Tag: پشاور کی خبریں

  • باچا خان ایئر پورٹ پشاور پر خاتون نے ایمان داری کی مثال قایم کر دی

    باچا خان ایئر پورٹ پشاور پر خاتون نے ایمان داری کی مثال قایم کر دی

    پشاور: باچا خان ایئر پورٹ پشاور پر خاتون نے ایمان داری کی مثال قایم کر دی، لاؤنج میں پڑا پیسوں سے بھرا بیگ ایئر پورٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ابوظبی جانے والا مسافر ایک لاکھ روپے اور دیگر دستاویز بھول کر چلا گیا تھا، تاہم ایک خاتون نے لاؤنج میں پڑا ہوا بیگ اٹھا کر ایئر پورٹ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔

    خاتون نے لاوارث بیگ ملا تو کھول کر دیکھا، اس میں ایک لاکھ کیش اور دیگر ضروری دستاویز موجود تھے، خاتون نے فوراً انتظامیہ سے رابطہ کر لیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی ایف او عدنان نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسافر کو تلاش کیا، مسافر نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 630 کے ذریعے ابوظبی روانہ ہوا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ: صدر مملکت عارف علوی نے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کردیا

    سی اے اے کے عملے کے مطابق مسافر محمد زبیر ڈسٹرکٹ مردان کا رہایشی ہے، جو بیگ لاؤنج میں بھول گیا تھا، بعد ازاں سی اے اے کے عملے نے مسافر کے رشتہ دار کو بلا کر شناخت کرنے کے بعد مسافر کے اہم دستاویز اور ایک لاکھ روپے کی رقم حوالے کردی۔

    واضح رہے آج اسلام آباد ایئرپورٹ پر صدر مملکت عارف علوی نے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کرتے ہوئے کراچی تک کا سفر اپنے تین فیملی ممبرز کے ساتھ اکانومی کلاس میں کیا، انھوں نے ایئر پورٹ پر اضافی سامان کی مد میں پی آئی اے کو 11600 روپے اضافی چارجز بھی ادا کیے۔

  • کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، پشاور ہائی کورٹ نے 2 ججز بر طرف کر دیے

    کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، پشاور ہائی کورٹ نے 2 ججز بر طرف کر دیے

    پشاور: ہائی کورٹ نے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر دو ججز کو برطرف کر دیا ہے، برطرف ہونے والے ججز میں سول اور ایڈیشنل سیشن جج شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر پشاور ہائی کورٹ نے 2 ججز برطرف کر دیے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طیب علی سِول جج جب کہ ناصر کمال ایڈیشنل سیشن جج تھے جنھیں برطرف کیا گیا۔

    پشاور ہائی کورٹ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برطرف کیے جانے والے ججز کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث تھے۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ججز کو انکوائری کمیٹی کی سفارش کی روشنی میں برطرف کیا گیا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ججز کے خلاف ہائی کورٹ کو شکایات موصول ہونے پر انکوائری کی گئی، انکوائری کمیٹی نے تمام ثبوتوں اور مؤقف جاننے کے بعد بر طرفی کی سفارش کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بچوں کے بھاری اسکول بیگ سے متعلق قانون سازی کی جائے، پشاور ہائی کورٹ کا حکم

    یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ ماضی میں کچھ اہم فیصلے کر چکی ہے، جن میں اپریل میں اسکول کے بچوں کے بھاری بستوں کے سلسلے میں بھی ایک حکم شامل ہے۔

    عدالت نے کے پی حکومت کو بچوں کے بھاری بستوں سے متعلق قانون سازی کا حکم دیتے ہوئے چار ماہ کی مہلت دی تھی، عدالت کا کہنا تھا کہ بھاری بستوں سے بچوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔

    چند ماہ قبل پشاور ہائی کورٹ نے تمام ججز اور عدالتی عملے کو گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی تھی، یہ ہدایت جسٹس محمد ایوب خان پر قاتلانہ حملے کے بعد جاری کی گئی تھی۔

  • پشاور: 69 نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی

    پشاور: 69 نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دار الحکومت پشاور میں کم وزن روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن عروج پر ہے، پچاس سے زاید نان بائیوں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کے ترجمان نے کہا ہے کہ آج کم وزن کی روٹی فروخت کرنے والے 69 نان بائی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے نان بائیوں کو 15 دن کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈی سی کے احکامات ہیں جو نان بائی 190 گرام سے کم روٹی فروخت کرے گا وہ جیل جائے گا۔

    یاد رہے دو دن قبل پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کم وزن کی روٹی فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مختلف علاقوں سے 22 نان بائی گرفتار کر لیے تھے۔

    ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پشاور میں 190 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کی گئی ہے، نان بائیوں کو اس کی تعمیل کرنی ہوگی ورنہ جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  تذکرہ پشاور کے قہوہ خانوں کا

    واضح رہے کہ جمعے کے دن ضلعی انتظامیہ اور نانبائی ایسوسی ایشن میں کام یاب مذاکرات کے بعد پشاور شہر میں نان بائیوں نے ہڑتال ختم کر دی تھی اور تمام تندور کھل گئے تھے۔

    اس موقع پر صدر نان بائی ایسوسی ایشن اقبال یوسف زئی نے کہا کہ تندوری پراٹھے کی قیمت 20 روپے مقرر کی گئی ہے، 190 گرام روٹی کی قیمت 15 روپے مقرر کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

    دوسری طرف ضلعی انتظامیہ نے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ اب روٹی کا وزن کم کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    پشاور کے نان بائیوں کا مطالبہ تھا کہ آٹے کی فی بوری 600 روپے اضافے کے ساتھ فروخت ہو رہی ہے جو انھیں بہت مہنگی پڑ رہی ہے جب کہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی ہوش ربا اضافہ ہو چکا ہے اس لیے حکومت روٹی کی نئی قیمت مقرر کرے۔

  • اسلامیات میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس، پشاور عدالت کا تصحیح کا حکم

    اسلامیات میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس، پشاور عدالت کا تصحیح کا حکم

    پشاور: ہائی کورٹ نے تعلیمی نصاب کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لوٹ کا مال لکھنے سے متعلق کیس کی سماعت کی، عدالت نے قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج پشاور ہائی کورٹ میں اسلامیات کی کتابوں میں قرآنی آیات کے غلط ترجمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جج نے کہا کہ قرآنی آیات کا ترجمہ فوری طور پر درست کیا جائے۔

    عدالی حکم پر صوبائی سیکریٹری تعلیم عدالت کے رو بہ رو پیش ہوئے، جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ نئی نسل کو تباہ کر رہے ہیں۔

    جسٹس قیصر رشید نے سیکریٹری تعلیم سے استفسار کیا کہ نئی نسل کے ذہنوں کو آپ آلودہ کر رہے ہیں، آپ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟ کیوں نہ عدالت اس جرم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

    دریں اثنا، عدالت نے طلبہ کے پاس پہلے سے موجود اسلامیات کی کتابیں واپس لینے کا حکم بھی دے دیا، عدالت نے معاملے پر 10 جولائی کو وفاقی سیکریٹری تعلیم کو بھی طلب کر لیا۔

    قبل ازیں، درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ خیبر پختون خوا حکومت نے چوتھی اور نویں جماعت کی اسلامیات کی کتابوں میں مال غنیمت کو لوٹ مار لکھا ہے، نصاب سے لوٹ مار کا لفظ نکالا جائے۔

    جسٹس قیصر رشید کا کہنا تھا کہ کہ آپ لوگ خود کو مسلمان کہتے ہیں اور نصاب میں الفاظ کا خیال تک نہیں رکھتے۔

  • گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    گورنر خیبر پختونخوا بھی روایتی کھیل انڈے لڑانے کے شوقین نکلے

    پشاور: خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور میں عید پر انڈے لڑانا بھی ایک شوق اور تفریح کا ذریعہ بن چکا ہے جس میں بچے اور بڑے سب ہی حصہ لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرخیبر پختون خوا شاہ فرمان بھی پشتونوں کے روایتی کھیل عید پر انڈے لڑانے کے شوقین نکل آئے ہیں۔

    شاہ فرمان اپنے شکار کے شوق کی وجہ سے کافی مشہور ہیں اور ان کے قریبی دوست انھیں ایک اچھا شکاری سمجھتے ہیں، اس عید پر وہ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    تاہم گورنر کے پی انڈے لڑانے کے کھیل میں شکار میں مہارت کی طرح مہارت کا مظاہرہ نہ کر سکے، انھوں نے ایک اناڑی کی طرح ایک بچے سے پانچ انڈے ہار دیے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گورنر شاہ فرمان اپنے آبائی علاقے بڈھ بیر پشاور میں عید کے دوسرے روز سڑک کے کنارے ایک بچے کے ساتھ انڈے لڑاتے نظر آئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    دل چسپ بات یہ ہے کہ ’ہوم گراؤنڈ‘ اور ’ہوم کراؤڈ‘ کے باوجود گورنر کے پی بچے سے پانچ انڈے ہار گئے۔

    گورنر کے پی انڈے لڑانے سے قبل ایک ایک انڈے کی سختی جانچنے کے لیے اسے اپنے دانتوں کے ساتھ ٹکراتے بھی رہے لیکن وہ ایک بھی انڈا نہ جیت سکے۔

    واضح رہے کہ انڈا لڑانے کے کھیل میں ابلے انڈوں کے سرے ایک دوسرے سے ٹکرائے جاتے ہیں، جس کا انڈا ٹوٹ جاتا ہے وہ انڈا ہار جاتا ہے، جب کہ انڈے کے سرے کی سختی جانچنے کے لیے اسے دانتوں پر ہلکا مار کر دیکھا جاتا ہے، لیکن کھیل کا ماہر نہ ہو تو انڈے کی سختی جانچنے میں غلطی ہو سکتی ہے۔

    انڈے لڑانے کے کھیل کا شمار بلوچستان کے قدیم کھیلوں میں بھی ہوتا ہے، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں عید کے مواقع پر جو میلے لگتے ہیں ان میں انڈے لڑائے جاتے ہیں، یہ کھیل خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں اور حتیٰ کہ کراچی کی پختون اور بلوچ آبادیوں میں بھی عید پر کھیلا جاتا ہے۔

  • پی ٹی ایم کے چند لوگ غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں: آرمی چیف

    پی ٹی ایم کے چند لوگ غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں: آرمی چیف

    پشاور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کا دورہ کیا، پاک فوج کے سربراہ نے پشاور کور کے آڈیٹوریم میں جامعات کے طلبہ سے بات چیت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انھوں نے پشاور کور کے آڈیٹوریم میں طلبہ سے بات چیت کی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ پی ٹی ایم بذات خود مسئلہ نہیں ہے، پی ٹی ایم کے چند لوگ غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔

    سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ بیرونی مدد لینے والے چند لوگ مقامی آبادی کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کام یابیاں حاصل کیں، اب وقت ہے کہ اس کے ثمرات سماجی و اقتصادی ترقی کے ذریعے منتقل کیے جائیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  آرمی چیف کا فرنٹیئر فورس رجمنٹل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ

    آرمی چیف نے مزید کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی میں تعلیم کا اہم کردار ہے، نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور پاکستان نوجوانوں کا ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فرنٹیئر فورس رجمنٹل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا تھا، انھوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے، اور لیفٹیننٹ جنرل عامر عباسی کو کرنل کمانڈنٹ کے بیچ لگائے۔

  • پشاور: انسداد پولیو مہم کو بد نام کرنے کی سازش بے نقاب، ویڈیو وائرل

    پشاور: انسداد پولیو مہم کو بد نام کرنے کی سازش بے نقاب، ویڈیو وائرل

    پشاور: انسداد پولیو مہم کو بد نام کرنے کی سازش بے نقاب ہو گئی، ویکسین کو ناقص ثابت کرنے کے لیے بچوں کو استعمال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا میں پولیو مہم کو ناکام بنانے کے لیے گھڑی گئی سازش بے نقاب ہو گئی، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے ڈراما طشت از بام کر دیا۔

    ویکسین کو ناقص ثابت کرانے کے لیے بچوں کو استعمال کیا گیا، ایک شخص بچوں کو پولیو قطرے پینے کے بعد اسپتال میں بے ہوشی کی ایکٹنگ کرا رہا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص بچوں کو زبردستی اسٹریچر پر لٹا کر بے ہوشی کا ڈراما کراتا رہا، جب کہ ویڈیو میں بچے تندرست دکھائی دے رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  عوام جعلی پروپیگنڈے اور افواہوں پر کان نہ دھریں: وزیرصحت کے پی

    خیال رہے کہ انسداد پولیو مہم سے متعلق خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے خیبر پختون خوا کے وزیر صحت پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یہ پروپیگنڈا ہے، اس طرح کی افواہوں پر کان نہ دھرے جائیں۔

    وزیر صحت ہشام خان نے بتایا تھا کہ تمام بچے صحت مند ہیں، وہ خود متاثرہ بچوں سے اسپتال میں ملے اور ان کے والدین اور ڈاکٹرز سے بھی ملاقات کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  شوکت یوسفزئی نے پولیو ویکسین کے خلاف تمام افواہوں کو سازش قرار دے دیا

    خیال رہے کہ پولیو ڈراپس کے ری ایکشن کا ڈراما سامنے آنے کے بعد مساجد میں اعلانات کیے گئے تھے کہ جن بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں وہ اسپتال پہنچ جائیں۔

    وزیر اطلاعات کے پی شوکت یوسف زئی نے بھی پولیو ویکسین کے حوالے سے جنم لینے والی تمام خبروں‌ کی تردید کرتے ہوئے انھیں‌ افواہ اور حکومت کے خلاف سازش ٹھہرایا تھا۔

  • حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    حیات آباد آپریشن: لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا

    پشاور: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک ظفر حیات آباد آپریشن کے دوران زخمی ہوئے تھے، ان کی نماز جنازہ پشاور چھاؤنی میں ادا کی گئی۔

    لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور اور بڑی تعداد میں فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔

    پاک فوج کے محکمہ اطلاعات کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسد خاکی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے آبائی علاقے خوشاب روانہ کر دیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پولیس اہلکارشہید، 5 دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ پندرہ اپریل کو فوج اور خیبر پختون خواہ پولیس نے پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن رات گئے شروع ہوا اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ اے ایس آئی قمر عالم شہید ہو گئے، ایک افسراور جوان بھی زخمی ہوئے۔

  • بی آر ٹی منصوبہ: پشاور ہائی کورٹ نے منصوبہ بندی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کر دیا

    بی آر ٹی منصوبہ: پشاور ہائی کورٹ نے منصوبہ بندی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کر دیا

    پشاور: بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کے سلسلے میں تاخیر پر پشاور ہائی کورٹ نے پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے سوال کر لیا، جسٹس قیصر رشید نے استفسار کیا کہ منصوبے میں اتنی تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قیصر رشید نے پی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل سے پوچھا کہ بی آر ٹی مسئلہ کب حل ہو رہا ہے؟

    کیس کے سلسلے میں عدالت کے سامنے ڈی جی پی ڈی اے، سی ای او ڈبلیو ایس ایس پی، اور چیف انجینئر پی ڈی اے پیش ہوئے۔

    پشاور ہائی کورٹ نے تینوں اعلیٰ حکام کو شہر کا دورہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بارش میں شہر کا دورہ کریں، آپ کو عوامی مسائل کا اندازہ ہوگا، جہاں نکاس آب کا مسئلہ ہے اس کو حل کریں۔

    جسٹس قیصر رشید نے پوچھا ڈی جی پی ڈی اے بتائیں بی آر ٹی مسئلہ کب حل ہو رہا ہے؟ اس منصوبے کی تکمیل میں اتنی تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ ڈی جی پی ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ انھوں نے بس 3 دن قبل ہی عہدے کا چارج سنبھالا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بی آر ٹی منصوبہ، پیپلزپارٹی نے پرویزخٹک کیخلاف نیب میں درخواست جمع کرا دی

    جسٹس قیصر نے استفسار کیا کہ بارش کا پانی سیلاب کی طرح بہتا ہے، کیا بی آر ٹی کا نتیجہ عوام کو ملے گا؟ چیف انجینئر نے جواب دیا کہ وہ ابھی نکاسی آب کے لیے نالے بنا رہے ہیں، اس سے مسئلہ حل ہو جائے گا۔

    جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ چیف انجینئر صاحب آپ کو پہلے پتا نہیں تھا نکاسی آب کا؟ کیا اب دوبارہ سڑکیں کھو دیں گے، افسوس کہ آپ لوگوں نے پہلے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی۔

    دریں اثنا عدالت نے متعلقہ حکام کو ڈیڑھ ماہ میں نکاسی آب کا مسئلہ حل کرنے کا حکم جاری کیا، بعد ازاں کیس کی سماعت 12 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

  • پشاور: دہشت گردوں کے مکان سے متعلق تفتیش میں پیش رفت، این او سی لینے والا گرفتار

    پشاور: دہشت گردوں کے مکان سے متعلق تفتیش میں پیش رفت، این او سی لینے والا گرفتار

    پشاور: حیات آباد میں دہشت گردوں نے جس مکان میں پناہ لی ہوئی تھی، اس سے متعلق تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، مکان کا این او سی لینے والا گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور حیات آباد میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ مکان کی تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، مکان کا این او سی لینے والے خیبر کے رہائشی جاوید کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ذرائع سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ مذکورہ مکان سوات سے تعلق رکھنے والے عبد الناصر کی ملکیت ہے، نا معلوم افراد 3 ہفتے پہلے اس مکان میں منتقل ہوئے تھے۔

    سی ٹی ڈی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ فارمیسی کا کاروبار کرنے والے کرایہ دار جاوید سے تفتیش کی جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، پولیس اہل کارشہید، 5 دہشت گرد ہلاک

    خیال رہے کہ گزشتہ رات پشاور کے علاقے حیات آباد فیز 7 میں دہشت گردوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے چھاپا مارا، دہشت گردوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس سے اے ٹی ایس کمانڈو قمر عالم شہید ہو گئے۔

    پولیس اہل کاروں نے بہترین حکمت عملی اپنا کر دہشت گردوں کو عمارت کے ایک ہی حصے میں محصور کر کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کو کلیئر کرنے کے بعد فیصلہ کن آپریشن کرتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

    مکان سے نکالی ہوئی دہشت گردوں کی لاشیں تا حال شناخت نہیں کی جا سکی ہیں، تاہم لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔