Tag: پلازماتھراپی

  • انسانی خون میں موجود پلازما کا کام کیا ہے؟

    انسانی خون میں موجود پلازما کا کام کیا ہے؟

    طبی سائنس انسانی جسم میں دوڑنے والے خون کو دو حصوں میں تقسیم کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق خون دراصل پلازما اور سیلز پر مشتمل ہوتا ہے جن میں‌ شامل مختلف اجزا اپنا اپنا کام انجام دیتے ہیں۔

    دنیا بھر میں کرونا کی وبا کے علاج کی کوششوں میں جہاں ویکسین کی تیاری کے لیے ماہرین مصروفِ عمل ہیں، وہیں پلازما تھراپی سے بھی کرونا کے مریض کو اس وائرس سے لڑنے میں مدد دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    پلازما تھراپی کے لیے ماہرین کو ایسے فرد کے خون کی ضرورت پڑتی ہے جو کرونا کو شکست دے چکا ہو۔ یعنی کرونا سے صحت یاب ہوجانے والے مریض کے خون سے متاثرہ انسان کی قوتِ مدافعت بڑھانے کا عمل پلازما تھراپی کہلاتا ہے۔

    پاکستان میں بھی اس وقت پلازما تھراپی کا شور سنائی دے رہا ہے، تاہم یہ فوری اور مؤثر طریقہ علاج نہیں ہے۔

    انسانی خون میں موجود پلازما کے بارے میں‌ جانیے۔

    پلازما کیا ہوتا ہے؟

    انسانی جسم میں موجود خون کا وہ شفاف حصہ جو خون کے خلیات علیحدہ کرنے کے بعد حاصل ہوتا ہے، اسے پلازما کہتے ہیں۔ اس میں اینٹی باڈیز اور پروٹین شامل ہوتے ہیں۔ پلازما 90 فی صد پانی ہوتا ہے جس میں 10 فی صد اینٹی باڈیز موجود ہوتی ہیں۔ طبی محققین کے مطابق انسانی خون میں پلازما کی مقدار 55 فی صد ہوتی ہے۔

    پلازما کیا کام کرتا ہے؟

    کسی بھی انسان کے خون میں موجود پلازما دراصل بلڈ میں شامل خلیات اور اس کے ساتھ پروٹین کو تیرنے میں مدد دیتا ہے جب کہ پلازما میں موجود اینٹی باڈیز انسانی جسم کی قوتِ مدافعت بڑھاتی ہیں۔

    خون سے الگ کیے جانے والا پلازما زرد رنگ کا ہوتا ہے۔

  • کوروناوائرس کے مریضوں کاعلاج، پلازماتھراپی کے کلینکل ٹرائل کی اجازت مل گئی

    کوروناوائرس کے مریضوں کاعلاج، پلازماتھراپی کے کلینکل ٹرائل کی اجازت مل گئی

    اسلام آباد :ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان  نے کوروناعلاج کےلیےپلازماتھراپی کے کلینکل ٹرائل اور مقامی طورپرتیاروینٹی لیٹرز کے کلینیکل ٹرائل کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کے اہم اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈریپ نےکوروناعلاج کےلیےپلازماتھراپی کے کلینکل ٹرائل کی اجازت دےدی۔

    ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ڈریپ نے کلوروکوئین کے خام مال کی مقامی طور پر تیاری اور مقامی طورپرتیاروینٹی لیٹرز کے کلینیکل ٹرائل کی بھی اجازت دی، پاکستان انجینئرنگ کونسل کےتیار وینٹی لیٹرزکےٹیسٹ ٹرائل جاری ہے۔

    ڈریپ نے50سے زائدکمپنیوں کو ہینڈ سینی ٹائزرتیاری کی اجازت دے دی ، مقامی کمپنیوں کو سینی ٹائزربنانے کی اجازت 3ماہ کےلیےدی گئی ، لائسنس یافتہ کمپنیوں کولوکل سینی ٹائزرتیار کرنے کی اجازت ہوگی۔

    کمپنیاں ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق سینی ٹائزرز تیار کریں گی ، حکومت کورونا سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

    خیال رہے کورونا وائرس کےعلاج کیلئے پیسیو ایمونائزیشن کاطریقہ کامیاب ہونے لگا ہے ، چین میں کورونا وائرس سے انتہائی بیمارپانچ مریضوں کاعلاج پیسیو امیونائزیشن کے طریقے سے کیا گیا، جن میں سے تین مریض صحت یاب ہوگئے۔۔دیگر دو مریضوں کی حالت بھی بہترہے۔

    پیسیو ایمونائزیشن میں کسی بیماری سےصحت یاب ہونے والےمریضوں کے خون سے پلازمہ لےکربیمارشخص میں منتقل کیاجاتا ہے، غیرملکی میڈیاکے مطابق یہ آزمائش چین میں بیس جنوری سے بیس مارچ کے دوران ہوئی۔