Tag: پشت پناہ

  • دنیا بھر میں‌ دہشت گردی کا پشت پناہ ایران ہے، ٹرمپ

    دنیا بھر میں‌ دہشت گردی کا پشت پناہ ایران ہے، ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی انتہا پسند سرگرمیوں کے باعث خطے کو خطرات لاحق ہیں جس کا مقابلہ سعودیہ کے ساتھ ملکر کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار امریکی صدر نے منگل کے روز جاری بیان میں کیا جس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کئی برسوں سے یمن میں سعودی عرب کے خلاف جاری جنگ کا ذمہ دار ایران ہے جو لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ کا پست پناہ ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایرانی حکومت پڑوسی ملک عراق کی نوزائیدہ جمہوری حکومت کو بھی عدم استحکام میں مبتلا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ایران پوری طاقت کے ساتھ کھلے عام ’مرگ بر امریکا اور مرگ بر اسرائیل‘ کے شعار بلند کرتا ہے اور مشرق وسطیٰ میں کئی امریکی شہری اور دیگر بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث ہے۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے سعودی عرب کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کے بعد سعودی عرب تیل پیدا کرنے والا دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور سعودیہ نے تیل کی قیمت بھی مناسب رکھی ہوئی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں ایرانی سرگرمیوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ اتحاد کو قائم رکھتے ہوئے غیر متزلزل شراکت داری جاری رکھے گا۔

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو روز قبل جمال خاشقجی قتل کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی آئی اے کی رپورٹ قبل ازوقت ہے حتمی رپورٹ آنے تک کچھ نہیں کہہ سکتے مگر ایسا ہوسکتا ہے کہ قتل کا حکم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دیا ہو۔

  • اذان پر پابندی کی تجویز کا پشت پناہ اسرائیلی وزیراعظم کا بیٹا نکلا

    اذان پر پابندی کی تجویز کا پشت پناہ اسرائیلی وزیراعظم کا بیٹا نکلا

    یروشلم: اسرائیلی پارلیمنٹ میں اذان پر پابندی کی تجویز کے پیچھے اسرائیلی وزیراعظم کے بیٹے کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی پارلیمنٹ میں ایک تجویز پیش کی گئی جس میں مسلمانوں کی عبادت گاہ سے بلند ہوتی ہوئی آواز اذان کو خلل قرار دیتے ہوئے اذان پر پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا۔

    ایک اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ اذان پر پابندی کے قانون کے پیچھے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے بیٹے کا ہاتھ ہے، اسرائیلی وزیراعظم کا بیٹا قیساریا میں نتین یاہو خاندان کے گھر میں اپنے ایک دوست کے ہمراہ موجود تھا کہ اس دوران اس کے غیرملکی دوست کو اذان کی آواز سے الجھن محسوس ہوئی جس پر اس نے یہ فیصلہ کیا۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک اذان پر پابندی کی تجویز پیش کی ہے جب کہ پارلیمنٹ میں موجودہ صیہونی ارکان نے اس تجویز کو بل بعدازاں ایکٹ بنا کر نافذ کرنے حمایت کی ہے۔

    بیت المقدس کی سپریم اسلامک کمیٹی نے متعلقہ تجویز کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نازیبا عمل کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

    اسرائیلی پارلیمنٹ کے عرب رکن ڈاکٹر طیبی کا کہنا ہے کہ اگر اذان پر پابندی عائد کی گئی تو وہ پابندی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے کیوں کہ پابندی کا مقصد مسلمانوں کے حقوق سلب کرتے ہوئے انہیں امتیازی سلوک کا نشانہ بناناہے ۔

    پابندی کی تجویز کے خلاف اسرائیلی پارلیمنٹ کے مسلمان رکن ابوعرار نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں اذان دے کر اس پابندی کو مسترد کردیا، اذان کے وقت صیہونی ارکان نے شور مچایا لیکن ابو عرار نے اذان مکمل کرکے ہی دم لیا۔

    یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی پارلیمنٹ میں اذان، یہودی طیش میں‌ آگئے