Tag: پشاور ہائیکورٹ

  • پشاور ہائیکورٹ  نے  قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نئے اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روک دی

    پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نئے اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روک دی

    پشاور : ہائیکورٹ کا عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نئے اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روک دی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے عمر ایوب خان اور شبلی فراز کی نااہلی کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

    جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔

    درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے مؤقف اپنایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ نے ان کے مؤکلوں کی نشستیں خالی قرار دی ہیں، حالانکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کسی رکنِ اسمبلی کو نااہل قرار دینے کا اختیار نہیں رکھتا۔

    بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ 5 اگست کو الیکشن کمیشن نے نااہلی کا فیصلہ سنایا جبکہ 31 جولائی کو انسداد دہشت گردی عدالت نے دونوں رہنماؤں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر ایک آئینی عہدہ ہے جو اسمبلی رول 39 کے تحت منتخب ہوتا ہے، اور جب کوئی شخص رکن اسمبلی بن جائے تو الیکشن کمیشن کا اختیار ختم ہو جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے این اے-ون چترال کے عبدالطیف کو بھی نااہل کیا اور اظہر صدیق کیس کا غلط حوالہ دے کر موجودہ فیصلہ سنایا۔ "ہمیں عمر ایوب پر فخر ہے، اسے تین کروڑ عوام نے ووٹ دیا” انہوں نے کہا، اور الزام لگایا کہ حکومت کسی اور جماعت کا اپوزیشن لیڈر لانا چاہتی ہے۔

    عدالت نے مزید کارروائی روکنے کی ہدایت دیتے ہوئے کل تک کے لیے حکم امتناع جاری کر دیا۔

    عدالت نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نئے اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روک دی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 اگست تک جواب طلب کر لیا۔

  • پی ٹی آئی  رہنما خدیجہ شاہ کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

    پشاور : پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے 19 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما خدیجہ شاہ کی مقدمات تفصیلات کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی۔

    رہنما پی ٹی آئی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر جسٹس سید ارشد علی نے سماعت کی۔

    عدالت نے خدیجہ شاہ کو پشاور ہائی کورٹ نے 19 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی ہے اور پولیس کو ان کے خلاف درج مقدمات میں گرفتاری سے روک دیا ہے۔

    دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ "یہ کوئی سیاسی ورکر ہیں؟ ان کے خلاف ایف آئی آر کیوں درج کی گئی؟”

    درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ خدیجہ شاہ ایک سیاسی کارکن ہیں اور جیل میں قید خواتین کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عدالت سے پہلے بھی حفاظتی ضمانت لی گئی تھی، اور وہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

    تاہم ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ نے کہا کہ خدیجہ شاہ نے گزشتہ بار حفاظتی ضمانت حاصل کی لیکن بعد ازاں عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔

    عدالت نے آئندہ کے لیے ہدایت دی کہ جو بھی درخواست دائر کی جائے، اس کے ساتھ متعلقہ عدالتی احکامات کی کاپی بھی منسلک کی جائے۔

  • مخصوص نشستوں کی تقسیم، عدالت نے الیکشن کمیشن کے اعلامیے کالعدم کر دیے

    مخصوص نشستوں کی تقسیم، عدالت نے الیکشن کمیشن کے اعلامیے کالعدم کر دیے

    پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے خواتین اور اقلیت سے متعلق اعلامیے کالعدم کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی جانب سے مخصوص نشستوں کی تقسیم کار کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

    دو صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے خواتین اور اقلیت سے متعلق دونوں اعلامیے کالعدم قرار دیے جاتے ہیں، الیکشن کمیشن کا 26 مارچ 2024 کا نوٹیفیکشن کلعدم قرار دیا جاتا ہے، جب کہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے 4 مارچ 2024 کے نوٹیفکیشن میں ترمیم کریں۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن 10 دن کے اندر تمام امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو سنے، اور فیصلے تک فریق 4 اور 5 سے حلف نہ لیا جائے۔

    عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اقلیت کی نشست پر جے یو آئی کے گورپال سنگھ کی نوٹیفکیشن کو کلعدم قرار دیا جاتا ہے، اور جے یو آئی کی خواتین کی مخصوص نشست پر ممبر ناہیدہ نور اور عفیفہ بی بی سے حلف نہ لیا جائے۔

    دوسری طرف پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی جانب سے دائر کردہ مقدمات کی تفصیل جاننے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے صنم جاوید کو 7 دن کی حفاظتی ضمانت دے دی۔

    عدالت نے صنم جاوید کو درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے، وکیل عالم خان ادینزئی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف کچھ مقدمات کا علم نہیں ہیں، درخواست گزار کو حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ وہ متعلقہ ہائیکورٹ سے رجوع کر سکیں۔

    جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہمارے سامنے کوئی ایف آئی آر نہیں ہے، ہم کیسے حفاظتی ضمانت دے دیں، اس لیے 7 دن کی حفاظتی ضمانت دیتے ہیں درخواست گزار متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔

    وکیل نے کہا خاتون ہے جیل بھی کاٹی ہے، گزشتہ روز جیل سے نکلی ہے، 14 دن کی حفاظتی ضمانت دی جائے، جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کہا پہلے بھی بہت سے کیسز میں حفاظتی ضمانت دی ہے، اس کیس میں ہمارے سامنے کوئی ایف آئی آر نہیں ہے، آپ ایف آئی آر لے آئیں ہم حفاظتی ضمانت زیادہ دن کر دیں گے۔

  • اسپیکر صوبائی اسمبلی مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف نہ لیں، پشاور ہائیکورٹ کا حکم

    اسپیکر صوبائی اسمبلی مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف نہ لیں، پشاور ہائیکورٹ کا حکم

    پشاور: ہائیکورٹ کے بنچ نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو حکم دیا ہے کہ جو مخصوص نشستیں ہیں ان پر منتخب ممبران سے حلف نہ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کی درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست پر سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔

    عدالت نے صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کی حلف برداری روک دی، اور کہا آئندہ سماعت تک ممبران سے حلف نہ لیا جائے، عدالت نے الیکشن کمیشن کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔

    وکیل درخواست گزار سلطان محمد خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی کیلکولیشن ٹھیک طریقے سے نہیں کی، جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے مخصوص نشستوں کے لیے فہرست جمع کرائی ہے؟ وکیل نے جواب دیا کہ جی ہم نے جمع کی ہے، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کی صوبائی اسمبلی میں 2 مخصوص نشستیں ہیں، الیکشن کمیشن نے ایک خواتین کی مخصوص نشست دی ہے۔


    مخصوص نشستوں کا کیس، درخواست وصول کرنے سے انکار کے بعد پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کو خط


    جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ یہاں تو پی ٹی آئی کی حکومت ہے، ان کو یہاں بھی سیٹیں نہیں ملیں، وکیل درخواست گزار نے کہا پی ٹی آئی نے الیکشن نہیں لڑا، یہاں ان کے آزاد امیدوار تھے، جب کہ پی ٹی آئی پی کو دو اور خواتین کی مخصوص نشستیں ملنی چاہیئں۔

    سلطان محمد خان نے اپنے مؤقف میں کہا اقلیتوں کی ایک نشست بھی پی ٹی آئی پی کا حق ہے، اس لیے استدعا ہے کہ مخصوص نشستوں پر خواتین سے حلف نہ لیا جائے۔ کیس کی ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے مخصوص نشستوں پر ممبران سے حلف برداری روک دی، اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔

  • پہاڑی علاقوں سے برف لے جانے پر پابندی عائد

    پہاڑی علاقوں سے برف لے جانے پر پابندی عائد

    پشاور : پہاڑی علاقوں سےبرف لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی، عدالت نے کہا برف ترسیل سے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات رونما ہو رہے ہیں

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے گلیشئر کے کمرشل استعمال کیخلاف سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

    عدالت نے نےپہاڑی علاقوں سے برف لے جانے پر پابندی عائدکردی اور کہا ڈپٹی کمشنردیر،سوات،بونیراورمانسہرہ پہاڑی علاقوں سےبرف کی ترسیل روکیں۔

    تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نےجورپورٹ جمع کی اطمینان بخش نہیں ، این ایچ اے افسر نے پہاڑی علاقوں سے برف ترسیل کی تصدیق کردی۔

    عدالت نے مزید کہا کہ پہاڑی علاقوں سے برف ترسیل سے ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات رونما ہو رہے ہیں، ای پی اےپہاڑی علاقوں سےبرف ترسیل سےمتعلق رپورٹ آئندہ سماعت تک جمع کرائے، سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کی جاتی ہے۔

  • سونا نکالنے کے لیے مرکری کے استعمال سے کوہاٹ میں پانی زہر آلود ہونے لگا

    سونا نکالنے کے لیے مرکری کے استعمال سے کوہاٹ میں پانی زہر آلود ہونے لگا

    پشاور: سونا نکالنے کے لیے مرکری کے استعمال سے خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں پانی زہر آلود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سونے کی کان کنی میں مرکری کے استعمال کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سونا نکالنے کے لیے مرکری کو جلایا جاتا ہے، لیکن مرکری کے استعمال سے کوہاٹ میں پانی زہر آلود ہوتا جا رہا ہے۔

    درخواست گزارکا مؤقف تھا کہ مرکری کے استعمال پر دنیا بھر میں پابندی عائد ہے، اس لیے عدالت سونے کی کان کنی کے دوران مرکری کے استعمال پر یہاں بھی پابندی عائد کرے۔

    کیس کی سماعت کے بعد پشاور ہائیکورٹ نے کان کنی میں مرکری کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے دیا، اور محکمہ معدنیات کے حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار پر مشتمل بینچ نے کی۔

    پاکستان میں آج سونے کی قیمت

    ادھر آج پنجاب کے سابق نگراں وزیر معدنیات ابراہیم حسن مراد نے دعویٰ کیا ہے کہ اٹک میں 28 لاکھ ٹن سونے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جس کی مالیت 8 سو ارب روپے ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ سونا اٹک میں 32 کلومیٹر کی پٹی پر دریافت ہوا ہے، یہ رقم ڈالروں میں 2 ارب 87 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔

    ابراہیم حسن مراد کے مطابق جیولوجیکل سروے آف پاکستان نے اس انکشاف کی تصدیق کی ہے، اُن کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں جیولوجیکل سروے نے 127 مقامات سے نمونے اکٹھے کیے تھے۔

  • افغان موسیقاروں کو زبردستی واپس بھیجنے کے فیصلے پر عدالتی حکم آگیا

    افغان موسیقاروں کو زبردستی واپس بھیجنے کے فیصلے پر عدالتی حکم آگیا

    پشاور ہائیکورٹ نے افغان موسیقاروں کو زبردستی افغانستان واپس بھیجنے سے روک دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افغان موسیقاروں کی پاکستان میں پناہ اور زبردستی ملک بدری کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے دو صفحات پر مشتمل مختصر فیصلہ جاری کردیا۔

    عدالت نے مختصر فیصلے میں کہا کہ وفاقی حکومت خود یا متعلقہ افسران افغان موسیقاروں کی پناہ کی درخواستوں پر دو ماہ میں فیصلہ کریں، دو ماہ تک انہیں زبردستی نہ بھیجا جائے۔

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ افغان موسیقار پناہ کے لیے یو این ایچ سی آر میں بھی اپلائی کرسکتے ہیں۔

    پشاور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ دو ماہ میں فیصلہ نہ ہونے کی صورت وزارت داخلہ درخواست افغان موسیقاروں کو مزید رہنے کی اجازت دیں۔

    عدالت نے کہا کہ وفاقی، صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موسیقاروں کوئی سخت ایکشن نہ لیں، موسیقاروں کی درخواستیں نمٹائی جاتی ہیں۔

  • پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی

    پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی

    پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

    تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار صوبے کا وزیر اعلیٰ ہے، وکیل کے مطابق وفاق اور پنجاب حکومت علی امین کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، یہ خدشات درست ہیں۔

    عدالتی حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے عدالت کے سامنے خود ک وسرنڈر کر لیا ہے، اس لیے درخواست کو جزوی طور پر منظور کیا جاتا ہے اور حفاظتی ضمانت دی جاتی ہے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار کو کوئی بھی پولیس یا ادارہ گرفتار نہ کرے، اور درخواست گزار 5 نومبر تک متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں۔

    علی امین گنڈ اپور معاملہ: بھائی نے کی گرفتاری کی تصدیق، سرکاری ذرائع کی تردید

    واضح رہے کہ آج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسین زیدی نے تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ متعدد مرتبہ عدالتی طلبی کے باوجود وزیر اعلیٰ کے پی پیش نہ ہوئے، ان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر عدالت پیش کیا جائے، عدالت نے گرفتاری کا حکم دینے کے بعد کیس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

    علی امین گنڈ اپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    ادھر اسلام آباد میں گنڈاپور کی گرفتاری کا ہنگامہ مچ گیا ہے، ان کے بھائی کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا بھی کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا ہاؤس سے حراست میں لے لیا گیا ہے، بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پولیس نے خیبر پختونخوا ہاؤس کو سیل کر دیا ہے، اور وزیر اعلیٰ سے رابطہ نہیں ہو رہا۔

    تاہم حکومتی ذرائع نے ان کی گرفتاری کی تردید کی، مگر اس سے قبل یہ بتایا گیا تھا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے خلاف ریاست پر حملہ آور ہونے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور سرکاری وسائل کے غلط استعمال پر کارروائی کی جا رہی ہے۔

  • گرفتاری کا  خدشہ،  علی امین گنڈاپور عدالت پہنچ گئے

    گرفتاری کا خدشہ، علی امین گنڈاپور عدالت پہنچ گئے

    پشاور : وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور گرفتاری کے خدشے کے پیش عدالت پہنچ گئے اور راہداری ضمانت کیلئے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور  نے پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کیلئے درخواست دائرکردی۔

    جس میں درخواست آج ہی سماعت کے لئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

    گذشتہ روز اسلام آباد کی مقامی عدالت نے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کی عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

    اسلام آباد کی عدالت نے وزیر اعلی کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے تحریری حکم نامے میں کہا تھا کہ راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے وزیراعلٰی خیبرپختونخوا کی آج عدالت پیشی کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آج بھی پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی گئی۔

    حکم نامے میں کہا گیا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ وزیراعلیٰ کے پی کا میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی لگایا گیا، ریکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ متعدد سماعتوں پر پیش نہیں ہوئے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود علی امین گنڈاپور 342 کا بیان ریکارڈ نہیں کروا رہے، ایس ایچ او تھانہ بارہ کہو وزیراعلیٰ کو گرفتار کر کے 5 ستمبر کو عدالت میں پیش کریں۔

  • عدالت نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی پر شوہر کو سزا سنا دی

    عدالت نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی پر شوہر کو سزا سنا دی

    پشاور: شوہر کو اجازت کے بغیر دوسری شادی مہنگی پڑ گئی، عدالت نے شہری کو جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے فیملی کورٹ نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے پر شہری سجاد خان کو 3 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    عدالت نے سجاد خان پر 5 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا، جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 15 روز قید کاٹنی ہوگی، یہ فیصلہ فیملی کورٹ کے جج غلام حامد نے سنایا۔

    عدالتی فیصلے کے بعد مجرم کو گرفتار کر کے سینٹرل جیل پشاور منتقل کر دیا گیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی مسلم فیملی لا آرڈیننس 1961 کے سیکشن 6(5) کی خلاف ورزی ہے۔

    بغیر اجازت دوسری شادی پر سجاد خان کی پہلی بیوی نے ان کے خلاف 2022 میں کیس دائر کیا تھا، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ شوہر نے مان لیا ہے کہ انھوں نے دوسری شادی کر لی ہے، اور پہلی بیوی سے اس کو چھپایا۔