Tag: پل

  • بھارت میں پل کا ایک حصہ دریا میں گر گیا، متعدد ہلاکتیں

    بھارت میں پل کا ایک حصہ دریا میں گر گیا، متعدد ہلاکتیں

    بھارتی ریاست گجرات میں گمبھیرا پل کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا، جس کے باعث 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گجرات میں گرنے والے پل پر موجود متعدد گاڑیاں دریا میں گر گئیں جبکہ مذکورہ مقام پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ضلعی آفیسر کا کہنا ہے کہ فی الحال لوگوں کو بچانے کے لئے آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، پانی میں پھنسے لوگوں کو فوری نکالنا ہماری ترجیح ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، لیکن فی الحال ہماری توجہ ریسکیو آپریشن پر مرکوز ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گمبھیرا پل جو 1981 میں تعمیر کیا گیا تھا اور 1985 میں اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا تھا، مذکورہ پل مبینہ طور پر برسوں سے خستہ حالت میں تھا۔ اس کے باوجود بھاری گاڑیاں پل کا استعمال کرتی رہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پل گرنے کے سبب ایک اہم ٹرانسپورٹ روٹ منقطع ہو گیا ہے، جس سے علاقائی رابطہ اور تجارت بری طرح متاثر ہوگی۔

    ٹیکساس کے سیلاب میں 111 افراد جان سے گئے، 161 لاپتہ

    واضح رہے کہ بھارت میں بڑے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے دوران اس طرح کے حادثات عام طور پر پیش آتے رہتے ہیں۔

    اس سے قبل بھی مغربی بھارت میں کم از کم 20 مزدور اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب معاشی حب ممبئی کے باہر زیر تعمیر ایکسپریس وے کے اوپر ایک کرین گر گئی تھی۔

  • کراچی میں بس پل کی دیوار سے ٹکرا گئی، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

    کراچی میں بس پل کی دیوار سے ٹکرا گئی، ایک شخص جاں بحق، متعدد زخمی

    شہر قائد میں شاہراہ فیصل پر بلوچ کالونی پل کی دیوار سے بس ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 1 شخص زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ 19 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بس میں ریسٹورنٹ کے ملازمین سوار تھے، بس شاہراہ فیصل پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر بلوچ کالونی پل کی دیوار سے ٹکرا گئی۔

    حادثے میں بس کا اگلا حصہ شدید متاثر ہوا، ڈرائیور بھی بس میں پھنس گیا جسے ریسکیو پولیس اور دیگر ریسکیو اداروں کے اہلکاروں نے شدید زخمی حالت میں نکالا۔

    بس حادثے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گیا جس کی شناخت الطاف کے نام سے ہوئی۔

    شہر میں زائد ہلاکتیں ہیٹ اسٹروک سے نہیں ہوئیں، کمشنر کراچی کا دعویٰ

    پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں کہ حادثہ ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا یا کسی اور وجہ سے اس حوالے سے جلد رپورٹ سامنے لائی جائے گی۔

  • بھارت کے سب سے بڑے پل کا ایک حصہ منہدم، متعدد مزدور دب گئے

    بھارت کے سب سے بڑے پل کا ایک حصہ منہدم، متعدد مزدور دب گئے

    بھارت میں بہار سپول میں بننے والے ملک کے سب سے بڑے باکور پل کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، واقعے میں متعدد مزدوروں کے پل کے نیچے دبنے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پل گرنے کے واقعے کے نتیجے میں ایک شحص اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا، جب دیگر کو نکالنے کے لئے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق دریائے کوسی پر بھارت مالا پروجیکٹ کی جانب سے اس پروجیکٹ پر کام چل رہا تھا۔ پھر اچانک ستون نمبر 153 اور 154 کے درمیان تیسرا حصہ کرین سے ڈھیلا ہو کرزمین بوس ہوگیا، اس واقعے میں پل پر کام کرنے والے بنگال کے متعدد مزدور دب گئے۔

    حادثے کے بعد پل پر کام کرنے والے اہلکار اور ملازمین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، حادثے کی زد میں آنے والے باقی افراد کو مقامی افراد نے اسپتال پہنچایا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ 35-40 افراد اس حادثے میں اپنی زندگی گنوا بیٹھے ہیں، مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، پل گرنے کے واقعہ سے مقامی لوگوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    ’’میں جلد باہر آؤں گا، اور وعدہ پورا کروں گا‘‘

    واضح رہے کہ اس پل میں کل 171 ستون بنائے جا رہے ہیں۔ جس میں 150 سے زائد ستون تعمیر ہوچکے ہیں، مدھوبنی اور سپول کے درمیان باکور پل تعمیر کیا جا رہا ہے، کہا جارہا ہے کہ یہ یہ ملک کا سب سے لمبا پل ہے۔

  • بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، 2 مزدور جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بھارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی جس سے 2 مزدور جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بارہ کہو بائی پاس منصوبے کے پلر کی شٹرنگ ٹوٹ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ شٹرنگ گرنے سے 5 مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے مزدوروں کو نکالنے کا کام شروع کیا جس کے بعد ایک مزدور کی ہلاکت کا علم ہوا جبکہ بقیہ مزدور زخمی حالت میں نکال لیے گئے۔

    بعد ازاں ایک اور مزدور اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، تینوں مزدوروں کو پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران ٹریلر نے 2 پِلرز کی شٹرنگ کو نقصان پہنچایا، ٹریلر کی پہلی ٹکر سے ایک پلر کی شٹرنگ نیچے گری جس کے بعد کئی مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے بھارہ کہو واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

  • بھارت میں پل گرنے کا ہولناک حادثہ: ننھے بچے نے اپنے خاندان کی جان کیسے بچائی؟

    بھارت میں پل گرنے کا ہولناک حادثہ: ننھے بچے نے اپنے خاندان کی جان کیسے بچائی؟

    نئی دہلی: بھارت میں پل گرنے کے حادثے میں 135 افراد کی ہلاکت کے بعد، ایک ایسا خوش نصیب خاندان بھی سامنے آیا ہے جو پل گرنے سے صرف 10 منٹ پہلے پل سے اتر گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں 140 سالہ پرانا پل گرنے کے واقعے میں 9 سالہ بچے کے رونے نے پورے خاندان کی جان بچالی۔

    30 اکتوبر کو بھارتی شہر موربی میں دریائے مچھو پر بنا 140 سال پرانا پل گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 135 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

    پل گرنے کے واقعے میں بچ جانے والا ایک خوش قسمت خاندان بھی سامنے آیا ہے جو بچے کے رونے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہونے سے بچ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے رہائشی ساگر مہتا نامی رہائشی نے بتایا کہ وہ اہلیہ، 2 بچوں اور رشتے داروں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے موربی پل گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پل کے ہلنے پر 9 سالہ بیٹا خوفزدہ ہو گیا تھا اور اس نے رونا شروع کردیا جس پر پورا خاندان پل سے اتر آیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پل سے اترنے کے 10 منٹ بعد ہی حادثہ پیش آیا جس سے ہمارے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔

    خیال رہے کہ 1880 میں دریا پر بنایا گیا پل سیر و تفریح کا مرکز تھا اور گزشتہ ہفتے ہی اسے مرمت کے بعد 26 اکتوبر کو عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پل پر 100 افراد کی گنجائش تھی تاہم جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت پل پر 400 افراد موجود تھے۔

    پولیس نے مرمت کرنے والی کمپنی کے مینیجر سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

    سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی، سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں کی تعمیر و بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلی ترجیح ملک کے تمام حصوں کا رابطہ بحال کرنا تھی۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی خرم آغا، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجرجنرل کمال اظفر اور ان کی ٹیمز لائقِ تحسین ہیں کہ قلیل مدت میں تمام بڑی شاہراہیں بشمول قراقرم ہائی وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔

    اس سے قبل انہوں نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی پر بھی ٹیم کو مبارکباد دی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقیناً ایک بہت بڑا چیلنج تھا، سیکریٹری پاور ڈویژن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ جنہوں نے دن رات محنت کر کے بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا۔

  • کنگ فہد پل پر سفر کرنے والوں کے لیے نئی تبدیلی

    کنگ فہد پل پر سفر کرنے والوں کے لیے نئی تبدیلی

    ریاض: سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل پر 4 کیٹگریز کے لیے دائیں جانب کے ٹریک مختص کیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق بحرین اور سعودی عرب کو سمندری راستے سے جوڑنے والے کنگ فہد پل کی انتظامیہ نے سعودی امیگریشن کاؤنٹر پہنچنے سے قبل 4 زمروں کے لیے دائیں جانب کے ٹریک مختص کیے ہیں۔

    کنگ فہد پل انتظامیہ نے منگل کو بیان میں کہا کہ جن چار زمروں کے لیے دائیں جانب کے ٹریک مختص کیے گئے ہیں ان کا تعلق بسوں، ویزوں کے اجرا، فنگر پرنٹس اور پہلی مرتبہ مملکت آنے والے خلیجی ممالک کے شہریوں سے ہے۔

    پل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چاروں زمروں کے لیے دائیں جانب کے ٹریک ٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب میں طویل ترین پل کی تعمیر مکمل

    سعودی عرب میں طویل ترین پل کی تعمیر مکمل

    ریاض: سعودی عرب میں طویل ترین سمندری پل کی تعمیر مکمل ہوگئی، پل کی تعمیر میں 30 بحری کرینوں کے علاوہ 180 سے زیادہ ہیوی مشینری سے کام لیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ریڈ سی کمپنی کا کہنا ہے کہ مملکت کا طویل ترین سمندری پل مکمل ہوگیا جو 3 کلومیٹر سے زیادہ طویل ہے۔

    یہ پل مملکت کے مغربی علاقے میں بحیرہ احمر کے ساحل کو شوری جزیرے سے جوڑتا ہے، پل ریڈ سی فرنٹ پروجیکٹ کے جزیروں میں سے ایک ہے۔

    پروجیکٹ پر کام کرنے والے ایک انجینیئر کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر کے ساحل سے جزیرہ شوری کو جوڑنے والے پل میں کنکریٹ کے آخری بلاک کی تنصیب کا کام مکمل ہوگیا ہے۔

    اس پل کی تعمیر میں 30 بحری کرینوں کے علاوہ 180 سے زیادہ ہیوی مشینری سے کام لیا گیا ہے۔

    پل کو اعلیٰ ترین عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے، اس پروجیکٹ کی تکمیل کے دوران 25 سے زیادہ ماہرین اس کی نگرانی کرتے رہے۔

    خطرے کی شرح کی درجہ بندی عالمی معیار کے مطابق کی گئی ہے، 400 ٹن سے زیادہ وزنی پل کے مختلف حصوں کی تنصیب پیچیدہ لفٹنگ آپریشنز کے ذریعے کی گئی۔

  • دو پہاڑوں کے درمیان واقع دنیا کا طویل ترین پل

    دو پہاڑوں کے درمیان واقع دنیا کا طویل ترین پل

    یورپی ملک چیک ری پبلک میں دو پہاڑوں کی چوٹی درمیان واقع دنیا کا طویل ترین پل عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

    چیک ری پبلک میں ہوا میں معلق دنیا کا طویل ترین پل تعمیر مکمل ہونے کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا، پل کی لمبائی 721 میٹر ہے۔

    اسکائی برج 721 نامی یہ پل دو پہاڑوں کی چوٹی کے درمیان بنایا گیا ہے اور یہ زمین سے 95 میٹر بلند ہے۔

    اس کی تعمیر 2 سال میں ہوئی جس پر 8.4 ملین ڈالر کے اخراجات ہوئے۔

    اس پل کی تعمیر سے قبل پرتگال کے 516 میٹر طویل اروکا برج کو دنیا کے طویل ترین پل کی حیثیت حاصل تھی۔

    پل پر جانے والے سیاحوں کو پہلے سے بکنگ کروانی ہوگی اور 350 چیک کرونا (کرنسی) ادا کرنے ہوں گے۔

    پل پر جانے والے سیاح کیبل کار کے ذریعے پل تک پہنچیں گے، اور پھر دوسری طرف اتر کر جنگل کے درمیان موجود راستے سے ہوتے ہوئے واپس شہر میں آجائیں گے۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقہ نہایت مقبول سیاحتی مقام ہے اور پل کی وجہ سے یہاں کی سیاحت میں مزید اضافہ ہوگا۔

  • وادی ہنزہ: لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان روانہ، متبادل راستے سے ٹریفک جاری

    وادی ہنزہ: لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان روانہ، متبادل راستے سے ٹریفک جاری

    گلگت: گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں حسن آباد پل ٹوٹنے کے بعد وزیر اعظم نے ہنگامی اقدامات کا حکم دیا ہے، حسن آباد میں لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج سے تباہی پر ہنگامی اقدامات کا حکم دے دیا، وزیر اعظم نے متاثرہ خاندانوں سے نقصانات پر ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ عوام کی حفاظت اور محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے۔

    انہوں نے متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور ضروری ہنگامی سامان پہنچانے اور وفاقی اداروں کو گلگت بلتستان کی حکومت کی بھرپور معاونت کرنے کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے زرعی زمین، پینے کے پانی کے نظام کی تباہی اور 2 بجلی گھروں کے متاثر ہونے کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے 700 اور 250 میگا واٹ بجلی گھروں کی جنگی بنیادوں پر بحالی کا حکم دیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بجلی گھروں کی بحالی و مرمت کے اخراجات وفاقی حکومت ادا کرے گی، وزیر اعظم نے شاہراہ قراقرم کو پہنچنے والے نقصان پر بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    موجودہ صورتحال

    ہنزہ میں حسن آباد پل ٹوٹ جانے سے قراقرم ہائی وے پر ٹریفک تاحال بند ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن آباد میں لوہے کا پل لگانے کے لیے مطلوبہ سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

    قراقرم ہائی وے کے متبادل نگر اطراف سے بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت بند کردی گئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کوسٹرز کے علاوہ دیگر بڑی گاڑیوں کو متبادل روٹ سے نہیں گزارا جائے گا، کوسٹرز کو بھی مقررہ اوقات میں متبادل روٹ سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔