری نے بتایا کہ دھماکے میں 10سے12کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تاہم جلد جے آئی ٹی میں سب کچھ واضح ہوجائے گا اور دھماکے میں ملوث تمام کرداروں کاتعین کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس لائن میں ہر روز کئی سو افراد کی آمدورفت ہوتی ہے، یہاں ڈی آئی جی سطح کے افسران موجود ہوتے تھے، جس جگہ لیپس ہوا ہے اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہوچکا ہے، چیف سیکریٹری نے ریسکیو کے عمل کو ساری رات سپروائز کیا ہے، اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں گے۔

    معظم جاہ انصاری نے خدشہ ظاہر کیا کہ پشاور دھماکے میں جماعت الاحرار کچھ لوگ ملوث ہوسکتے ہیں تاہم تحقیقات جاری ہیں، موجودہ واقعے میں ملوث لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

  • پشاور دھماکے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد کیسے پولیس لائن منتقل کیا گیا؟ اہم انکشاف

    پشاور : خیبر پختونخواہ کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد ایک گاڑی کے ذریعے پولیس لائن منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی تحقیقات جاری ہے۔

    پولیس نے بتایا ہے کہ تحقیقاتی ٹیموں نے پولیس لائن گیٹ اور خیبر روڈ کی فوٹیجز کامعائنہ کرلیا، فوٹیج میں موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔

    پولیس حکام نے انکشاف کیا کہ بارودی مواد مبینہ طور پر گاڑی کے ذریعے پولیس لائن منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ روز پولیس لائن میں 140 افراد پولیس لائن میں داخل ہوئے جبکہ تفتیشی ٹیم پولیس بیرکوں میں موجود لوگوں کی پروفائلنگ کر رہی ہے۔

    یاد رہے پشاور کی مسجد میں ہونے والے ہولناک دھماکے میں اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 92 ہوگئی۔

    سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ دھماکہ پیر کی دوپہر 1 بج کر 40 منٹ پر اس وقت ہوا جب ظہر کی نماز ادا کی جا رہی تھی جس کے نتیجے میں مسجد کی چھت گر گئی۔

  • خودکش بمبار کہاں سے آیا؟ پشاور دھماکے کی ابتدائی تحریری رپورٹ تیار

    پشاور : مسجد میں دھماکے کی ابتدائی تحریری رپورٹ تیار کرلی گئی ، جس میں بتایا گیا کہ خودکش دھماکا مسجد کے مین ہال میں ہوا اور دھماکے سے مسجد ہال کی چھت گر گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور دھماکے کی ابتدائی تحریری رپورٹ مرتب کرلی گئی، جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز1 بجکر15 منٹ پر پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکا ہوا۔

    ابتدائی تحریری رپورٹ میں کہا گیا کہ دھماکہ نماز ظہر کے وقت مسجد کے مین ہال میں ہوا، جس سے مسجد کی چھت منہدم ہوگئی

    رپورٹ میں بتایا ہے کہ مسجد کے ہال میں 300 سے 350 افراد کی گنجائش ہے جبکہ پولیس لائنز میں پشاور پولیس ہیڈ کوارٹر، ایف آر پی،ایلیٹ فورس ، سی ٹی ڈی اور دیگر محکمے ہیں۔

    پاک آرمی اور ریسکیو1122 کی مدد سے آپریشن اور مختلف ٹیموں کی انویسٹی گیشن تاحال جاری ہے۔

    گذشتہ روز پولیس لائنزدھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی تھی ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسجد میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا، جائے وقوعہ سےخود کش حملے کےشواہد ملےہیں۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق پولیس لائنز گیٹ، فیملی کوارٹرزسائیڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز پر تحقیقات جاری ہے۔

    ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مسجد کے پلرگرنےسے چھت بیٹھی،جس کے باعث زیادہ جانی نقصان ہوا،واقعہ میں غفلت کا پہلو بھی پایا گیا ہے تاہم سیکیورٹی لیپس سےمتعلق اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

  • کالعدم ٹی ٹی پی نے پشاور دھماکے کی ذمے داری قبول کرلی

    پشاور : کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پشاور پولیس لائن کی مسجد پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں 83 افراد شہید اور 170 زخمی ہوئے۔

    کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے پشاور دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

    گذشتہ روز پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے نے پورے ملک کو ہلا کررکھ دیا ہے۔

    دھماکا نماز ظہر کے دوران ہوا، خودکش حملہ آور پہلی صف میں موجود تھا اور نماز کی تکبیرہوتےہی خود کو دھماکےسےاڑالیا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ مسجد کاایک حصہ شہید ہوگیا اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    دھماکے کے وقت مسجد میں تین سو سے چارسو افراد موجودتھے، جن میں زیادہ ترپولیس اہلکارہیں۔

    دوسری جانب ملبے تلے دبے مزید افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ، ریسکیوحکام نے بتایا ہے کہ دھماکے میں شہید ڈی ایس پی عرب نواز کا جسدخاکی بھی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • پشاور دھماکے میں ملوث 3 دہشت گردوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

    پشاور دھماکے میں ملوث 3 دہشت گردوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

    پشاور : سی ٹی ڈی نے پشاور دھماکے میں ملوث 3 دہشت گردوں کی تفصیلات جاری کردیں ، غازی عثمان کوچہ رسالدار دھماکے میں براہ راست ملوث رہا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور دھماکے میں ملوث 3 دہشت گردوں کی تفصیلات سامنے آگئیں، سی ٹی ڈی کی جانب کہا گیا ہے کہ دھماکے میں دہشت گرد عبدالواجد عرف غازی عثمان ملوث تھا، عبدالواجد اور ستنام سنگھ اے ایس آئی امتیازعالم پرحملوں میں ملوث تھا۔

    سی ٹی ڈی نے بتایا کہ غازی عثمان کوچہ رسالدار دھماکے میں براہ راست ملوث رہا اور دہشت گرد مظفر شاہ عرف خالد دھماکے سمیت ٹارگٹ کلنگ کا ماسٹر تھا۔

    حکام کے مطابق نیٹ ورک میں شامل تیسرے دہشت گرد کی بھی شناخت ہوگئی ، تیسرادہشت گردگزشتہ شب آپریشن سائلنس میں مار دیا گیا ، تینوں دہشت گرد پشاور دھماکے سمیت دہشت گردی میں ملوث تھے۔

    یاد رہے پشاور دھماکے میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورک کے ایک سہولت کار اور خودکش حملہ آورکی شناخت ہوئی تھی ، خودکش بمبار کی عرفیت عبداللہ تھی جو نام بدلتا رہتا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے پشاور دھماکے کے ایک سہولت کار کا ڈیٹا اور تصویر بھی حاصل کرلی ہے ، مبینہ ملزم حسن شاہ کا تعلق جمرودضلع خیبرسے ہے۔

    سی ٹی ڈی کی 4ٹیموں کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کےلیےمختلف اضلاع میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    واضح رہے پشاور کے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا ، جس میں 64 نمازی جاں بحق اور200 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔